Tag: ہینگ ٹونگ

  • ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    کراچی: ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو 1 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کا بل جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کی معائنہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں جہاز کو سی وردنیس (sea worthy) اجازت نہ مل سکی۔

    ماہرین کے مطابق کمزور انجن کی وجہ سے جہاز کو سی وردنیس اجازت نہیں دی گئی ہے، پھنسے ہوئے بحری جہاز کو ٹو وردنیس رپورٹ جاری کی گئی ہے، سرٹیفکیٹ کے مطابق جہاز کو ٹو کر کے کراچی سے دبئی لے جایا جائے گا، اور جہاز کو ٹگ بوٹس کے ذریعے ہی کھینچ کر لے جایا جا سکے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہینگ ٹونگ جہاز کو کراچی پورٹ اور دیگر اداروں کے واجبات ادا کرنے کے بعد ہی لے جایا جا سکے گا، کے پی ٹی نے پورٹ چارجز کی مد میں 1 کروڑ 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 56 روپے کا بل بھی جاری کر دیا ہے۔

    کراچی کے ساحل سے نکالے گئے جہاز’’ہینگ ٹونگ ‘‘کو بحفاظت برتھ کردیا گیا

    رپورٹ کے مطابق آپریشنل چارجز 5 لاکھ 4 ہزار، ٹگس 12 لاکھ 9 ہزار، برتنگ چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، سروس چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، ہیوی مشنیری 20 لاکھ 25 ہزار روپے جہاز کا مالک اد کرے گا۔

    جہاز کا ڈھائی سو ڈالر یومیہ کرایہ بھی لے جانے سے پہلے ادا کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2250 ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ایم وی ہینگ ٹونگ 77 بدھ 21 جولائی کی شام کو سمندر سے کراچی کے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا، یہ جہاز 2011 میں تیار ہوا تھا۔ متعدد کوششوں کے بعد آخر کار 7 ستمبر کو اسے ساحل سے 5 میل سے زائد سمندر میں گھسیٹ کر لے جانے میں کامیابی حاصل کی گئی، اور جہاز کو ایس اے پی ٹرمینل میں برتھ نمبر1 پر لگا دیا گیا۔

  • ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی کرین شپ خود بڑی مصیبت میں‌ پھنس گئی

    ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی کرین شپ خود بڑی مصیبت میں‌ پھنس گئی

    کراچی: سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی کرین شپ خود بڑی مصیبت میں‌ پھنس گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو پر پھنسے جہاز ہینگ ٹینگ کو نکالنے کا معاملہ اور الجھ گیا، جہاز کو نکالنا جہاز کے مالک کو بھی مہنگا پڑ گیا ہے، کیوں کہ مدد کے لیے منگوائی گئی کرین جہاز خود ریت میں پھنس گیا ہے۔

    کے پی ٹی کے مطابق کرین شپ سمندری لہروں کا مقابلہ نہ کر سکی تھی، کرین کو بیلنس کرنے کے لیے باندھے گئے جوڑ اور رسیاں بھی ہوا کے دباؤ سے ٹوٹ گئیں۔

    دوسری طرف جہاز کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی ٹگ بوٹ بھی اونچی لہروں کے باعث جہاز کے قریب نہ پہنچ سکی تھی، بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن آج دوسری کوشش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد روک گیا گیا ہے۔

    جمعرات کی صبح جہاز کو نکالنے اور چینل کی طرف منتقل کرنے کے لیے یہ آپریشن دوبارہ شروع ہوگا، آپریشن صبح دس سے بارہ بجے کے درمیان کیا جائے گا۔

    ہینگ ٹونگ جہاز کو نکالنے کے لیے دوسری کوشش بھی ناکام

    قبل ازیں، سمندر کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے کرین شپ کو جہاز کے قریب پہنچایا گیا تھا، کرین میں اسٹاف اور مزدور بڑی تعداد میں موجود تھے، بتایا گیا تھا کہ جہاز کے کنڈوں پر رسی اور زنجیریں باندھ کر جہاز کو پورٹ کی طرف کھینچا جائے گا، جب کہ کرین شپ کو متوازن رکھنے کے لیے شاول کے ذریعے کرین کے مختلف حصوں کو باندھا گیا۔

  • ہینگ ٹونگ جہاز کو نکالنے کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی

    ہینگ ٹونگ جہاز کو نکالنے کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی

    کراچی: سی ویو کے ساحل سے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 نکالنے کے آپریشن کا اغاز ہو گیا ہے، تاہم آج پہلی کوشش ناکام رہی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی ٹی حکام نے بتایا ہے کہ ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے آج سے شروع کیے گئے آپریشن کے دوران پہلی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

    کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ کل دوپہر اونچی سمندری لہروں کے وقت جہاز نکالنے کی پھر کوشش کی جائے گی، اور 22 اگست تک ہر روز بحری جہاز کو نکالنے کی کوشش کی جائے گی، جب تک کہ کامیابی نہ مل جائے۔

    حکام کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی مشیر جہاز رانی محمود مولوی نے جہاز کو نکالنے کے لیے 15 اگست کا وقت دیا تھا، جس کے لیے آج آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، یہ آپریشن دو مراحل میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے میں جہاز کو ریت سے نکال کر 4 میٹر گہرے پانی میں لے جایا جائے گا، اور آج پہلے مرحلے میں آپریشن ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی۔

    تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    دوسرے مرحلے میں جہاز کو ٹو کر کے کراچی ہاربر تک لے جایا جائے گا، آپریشن کا دوسرا مرحلہ ٹگ اور بارج کی مدد سے شروع ہوگا، حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں دو ہیوی ٹگ بوٹس کا استعمال کیا جائے گا۔

    جہاز کے پھنسنے کے حوالے سے وزارت میری ٹائم نے ابتدائی رپورٹ ایک ہفتے بعد جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم تین ہفتے سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود ابتدائی رپورٹ جاری نہیں کی جا سکی ہے۔

  • تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے سارا تیل نکال لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 سے تیل بہنے کا خطرہ تھا، تاہم ساحل پر ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ اب ٹل گیا ہے، مشیر جہاز رانی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز میں 95 ٹن تیل موجود تھا جو اب نکالا جا چکا ہے۔

    محمود مولوی نے جہاز کو نکالنے کے سلسلے میں بتایا کہ اس کے لیے 3 اسپیشل ٹگز آئندہ چند روز میں کراچی پہنچیں گے، دبئی سے آنے والے ٹگز کم گہرائی سے جہاز نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس سے قبل جو ٹگ جہاز نکالنے کراچی پہنچا تھا وہ ابھی خود مرمت کے لیے پورٹ پر کھڑا ہے۔

    انھوں نے کہا جہاز کے مالک نے جہاز کے معاملات دیکھنے کے لیے اپنا ایجنٹ مقرر کر دیا ہے، جہاز کو نکالنے کے دوران کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی، جب کہ جہاز نکالنے کا عمل 15 اگست سے شروع ہوگا اور ایک ہفتہ جاری رہے گا۔

    دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    واضح رہے کہ جہاز نکالنے کے لیے 2 سے 3 ٹگ دبئی سے کراچی پورٹ آئیں گے، جہاز نکالنے کے دوران اس کے ٹوٹنے کا بھی خطرہ ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو الرٹ کیا جا چکا ہے، جب کہ جہاز نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا۔

  • دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ایم وی ہینگ ٹونگ  77 سے تیل نکالنے کا کام آج بھی مکمل نہ کیا جا سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے تیل آج بھی مکمل طور پر نہیں نکالا جا سکا ہے، اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کے ایک دن میں تیل نکالنےکے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    گزشتہ 2 روز سے انتظامیہ جہاز سے تیل نکالنے کی مختلف ڈیڈ لائن دے رہی ہے، دو دن کے آپریشن کے بعد بھی جہاز سے صرف 50 فی صد تیل ہی نکالا جا سکا ہے، جہاز سے اب تک صرف 52 ہزار لیٹر تیل نکالا جا سکا ہے، جب کہ اب بھی مزید 46 ہزار لیٹر تیل نکالا جانا ہے۔

    ذرائع کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ تیل نکالنے کا آپریشن آج بھی مکمل نہیں ہوگا، خراب موسم کے باعث تیل نکالنے کا عمل سست روی کا شکار ہے، شام کو تیل نکالنے کا کام بند کر دیا جاتا ہے، تاہم حکام نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ آج رات تک تیل نکالنے کا کام مکمل کر لیں۔

    دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جہاز ہینگ ٹونگ کے مالک نے تاحال کے پی ٹی حکام سے رابطہ نہیں کیا ہے، نہ ہی جہاز نکالنے کے حوالے سے کوئی پلان پیش کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کے مالک کی جانب سے رابطہ نہ کیے جانے کی صورت میں کے پی ٹی جہاز قبضے میں لے کر اپنے خرچے پر ریت سے نکالے گی۔

  • ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کب شروع ہوگا؟

    ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کب شروع ہوگا؟

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کل شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج میری ٹائم ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ بدھ کی صبح 9 بجے پھنسے ہوئے بحری جہاز سے تیل نکالنے کا کام شروع کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم کے مشیر میری ٹائم محمود مولوی نے کہا ہے کہ جہاز میں جتنا بھی تیل ہے، اسے نکال لیا جائے گا، جہاز کو کھینچتے ہوئے ہم کوئی رسک لینا نہیں چاہتے کہ آپریشن کے دوران سمندر میں کسی قسم کا تیل کا رساؤ ہو۔

    مشیر میری ٹائم افیئر محمود مولوی کا کہنا تھا کہ جہاز سے تیل نکالنے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ، ڈی جی کوسٹ گارڈ ، ہوم سیکریٹری، ڈی جی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ، ڈی جی سیپا، ڈی جی پیپا، سیکٹریٹری او سی اے سی نے شرکت کی۔

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    خیال رہے کہ جہاز میں سے 118 ٹن تیل پمپ کے ذریعے نکالا جائے گا، گزشتہ روز کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مرین پلوشن کنٹرول نے بحری جہاز سے تیل کے کسی بھی ممکنہ رساؤ کے پیش نظر ہنگامی طور پر جہاز کے آس پاس پشتوں اور کیچمنٹ ایریا کو ہموار اور مضبوط کر دیا تھا۔

    کلفٹن کے ساحل پر ہینگ ٹونگ جہاز 21 جولائی کو ریت میں دھنسا تھا، واقعے سے قبل جہاز کے کپتان نے متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے مدد کی اپیلیں بھی کی تھیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

  • ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر بحری جہاز ہینگ ٹونگ کے پھنسنے کا معاملہ متنازع ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے بحری جہاز کے کپتان نے کے پی ٹی اور پورٹ قاسم کنٹرول ٹاور کو جہاز کی خرابی سے آگاہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تاہم وزیر اعظم کے مشیر برائے جہاز رانی و بندر گاہ محمود مولوی نے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کے کپتان کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے، جہاز کے کپتان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے کنٹرول ٹاور سے متعدد بار مدد کے لیے رابطہ کیا تھا، جب کہ مشیر محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جب رابطہ کیا گیا تو اس وقت جہاز کم پانی میں جا چکا تھا۔

    ادھر بحری جہاز کے کپتان عمر کی آڈیو سامنے آ گئی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کپتان نے پہلے پورٹ قاسم کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا، آڈیو میں کپتان کی آواز واضح سنائی دیتی ہے، وہ کہتا ہے:

    پورٹ قاسم کنٹرول، پورٹ قاسم کنٹرول، چینل 16، آپ سن رہے ہو، ہینگ ٹونگ جہاز سے بات کر رہا ہوں، جس پر کنٹرول ٹاور سے کہا گیا کہ ہینگ ٹونگ پلیز کال ان چینل 10۔

    آڈیو کے مطابق جہاز کے کپتان کو 10 چینل پر رابطے کرنے کا کہا گیا، کپتان نے منوڑہ پورٹ کنٹرول سے رابطہ کیا، اس دوران بحری جہاز کے کپتان نے کنٹرول سے متعد بار رابطے کیے، اور منوڑہ کنٹرول کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ابھی ہم آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔

    ‘کراچی کے ساحل پر پھنسا جہاز 15 اگست سے پہلے نہیں نکالا جا سکتا’

    کپتان نے کہا کہ وہ دو تین گھنٹوں سے مدد کے لیے رابطہ کر رہے ہیں لیکن کوئی رسپانس نہیں مل رہا ہے، کپتان نے یہ بھی کہا کہ جہاز ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور مجھے فوری مدد کی ضرورت ہے۔

    تاہم دوسری طرف مشیر جہاز رانی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز کے کپتان نے تاخیر سے رابطہ کیا، جہاز میں 2 اینکریج مزید موجود تھے، اس سے جہاز کو روکا جا سکتا تھا، لیکن جہاز کا کپتان روکنے میں ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے 2250 ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ہینگ ٹونگ بدھ کی شام کراچی میں سمندر سے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا، یہ جہاز 2011 میں تیار ہوا تھا۔