Tag: ہیٹ اسٹروک

  • بھارتی فضائیہ کا ائیر شو دیکھنے آئے 5 افراد جان سے گئے

    بھارتی فضائیہ کا ائیر شو دیکھنے آئے 5 افراد جان سے گئے

    چنئی میں بھارتی فضائیہ کے ائیر شو میں افراتفری مچ گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جان سے گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کی 92 ویں سالگرہ منانے کے لیے منعقد کیے گئے ایئر شو کی وجہ سے چنئی میں لاکھوں لوگ پھنس گئے، ایئر شو دیکھنے کے لیے آںے والے 5 افراد افراتفری میں ہلاک ہوگئے۔

    ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے باعث دو سو سے زیادہ افراد بے ہوش ہوگئے جبکہ دیگر 230 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ائیر شو دیکھنے پندرہ لاکھ افراد مرینا بیچ پہنچے، بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی حالت بگڑ گئی، انتظامیہ نے پانی کی دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات پر بالکل توجہ نہیں دی۔

  • کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 500 سے 600 ہلاکتوں کا انکشاف، کے الیکٹرک کو نوٹس جاری

    کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 500 سے 600 ہلاکتوں کا انکشاف، کے الیکٹرک کو نوٹس جاری

    کراچی : سیشن کورٹ میں کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 500 سے600 ہلاکتوں کا انکشاف سامنے آیا ، جس پر عدالت نے کے الیکٹرک سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں ہیٹ ویو میں ہلاکتوں کا مقدمہ کے الیکٹرک کیخلاف درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست گزار نے انکشاف کیا کہ کراچی میں گزشتہ ماہ ہیٹ اسٹروک سے500سے600ہلاکتیں ہوئیں،کے الیکٹرک نے جان بوجھ کر 10 سے 16 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ پولیس کےالیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج کرنےسےانکاری ہے ، استدعا ہے کہ ایس ایچ اوپریڈی کو بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی کمپلینٹ سیل جنوبی ،ایس ایچ اوپریڈی اور کے الیکٹرک کونوٹس جاری کردیا۔

    سیشن کورٹ نے نوٹس جاری کرتےہوئے 30 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔

  • ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک

    ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں سورج آگ برسانے لگا ہے، دارالحکومت ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں غیر معمولی طور پر بارشوں کے موسم میں گرمی کی شدید لہر نے شہریوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

    ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک سے چھ افراد کی ہلاکت کے بعد جاپان میں حکام نے نہ صرف صحت سے متعلق انتباہات جاری کیے ہیں بلکہ دارالحکومت میں نئے ’’کولنگ شیلٹرز‘‘ قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

    حکام نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ہیٹ اسٹروک کی علامات والے متعدد افراد اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔

    جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو ’انتہائی گرم‘ سجھا جاتا تھا، تاہم اب اس ہفتے جاپان میں وسطی شیزوکا پہلا ایسا خطہ بن گیا ہے، جہاں اس سال پارہ 40 ڈگری سیلسیس (104 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا ہے۔

  • جون میں ہیٹ اسٹروک سے کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟ محکمہ صحت نے بتادیا

    جون میں ہیٹ اسٹروک سے کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟ محکمہ صحت نے بتادیا

    کراچی: جون میں شدید گرمی کے باعث کتنے افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوکر اپنی جان گنوا بیٹھے، محکمہ صحت نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کئی روز سے جاری ہیٹ ویو نے شہریوں کی زندگی بے حال کردی ہے، گرمی کی شدت سے متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، محکمہ صحت نے بتایا کہ جون میں ہیٹ اسٹروک سے 35 افراد جاں بحق ہوئے۔

    جون میں کے ایم سی کے زیرانتظام قبرستانوں میں تدفین کے حوالے سے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے تھے، جس میں بتایا گیا تھا کہ زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے قبرستانوں میں جون میں زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی، اس ماہ زیادہ تر اموات ہیٹ ویو سے ہوئیں، جون کے پہلے ہفتے میں 430 افراد مختلف قبرستانوں میں مدفون کیے گئے۔

    اس سے قبل شہر قائد میں مسلسل تین روز تک سڑکوں پر کئی افراد کی لاشیں بھی ملی تھیں، اس دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 بتائی گئی تھی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں سخت گرمی کے دوران تین روز میں ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 تھی جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔

    حکام نے بتایا تھا کہ 24 لاوارث لاشیں سرد خانے میں موجود ہے اور شناخت کا عمل جاری ہے، ملنے والی لاشیں زیادہ تر نشے کے عادی افراد کی تھیں۔

  • شہر میں زائد ہلاکتیں ہیٹ اسٹروک سے نہیں ہوئیں، کمشنر کراچی کا دعویٰ

    شہر میں زائد ہلاکتیں ہیٹ اسٹروک سے نہیں ہوئیں، کمشنر کراچی کا دعویٰ

    کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ زائد ہلاکتیں ہیٹ اسٹروک سے نہیں ہوئیں، 2 دن میں ہیٹ اسٹروک سے 10 افراد کا انتقال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ فلاحی سمیت کوئی ادارہ موجودہ صورتحال میں ازخود اموات کا ڈیٹا جاری نہ کرے، شہر میں زائد انتقال کے حوالے سے جو اعداد و شمار ہیں وہ درست نہیں، بتائے جانے والے اعداد و شمار کی کسی ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔

    سید حسن نقوی حکومت اور انتظامیہ سے پہلے اموات کی تصدیق کی جائے، کراچی انتظامیہ ہیٹ ویو سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے۔

    کمشنرکراچی نے کہا کہ شہر میں انتقال کر نے والوں کی شرح نارمل سے کچھ بڑھی ہے، ہم نے ڈیٹا جمع کرنے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع اختیار کیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ قبرستانوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے بلدیہ عظمیٰ اور سرد خانوں سے بھی رابطہ کیا، سندھ میں ہیٹ ویو سے 17 سے زائد افراد متاثر ہوئے،

    کمشنرکراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو میں لوڈ شیڈنگ سے گریز کرے، ہیٹ ویو کا دورانیہ عموماً 2 یا 3 روز ہوتا ہے، کے الیکٹرک کیساتھ اجلاس کیا جائے گا۔

    سید حسن نقوی نے کہا کہ رات 12 سے صبح 6 بجے تک بلا تعطل بجلی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں، شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کیلئے 124 ہیٹ ویو مراکز قائم کیے ہیں۔

  • دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے، دارالحکومت دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ہیٹ اسٹروک سے 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریاست اتر پردیش میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گرمی کی لہر نہایت جان لیوا ثابت ہوئی ہے، جس کے باعث 81 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گرمی کی لہریں مہلک ہوتی جا رہی ہیں، بھارت میں مارچ سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے 100 سے زیادہ اموات اور 40,000 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    ہیٹ اسٹروک کے شکار مریضوں میں خواتین سمیت معمر افراد کی زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے، دوسری طرف ریاست آسام میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس سے 108 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جس سے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 4 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    آسام میں 1300 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، سیلاب کے باعث 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران آپ خود کو کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟ جانیئے

    شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران آپ خود کو کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟ جانیئے

    سردی ہو یا گرمی، موسم کا زیادہ درجہ حرارت صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، جس کی شدید صورتحال میں انسان کی موت واقع بھی ہوتی ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قدرتی آفات مثال کے طور پر سمندری طوفان یا آندھی کے مقابلے شدید گرمی میں انسانوں کی اموات زیادہ ہوتی ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماحولیاتی وبائی امراض کے ماہر طارق بینمارہنیا کہتے ہیں کہ گرمی کے بارے میں زیادہ پریشان کُن بات یہ ہے کہ یہ اچانک حملہ کرتا ہے جس سے کبھی کبھار انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے لیکن سمندری طوفان یا دیگر قدرتی آفات اچانک نمودار نہیں ہوتیں۔

    2021 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق 1980 کے بعد شدید گرمی سے ہونے والی اموات میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے، حالیہ موسمیاتی بحران کے دوران مستقبل میں یہ درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور گرمی کی لہر زیادہ دیر تک جاری رہنے کا بھی امکان ہے۔

    تاہم شدید گرمی میں صحت کے مسائل سے بچاؤ ممکن ہے، ایسی صورتحال میں تین عام حالات کا خیال رکھنا ضرورت ہے، جن میں جسم میں پانی کی کمی، ہیٹ اسٹروک اور تھکن شامل ہے۔

    جسم میں پانی کی کمی

    جسمانی صحت کے لیے پانی بہت ضروری ہے، جسم میں تھوڑی مقدار میں پانی کی کمی خطرے کی علامت نہیں ہے، کیونکہ اس حالت میں پانی کے استعمال سے کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں گھر سے باہر نکلنے سے قبل پانی لازمی پیئیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب آپ باہر ہوں بالخصوص جب دھوپ میں کام کررہے ہوں یا ورزش کررہے ہوں تو کم از کم ہر 15 سے 20 منٹ بعد ایک کپ (8 اونس) پانی پیئیں۔

    پانی کی کمی کے باعث گردوں میں پتھری اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے ساتھ دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    مشروبات کا استعمال

    پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے گھر میں بنے مشروبات فرحت بخش اور مفید ہوتے ہیں۔

    جس سے جسم میں تقویت کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی بھی پوری ہوجاتی ہے، شدید گرمی کا اثر کم کرنے اور ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بناسکتے ہیں۔

    گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے سب سے پہلے لسی یا کچی کا استعمال بہت اہمیت کا حامل ہے اس کے علاوہ ملیٹھی کا پانی بھی اس کیلئے مفید ہے، آدھا چمچ ملیٹھی ایک لیٹر نیم گرم پانی میں ڈال کر استعمال کریں، اس کیلیے کوئی عمر کی قید نہیں مریض بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یہ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

    ہیٹ اسٹروک

    شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سب سے زیادہ تشویش ناک مسئلہ ہے، ہیٹ اسٹروک میں جسم خود کو ٹھنڈا نہیں کرپاتا اور جسم کا درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ معمول کے درجہ حرارت میں جسم سے پانی مختلف ذرائع سے خارج ہوتا ہے جن میں پسینہ آنا، گہرے سانس لینا اور پیشات کے ذریعے شامل ہے، لیکن جب نمی 75 فیصد سے زیادہ ہوجائے تو پسینہ آنا غیر مؤثر ہے۔

    اگر آپ کسی ایسے شخص کو دیکھیں جو الجھن کا شکار ہے یا جلد پر لال دھبے ہوں یا ایسا لگے کہ وہ شخص تیزی سے سانس لے رہا ہوں یا پھر سر درد کی شکایت ہو تو انہیں ٹھنڈی جگہ پر لے جائیں، ٹھنڈا پانی پلائیں، برف یا گیلے تولیے سے ان کی گردن، چہرے اور کمر کو ٹھنڈا کریں اور جلد از جلد کسی ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

    ہیٹ اسٹروک کی حالت میں کسی کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا بعض اوقات پسینہ آنا بند ہوجاتا ہے، دونوں صورتحال خطرناک ہیں، ایسی صورت میں دل کا دورہ پڑسکتا ہے جبکہ یہ آپ کے دماغ کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہلکے کپڑوں کا انتخاب کریں، سن اسکرین کا استعمال کریں، بہت زیادہ پانی پیئیں، گھر سے باہر ورزش کرنے سے اجتناب کریں۔

    تھکن

    جسمانی تھکن اس وقت ہوتی ہے جب جسم سے زیادہ پسینہ نکلتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے عام طور پر یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ جسمانی سرگرمی کررہے ہوں مثال کے طور پر دوڑ رہےہوں یا فٹ بال کھیل رہے ہوں۔

    گرمی میں جسمانی تھکن کی کچھ علامات ہیں جن میں جلد کا نم ہونا، بہت زیادہ پسینہ آنا، بے ہوش ہوجانا، بہت زیادہ تھکاوٹ محسوس کرنا، دل کی دھڑکن تیز ہونا، سر درد یا متلی کا احساس شامل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کا سامنا دماغی صحت کے مسائل، حاملہ خواتین کے لیے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، اگر آپ باہر کام یا ورزش نہیں کر رہے ہیں تو موسم کے انتہائی درجہ حرارت میں محتاط رہیں۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں بھارت کی ریاستوں اتر پردیش اور بہار میں گرمی کی شدید لہر کے باعث کم از کم 100 افراد سے زائد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پاکستان میں بھی شدید گرمی کا امکان ہے۔

  • والدین تیز دھوپ میں گاڑی بند کر کے بچی کو سوتا چھوڑ گئے، دردناک حادثہ

    والدین تیز دھوپ میں گاڑی بند کر کے بچی کو سوتا چھوڑ گئے، دردناک حادثہ

    ایران میں ایکی نوجوان جوڑا ایک جنازے میں جاتے ہوئے اپنی 4 سالہ بچی کو بند کار میں چھوڑ گیا، شدید گرمی کے دوران ننھی بچی دم گھٹنے کے سبب ہلاک ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ جوڑا اپنے ایک رشتے دار کے جنازے میں شرکت کے لیے جارہا تھا اور سوگ کی کیفیت میں تھا۔ جب وہ جنازہ گاہ پہنچے تو ان کی 4 سالہ بچی گاڑی میں سورہی تھی۔

    جوڑے نے اسے جگانا مناسب نہ سمجھا اور گاڑی لاک کر کے اسے سوتا چھوڑ کر چلے گئے۔

    وقت گزرنے کے ساتھ دن شدید گرم ہوتا گیا اور بیرونی درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، تب گاڑی کے اندر درجہ حرارت 76 ڈگری پر پہنچ گیا۔

    سوتی ہوئی بچی کو آکسیجن کی کمی واقع ہوئی تو اس کا دم گھٹنے لگا۔

    دوسری جانب والدین جنازے میں شرکت کر کے گھنٹوں بعد واپس پہنچے تو بچی گاڑی کے اندر بے حس و حرکت پڑی تھی۔

    فوری طور پر ڈاکٹر کو بلایا گیا تو ڈاکٹر نے بچی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دم گھٹنے اور ہیٹ اسٹروک سے بچی کی موت واقع ہوئی۔

    بچی کی موت سے والدین پر نہایت گہرا اثر پڑا اور مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔

  • کیا سخت گرمی یاسیت، ڈپریشن اور منشیات کی لت میں مبتلا کر سکتی ہے؟

    کیا سخت گرمی یاسیت، ڈپریشن اور منشیات کی لت میں مبتلا کر سکتی ہے؟

    بوسٹن: کیا سخت گرمی یاسیت، ڈپریشن اور منشیات کی لت میں مبتلا کر سکتی ہے؟ امریکا میں ہونے والے ایک وسیع سطح کے تحقیقی مطالعے میں ماہرین نے ہیٹ اسٹروک اور دماغی امراض کے درمیان تعلق دریافت کر لیا ہے۔

    یہ تحقیق امریکی جریدے جاما سائیکیٹری میں شائع ہوئی، اور یہ تحقیق بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی پبلک ہیلتھ کی پروفیسر امروتا شرما اور دیگر نے کی ہے۔ محققین کا نتائج کے حوالے سے کہنا ہے کہ سخت گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے دماغی عوارض اتنے بڑھ جاتے ہیں کہ انھیں فوری طور پر اسپتال لے جانا پڑتا ہے۔

    اس تحقیق سے قبل بھی ریسرچ اسٹڈیز میں کسان، چرواہوں اور مچھیروں کے حوالے سے آب و ہوا میں تبدیلی اور دماغی تناؤ، نفسیاتی عوارض کے درمیان تعلق کی نشان دہی کی جا چکی ہے۔

    موجودہ تحقیقی سروے میں لگ بھگ 20 لاکھ امریکیوں کا ڈیٹا لیا گیا، ماہرین نے جائزہ لیا کہ سخت گرمیوں میں ان کی دماغی کیفیت کیا تھی؟ انھوں نے دیکھا کہ وہ گرمی کے ہاتھوں دماغی طور پر وہ کسی عارضے کے شکار تو نہیں ہوئے۔ محققین نے اس ڈیٹا کے علاوہ اسپتالوں کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا کہ گرمیوں کے دنوں میں لوگ ایمرجنسی میں اسپتال گئے تو کتنے افراد دماغی طور پر پریشان یا کسی منفی کیفیت کے شکار تھے۔

    محققین نے ریسرچ کے بعد خلاصہ کیا کہ سخت گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی کیفیت لوگوں میں یاسیت، تناؤ، ڈپریشن، منشیات اور سکون آور ادویہ کا استعمال بڑھاتی ہے اور یہاں تک کہ لوگ خود کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    دوسری جانب شدید گرمی امراضِ قلب کو بھی بڑھا سکتی ہے، گرمی اور نفسیاتی اثرات کی تحقیقات میں کل 22 لاکھ سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا، معلوم ہوا کہ اگرچہ یہ افراد کچھ عارضوں کے شکار تھے لیکن گرمی سے ان کے مرض کی شدت بڑھ گئی یہاں تک کہ انھیں فوری طور پر اسپتال لے جانا پڑ گیا۔

  • گرمی کے زور کا "توڑ” کیجیے!

    گرمی کے زور کا "توڑ” کیجیے!

    قدرت نے ہمیں اپنی روزانہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ موسموں کے اتار چڑھاؤ کے دوران اپنی صحت کی حفاظت اور توانائی برقرار رکھنے کے لیے تمام نعمتوں سے نوازا ہے۔ پھلوں کو غذائیت کا خزانہ کہا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر موسم کے اعتبار سے پھل عطا کیے ہیں جن کا استعمال ہماری صحت اور تن درستی برقرار رکھتا ہے۔

    موسمِ گرما میں جسم میں پانی کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے جسے دور کرنے اور گرمی کی شدت کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے اس موسم میں کئی پھل موجود ہیں۔ یہ پھل جہاں جسم میں پانی کی کمی پوری کرتے ہیں، وہیں ہماری غذائی ضرورت بھی پوری کرتے ہیں۔ ان پھلوں کی افادیت اور موسم گرما میں ان کے استعمال کی اہمیت جانیے۔

    تربوز
    موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے اس کمی کو دور کرنے میں تربوز کا استعمال نہایت مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    آم
    پھلوں کے بادشاہ کی مختلف اقسام بازار میں موجود ہیں۔ آم کو چھیل کر یا کاٹ کر کھانے کے علاوہ اس کا جوس پینا جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔

    فالسہ
    فالسہ خوش ذائقہ اور فرحت بخش پھل ہے اور گرمیوں میں اس کا شربت جہاں گرمی کا توڑ اور صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، وہیں آپ خود کو تروتازہ محسوس کرتے ہیں۔

    چیری
    یہ خوش ذائقہ اور رسیلا پھل ہے جس کے گودے میں شامل قدرتی اجزا ہماری صحت اور توانائی بحال کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔

    اسٹرابیری
    اسٹرابیری بڑے ہوں یا بچے سبھی شوق سے کھاتے ہیں- یہ رسیلا پھل ہے جو میٹھا اور ترش بھی ہوتا ہے۔

    اسی طرح پپیتا، لیچی، خوبانی، انگور بھی بازار میں موجود ہیں جو ایک طرف تو غذائیت اور جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں، وہیں‌ موسم گرما کی شدت سے محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔