Tag: ہیٹ ویو الرٹ جاری

  • شدید گرمی: رحیم یار خان، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    شدید گرمی: رحیم یار خان، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی نے شہریوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور سندھ کے شہر دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دوسری طرف پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی نے ملک کے مختلف شہروں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، بہاول نگر میں 47، بہاول پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں میں موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ڈی جی خان 47، ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ، فیصل آباد 45، گوجرانوالہ میں 43 ڈگری، اسلام آباد میں پارہ 40، جہلم میں موجودہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

    صادق آباد میں بھی شدید گرمی پڑنے لگی ہے، سورج آگ برسانے لگا ہے، صادق آباد میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دھوپ کی شدت کی وجہ سے سڑکوں پر آمد و رفت کم ہو گئی۔

    نواب شاہ، لاڑکانہ، خانیوال، خان پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ ملتان پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا ہے۔

    دریں اثنا، گرمی کی بڑھتی شدت کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی ہیلتھ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے بچے اور بزرگ افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں، سردرد، چکر، بلڈ پریشر اور غنودگی ہیٹ اسٹروک کی علامات ہو سکتی ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ نے ہدایت کی ہے کہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو سر کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، اور سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں، یہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    ادھر خیبر پختون خوا اور سندھ کے بھی کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں 25 سے 27 مئی تک شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرقائدمیں گرمی ایک بارپھرزوردکھانےکوتیارہے ، محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بارپھرہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا اور کہا 25 سے27مئی تک موسم شدیدگرم رہےگا، درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانےکاامکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی لہرکی شدت اس ہفتےاوراتوارکوسب سےزیادہ ہوگی اور ہفتے اور اتوار کو درجہ حرارت 40سے اوپر جاسکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس زیادہ محسوس کئےجانے کاامکان ہے۔

    کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے جبکہ 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ،قلات،لاہور ،فیصل آباد،راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ باش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی سمیت ملک کےدیگرحصوں میں موسم آج گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل مزید برسیں گےمالاکنڈ، ہزارہ،کوہاٹ،پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل رنگ جمائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں پورا ہفتے موسم کیسا رہے گا ؟ 

    گذشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کراچی میں پوراہفتہ موسم گرم اورمرطوب رہےگا اور درجہ حرارت چھتیس سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ عبدلرشید نے کہا تھا کہ مئی کا پورا مہینہ اسی طرح گرم رہے گا، فلحال رمضان میں ہیٹ ویو کا کوئی بھی امکان نہیں جبکہ 15 جون سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔