Tag: ہیٹ ویو

  • کراچی کے درخت کہاں گئے؟ ایک فکر انگیز ویڈیو رپورٹ

    کراچی کے درخت کہاں گئے؟ ایک فکر انگیز ویڈیو رپورٹ

    کراچی شہر میں جان لیوا ہیٹ ویو کے اثرات بار بار سامنے آ رہے ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں پر کام کرنے والے ادارے نے یہ قابل تشویش انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے رقبے کے لحاظ سے درختوں کی تعداد ایک فی صد سے بھی کم رہ گئی ہے۔

    ماہرین ماحولیات کراچی میں درختوں کی اہمیت کے حوالے سے کہتے ہیں کہ شہر میں ہیٹ ویو کی وجہ درختوں کی کٹائی اور شجر کاری نہ ہونے کے برابر ہونا ہے۔

    کراچی میں کتنے درخت؟

    ماہرین ماحولیات کے مطابق شہر میں درخت تقریباً ایک فی صد سے بھی کم رہ گئے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں کچھ دہائیوں پہلے تک کراچی میں رقبے کے لحاظ سے درختوں کا حصہ تقریباً 6 فی صد تک تھا، جو 2013 میں 3 فی صد ہو گیا تھا۔

    شہر میں بے ہنگم تعمیرات اور ترقیاتی کاموں کی وجہ سے حال ہی میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید اب یہ تین فی صد بھی نہ رہا ہو، جس کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت بڑھتا جا رہا ہے۔

    ہیٹ ویو کی وجہ؟

    کراچی میں ہیٹ ویو پر جاری تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہلاکتوں کی وجہ ’اربن ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ‘ سے ہوئی، اسی بنا پر ہیٹ ویو کی ایک وجہ درختوں کی کٹائی اور شجر کاری کا کم ہونا بتایا جاتا ہے۔

    سیٹلائٹ کے نقشے ظاہر کرتے ہیں کہ جن شہری علاقوں میں درختوں کی قلت ہوتی ہے وہاں درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔ یو این ایچ آئی کے مطابق شہری علاقوں میں گرمی کا اثر دیہی علاقوں کی نسبت زیادہ محسوس ہوتا ہے۔

    بین الاقوامی ماہرین ماحولیات کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کراچی گزشتہ کئی سالوں سے ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کلفٹن اربن فارسٹ کے خالق مسعود لوہار کہتے ہیں کہ بے ہنگم تعمیراتی منصوبوں نے شہر سے درختوں کا صفایا کر دیا ہے۔

    ہر انسان کے حصے میں کتنے درخت؟

    امریکی یالے یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق اس وقت زمین پر 30 کھرب درخت ہیں، جن میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ دنیا کی آبادی اس وقت 6 ارب ہے، یعنی ہر شخص کے حصے میں 422 درخت آتے ہیں۔ روس اس سلسلے میں سرفہرست ہے جہاں ایک شخص کے حصے میں 641 درخت آتے ہیں، جب کہ بھارت میں 28 درخت ایک شخص کے حصے میں آتے ہیں۔

    دوسری طرف ایک ماہر ماحولیات کے مطابق ہر ایک پاکستانی کے حصے میں 4 سے بھی کم درخت رہ گئے ہیں، پاکستان میں سرکاری اور نجی سطح پر پودے لگائے ضرور جاتے ہیں مگر ان کے درخت بننے تک کا سفر اہمیت رکھتا ہے۔

    دنیا درختوں سے محروم ہوئی تو؟

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ دنیا کو درختوں سے محروم کر دینے سے دنیا کے پورے نظام کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، کیوں کہ درختوں کی کمی سے نہ صرف مقامی ماحول متاثر ہوتا ہے، بلکہ لوگوں کا روزگار، معیشت اور خوراک سب پہلوؤں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے 50 فی صد پودے اور جانور اپنی رہائش کے لیے درختوں پر انحصار کرتے ہیں، مگر انسانوں کی جانب سے ترقی کے نام پر درختوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔

    کراچی شہر کے ہر حصے میں درختوں کی کٹائی اور بے ہنگم تعمیرات نے اس شہر کو کنکریٹ کا جنگل بنا دیا ہے، درخت کی موجودگی انسانی بقا سے منسلک ہے، میگا پروجیکٹ کے نام پر درختوں کے کٹائی نے اس شہر کے باسیوں سے سانس لینے کا حق تک چھین لیا ہے۔

    موسمیاتی تبدیلوں کی بنا پر کراچی میں گرمی کی شدت کو روکنے کے لیے ہر سطح پر درختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضروت ہے۔

  • امریکا کی ’ڈیتھ ویلی‘ میں درجہ حرارت 55 ڈگری کو چھو گیا

    امریکا کی ’ڈیتھ ویلی‘ میں درجہ حرارت 55 ڈگری کو چھو گیا

    امریکا کی کئی ریاستوں میں سورج قہربرسا رہا ہے، لاس ویگاس میں پارہ مسلسل پانچویں دن 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، ریاست کیلیفورنیا کی ’’ڈیتھ ویلی‘‘ میں درجہ حرارت 55 ڈگری کو چھو گیا ہے۔

    تاہم شدید گرمی کے باوجود سیاح ڈیتھ ویلی پہنچ گئے، نیشنل پارک کے فرنس کریک وزیٹرز سینٹر کے باہر نصب تھرمامیٹر کے ساتھ سیاح ہائی ٹمپریچر کی یادگار کے طور تصاویر بنواتے اور سیلفیاں لیتے رہے، یہاں گزشتہ روز ایک موٹر سائیکلسٹ شدید گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گیا تھا اور متعدد بے ہوش ہو گئے تھے۔

    نیشنل ویدرسروس کے مطابق کیلیفورنیا، نیواڈا، ایریزونا، اوریگان، ایڈاہو، الاباما اورمسیسیپی کی ریاستیں شدید گرمی کی زد میں ہیں۔ کیلیفورنیا اور نیواڈا میں آنے والے ہفتے میں روزانہ ریکارڈ بلند درجہ حرارت دیکھنے کی توقع ہے۔

    حکام کے مطابق مغرب اور بحر الکاہل کے شمال مغرب میں درجنوں مقامات پر گرمی کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹے ہیں، اور رواں ہفتے درجہ حرارت کے مزید 165 سے زیادہ روزانہ کے ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

    جو بائیڈن نے یوکرین کو جدید اسٹریٹجک دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا

    گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کر گیا تھا، یو اے ای حکام کے مطابق گرمی کی لہر پانچ دن تک جاری رہنے کا امکان ہے، متحدہ عرب امارات میں آج بھی درجہ حرارت 42 ڈگری ہے جب کہ اس کی شدت 50 سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔

  • گرمی کی شدید لہر نے ایشیا سمیت دنیا کی نصف سے زائد آبادی کو لپیٹ میں لیا، ریکارڈ ہلاکتیں

    گرمی کی شدید لہر نے ایشیا سمیت دنیا کی نصف سے زائد آبادی کو لپیٹ میں لیا، ریکارڈ ہلاکتیں

    رواں برس گرمی کی شدید لہر نے ایشیا سمیت دنیا کی نصف سے زائد آبادی کو لپیٹ میں لیا، جس سے ریکارڈ ہلاکتیں ہوئیں۔

    موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے پیش نظر دنیا بھر میں ہیٹ ویو سے نصف سے زائد آبادی پریشان ہے، دنیا کے 60 فی صد لوگوں نے 16 جون سے 24 جون تک انتہائی بلند درجہ حرارت میں گزارے۔

    بین الاقوامی علمی ادارے ’ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن‘ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے مہلک ہیٹ ویوز کی تشکیل کی، جس نے پورے ایشیا میں لاکھوں لوگوں کو انتہائی حد تک متاثر کیا۔ اپریل کے دوران اور مئی 2024 تک جاری رہنے والی انتہائی ریکارڈ توڑ گرمی نے پورے ایشیائی براعظم پر شدید اثرات مرتب کیے۔

    ایشیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2024 میں شدید گرمی نے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کو متاثر کیا، جس سے بھارت، فلپائن، بنگلادیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اور میانمار جیسے ممالک متاثر ہوئے۔ گرمی کی ان لہروں نے دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، جس سے صحت، معیشت اور تعلیم کے شعبوں میں بہت زیادہ نقصان ہوا۔

    دنیا میں اس دوران 5 ارب افراد انتہائی درجہ حرارت میں رہے، بھارت میں اب تک کی سب سے طویل ہیٹ ویو ریکارڈ کی گئی جو مئی کے وسط میں شروع ہوئی تھی، اور پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، بھارت میں 61 کروڑ 90 لاکھ افراد کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا، شدید ہیٹ اسٹروک کے 40 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، اور 800 افراد ہلاک ہوئے۔

    سعودی عرب میں حج کے دوران گرمی کے نتیجے میں 1300 لوگ جان سے گئے، سعودی عرب کے بعض شہروں میں پارہ 50 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا۔ امریکا کو بھی لگاتار ہیٹ ویو کا سامنا رہا، جنوبی ریاستوں میں پارہ 52 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ چین میں جون کے ماہ میں گرمی پڑنے کا نیا ریکارڈ بن گیا، مختلف شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھو گیا۔

    ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کے مطابق مغرب میں اسرائیل، فلسطین، لبنان اور شام سے لے کر مشرق میں میانمار، تھائی لینڈ، ویتنام اور فلپائن تک، ایشیا کے بڑے علاقوں میں کئی دنوں تک درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا۔ مہاجر کیمپوں اور غیر محفوظ گھروں میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈور ورکرز کے لیے یہ گرمی سخت اذیت ناک ثابت ہوئی۔

    ہیٹ ویوز شدید موسمی واقعات کی سب سے مہلک قسم ہیں، اکثر یہ ہوتا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد کم بتائی جاتی ہے، لیکن فلسطین، بنگلادیش، بھارت، تھائی لینڈ، میانمار، کمبوڈیا اور فلپائن سمیت زیادہ تر متاثرہ ممالک میں پھر بھی سیکڑوں اموات کی اطلاع دی جا چکی ہے۔

    اس گرمی کا زراعت پر بھی بڑا اثر پڑا ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا اور پیداوار میں کمی ہوئی، ساتھ ہی تعلیم پر بھی۔ سالانہ تعطیلات میں توسیع کرنا پڑی اور کئی ممالک میں اسکول بند کر دیے گئے، جس سے لاکھوں طلبہ متاثر ہوئے۔

    شمالی تھائی لینڈ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس سے بڑھ گیا، پچھلے سال کے مقابلے میں تھائی لینڈ میں موسم 1-2 ڈگری سیلسیس زیادہ گرم رہا، اور بارش اوسط سے کم ہوئی۔ 10 مئی 2024 تک تھائی لینڈ میں کم از کم 61 افراد ہیٹ اسٹروک سے ہلاک ہوئے، جب کہ پچھلے سال کے دوران ہونے والی اموات کی تعداد 37 تھی۔

    امریکا، برطانیہ، سویڈن، لبنان، ملائیشیا، اور ہالینڈ کے سائنس دانوں نے مل کر اس بات کا جائزہ لیا کہ خود انسانوں کے ہاتھوں سے لائی گئی موسمیاتی تبدیلی نے 3 ایشیائی خطوں کو کس حد تک متاثر کیا۔ انھوں نے ایک جائزہ رپورٹ شائع کی، جس میں کہا گیا کہ انسانوں کے ہاتھوں لائی گئی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تین ایشیائی ممالک میں گرمی کی شدت میں واضح طور پر اضافہ ہوا۔

    ان ممالک میں 1) مغربی ایشیا، بشمول شام، لبنان، اسرائیل، فلسطین اور اردن؛ 2) مشرقی ایشیا میں فلپائن؛ اور 3) جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا، بشمول بھارت، بنگلادیش، میانمار، لاؤ پی ڈی آر، ویت نام، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا شامل ہیں۔ آب و ہوا کی تبدیلی نے مغربی ایشیا میں 3 دن کی اپریل ہیٹ ویو اور فلپائن میں 15 دن کی اپریل ہیٹ ویو کے امکانات اور شدت کو تبدیل کیا۔

    گرمی کی لہر نے اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے لوگوں، تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے کیمپوں اور مغربی ایشیا میں تنازعات والے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی مشکل زندگی کو مزید مشکل بنا دیا۔ غزہ میں شدید گرمی نے 17 لاکھ بے گھر افراد کے حالات زندگی کو مزید خراب حال کر دیا۔ اس کی وجہ سے پانی کی قلت میں اضافہ ہوا اور ادویات تک رسائی میں مشکلات اور بڑھ گئیں۔

    Our World In Data نامی تنظیم کی ڈپٹی ایڈیٹر ہانا رچی نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں یا گرمی سردی کی وجہ سے ہونے والی اموات کے حوالے سے کہا ہے کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گرمی کی نسبت سردی سے ہونے والی اموات بہت زیادہ ہوتی ہیں، یہ تناسب ایک اور 9 کا ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی صرف گرمی سے ہونے والی اموات کا خطرہ ہی نہیں بڑھاتا بلکہ سردی سے ہونے والی اموات کے خطرے کو بھی کم کرتی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے مجموعی اثرات ان دو مخالف قوتوں کا مجموعہ ہے۔ اس لیے سردی سے ہونے والی اموات میں کمی نے گرمی سے ہونے والی اموات کی شرح کو قدرے بڑھا دیا ہے۔

  • ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق افراد کے سلسلے میں تحقیقات شروع

    ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق افراد کے سلسلے میں تحقیقات شروع

    کراچی: شہر قائد میں ایک ہفتے سے جاری ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    26 جون کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیڑی اتھارٹی (نیپرا) نے قومی ذرائع ابلاغ عامہ اور سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو میں کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق ہونے کی خبر پر کے الیکٹرک کے سی ای او سے تین دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل ہیڈ آف کنزیومر افیئر ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نوید الہٰی شیخ کے دستخط سے ایک مکتوب جاری ہوا، جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے بیان پر کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے ہونے والی اموات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

    اب کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر کے دوران اموات کی شرح میں اضافے پر نیپرا نے تحقیقات کا اغاز کر دیا ہے، جس میں یہ پہلو تلاش کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ دنوں کتنے افراد شدید گرمی، حبس یا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث انتقال کر گئے؟

    یہ تحقیقات ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے اس بیان کی روشنی میں کی جا رہی ہے، جس میں انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں گرمی کے دوران انتقال کر جانے والوں کے ورثا کے مطابق اموات بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور گرمی و حبس کی وجہ سے ہوئی ہیں۔

    اس تحقیقات میں یہ عنصر تلاش کیا جا رہا ہے کہ حالیہ ہونے والی اموات میں کے الیکڑک کی غفلت ہے یا نہیں، نیپرا اس تحقیقات کی روشنی میں آئندہ کا لاعمل بھی طے کرے گا۔ دوسری طرف کے الیکٹرک کے حکام اس بات کی تردید کر چکے ہیں کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے لکھے جانے والے مکتوب کے بعد جمعرات اور جمعہ سے متعلقہ حکام نے سندھ گورنمنٹ کے مختلف اسپتالوں میں سروے شروع کر دیا ہے۔ ہر اسپتال جا کر اسپتال انتظامیہ سے اموات کا ریکارڈ بھی طلب کیا جا رہا ہے۔

    متعلقہ حکام کا مکتوب لے کر جب مختلف اسپتالوں سے تفصیل مانگی گئی تو بیش تر اسپتالوں کی انتظامیہ نے یہ کہہ کر منع کر دیا کہ لیٹر میں ہمارے اسپتال کا نام نہیں لہٰذا پہلے ہمارے اسپتال کے نام سے لیٹر بھیجیں، پھر گرمی سے نڈھال ہو کر اسپتال آنے والوں کا ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔

    متعلقہ حکام سرکاری اسپتالوں میں پہنچ کر یہ معلومات جمع کر رہے ہیں کہ حالیہ گرمی کی شدت سے اسپتالوں میں اموات ہوئیں؟ اگر ہوئیں تو اس کا ثبوت دیا جائے۔

    دریں اثنا سرکاری اسپتالوں کے بیش تر ڈاکٹروں اور انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے مرنے والوں کی وجہ موت کا تعین صرف پوسٹ مارٹم سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ جب کہ گرمی میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا نے اپنے پیاروں کا پوسٹ مارٹم نہیں کرایا۔ اس پر اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں میں مرے ہوئے افراد لائے گئے تھے، ہم اس پر یہی کہہ سکتے ہیں کہ مردہ حالت میں اسپتال میں اتنے افراد لائے گئے۔

    اسپتال لائے جانے والے براٹ ڈیڈ (brought dead) شہریوں کو اسپتال کی جانب سے جو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ان پر کارڈیک فیلیئر یا براٹ ڈیڈ درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیعہ طارق کا کہنا تھا کہ وجہ موت کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کرنا لازمی ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کے لیے پوسٹ مارٹم لازمی ہوتا ہے، پوسٹ مارٹم کے دوران ہی وجہ موت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

  • ’’ہیٹ ویو میں مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہورہا ہے‘‘

    ’’ہیٹ ویو میں مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہورہا ہے‘‘

    کراچی: تاجروں نے بجلی کے بلوں اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ مسترد کردیا، بلوں میں مزید اضافہ ظلم قرار دیدیا۔

    صدر طارق روڈ ٹریڈز الائنس الیاس میمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک سے پہلے ہی اضافی بلوں کی شکایات ہیں اب مزید اضافہ ظلم ہے، ہیٹ ویو میں مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہورہا ہے، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے مداخلت کی اپیل ہے۔

    الیاس میمن نے کہا کہ مارکیٹوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، حکومت عوام پر ٹیکس درٹیکس ظالمانہ نظام ختم کرے۔

    دریں اثنا نارتھ کراچی میں کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر مظاہرین نے احتجاج کیا، اس موقع پر پولیس نے مظاہرین سے مذکرات کیے۔

    احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور مرمت کا کام بند کرکیا جائے۔

    اس کے علاوہ لسبیلہ میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کیا، احتجاج کے باعث ٹریفک جام میں پھنسےشہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • امریکا میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویو وارننگ جاری

    امریکا میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویو وارننگ جاری

    موسمیاتی تبدیلی کے باعث اس وقت دنیا کے کئی خطے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور مختلف ممالک میں اب تک اس گرمی کے باعث سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا بھر میں گرمی کی لہر میں تیزی کی لہر جاری ہے، واشنگٹن میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔

    امریکا کے بعض شہروں میں درجہ حرارت37 سے43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، شمالی اور جنوبی ریاستوں ہیٹ ویو وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہوسکتے ہیں، نیو انگلینڈ میں بڑے پیمانے پر طوفان، سیلاب، تیز ہوائیں اور بگولوں کا خطرہ ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت دنیا کے کئی خطے شدید اور تاریخی گرمی کی لپیٹ میں ہیں، متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے باعث ایک کرکٹر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    یہ واقعہ متحدہ عرب امارات میں پیش آیا ہے جہاں شدید گرمی میں کرکٹ کھیلنے والا ایک شوقیہ کرکٹر مندیپ سنگھ میچ کے بعد چل بسا۔

    حج کے دوران کتنی اموات ہوئیں؟ سعودی وزیرصحت کا اہم بیان

    گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے شوقین افراد نے ایک میچ شدید گرمی میں کھیلا۔ میچ تو کھیل لیا گیا مگر میچ کے بعد ایک کرکٹر مندیپ سنگھ کی حالت غیر ہوگئی اور وہ کچھ دیر میں ہی انتقال کر گیا۔

  • حج کے دوران ہیٹ ویو سے جاں بحق حاجیوں کی تعداد 1ہزار 170 تک جا پہنچی

    حج کے دوران ہیٹ ویو سے جاں بحق حاجیوں کی تعداد 1ہزار 170 تک جا پہنچی

    مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران شدید گرمی سے جاں بحق حاجیوں کی تعداد 1170 ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے دوران گرمی سے جاں بحق ہونے والے حاجیوں کی تعداد 1170 تک جا پہنچی ہے، جان بحق ہونے والے مصری شہریوں کی تعداد 600 سو تک ہے۔

    رپورٹ کے مطابق متعدد حاجی اب بھی لاپتہ اور کئی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جاں بحق دیگر حاجیوں کا تعلق اردن، انڈونیشیا، ایران، سینیگال، تیونس اور عراق سے ہے، اردن کے 20 لاپتا حاجیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق اس سال 18 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی، حج کے دوران درجہ حرارت 51 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

  • ایک بار بھر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

    ایک بار بھر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار بھر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک بار پھرپارہ چڑھنے لگا، جس سے مختلف شہروں میں دوبارہ شدید گرمی کی لہر کا خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا، محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبائی دارا لحکومت لاہور سمیت کئی شہر شدید گرمی کے نرغے میں ہیں۔

    صوبے بھرمیں عیدالاضحیٰ تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بیالیس ڈگری ، بہاول پورمیں 45، سرگودھا اور فیصل آباد میں 44 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    جہلم، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان میں پارہ تینتالیس سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، اس دوران شہریوں کو احتیاط برتنےاوربلاوجہ گھروں سےنہ نکلنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

    موسم کاحال بتانے والوں کاکہنا ہےکہ صوبہ سندھ کےبھی بعض علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، دادو اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت سینتالیس ڈگری کو چھوسکتا ہے۔

  • امریکا کا موسم گرم، نیشنل ویدر سروس نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    امریکا کا موسم گرم، نیشنل ویدر سروس نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    امریکا کے جنوب مغربی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، پارہ 48.8 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق رواں سال پورے کیلیفورنیا اور جنوب مغرب کو شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہے، نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ خطے کے زیادہ تر حصے میں ریکارڈ درجہ حرارت کے ساتھ ’’خطرناک‘‘ گرمی کی توقع ہے۔

    نیشنل ویدر سروس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے آئندہ چند روز میں درجہ حرارت 48.8 ڈگری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس ہفتے امریکا کے مغربی حصے پر ’ہیٹ ڈوم‘ اترنے کے باعث 34 ملین سے زیادہ امریکی انتہائی درجہ حرارت کا سامنا کریں گے۔

    ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس اور ایریزونا کے شہر فینکس میں درجہ حرارت 43.3 ڈگری سے زائد ہو سکتا ہے، کیلیفورنیا سے وسطی ایریزونا تک کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہوں گے، کیلیفورنیا کے ڈیتھ ویلی کا درجہ حرارت بھی 48 ڈگری تک جائے گا۔

  • کراچی میں ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا

    کراچی میں ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا

    کراچی: شہر قائد میں چار روز سے جاری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جنوب مغرب سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔