Tag: ہیلی کاپٹر

  • ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ایک عام شخص کے لیے پل اپس کرنا یعنی راڈ سے لٹک کر ورزش کرنا مشکل کام ہوسکتا ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دکھائی دیتے شخص کے لیے یہ کام بچوں کا کھیل معلوم ہوتا ہے۔

    آرمینیا سے تعلق رکھنے والے ایک فٹنس ٹرینر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پل اپس کرتا دکھائی دے رہا ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کام وہ ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر پر کر رہا ہے۔

    رومان شردیان نامی یہ شخص ایک ہیلی کاپٹر سے لٹکا ہوا ہے اور اس پر ورزش کر رہا ہے۔

    اس کا یہ اسٹنٹ یوں ہی نہیں ہے، اس اسٹنٹ کے ذریعے دراصل اس ٹرینر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا ہے جو ایک منٹ میں 23 پل اپس کرنے کا ہے۔

    رومان اس سے قبل بھی کئی ورلڈ ریکارڈز بنا چکا ہے جو فٹنس سے متعلق ہی ہیں۔

     

  • مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    بھارت میں شادیوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا رواج عام ہے، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا شخص بھی اپنی یا اپنے گھر کی شادی پر بھاری رقم خرچ کردیتا ہے۔

    شادی کے موقع پر دلہن یا دلہا کی آمد کے لیے بھی نئے نئے آئیڈیاز اختیار کیے جارہے ہیں، ایک بہت عام آئیڈیا ہیلی کاپٹر پر دلہن یا دلہے کی آمد یا رخصتی بھی ہے لیکن عوام کی بڑی تعداد اس کی استطاعت نہیں رکھتی۔

    اس رجحان کو دیکھتے ہوئے ایک مکینک نے انوکھا آئیڈیا پیش کیا ہے۔

    ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے گڈو شرما نے اپنی نینو کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دے دی۔ اس کے لیے اس نے 2 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے۔

    اس مکینک نے گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدلنے کے لیے سینسرز کا استعمال کیا۔

    اب گڈو کا یہ ہیلی کاپٹر شہر میں نہایت مقبول ہورہا ہے، اب تک 19 افراد اسے اپنی آنے والی شادیوں کے لیے بک کروا چکے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کا کرایہ 15 ہزار روپے ہے۔

    گڈو کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتیوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے جانے کے لیے کسی کی مدد ضرورت نہیں، ان کے پاس آئیڈیاز کی کوئی کمی نہیں۔

  • ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت: عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت: عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    نئی دہلی: بھارت میں ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر غیر معمولی طور پر نچلی پرواز کر رہا ہے جبکہ علاقے میں گہری دھند چھائی ہوئی تھی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی بھارت میں حادثے کے مقام پر کونور کے علاقے میں موجود ایک کنسٹرکشن ورکر جیاسیلن نے بتایا کہ وہ اس وقت گھر پر تھے جب انہوں نے قریب سے آتی ہیلی کاپٹر کی آواز سنی اور جب دھماکے کی آواز آئی تو وہ باہر بھاگے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنگل میں دھواں اٹھتے دیکھا اور لکڑیوں کے ٹوٹنے کی آواز سنی۔

    بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے بدھ کی دوپہر سولور ایئر بیس سے اڑان بھری تھی، اڑان بھرنے کے 20 منٹ بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ بیس سے منقطع ہوا۔ ہیلی کاپٹر نے کچھ دیر بعد تامل ناڈو کی چھاؤنی ولنگٹن میں لینڈ کرنا تھا۔

    جیاسیلن اور ایک اور عینی شاہد ستیش کمار کا کہنا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر عموماً اسی علاقے سے پرواز کرتے گزرتے ہیں مگر اس ہیلی کاپٹر کی آواز کچھ زیادہ تھی کیونکہ وہ دھند میں نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور درجن بھر فوجی اہلکار سوار تھے، حادثے میں ایئر فورس کے کیپٹن شدید زخمی ہوئے اور اس وقت ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ہیلی کاپٹر گرنے کے فوری بعد جیاسیلن اور دو دیگر مقامی باشندے جائے حادثہ پر پہنچے، انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر آگ میں گھرا ہوا تھا اس لیے ان کو مشکل پیش آئی۔

    مقامی باشندے ستیش کمار نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہی ایمرجنسی سروسز کے اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے مگر پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے اور ریسکیو کے دیگر آلات اوپر لانے میں مشکلات تھیں ابتدا میں جن 4 افراد کو حادثے کی جگہ سے نکالا گیا ان میں سے ایک زندہ تھا اور درد سے کراہ رہا تھا۔

    جیاسیلن نے بتایا کہ ریسکیو ورکرز اور محکمہ دفاع کے اہلکاروں نے مقامی باشندوں کی جانب سے فراہم کی گئی چادروں میں حادثے کے زخمیوں کو لپیٹ کر نکالا، ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے شکار کچھ افراد بری طرح جل چکے تھے۔

    حادثے کے ایک گھنٹے کے اندر ایئر فورس نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    جیاسیلن کا کہنا تھا کہ علاقے میں پولیس اہلکار اور محکمہ دفاع سے وابستہ حکام بڑی تعداد میں پہنچے، پولیس اہلکار ان سے پوچھ رہے تھے کہ علاقے میں کسی مشتبہ شخص کو تو نہیں دیکھا یا جنگل میں کوئی ایسا شخص جس کے پاس بندوق ہو۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کوئی ایسا شخص نہیں دیکھا۔

  • ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ماسکو / ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، دو روز قبل ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق روسی کاماز ماسٹر ٹیم کا ٹرک جسے ڈرائیور انتون شیبلوف چلا رہے تھے، ڈاکار ریلی میراتھن کے منتظمین کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق میراتھن کے بارہویں مرحلے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی۔

    روسی ٹیم کے پریس اتاچی ایرک خیرالن نے میڈیا کو بتایا کہ ریس کے دوران جب ٹرک تیز رفتاری سے اسپرنگ بورڈ پر اچھلا تو اس نے ہیلی کاپٹر کے ایک سرے کو انتہائی قریب سے چھو لیا، ہیلی کاپٹر انتہائی نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    خوش قسمتی سے ٹرک کے انتہائی معمولی ٹکرانے سے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے سے بال بال بچ گیا، اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے انٹیک کو معمولی نقصان پہنچا۔

    دو روز قبل ڈاکار ریلی میں ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بیار شربان ساتویں راؤنڈ کے دوران حادثے سے دو چار ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ موٹر سائیکل سوار کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے جدہ سے فرانس لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    سعودی وزارت کھیل اور ڈاکار ریلی کی انتظامیہ نے موٹر سائیکلسٹ کے اہل خانہ سے تقزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

  • امریکی فوج حیران کن خصوصیت والے نئے جنگی طیارے کی تیاری میں مصروف

    امریکی فوج حیران کن خصوصیت والے نئے جنگی طیارے کی تیاری میں مصروف

    واشنگٹن: امریکا میں ایسے ہیلی کاپٹرز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے جو اپنی اڑان کے وقت شور پیدا نہ کریں، اس مقصد کے لیے امریکی فوج مختلف ماہرین کے ساتھ اس پر کام کر رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج عمودی ٹیک آف طیارے اور ملٹی پروپیلر ہیلی کاپٹروں کی صوتی خصوصیات کا مطالعہ کر رہی ہے جس کا مقصد عمودی ٹیک آف طیارے اور ہیلی کاپٹروں کو ڈیزائن کرنے کی کوششوں کے دوران اس بات کا پتا چلایا جائے کہ ہیلی کاپٹروں کا اڑان کے وقت شور کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ہیلی کاپٹرز کا شور ہیلی کاپٹروں کے پروپیلر بلیڈ اور فرنٹ پروپیلر بلیڈوں کے ذریعہ بننے والی ہوا کے تعامل سے پیدا ہوتا ہے۔

    ڈیوکام اور امریکی فوج کی ریسرچ لیبارٹری، اوبر اور آسٹن یونیورسٹی آف ٹیکسس کے تعاون سےعمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیتوں والے طیاروں کی صوتی خصوصیات کا مطالعہ کر رہی ہیں جو اپنے ایکوسکیلٹن میں تقسیم کردہ متعدد چھوٹے پروپیلرز کا استعمال کرتے ہیں۔

    ماہرین کو توقع ہے کہ ایک دن ان کا شور ختم کرنا ممکن ہوگا اور انہیں جنگ کے میدان میں بھی استعمال کیا جائے گا۔

    بنیادی خیال یہ ہے کہ چھوٹے پروں کی آواز بڑے روایتی پروں کے مقابلے میں مختلف اور کم ہوتی ہے کیونکہ آواز مختلف جسمانی میکانزم کے ذریعہ پیدا ہوتی ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم ہیلی کاپٹروں میں مخصوص تعداد میں پروپیلرز کا بھی مطالعہ کر رہی ہے جسے اسٹیک پر کہا جاتا ہے۔

  • پاکستانی بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا

    پاکستانی بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 2 بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا، ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک اڑ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے دونوں بھائیوں قاضی سجاد احمد اور قاضی طفیل احمد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے ہیلی کاپٹر کے بارے میں بتایا۔

    قاضی سجاد احمد نے بتایا کہ وہ 1978 سے الٹرا لائٹ ایئر کرافٹ کی مینو فیکچرنگ کر رہے تھے، اب اس کو بدل کر انہوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کیا ہے۔

    قاضی سجاد کا کہنا تھا کہ انہیں یہ ہیلی کاپٹر بنانے کا خیال جیمز بانڈ کی ایک فلم دیکھ کر آیا۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنہ 2005 میں وزیر اعظم پاکستان سے اس ہیلی کاپٹر کی تیاری میں مالی مدد کی درخواست کی تھی، جس کے بعد انہیں وزارت دفاع سے اس کا جواب آیا۔

    قاضی سجاد کے مطابق ان کا ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتا ہے جبکہ اس پر 15 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ مختلف مقاصد جیسے اسپرے وغیرہ کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کا ہیلی کاپٹر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے میں حکومت کا ساتھ دے سکتا ہے، کسی چھوٹے سے علاقے میں ٹیسٹ اسپرے کروایا جاسکتا ہے۔

    دونوں بھائی حکومتی تعاون کے بعد اسے کمرشل بنیادوں پر بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، ان کے مطابق تجارتی بنیاد پر بنانے کے بعد الٹر لائٹ ہیلی کاپٹر پر 50 لاکھ روپے لاگت آسکتی ہے۔

  • اوبر نے نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی

    اوبر نے نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی

    واشنگٹن :دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے اپنے پلاٹینیم اور ڈائمنڈ صارفین کیلئے شروع سہولت کا کرایہ 200 سے 225 ڈالرز تک رکھاہے۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے شاہراؤں پر چلنے والی گاڑی کے بعد اب اپنے صارفین کےلیے امریکی ریاست نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس متعارف کرا دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی اوبر کمپنی نے ایک بار پھر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صارفین کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کیا ہے، ہیلی کاپٹر ابھی صرف نیویارک میں اپنی سروس فراہم کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیویارک سے شروع ہونے والی اس ہیلی کاپٹر سروس کی پہلی رائیڈ مین ہٹن سے اڑی اور کوئنز میں واقع جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پراتری، اسے بھی عام ایپلیکشن کے ذریعے آسانی سے بک کیا جائے گا تاہم جیسے عام گاڑی سواری اٹھانے کے لیے دروازے یا گلی تک نہیں آئے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اوبر نے اپنے پلاٹینیم اور ڈائمنڈ صارفین کیلئے شروع کی گئی اس سہولت کا کرایہ 200 سے 225 ڈالرز تک رکھا ہے، ہوائی اڈے تک رائیڈ تقریباً 8 منٹ کی ہوگی۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے صارفین کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کی جائے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ سفر کریں اور جلد از جلد اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اوبر کی نئی ایئر سروس سے صارفین کو ٹریفک میں پھنسنے سے بھی نجات ملے گی۔

  • نیویارک میں ہیلی کاپٹر ایک بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک

    نیویارک میں ہیلی کاپٹر ایک بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک

    نیویارک : امریکہ میں ہیلی کاپٹر عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ موقع پر ہلاک ہوگیا، حادثہ کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ایک ہیلی کاپٹر ایک بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تاہم عمارت میں موجود کوئی اور شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں پپہنچ گئیں اور کارروائیوں کا آغازکردیا، متاثرہ عمارت کو خالی کرا لیا گیا، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش اور خراب موسم کے باعث پائلٹ ایمرجنسی لینڈنگ کرنا چاہتا تھا۔ نیویارک کے میئر بِل ڈے بلاسیو کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے، جن کی بنیاد پراسے دہشت گردی کا کوئی واقعہ قرار دیا جا سکے۔

  • مہمند ڈیم کی تقریب سے واپسی پر فیصل واوڈا کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کا شکار

    مہمند ڈیم کی تقریب سے واپسی پر فیصل واوڈا کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کا شکار

    مہمند: مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر فیصل واوڈا کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کا شکار ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا، تقریب میں آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان بھی شریک ہوئے، تقریب سے واپسی  پر موسم کی خرابی کے باعث ایک ہیلی کاپٹر اپنا توازن کھو بیٹھا.

    اس ہیلی کاپٹر  میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور  چیئرمین واپڈا سمیت دیگر حکام سوار تھے.

    پائلٹ نے تیز ہچکولوں اور جھکڑوں کے بعد ہیلی کاپٹر نیچے اتار لیا، پائلٹ سمیت تمام افراد نے موسم کی بہتری کا انتظار کیا، موسم بہتر ہونے پر ہیلی کاپٹرنے دوبارہ اسلام آباد کے لیے اڑان بھری.

    خیال رہے کہ آج آبائی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ہمیں درس دے رہے ہیں کہ ملک کیسے چلانا ہے.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    باپ مجرم، بیٹی ضمانت پر دونوں بیٹےمفرورہیں، داماد، گھر داماد اورسمدھی بھی مفرور ہیں، چھوٹے خادم اعلٰی بھی بھاگنے کے چکرمیں ہیں.

    بعد ازاں وزیر اعظم نے بھی فیصل واوڈا کے تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل واوڈا نے جارحانہ اندازمیں تقریرکی اور درست کہا کہ ملک کو اندر سے خطرہ ہے، باہر سےنہیں.

  • کینیا میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 امریکیوں‌ سمیت 5 افراد ہلاک

    کینیا میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 امریکیوں‌ سمیت 5 افراد ہلاک

    نیروبی : کینیا کے شمالی حصّے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگا جس کے نتیجے میں چار امریکی شہری سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کینیا کے سینٹرل آئی لیند نیشنل پارک میں امریکی سیاحوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر نامعلوم وجوہات کی بناء پر حادثے کا شکار ہوگیا جس کے باعث پائلٹ سمیت 4 سیاح ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر ریسکیو اور پیرامیڈیکس کی ٹیمیں پہنچیں تاہم ہیلی کاپٹر کے ملبے کی جگہ کوئی زندہ حالت میں نہیں ملا،

    کینین پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز آئی لینڈ لابولو میں کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹر لینڈ ہورہے تھے ایک ہیلی کاپٹر محفوظ لینڈنگ میں کامیاب رہا جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ ماریو ماگونگا تربیت یافتہ اور تجربہ کار پائلٹ تھا جو نائب صدر کے ساتھ کافی عرصے کام کرچکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ماریو کینیا کی دفاعی فورسز میں بحیثیت پائلٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا لیکن 2017 میں متاثرہ پائلٹ نے ایک نجی کمپنی میں ملازمت شروع کردی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیپٹن ماریو مانگونگا سابق امریکی صدر باراک اوبامہ سمیت درجنوں ہائی پروفائل شخصیات کے ہمراہ پرواز کرچکا ہے۔

    یاد رہے کہ تین ہفتے قبل بھی ایک نجی طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں تین امریکی شہریوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔