پشاور : خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں بتایا حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرکریش ہونے کی رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر 10 بجکر30 منٹ پر باجوڑ کے لئے روانہ ہوا، 12 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ 4 بجے ہیلی کاپٹر کو ٹریس کیا گیا جو مہمند میں کریش ہوا، جس جگہ ہیلی کاپٹرکریش ہوا وہ تقریباً 8 ہزار میٹر بلندی پر ہے ، جائے وقوعہ کے آس پاس کوئی آبادی نہیں ہے۔
سرکاری حکام نے بتایاکہ حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا کیونکہ حادثہ جس جگہ پر ہوا وہاں بارش نہیں ہورہی تھی، وہاں اونچا پہاڑبادلوں اور دھند میں ڈوبا ہوا تھا اور ہیلی کاپڑ کا ملبہ خشک نالے میں گرا۔
شہدا کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کی گئیں، جن میں شہید پائلٹس میں شاہد سلطان اور ریٹائرڈ ونگ کمانڈر آفتاب شامل ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز امدادی سامان لیجانے والا خیبرپختونخو احکومت کا ہیلی کاپٹر گر گیا تھا ، جس میں پانچ افراد شہید ہوئے تھے۔
خیبرپختونخو احکومت نے ہیلی کاپٹر کریش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں سرکاری ہیلی کاپٹر کریش کرگیا،سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی17 ریسکیوٹیم اور امدادی سامان باجوڑ لے جا رہا تھا۔