Tag: ہیٹ ویو

  • خبردار! ہیٹ ویو، سیلاب اور خشک سالی کے لیے تیار رہیں

    خبردار! ہیٹ ویو، سیلاب اور خشک سالی کے لیے تیار رہیں

    جنیوا: اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق ایک ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ ہیٹ ویو، سیلاب، بارشوں اور خشک سالی کے لیے تیار رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے بین الحکومتی پینل (IPCC) نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو ہیٹ ویو، سیلاب، بارشوں اور خشک سالی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور یہ ماحولیاتی تبدیلی انسانی بقا کے لیے خطرناک ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی درجہ حرارت 2030 تک 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جب کہ عالمی حدت میں انسانوں کا کردار حد سے زیادہ اور واضح ہے، اقوام متحدہ کے سائنس دانوں کے مطابق انسان دنیا کے ماحول پر بری طرح سے اثر انداز ہو رہا ہے اور اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

    رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ جس حساب سے گیسز کا اخراج جاری ہے ایک عشرے میں درجۂ حرارت کی حد کے تمام ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں اور اس صدی کے اختتام تک سمندر کی سطح میں 2 میٹر تک اضافے کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

    واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں یہ دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی رپورٹ ہے، جسے جلد شائع کیا جائے گا ، جس میں ہماری زمین کی حالت کی واضح حقیقت بیان کی جائے گی۔ یہ مطالعہ بین الحکومتی پینل کی طرف سے کیا گیا ہے جس نے 14 ہزار سے زائد سائنسی مقالوں کو پڑھا۔

    آنے والی دہائیوں میں گلوبل وارمنگ دنیا کو کس طرح بدل دے گی، یہ رپورٹ اس کا تازہ ترین جائزہ ہوگی۔

  • کینیڈا میں سخت گرمی سے تاریں اور سڑکیں پگھلنے لگیں

    کینیڈا میں سخت گرمی سے تاریں اور سڑکیں پگھلنے لگیں

    اوٹاوہ: کینیڈا میں جہاں گرمی کا 84 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، شدید گرمی سے تاریں اور سڑکیں پگھلنے لگیں۔ حکام نے ہفتے بھر کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے۔

    کینیڈا میں پارہ پہلی بار49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور ہیٹ ویو سے 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تر بڑی عمر کے افراد ہیں۔

    برٹش کولمبیا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری اور پورٹ لینڈ میں 46 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، گرمی کے باعث اسکول، کووڈ ویکسی نیشن اور ٹیسٹنگ سینٹر بھی بند کردیے گئے۔

    پورٹ لینڈ میں ریل اور اسٹریٹ کار سروس بند کرنی پڑی کیونکہ ان کی پاور کیبلز گرمی سے پگھلنے لگی تھیں۔ گرمی کی شدت کے باعث ایورسن میں سڑک بھی پگھلنے لگی جسے فوری طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

    محکمہ موسمیات نے پورے ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے۔

  • قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بدترین ہیٹ ویو جاری ہے، ایسے میں بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی، شہر کے کئی علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیامت خیز گرمی نے ایک بار پھر بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کا پول کھول دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی بندش میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، پہلے سے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں 3 بار ڈھائی سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کا شکایتی مرکز اور آپریشن کا عملہ شکایات دور کرنے میں ناکام ہے، ملیر ماڈل کالونی، معین آباد، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں رات 1 بجے سے بجلی بند ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران فنی خرابی کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں 3 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی رسد جاری ہے جو 19 سو فیڈرز کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ کچھ علاقوں میں کنڈوں کے استعمال سے فالٹ سامنے آرہے ہیں۔ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے چند مقامات سے تکنیکی شکایات ہیں جن پر کے الیکٹرک کا عملہ کر رہا ہے۔

    نیپرا کا نوٹس

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی میڈیا پر چلنے والی سندھ میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔ نیپرا نے کراچی، سکھر اور حیدر آباد میں نیپرا دفاتر کو فیلڈ پر جا کر کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر کو آج شام تک لوڈ شیڈنگ پررپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے، اتھارٹی ان دفاتر کی رپورٹس کی روشنی میں مزید ایکشن لے گی۔

  • موسم گرم، سندھ میں اہم پیش گوئی

    موسم گرم، سندھ میں اہم پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے خدشات منگل سے ہفتے تک رہیں گے۔

    پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں، سڑکوں پر پانی کی سبیلیں، اور ہیٹ ویو کے حوالے سے کیمپ لگائے جائیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج ملک میں رواں ہفتے کے دوران گرمی کی پہلی لہر کی پیش گوئی کر دی ہے، اس دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ میدانی علاقے شدیدگرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے، منگل سے ہفتے کے دوران سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان۔

    میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سے زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

    سعودی عرب میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

    ریاض: سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے قیامت خیز گرمی پڑنے اور درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشنگوئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مشرقی ریجن اور شمالی حدود ریجن میں پیر 27 جولائی سے جمعرات تک درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بات کا بڑا امکان ہے کہ شدید گرمی کی لہر سے دارالحکومت ریاض، اس کی کمشنریاں اور تحصیلیں بھی متاثر ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق القصیم اور مدینہ منورہ ریجنز میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب اتوار کو باحہ ریجن میں گرد و غبار کے طوفان سے حد نظر محدود ہوگئی، بعد ازاں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارش نے منظر نامہ بدل دیا۔ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

    باحہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق باحہ شہر المخواۃ، المندق، بلجرشی، الہجرۃ، بنی حسن اور غامد الزنان میں رات 8 بجے تک بارش ہوتی رہی ہے۔

  • محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل 17 مئی کے بعد درمیانے درجے کی ہیٹ ویو کراچی کا رخ کرے گی، 17 سے 21 مئی تک درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جا سکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔

    موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

    دوسری طرف آج ملک بھر میں موسم گرم رہنے اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، یہ وہ علاقے ہیں جن پر بھارت برسوں سے قابض ہے اور مظلوم کشمیری عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خشک اور گرم رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، مری میں مطلع ابر آلود جب کہ لاہور میں صاف رہے گا، لاہور میں پارہ 35 سے 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    پشاور سمیت بالائی خیبر پختون خوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، پشاور میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں مطلع ابر آلود اور درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیش تر شہروں میں سخت گرمی کا راج ہے البتہ سکھر اور لاڑکانہ کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتوار سے جمعہ تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے، گلگت میں آج درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہنے کی توقع ہے، آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، مظفرآباد میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہے گا۔

    بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بارشیں جاری ہیں، سری نگر میں درجہ حرارت 22 سے 24، جموں میں 33 سے 35 اور لداخ میں 10 سے 12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

  • کراچی والو  ہوشیار ، کل سے ہیٹ ویو آنے کا خدشہ، پارہ  42ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی والو ہوشیار ، کل سے ہیٹ ویو آنے کا خدشہ، پارہ 42ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی : شہر قائد میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے8مئی تک شہرہیٹ ویو سے متاثر ہوگا، درجہ حرارت 42ڈگری تک ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم رہے گا اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب55 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے آٹھ مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے ، سمندری ہوائیں بند رہنے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور پارہ 42 بیالیس ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    طبی ماہرین نے شہريوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرم موسم سے بچنے کے ليے ہرممکن اقدامات کریں، سحراورافطارمیں پانی اورمشروبات کا استعمال بڑھا دیں۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،نارووال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں نے رنگ جمادیا جبکہ پشاور،دیراورکالام میں بھی بادل برسے۔

    طوفانی ہواؤں سے اسلام آبادائیرپورٹ کے کئی شیشے ٹوٹ گئے، داخلی دروازوں کو نقصان پہنچا جبکہ فالس سیلنگ گرگئی،جہلم،گجرات،ہری پورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں جل تھل ایک ہوگیا۔

    سوات اور مانسہرہ میں تیز بارش اورسیلابی ریلے سے املاک کو نقصان پہنچا جبکہ گلگت، چلاس، دیامر میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوئی۔

    محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں اگلے تین روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

  • کراچی میں ریگستان کی گرم ہوائیں چلنے لگیں

    کراچی میں ریگستان کی گرم ہوائیں چلنے لگیں

    کراچی : چیف میٹرولوجسٹ نے کراچی میں ہیٹ ویو کے خطرے کی گھنٹی بجا دی اور تین سے چار روز تک شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا شہر میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں ہیں اور ریگستان کی گرم ہوائیں چلنے لگیں، درجہ حرارت چالیس سے اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ منڈلانے لگا، محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے اسپیل سے شہریوں کو خبردار کردیا ہے، چیف میٹرو لوجسٹ سردارسرفراز نے کہا سمندری ہوائیں چلنے سے کراچی کا موسم معتدل رہتا ہے، بھارتی گجرات اور ممبئی کے جنوب میں ایک لو پریشر ایریا بنا ہے، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے کراچی کے ماحول پر دباؤ بڑھ جائے گا۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوچکی ہیں، ہواؤں کا رخ تبدیل ہو کر شمال مغرب کی طرف ہوگیا ہے اور ریگستان کی گرم ہوا چل رہی ہے۔

    سردارسرفراز نے مزید کہا کہ کراچی میں 3سے 4 روز موسم گرم رہے گا، سمندری ہوائیں بھی بند رہیں گی ، صبح 11 سے شام 4 بچے تک شدید گرمی پڑے گی، درجہ حرارت 40 سے 41 تک جانے کا امکان ہے ، ہیٹ ویو کے دوران پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے ، حبس بڑھنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی جبکہ ہوا 23 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

    سندھ حکومت نےہیٹ ویوسے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے اور ڈویژنل کمشنرز اور ذمہ داران کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے تحریری ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے شہر میں شروع ہونیوالی ممکنہ ہیٹ ویو 21سے24ستمبر تک رہنے کا امکان ہے، الرٹ کے دوران تمام سرکاری اسپتالوں میں 24گھنٹے ایمرجنسی اور صحت کی سہولیات میسر ہوگی، تمام پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

    الرٹ کے دوران ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے بچنے کیلئے جنریٹرز برف ایئر کنڈیشن اور پانی کی سپلائی کو موثر بنانے کا حکم دیا جبکہ تمام آفیسرز کو 4 بجے تک اپنی رپورٹ ہائی اتھارٹیز کو بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔

    کراچی میں گرمی کی شدت کے پیش نظر بلدیہ کراچی نے عباسی شہید اسپتال میں مرکزی ہیٹ اسٹروک سینٹر بھی قائم کردیا ہے۔

    دوسری جانب کوئٹہ سمیت صوبےکےبیشترعلاقوں میں موسم خشک اورگرم رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 35ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ حیدرآباد اورگردونواح میں آج موسم گرم اورخشک رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

  • کراچی والوں ہوشیار ! اگلے ہفتے کا آغاز ہیٹ ویو سے ہوگا

    کراچی والوں ہوشیار ! اگلے ہفتے کا آغاز ہیٹ ویو سے ہوگا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی اور کہا اگلے ہفتے کا آغاز ہیٹ ویو سے ہوگا ، پیر سے جمعرات تک درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محمکہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا ہواکاکم دباؤ ہیٹ ویو کا سبب بنےگا اور کراچی والوں کو اگلے ہفتے ہیٹ ویو کا سامنا رہے گا۔

    محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیر سے جمعرات تک سمندری ہوائیں معطل رہیں گی اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    طبی ماہرین نے لوگوں کو بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، دھوپ میں گھر یا دفاتر سے باہر نکلنے سے گریزاور اگر بحالت مجبوری نکلنا بھی پڑے تو سر کو ڈھانپ کر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ صحت نے ہیٹ ویو کے پیش نظرتمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اورتمام اسپتالوں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ڈائریکٹر ہیلتھ آفس میں ہیٹ ویو کے  پیش نظر کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے اور اسپتالوں کو اسٹیبلائزڈ سینٹرزمیں عملے کو تعینات کرنے کے  احکامات جاری
    کر دئیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ شہر میں 2015 کی ہیٹ اسٹروک سے تقریباً 1400 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں بچے، بوڑھے اور عورتیں بھی شامل تھیں۔

  • کراچی میں آج بھی موسم گرم اورمرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج بھی موسم گرم اورمرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے، جنوب مشرق سے ہوا 8 ناٹیکل مائیل کی رفتارسے چل رہی ہے۔

    کراچی میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شہر میں 22 سے 24 ستمبر کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ہے، 22 سے 24 ستمبر کے دوران شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہوسکتی ہیں اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرفقی بحیرہ عرب اور بھارتی گجرات کے قریب ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے، ہوا کے کم دباؤ کا رخ اومان کی جانب ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے جبکہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔