Tag: ہیلی کاپٹر حادثہ

  • ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ کس طرح پیش آیا اور آخری لمحات میں کیا ہوا؟

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ کس طرح پیش آیا اور آخری لمحات میں کیا ہوا؟

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات آنا شروع ہوگئیں ، جس میں آخری لمحات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    ۔تین ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں موجود صدر رئیسی کے چیف آف اسٹاف غلام حسین اسماعیلی نے بتایا کہ صدارتی ہیلی کاپٹر کا پائلٹ کانوائے کا انچارج تھا، ہیلی کاپٹروں نے پرواز کی تو موسم ٹھیک تھا لیکن پرواز کے پینتالیس منٹ بعد صدارتی پائلٹ نے کہا کہ بادل سے بچنے کے لیے پرواز اونچی کریں۔

    ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ تیس سیکنڈ بعد ہمارے پائلٹ نے نوٹ کیا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر غائب ہوگیا ہے ، جس پر ہمارےپائلٹ نے قریبی تانبے کی کان پر ہیلی کاپٹر اتارا۔

    غلام حسین اسماعیلی نے بتایا کہ صدر کے پائلٹ، وزیر خارجہ اور صدر کے محافظ کو فون کیا مگر جواب نہ ملا۔

    حادثے سے متعلق انہوں نے مزید بتایا کہ نماز جمعہ کے پیش امام آل ہاشم نے کال اٹھائی، جن کی حالت ٹھیک نہیں تھی، انھوں نے بتایا کہ صدارتی ہیلی کاپٹر کو حادثہ ہوگیا ہے۔

    اہلکار نے کہا کہ جب ہم جائے حادثہ پر پہنچے تو آیت اللہ رئیسی اور دیگر حکام موقع پر ہی جاں بحق ہوچکے تھے لیکن محمد علی آل ہاشم کی موت حادثے کے متعدد گھنٹے بعد ہوئی تھی۔

    یاد رہے 19 مئی کو ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ایرانی حکام نے 20مئی صبح ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر کی موت کی تصدیق کی تھی۔

  • ایرانی صدر ہیلی کاپٹر حادثے پر امریکا کا ردعمل

    ایرانی صدر ہیلی کاپٹر حادثے پر امریکا کا ردعمل

    واشنگٹن : امریکی ترجمان نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق اہم بیان جاری کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ایران نے ہیلی کاپٹر حادثے پر مدد کی درخواست کی تھی۔

    واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے اس بات کا برملا اعتراف کیا کہ حادثے کے بعد ایرانی حکومت نے مدد کی درخواست کی تھی، تاہم انہوں نے صحافیوں کو اس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    میتھیو ملر نے کہا کہ غیرملکی حکومتیں درخواست کرتی رہتی ہیں، تاہم ایران کی مدد نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ اس مدد کی پیشکش کے قابل نہ ہوسکے، امریکا کو ہیلی کاپٹر حادثے میں انسانی جانی نقصان پر افسوس ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم کسی کو ہیلی کاپٹر حادثے میں مرتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران پر لگائی گئی پابندیوں کے لئے معذرت نہیں کریں گے، ایرانی حکومت 45سال پرانا ہیلی کاپٹر خراب موسم میں استعمال کرنے کی خود ذمہ دار ہے۔

    میتھیو ملر پابندی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایرانی حکومت نے اپنے جہاز دہشت گردی کی سپورٹ کیلئے استعمال کئے ہیں، امریکا ایرانی عوام کی حمایت اور حکومتی دہشت گردی کا مقابلہ کرتا رہے گا۔

  • ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت، اسرائیل نے بیان جاری کر دیا

    ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت، اسرائیل نے بیان جاری کر دیا

    تل ابیب: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں نا گہانی موت پر اسرائیل نے بھی بیان جاری کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق پیر کے روز ایک اسرائیلی اہلکار نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت پر کہا کہ ’’یہ ہم نے نہیں کیا۔‘‘

    اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں تھا، اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے روئٹرز کو بتایا کہ ’’یہ ہم نے نہیں کیا۔‘‘

    ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر حماس کا رد عمل

    خیال رہے کہ جہاں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دنیا بھر سے ابراہیم رئیسی کے لیے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، وہاں اسرائیل نے اس واقعے سے متعلق کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا۔

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے، ایرانی میڈیا

    واضح رہے کہ 63 سالہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اتوار کو آذربائیجان سے واپسی پر ہیلی کاپٹر کریش ہونے کی وجہ سے دیگر حکام کے ساتھ جاں بحق ہو گئے ہیں۔

  • ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    صوبہ مشرقی آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کی خبر پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کی جانب سے اظہار تشویش، سلامتی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر شدید تشویش لاحق ہے، انہوں نے صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ دیگر تمام افراد کی سلامتی کی دعا کی۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی سلامتی کے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سربراہ یورپی کونسل شارل میشل نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبر کے بعد حالات کا نزدیک سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارو نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ افراد سلامتی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

    ترکی کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ حادثے کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔

    فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد کے اعلیٰ رہنما علی ابوشاہین نے اس موقع پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما عزت الرشق نے بھی صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

  • ہیلی کاپٹر حادثہ : ڈی جی آئی ایس پی آر کی کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق

    ہیلی کاپٹر حادثہ : ڈی جی آئی ایس پی آر کی کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے کورکمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہیلی کاپٹرکاملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سے ملا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کور کمانڈر کوئٹہ سمیت6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حادثے کا شکار بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سےملا، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت افسران شہید ہوگئے ہیں۔

    میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدا میں میجر جنرل امجد حنیف ،بریگیڈیئر محمد خالد ، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

    راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجرجنرل امجد حنیف شہید کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

    فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کمانڈرانجینئر 12 کور بریگیڈیئرمحمدخالد کے سوگواران میں اہلیہ ، تین بیٹیاں اور تین بیٹے جبکہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میجر سعید احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ ،ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

    شہید پائلٹ میجرمحمد طلحہ منان کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں جبکہ چیف نائیک مدثر فیاض شہید کا تعلق نارووال سے ہے۔

    خیال رہے ہیلی کاپٹرلسبیلہ میں سیلاب سےمتعلق امدادی کارروائیوں پرتھا اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات لا پتا ہوا تھا ، ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ میں دوران پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوا۔

  • ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ پُر سکون رہا، حیران کن ویڈیو

    ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ پُر سکون رہا، حیران کن ویڈیو

    ٹیکساس: امریکا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ کا پُر سکون انداز اس وقت سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہو گیا جب اس حادثے کی ویڈیو سامنے آئی، پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد کہا ’اس کے لیے معذرت دوستو!‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک پائلٹ نے نہایت پُر سکون انداز میں ہیلی کاپٹر کریش کر کے لوگوں کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھ کر لوگوں نے پائلٹ کی بے حد پذیرائی کی۔

    یو ٹیوب پر پوسٹ ہونے والی تین منٹ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9 جنوری کو البانے، ٹیکساس میں پیش آئے واقعے میں ماہر پائلٹ کس طرح بے حد پُر سکون طریقے سے رابنسن R44 ہیلی کاپٹر کریش کو سنبھالتا ہے۔

    وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے ایک ہوائی پٹی سے ہیلی کاپٹر اڑایا، سب کچھ ٹھیک لگ رہا تھا، کہ اچانک اس نے بائیں جانب کی طرف رخ کر لیا، اور پھر بیپنگ کا شور ہوا، چند ہی سیکنڈز بعد اس کی بلندی میں تیزی سے کمی آنے لگی اور پائلٹ اسے کنٹرول کرنے کی کوشش کرنے لگا، لیکن آخر کار ہیلی کاپٹر خشک گھاس والی زمین پر گر گیا۔

    کریش ہونے کے باوجود ہیلی کاپٹر نے آگ نہیں پکڑی، اور وہ سیدھا ہی زمین پر پڑا رہا، حادثے میں ہیلی کاپٹر کو کافی نقصان پہنچا، تاہم اس میں موجود ایک پائلٹ اور دو سوار بالکل محفوظ رہے۔ حادثے کے بعد ایک آواز نے پوچھا، سب لوگ ٹھیک ہیں؟ سب نے خیریت سے مطلع کیا تو پائلٹ نے کہا ’اس کے لیے معذرت دوستو!‘

    پائلٹ نے بعد میں ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس ہیلی کاپٹر کی دن میں تیسری پرواز تھی، لیکن یہ اڑان ناخوش گوار رہی، زمین سے تقریباً 120 فٹ اونچائی پر انجن سے آوازیں آنے لگیں اور پھر وہ مکمل طور پر فیل ہو گیا۔

  • فرانس کے ارب پتی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت

    فرانس کے ارب پتی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت

    پیرس: رافیل جیسا جنگی طیارہ بنانے والی کمپنی کے مالک اولیویئر ڈاسالٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے ایک ٹویٹ میں خبر دی ہے کہ رافیل جنگی طیارہ بنانے والی کمپنی کے مالک اور فرانس کے ارب پتی اولیویئر ڈاسالٹ کی ایک طیارہ حادثہ میں موت ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی رکن پارلیمنٹ اور ڈاسالٹ ایوی ایشن کے مالک 69 سالہ اولویئر ڈاسالٹ اتوار کی شام کو شمال مغربی فرانس کے شہر نارمنڈی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے، جہاں ان کی ہالیڈے رہائش گاہ واقع ہے۔

    میکرون نے اتوار کو کیے گئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اولیویئر ڈاسالٹ فرانس سے محبت کرتے تھے، وہ انڈسٹری کے کیپٹن، رکن پارلیمنٹ، مقامی منتخب افسر، فضائیہ میں ریزرو کمانڈر تھے، اپنی پوری زندگی میں انھوں نے ملک کی خدمت کی، ان کا اس طرح اچانک جانا ایک بہت بڑا خسارہ ہے۔

    فرانس سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر نے ایک نجی اراضی سے ٹیک آف کیا تھا جس کے بعد وہ کریش کر گیا، جس میں پائلٹ بھی ہلاک ہوا۔

    اولیویئر کے دادا مارسیل ڈاسالٹ نے ڈاسالٹ ایوی ایشن کی بنیاد رکھی تھی جس نے جنگ عظیم اوۤل میں استعمال ہونے والے طیاروں کے پنکھے بنائے تھے۔ 1986 میں مارسیل کی موت کے بعد ان کے بیٹے سرج ڈاسالٹ نے اپنے بیٹے اولیویئر کو کمپنی میں سول ایئر کرافٹ سٹریٹیجی کا ڈائریکٹر تعینات کر دیا۔ 2011 میں وہ ڈاسالٹ گروپ کے چیئرمین مقرر ہوئے۔

    فوربس کے مطابق اولیویئر ڈاسالٹ کی ملکیت اندازے کے طور پر 6.3 بلین یورو (7.3 بلین ڈالر) تھی، اور وہ دنیا کے سرفہرست اُمرا میں 361 ویں نمبر پر تھے۔

  • لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر تباہ، باسکٹ بال لیجنڈ بیٹی سمیت ہلاک

    لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر تباہ، باسکٹ بال لیجنڈ بیٹی سمیت ہلاک

    لاس اینجلس: امریکی ریاست لاس اینجلس میں نجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں باسکٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی کوبی برائنٹ ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 41 سالہ امریکی باسکٹ بال لیجنڈ کھلاڑی کوبی برائنٹ اتوار کی صبح امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے ہلاک ہو گئے، حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہم راہ ان کی 13 سالہ بیٹی جیانا بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھیں۔

    خبر ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت فضا میں دھند تھی، ہیلی کاپٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد وہ کالاباسس کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں کوبی برائنٹ اور ان کی بیٹی سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں کوبی برائنٹ کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا، سابق امریکی صدر براک اوباما نے بھی کوبی برائنٹ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔

    حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • فلوریڈا، ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی ارب پتی تاجر سمیت 7 افراد ہلاک

    فلوریڈا، ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی ارب پتی تاجر سمیت 7 افراد ہلاک

    فلوریڈا: باہماس کے جزیرے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں امریکی ارب پتی تاجر کرس کلائن سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق باہماس کے جزائر میں فلوریڈا جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ارب پتی تاجر سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے، امرکی ارب پتی تاجر کرس کلائن کان کنی کی صنعت سے وابستہ تھے۔

    کیریبیئن ریاست باہماس کی رائل پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد لاپتا ہوگیا تھا، تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ پرواز کے مقام سے چند کلو میٹر دور مل گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: وینزویلا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 7 افسران ہلاک

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین اور تین مرد شامل ہیں تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ارب پتی تاجر کی بیٹی اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

    امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر نے ہلاک شدگان میں شامل کان کنی کی صنعت سے وابستہ ارب پتی امریکی تاجر کرس کلائن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کان کنی کی صنعت سے وابستہ کرس کلائن اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔

  • امریکا: ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 افراد ہلاک

    امریکا: ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست میں فلوریڈا میں بی 60 نامی سول ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث ایئر فورس بیس پر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں سول ہیلی کاپٹر انجن میں فنی خرابی کے باعث امریکی ایئر فورس کے بیس میں گر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا امریکی سول ہیلی کاپٹر بی 60 ایئر کرافٹ ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل حکام کی جانب سے صرف ایک شخص کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ جبکہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے ملنے والی 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس نے حکام کیہ ابتدائی تفتیش اور حادثے کو مشکوک بنادیا ہے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی 60 ایئر کرافٹ نے حادثے سے کچھ دیر قبل سے ایئر فورس بیس سے ڈسٹن ایگزیکٹو ہوائی اڈے جانے کے لیے پرواز اڑان بھری تھی تاہم چند لمحے بعد ہی ہیلی کاپٹر گھومتا ہوا زمین پر آگرا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایئر فورس بیس کے جنگل میں گرا تھا جہاں ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیموں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں اسپتال منتقل کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرومیکسیکو کے ترجمان نے بتایا کہ جہاز اے ایم 2431 ڈورانگو شہر سے دارالحکومت میکسیکو سٹی جارہا تھا تاہم بد قسمتی سے طیارہ اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔