Tag: ہیومن رائٹس کمیشن

  • سندھ حکومت گرمی سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دے، ہیومن رائٹس کمیشن

    سندھ حکومت گرمی سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دے، ہیومن رائٹس کمیشن

    ہیومن رائٹس کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرمی سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے، اموات کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہونگے.

    تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے گرمی میں اموات سے متعلق ایدھی فاؤنڈیشن کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ایچ آرسی پی کا کہنا تھا کہ موسمی صورتحال کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر فوری اقدامات کرنا ہونگے۔

    ادارے نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کو صورتحال پر فوری کارروائی کرنا چاہیے، مستقبل میں ایسی اموات کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

    کمیشن نے کہا کہ شاہراہوں کے کنارے ہنگامی کیمپس قائم کیے جائے، کولنگ سینٹرز بنائے جائیں اور لوگوں کے لیے پینے کے پانی کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔

    اسپتالوں، کلینکس اور خیراتی اداروں کو گرمی کے متاثرین کےعلاج کیلئےالرٹ رہنا چاہیے، طویل مدتی اقدامات کے سلسلے میں کم کاربن کولنگ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کی جائے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پارکس، ٹرانسپورٹ اور گرمی روکنے کے اقدام کو شامل کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ایدھی کی رپورٹ کے مطابق 5 دن میں گرمی کے باعث بیماریوں سے اندازاً 568 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • انسانی حقوق کمیشن کا ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

    انسانی حقوق کمیشن کا ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

    اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے صحافی ارشد شریف کی شہادت پر کہا ہے کہ مبینہ قتل سے صحافی برادری صدمے کا شکار ہے، حکومت کو ان کی موت کی فوری اور شفاف تحقیقات کروانی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے صحافی ارشد شریف کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو خاموش کرنے کے لیے پرتشدد ہتھکنڈوں کا طویل اور سنگین ریکارڈ ہے۔

    ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ کینیا میں صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل سے صحافی برادری صدمے کا شکار ہے۔

    کمیشن کے مطابق حکومت کو ان کی موت کی فوری اور شفاف تحقیقات کروانی چاہیئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ٹویٹ میں کمیشن نے مرحوم کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

    خیال رہے کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی خبر گزشتہ رات سامنے آئی تھی، کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔

    کینیا پولیس کے سینئر افسر نے ارشد شریف کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف پولیس کی گولی لگنےسے جاں بحق ہوئے اور ان کے ساتھ یہ واقعہ شناخت میں غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔

    کینیا پولیس کے مطابق انہیں نیروبی کے علاقے کجیاڈو میں بچے کے اغوا کی اطلاع ملی تھی اور بچے کے اغوا کی خبر پر وہاں گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی تھی، اسی سلسلے میں گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے سڑک کو بند کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ارشد شریف اور ان کے ڈرائیور نے روڈ بلاک کی خلاف ورزی کی تھی، جس گاڑی میں ارشد شریف تھے اسے روک کر شناخت بتانے کا کہا گیا تھا۔

    ارشد شریف کے قتل کے بعد ملک بھر میں بے یقینی کی کیفیت ہے اور صحافی و سول تنظیموں کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

  • بچوں کے خلاف جرائم: سعودی حکام نے وارننگ جاری کردی

    بچوں کے خلاف جرائم: سعودی حکام نے وارننگ جاری کردی

    ریاض: سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے بچوں کے استحصال کے حوالے سے انتباہی بیان جاری کیا ہے، بیان میں بچوں کے استحصال کے زمرے میں شامل تمام پہلوؤں کے حوالے سے وارننگ دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے انتباہ کیا ہے کہ بچوں کے جسمانی استحصال کے لیے کسی بھی قسم کا لٹریچر تیار کرنا یا پھیلانا قابل سزا جرم ہے۔ یہ ملک میں نافذ العمل اسلامی شریعت کے احکام اور ملکی قانون کے منافی ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی لٹریچر جس کے ذریعے بچوں کے استحصال کی کوشش کی گئی ہو، مملکت میں قانوناً جرم ہے۔ اسلامی شریعت، ملکی نظام یا معاشرتی آداب کے منافی کوئی بھی کام بچوں کی نظر میں دلچسپ شکل میں پیش کرنے کی کسی بھی طرح کی کوشش قابل سزا جرم کے دائرے میں آتی ہے۔ یہ کام لٹریچر کے ذریعے کیا جائے، آڈیو یا ویڈیو شکل میں تیار کر کے پھیلایا جائے یا اپنے پاس محفوظ رکھا جائے، ہر طرح یہ قانوناً ممنوع ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ بچوں کا جسمانی استحصال، سماجی آداب کے منافی مناظر دکھانا یا بچوں کی عمر کے منافی لٹریچر کی طرف مائل کرنا، اذیت رسانی اور بچوں کے ساتھ لاپرواہی کے زمرے میں شامل ہوگا۔

    علاوہ ازیں بچوں کو جسمانی استحصال کے جرائم میں استعمال کرنا، ان سے گداگری کروانا یا استحصال کی کسی بھی صورتحال سے انہیں دو چار کرنا جرم ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے متعلقہ ادارے بچوں کے جسمانی استحصال کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے اور انہیں ہر طرح کی اذیت رسانی سے بچانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔

  • بھارت: ماں کا بچے کو سوٹ کیس پر گھسیٹنے کا واقعہ، انسانی حقوق کمیشن کا ایکشن

    بھارت: ماں کا بچے کو سوٹ کیس پر گھسیٹنے کا واقعہ، انسانی حقوق کمیشن کا ایکشن

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ماں کی اپنے بچے کو سوٹ کیس پر گھسیٹنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد انسانی حقوق کمیشن حرکت میں آگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل یہ تصویر بھارتی شہر آگرہ کی ہے، جس میں ایک بچہ تھکن سے چور سوٹ کیس پر تقریباً گرا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ ماں اس سوٹ کیس کو کھینچ رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاندان پنجاب سے پیدل آگرہ پہنچا تھا کیونکہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔

    نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن نے اس تصویر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کمیشن نے اتر پردیش اور پنجاب کے چیف سیکریٹریز اور آگرہ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

    کمیشن نے مذکورہ خاندان کو دیے جانے والے ریلیف اقدامات کی عدم فراہمی اور اس کے ذمہ دار تمام متعلقہ افسران کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    کمیشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاندان کی تکلیف کا احساس تمام افراد کو ہے سوائے متعلق حکام کے، اگر متعلقہ حکام مستعد ہوتے تو اس خاندان سمیت اس صورتحال سے دو چار کئی خاندانوں کو تکلیف سے بچایا جاسکتا تھا۔

    کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا کمیشن کو اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑی۔

  • نیب نے ہیومن رائٹس کمیشن کوحراستی مراکزکےجائزے کی اجازت دےدی

    نیب نے ہیومن رائٹس کمیشن کوحراستی مراکزکےجائزے کی اجازت دےدی

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے ہیومن رائٹس کمیشن کو حراستی مراکز کے جائزے کی اجازت دےدی ، ہیومن رائٹس کمیشن کاکہناہے کہ  نیب کےحراستی مراکزمیں آنے والے لوگوں کے ساتھ نامناسب رویےکی شکایات تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب ) نے ہیومن رائٹس کمیشن کوحراستی مراکز کے جائزہ لینے کی اجازت دے دی، جسٹس(ر) علی نواز ، چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن اور کمیشن اراکین آج نیب لاہور کے حراستی مراکز کادورہ کریں گے۔

    کمیشن ارکان کراچی، اسلام آباد، پشاور کے نیب حراستی مراکز کے بھی دورے کریں گے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کاکہناہے کہ نیب کےحراستی مراکزمیں آنے والے لوگوں کے ساتھ نامناسب رویےکی شکایات تھیں،اس لئےحراستی مراکزکےحالات اورقانونی حیثیت کاجائزہ لیا جائےگا اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی اورعالمی معیار سے مطابقت یقینی بنائی جائے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے چیف جسٹس سے اپیل کی تھی کہ بریگیڈئر( ر) اسد منیر کیس کو جلد دیکھیں تاکہ تشدد کو بطور ہتھیار استعمال نہ کیا جاسکے۔

    قمر الزمان کائرہ  کا کہنا تھا نیب اور ریاستی اداروں کی طرف سے زیرحراست افراد پر تشدد کے ذریعے مرضی کے بیانات لینے کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اورسڑکوں پراحتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین کو نیب کے حراستی مراکز کادورہ کرنے کا موقع دیا جائے۔

    مزید پڑھیں : چیئرمین نیب کا اسد منیر کی خود کشی کی تحقیقات خود کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ بریگیڈیئر (ر) اسد منیر نے 14 مارچ کی شب پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی تھی تاہم اسد منیر کی خود کشی کرنے کی فوری اور واضح وجہ سامنے نہیں آئی۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق ااسد منیر نیب کی تفتیش کی وجہ سے پریشان تھے، خودکشی سے ایک روز قبل نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں اسد منیر کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکی منظوری دی گئی تھی۔

  • انسانی حقوق کمیشن کا کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار

    انسانی حقوق کمیشن کا کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار

    کراچی :انسانی حقوق کمیشن نے کئی ماہ سے جاری کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، آپریشن کے دوران لانڈھی کے علاقے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔

    ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رہنمائی کا فیصلہ کیا ہے، کمیشن کے رہنماؤں کے مطابق سیاسی جماعتوں، رہنماؤں، میڈیا کے نمائندوں، اقلیتوں اور سول سوسائٹی کے اراکین سے مشاورت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے امن اومان کے قیام کے لئے تجاویز سامنے لائی جائیں گی۔

    ہیومن رائٹس کمیشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کمیشن کے ارکان قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فیکٹس فائنڈنگ رپورٹ تیار کریں گے، جو آپریشن کے حقائق لانے کے ساتھ بہتری کی تجاویز مرتب کرے گا ، کمیشن نے کراچی میں رینجرز کی کئی سالوں سے موجودگی اور ماورائے عدالت قتل پر بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن اتوار کو کراچی کی صورتحال پر مزید حقائق سامنے لائی گی، دوسری جانب کراچی میں جاری قتل وغارت نہ رُک سکی، صبح سویرے لانڈھی کے علاقے مرغی خانہ کے قریب سے ایک شخص کی ہاتھ  پاؤں بندھی لاش ملی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔