Tag: ہیٹ ویو

  • عوام تیاری کرلیں !‌ رواں ماہ  بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری

    عوام تیاری کرلیں !‌ رواں ماہ بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری

    لاہور : بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں کہا ہے کہ تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں ماہ ہیٹ ویو،بارشوں اور طوفان کاالرٹ جاری کردیا، جس میں شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ 18مئی تک پنجاب کےبیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، لاہور، راولپنڈی ، مری، گلیات،جہلم ودیگرشہروں میں تیزہواؤں کےساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ قصور،سیالکوٹ،فیصل آباد،میانوالی ودیگرشہروں میں آندھی اوربارش کا امکان ہے ، رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کاامکان ہے، موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ رہے گا۔

    وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا، گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو محتاط رہنا ہوگا۔

  • ہیٹ ویو کا خدشہ ، تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل

    ہیٹ ویو کا خدشہ ، تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل

    اسلام آباد: شہر اقتدار ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، گرمی میں اضافے کے سبب ہیٹ ویو کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث وفاقی تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے ہیں۔

    سیکریٹری ایجوکیشن کے مطابق وفاقی تعلیمی ادارے صبح ساڑھے 7 سے ایک بجے تک کھلیں گے، گرمیوں کی چھٹیوں تک نئے اوقات کار فوری طور پر لاگو کردیئے گئے ہیں۔

    سیکریٹری ایجوکیشن کے مطابق اوقات کار میں تبدیلی کامقصد اسٹوڈنٹس اور اساتذہ کاتحفظ ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہیگا، دن کے اوقات میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 41 سے 42 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • اٹلی کے شہر میلان میں گرمی کا 260 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اٹلی کے شہر میلان میں گرمی کا 260 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    میلان: اٹلی کے شہر میلان میں گرمی کا 260 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں ہیٹ ویو تاحال جاری ہے اور شہری گرمی سے نڈھال ہیں، اٹلی کے شہر میلان میں گرمی کا 260 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پارہ 33 ڈگری سیلسیز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے مطابق 1763 کے بعد میلان کا یہ ریکارڈ ترین درجہ حرارت ہے، ایجنسی نے جمعہ کو کہا کہ اٹلی کا زیادہ تر حصہ گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، اور جنگلاتی آگ کی وجہ سے جنوبی یورپ کا بیش تر حصہ مسلسل گرم ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز اوسطاً 91.4 ڈگری فارن ہائٹ ریکارڈ کیا گیا، جو 1763 میں درجہ حرارت کے اندراج کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

    میلان شہر کا پچھلا ریکارڈ 91 ڈگری کا ہے، جو 2003 میں ریکارڈ کیا گیا تھا، جب گرمی کی ایک قاتل لہر نے پورے یورپ میں 70 ہزار سے زیادہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ یونان، اسپین اور فرانس سمیت کئی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک چلا گیا ہے، تاہم موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر ٹوٹنے والی ہے اور اگلے چند دنوں میں شدید گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے گرمی کی شدید اور طویل لہریں فعال ہو رہی ہیں، بالخصوص یورپ میں جس کے بارے میں عالمی موسمیاتی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم ہے۔

  • امریکا میں بارش اور سیلاب کے بعد ہیٹ ویو کا خطرہ

    امریکا میں بارش اور سیلاب کے بعد ہیٹ ویو کا خطرہ

    واشنگٹن: امریکا میں ایک طرف بارشیں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے  تو دوسری جانب ہیٹ ویو کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں موسم گرما کی بدحالی اس ہفتے مزید بڑھنے کی توقع ہے، نیشنل ویدر سروس نے آنے والے مہینے میں مزید ضرورت سے زیادہ گرمی بڑھنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ریاست کیلی فورنیا ،ٹیکساس اور فلوریڈا میں اس ہفتے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے،  اخبار گارجین کا بتانا ہے کہ پارہ 48 ڈگری سیلسز تک جا سکتا ہے۔

    شدید گرمی کی لہر کے سبب امریکا میں پانچ کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں، کیلی فورنیا کی جنوبی اور وسطی علاقوں کے لیے حد سے زیادہ گرمی پڑنے کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

    واضح رہے کہ امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ ہڈسن وادی سیلابی پانی میں ڈوب گئی اور شاہراہیں ندی نالوں میں بتدیل ہو گئیں، رہی سہی کسر ڈیم کے پانی نے پوری کر دی اور سیلاب کا پانی ڈیم کے اوپر سے بہنے لگا۔

  • شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران آپ خود کو کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟ جانیئے

    شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران آپ خود کو کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟ جانیئے

    سردی ہو یا گرمی، موسم کا زیادہ درجہ حرارت صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، جس کی شدید صورتحال میں انسان کی موت واقع بھی ہوتی ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قدرتی آفات مثال کے طور پر سمندری طوفان یا آندھی کے مقابلے شدید گرمی میں انسانوں کی اموات زیادہ ہوتی ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماحولیاتی وبائی امراض کے ماہر طارق بینمارہنیا کہتے ہیں کہ گرمی کے بارے میں زیادہ پریشان کُن بات یہ ہے کہ یہ اچانک حملہ کرتا ہے جس سے کبھی کبھار انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے لیکن سمندری طوفان یا دیگر قدرتی آفات اچانک نمودار نہیں ہوتیں۔

    2021 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق 1980 کے بعد شدید گرمی سے ہونے والی اموات میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے، حالیہ موسمیاتی بحران کے دوران مستقبل میں یہ درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور گرمی کی لہر زیادہ دیر تک جاری رہنے کا بھی امکان ہے۔

    تاہم شدید گرمی میں صحت کے مسائل سے بچاؤ ممکن ہے، ایسی صورتحال میں تین عام حالات کا خیال رکھنا ضرورت ہے، جن میں جسم میں پانی کی کمی، ہیٹ اسٹروک اور تھکن شامل ہے۔

    جسم میں پانی کی کمی

    جسمانی صحت کے لیے پانی بہت ضروری ہے، جسم میں تھوڑی مقدار میں پانی کی کمی خطرے کی علامت نہیں ہے، کیونکہ اس حالت میں پانی کے استعمال سے کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں گھر سے باہر نکلنے سے قبل پانی لازمی پیئیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب آپ باہر ہوں بالخصوص جب دھوپ میں کام کررہے ہوں یا ورزش کررہے ہوں تو کم از کم ہر 15 سے 20 منٹ بعد ایک کپ (8 اونس) پانی پیئیں۔

    پانی کی کمی کے باعث گردوں میں پتھری اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے ساتھ دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    مشروبات کا استعمال

    پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے گھر میں بنے مشروبات فرحت بخش اور مفید ہوتے ہیں۔

    جس سے جسم میں تقویت کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی بھی پوری ہوجاتی ہے، شدید گرمی کا اثر کم کرنے اور ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بناسکتے ہیں۔

    گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے سب سے پہلے لسی یا کچی کا استعمال بہت اہمیت کا حامل ہے اس کے علاوہ ملیٹھی کا پانی بھی اس کیلئے مفید ہے، آدھا چمچ ملیٹھی ایک لیٹر نیم گرم پانی میں ڈال کر استعمال کریں، اس کیلیے کوئی عمر کی قید نہیں مریض بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یہ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

    ہیٹ اسٹروک

    شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سب سے زیادہ تشویش ناک مسئلہ ہے، ہیٹ اسٹروک میں جسم خود کو ٹھنڈا نہیں کرپاتا اور جسم کا درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ معمول کے درجہ حرارت میں جسم سے پانی مختلف ذرائع سے خارج ہوتا ہے جن میں پسینہ آنا، گہرے سانس لینا اور پیشات کے ذریعے شامل ہے، لیکن جب نمی 75 فیصد سے زیادہ ہوجائے تو پسینہ آنا غیر مؤثر ہے۔

    اگر آپ کسی ایسے شخص کو دیکھیں جو الجھن کا شکار ہے یا جلد پر لال دھبے ہوں یا ایسا لگے کہ وہ شخص تیزی سے سانس لے رہا ہوں یا پھر سر درد کی شکایت ہو تو انہیں ٹھنڈی جگہ پر لے جائیں، ٹھنڈا پانی پلائیں، برف یا گیلے تولیے سے ان کی گردن، چہرے اور کمر کو ٹھنڈا کریں اور جلد از جلد کسی ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

    ہیٹ اسٹروک کی حالت میں کسی کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا بعض اوقات پسینہ آنا بند ہوجاتا ہے، دونوں صورتحال خطرناک ہیں، ایسی صورت میں دل کا دورہ پڑسکتا ہے جبکہ یہ آپ کے دماغ کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہلکے کپڑوں کا انتخاب کریں، سن اسکرین کا استعمال کریں، بہت زیادہ پانی پیئیں، گھر سے باہر ورزش کرنے سے اجتناب کریں۔

    تھکن

    جسمانی تھکن اس وقت ہوتی ہے جب جسم سے زیادہ پسینہ نکلتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے عام طور پر یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ جسمانی سرگرمی کررہے ہوں مثال کے طور پر دوڑ رہےہوں یا فٹ بال کھیل رہے ہوں۔

    گرمی میں جسمانی تھکن کی کچھ علامات ہیں جن میں جلد کا نم ہونا، بہت زیادہ پسینہ آنا، بے ہوش ہوجانا، بہت زیادہ تھکاوٹ محسوس کرنا، دل کی دھڑکن تیز ہونا، سر درد یا متلی کا احساس شامل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کا سامنا دماغی صحت کے مسائل، حاملہ خواتین کے لیے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، اگر آپ باہر کام یا ورزش نہیں کر رہے ہیں تو موسم کے انتہائی درجہ حرارت میں محتاط رہیں۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں بھارت کی ریاستوں اتر پردیش اور بہار میں گرمی کی شدید لہر کے باعث کم از کم 100 افراد سے زائد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پاکستان میں بھی شدید گرمی کا امکان ہے۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں، سمندری طوفان کے پیش نظر بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کا امکان ہے، آج شہر کا درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے 10 بجے شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے، گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

    طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندی طوفان آج شام اور کل صبح مشرق کی جانب ہوگا، طوفان بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    طوفان کے پاکستان پر بھی اثرات ہوں گے، بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے۔

  • بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے

    بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے

    ڈھاکا: عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے جنوبی ایشیا میں اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے باعث خطہ شدید موسم سے دوچار ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے،موسم کی سختی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پرائمری اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

    بنگلہ دیشی حکام کے مطابق ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث پرائمری اسکولوں کو 8 جون تک بند کردیا گیا ہے، گرمی سے شدید متاثرہ اضلاع میں راجشاہی، نوگاؤں، نیلفاماری اور دیناج پور شامل ہیں۔

    ادھر محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ شدید گرمی کی موجودہ لہر 12 جون تک جاری رہے گی،اس دوران ڈھاکا، کھلنا اور باریشال، چاند پور سمیت دیگر علاقوں میں متعدل ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

    عبدالکلام ملک کے مطابق جون میں بنگلہ دیش میں اوسط درجہ حرارت 31.9 کے لگ بھگ ہوتا تھا تاہم عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اس وقت درجہ حرارت توقع سے 2 سے 8 درجے زیادہ بلند ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

  • شدید گرمی میں ٹھنڈا پانی پینا، سخت خطرہ لاحق ہوسکتا ہے

    شدید گرمی میں ٹھنڈا پانی پینا، سخت خطرہ لاحق ہوسکتا ہے

    شدید گرمی کے دوران اکثر افراد نہایت ٹھنڈا پانی پیتے ہیں لیکن اب ڈاکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ یہ عادت نہایت خطرناک ہوسکتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایڈم نامی برطانوی نوجوان نے ہیٹ ویو کے دوران ٹھنڈا پانی پینے کا اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ٹھنڈی ہوا والی ایئر کنڈیشنڈ کار کے اندر 2 بوتلیں برف کے پانی کی پی کر اپنے جسم کو ٹھنڈا کرنے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ عجیب سا محسوس ہونے لگا اور میرے جسم پر عجیب و غریب دھبے نمودار ہونے کے ساتھ، مجھے شدید متلی ہوئی اور میرے ہاتھوں اور پیروں میں شدید جھرجھری ہونے لگی۔

    ایڈم نے مزید کہا کہ میں نے دروازہ کھولا اور میں گر گیا تو میرے والد گھبرا کر میری مدد کے لیے بھاگے کیونکہ میرے جسم کو ٹھنڈے پانی سے شدید جھٹکا لگا تھا۔

    ایڈم کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر تبصرہ کرتے ہوئے، ڈاکٹر سارہ جارویس کا کہنا ہے کہ اگر آپ تیزی سے کوئی بہت ٹھنڈی چیز پیتے ہیں تو وہ سردی آپ کے منہ کے اوپری حصے پر موجود اعصاب کو متحرک کرتی ہے جس کے نتیجے میں یہ تیزی سے سکڑ جاتا ہے اور پھر مائیکروو اسکولچر میں اس کی توسیع ہوتی ہے۔

    ان کے مطابق اس کی وجہ سے دماغ ان اعصاب سے پیغامات کو کاٹ دیتا ہے اور ایک بار ایسا ہونے کے بعد، آپ کو عام طور پر اچانک درد ہوتا ہے جس سے آپ کو چکر آسکتے ہیں۔

    ڈاکٹرز نے گرمی کی شدید لہر کے دوران ٹھنڈا پانی پینے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت کے ساتھ ایک شخص جو سب سے بہتر کام کر سکتا ہے وہ ہے ٹھنڈے پانی کے صرف چند گھونٹ پینا جبکہ کمرے کے درجہ حرارت میں موجود پانی کو ان صورتوں میں محفوظ ترین سمجھا جاتا ہے۔

  • برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

    برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

    لندن: برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا، ملک کے بیشتر حصوں میں گرم موسم کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ میں سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں رواں ہفتے شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے دوران انگلینڈ اور ویلز کے بڑے حصوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    پیر کو محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ جنوبی اور وسطیٰ انگلینڈ اور ویلز میں رواں ہفتے کے بیشتر حصے میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ منگل کو جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جانے کا امکان ہے۔

    تاہم انگلینڈ کا موسم اسپین اور پرتگال کے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو سے پھر بھی کئی ڈگری کم ہوگا جہاں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جاتا رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ ربیکا شیرون نے بتایا کہ برطانیہ میں سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ اتوار اور پیر تک جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے مکمل یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دوسری جگہوں پر، انگلینڈ اور ویلز میں درجہ حرارت کافی حد تک 32 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو سکتا ہے، اور مزید شمال میں اوسطاً سے زیادہ 20 سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔

    25 جولائی 2019 کو مشرقی انگلینڈ کے کیمبرج بوٹینک گارڈن میں برطانیہ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، شیرون کا کہنا ہے کہ ماہرین موسمیات اس ریکارڈ کے ٹوٹنے کو خارج از امکان نہیں سمجھتے تاہم فی الوقت یہ صرف ایک امکان ہی ہے۔

    شدید گرمی کی وارننگ کو امبر یا گہرے زرد رنگ کے طور پر درجہ بندی میں رکھا گیا ہے جو حد درجہ 3 میں سے دوسرے نمبر پر ہے، اس شدت کی گرمی روزمرہ کی زندگی اور لوگوں کی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

    میٹ آفس نیشنل کلائمٹ انفارمیشن سینٹر کے سربراہ مارک میکارتھی نے بتایا کہ یورپ بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید حدت میں اضافہ برطانیہ میں گرم موسم کے نئے ریکارڈ کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔

  • گرمی کی حالیہ لہر : قومی ادارہ صحت کا ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری کے اجرا کا فیصلہ

    گرمی کی حالیہ لہر : قومی ادارہ صحت کا ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری کے اجرا کا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی ادارہ صحت نے گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری کے اجرا کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری کے اجرا کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ، ہیٹ ویو ایڈوائزری وفاق وصوبائی حکومتوں کو جاری ہوگی۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ گئے، ہیٹ ویو کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات ناگزیر ہیں۔

    قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ہیٹ ویوایڈوائزری کا مقصد متعلقہ حکام کوقبل ازوقت خبردارکرنا ہے، متعلقہ حکام ہیٹ اسٹروک سے متعلق عوامی شعور اجاگر کریں۔

    ایڈوائزری میں کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کرنے پر ہیٹ اسٹروک جان لیوا ہوسکتا ہے، ہیٹ اسٹروک ہائیپوتھرمیا کی ایک قسم ہے، اس کے دوران انسانی وجود کا ٹمپریچر بڑھ جاتا ہے۔

    ایڈوائزری میں ہدایت کی کہ شہری ہیٹ اسٹروک سےبچاؤکیلئےدھوپ میں جانےسےگریزکریں، ہیٹ اسٹروک سے ڈی ہائیڈریشن کا خدشہ ہوتا ہے۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ انسانی جلد کا لال، خشک، گرم ہونا ، بخار، سر درد، چکر، دانے، تھکاوٹ ہیٹ اسٹروک کی علامات ہیں اور بروقت علاج معالجہ نہ ہونےپرہیٹ اسٹروک جسمانی اعضا متاثر کرتا ہے اور ہیٹ اسٹروک جان لیوا ہوسکتا ہے۔