Tag: ہیٹ ٹرک

  • دہلی انتخابات میں کانگریس کی حیران کن ہیٹ ٹرک

    دہلی انتخابات میں کانگریس کی حیران کن ہیٹ ٹرک

    نئی دہلی: بھارت کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس مسلسل تیسری بار دہلی اسمبلی کے انتخابات میں ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی انتخابات میں کانگریس نے 2020 کے مقابلے میں تھوڑی سی بہتری دکھائی ہے، اور کانگریس کا ووٹ تقریباً 2 فی صد بڑھ گیا ہے، لیکن اس الیکشن میں بھی اسے ایک بھی سیٹ نہیں مل سکی۔

    گزشتہ انتخابات میں کانگریس کو 4.26 فی صد ووٹ پڑے تھے، جب کہ اس الیکشن میں کانگریس کو 6.35 فی صد ووٹ ملے ہیں۔ میڈیا کے مطابق کانگریس نہ صرف دہلی میں الیکشن ہار گئی بلکہ وہ مسلسل تیسری بار ’صفر‘ سیٹوں کا سلسلہ بھی نہ توڑ سکی، اور صرف تین سیٹوں کو چھوڑ کر باقی سبھی پر اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکی۔

    پارٹی کے لیے فکر کی بات یہ ہے کہ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں میں سے کستوربا نگر کو چھوڑ کر باقی تمام سیٹوں پر کانگریس پارٹی تیسرے یا چوتھے نمبر پر رہی، کستوربا نگر سیٹ پر کانگریس امیدوار ابھیشیک دت دوسرے نمبر پر رہے۔

    کانگریس پارٹی نے تمام 70 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے، جس میں زیادہ تر سیٹوں پر کانگریس کی ضمانت ضبط ہو گئی ہے، صرف تین امیدوار اپنی ضمانت بچانے میں کامیاب ہوئے، جس میں دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کو بادلی سے 41071 ووٹ ملے، کستوربا نگر سے ابھیشیک دت بھی اپنی ضمانت بچانے میں کامیاب رہے، ناگلوئی جاٹ سیٹ سے روہت چودھری 32,028 ووٹ لے کر ضمانت بچانے میں کامیاب رہے۔

    کانگریس کے کئی اہم لیڈر بشمول نئی دہلی سے سندیپ دکشٹ، کالکاجی سے الکا لامبا، بلی ماران سے ہارون یوسف، سیما پوری سے راجیش للوتھیا اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکے۔ نئی دہلی کے امیدوار نے شرمناک شکست کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے۔

  • نعمان علی نے تاریخ رقم کردی، شاندار ہیٹ ٹرک

    نعمان علی نے تاریخ رقم کردی، شاندار ہیٹ ٹرک

    ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جوغلط ثابت ہوا۔

    مہمان ٹیم نے انتہائی مایوس کُن آغاز فراہم کیا، نعمان علی کی اسپن باؤلنگ کے جادوئی اسپیل نے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کر دیا، نعمان علی نے اپنی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

    فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، انہوں نے مکائل لوئیس کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

    ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 9 رنز پر ساجد خان نے حاصل کی۔ ساجد خان اور نعمان علی کی جوڑی نے مل کر اگلی 7 وکٹیں بھی جلد ہی حاصل کرلیں۔

    پاکستان کے اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی شروع سے ہی میچ پر حاوی رہے اور پہلے گھنٹے میں ہی میچ کا رخ موڑ دیا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی متعدد کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    نعمان کی ہیٹ ٹرک نے تاریخ رقم کردی کیونکہ وہ ٹیسٹ ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے، اس سے قبل ایسا کارنامہ قومی ٹیم کے کسی اور اسپنر نے انجام نہیں دیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا۔

    قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فاسٹ بولر کاشف علی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کررہے ہیں، انہیں خرم شہزاد کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، کامران غلام، محمد حریرا، سلمان علی آغا، ساجد خان، ابرار احمد، نعمان علی اور کاشف علی شامل ہیں۔

    بابر اعظم ’کنگ‘ نہیں، شاداب خان

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی ایسی پچز بننی چاہئیں جیسے دیگر ممالک اپنے فائدے کیلئے بناتے ہیں۔

  • ویڈیو: سری لنکن اسپنر کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک

    ویڈیو: سری لنکن اسپنر کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک

    نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن اسپنر مہیش تھکشانا نے ہیٹ ٹرک کرلی۔

    ہملٹن میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 30.2 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

    رچن روندرا کو 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تاہم سری لنکن اسپنر مہیش تھکشانا نے شاندار ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے کیوی کپتان مچل سینٹںر، میٹ ہینری، اور نیتھن اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    تھکشانا نے 35ویں اوور کی آخری دو گیند پر وکٹیں حاصل کیں پھر 37ویں اوور کی پہلی گیند پر میٹ ہینری کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔

    مہیش تھکشانا ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔

    اس سے قبل چمندا واس نے 2001 میں زمبابوے اور 2003 میں بنگلادیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی جبکہ لیسنتھ ملنگا نے 2007 میں جنوبی افریقا اور فرویز مہاروف نے 2010 میں بھارت میں ہیٹ ٹرک کی، ونندو ہسارانگا اور مدھوشنکا بھی ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

  • ملنگا ہیٹ ٹرک سے بالکل لاعلم تھے، ویڈیو

    ملنگا ہیٹ ٹرک سے بالکل لاعلم تھے، ویڈیو

    بہ طور کپتان سری لنکا کو ٹی 20 ورلڈ کپ جتوانے والے بولر لاستھ ملنگا نے ایک ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ 2007 میں‌ جب انھوں نے ہیٹ ٹرک کیا تو وہ بالکل لاعلم تھے، کہ ایک اہم کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

    لاستھ ملنگا نے کرکٹ ورلڈ کپ 2007 میں جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار ہیٹ ٹرک کی تھی، انھوں نے 4 گیندوں پر پے در پے 4 وکٹیں حاصل کیں، لاستھ ملنگا نے اس دن کو اپنے کرکٹ کیریئر کا اہم ترین دن قرار دیا۔

    تاہم سابق سری لنکن کرکٹر نے انکشاف کیا کہ وہ ہیٹ ٹرک سے ہی لاعلم تھے، ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جس نے میرے کیریئر کو ایک شکل دی، ملنگا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹ ٹرک میں چھپی دل چسپ کہانی بھی سنائی۔

    ملنگا نے کہا جب میں نے لیجنڈری جیک کیلس کو آؤٹ کیا تو مجھے یہ علم ہی نہیں تھا کہ ہیٹ ٹرک ہو گئی۔

    انھوں نے کہا جب ساتھی کھلاڑی قریب آئے تو انھوں نے بتایا کہ یہ تو ہیٹ ٹرک ہے، جس کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ ہاں ہیٹ ٹرک ہوگئی ہے۔

    ملنگا نے کہا دراصل میری تمام تر توجہ ٹیم کو میچ جتوانے پر مرکوز تھی اسی لیے میں اس پر دھیان نہیں رکھ سکا۔

  • پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کو جیل بھیج دیا گیا

    پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کو جیل بھیج دیا گیا

    کولمبو: سری لنکا کے ایک فاسٹ بولر کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی ہے، بولر شیھان مدوشناکا کو منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے فاسٹ بولر شیھان مدوشناکا کو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ مدوشناکا کو منشیات رکھنے کے الزام میں حراست میں لے کر جیل بھیجا گیا ہے۔

    منشیات کے الزام میں گرفتار 25 سالہ فاسٹ بولر کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو کیس کی سماعت کے بعد کھلاڑی کو 2 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، پولیس کے مطابق جب اتوار کو مدوشناکا کو پنالا شہر میں حراست میں لیا گیا تب ان کے پاس 2 گرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

    مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ مدوشناکا کو دو روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے، پیر کے روز لاک ڈاؤن کے دوران ایک گاڑی کو روکا گیا تو اس وقت مدوشناکا کے ساتھ گاڑی میں ایک اور شخص بھی موجود تھا، تلاشی پر ان کے پاس سے ہیروئن برآمد ہو گئی۔

    معروف کھلاڑی کو لاک ڈاؤن کی تین بار خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا

    واضح رہے کہ 25 سالہ مدوشناكا نے جنوری 2018 میں بنگلا دیش کے خلاف اپنے ڈیبو ون ڈے میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی، مدوشناكا نے اس دوران بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹی 20 میچز بھی کھیلے تھے تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے اس کے بعد وہ کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیل سکے۔

  • محمد صلاح: جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے، مصری کھلاڑی کی شان دار ہیٹ ٹرک

    محمد صلاح: جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے، مصری کھلاڑی کی شان دار ہیٹ ٹرک

    لندن:  مصری سپراسٹار محمد صلاح نے شان دار ہیٹ ٹرک اسکور کرکے اپنے ناقدین کو چپ کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق مصر سے تعلق رکھنے والے محمد صلاح کو برطانیہ میں ایک آئی کون کا درجہ حاصل ہے، وہ انگلش کلب لیورپول کی طرف سے کھیلتے ہیں اور اس کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جاتے ہیں.

    گذشتہ دنوں جب چیمپینز فٹبال لیگ کے گروپ سی کے میچ میں  ریڈ اسٹار بیلگریڈ اور لیول پول کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، تو صلاح بھرپور فارم میں‌ تھے.

    صلاح کی شان دار ہیٹ ٹرک نے جہاں ان کی ٹیم کو مقابلہ چار صفر سے جتوا دیا، وہیں انھوں نے اپنے ان مخالفین کو بھی خاموش کروا دیا، جو ان کی ناقص فارم کی وجہ سے ان پر تنقید کر رہے تھے.

    میچ کے آغاز ہی سے محمد صلاح مخالف ٹیم پر غالب رہے. انھوں نے گول اسکور کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

    مزید پڑھیں: رونالڈو سے صلاح کی کامیابی ہضم نہ ہوسکی، اپنے گول کو زیادہ بہتر قرار دے دیا

    میچ کا پہلا گول روبرٹو ڈی اولیوریا نے اسکور کیا، البتہ باقی تین گول صلاح نے داغے.

    لیورپول نے ریڈ اسٹار بیلگریڈ کو شکست دیکر گروپ سی میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ اسٹار کھلاڑی کو چند روز قبل فیفا کی جانب سے سال کے بہترین گول کا ایوارڈ دیا گیا تھا.

  • ورلڈ کپ:میگا ایونٹ کی پہلی سنچری اور ہیٹ ٹرک

    ورلڈ کپ:میگا ایونٹ کی پہلی سنچری اور ہیٹ ٹرک

    میلبورن : کرکٹ ورلڈکپ کے میدان میں کھلاڑیوں کی دھماکے دارانٹری ہوگئی، ایونٹ کے پہلے میچ میں ہی سنچریاں اور ہیٹ ٹرک بن گئیں، کس نے مار کھائی اور کس نے کتنی دھول چٹائی ۔

    عالمی کپ کا دھواں دار آغاز، چھکے چوکوں کی برسات ہوگئی ،نیوزی لینڈ نے ہوم گرؤانڈ میں ٹاس ہارا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی جو مہنگی پڑگئی۔

    سری لنکا کے بالرز کو کیویزنے بہت مارا اور رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے، نیوزی لینڈ کے گپٹیل۔ میک گیلم ۔اور ویلیم سن نے جہاں دل چاہا وہاں لنکنز کو دھوڈالا۔ اورایونٹ کی پہلی نصف سنچریاں  بنا ڈالیں۔

    ملنگا کو تو جیسے دن میں تارے ہی نظر آگئے، دس اوور میں چوراسی رنز کی مار کھائی اور ایک وکٹ بھی نہ پائی، ادھر میلبورن کے میدان میں انگلینڈ نے ٹاس تو جیتا لیکن، آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کے آگے ہار گیا۔

    اسٹیون فنچ نے ورلڈکپ کی پہلی سنچری بناڈالی، لیکن جاتے جاتے۔ اسٹیون فن نے بولنگ کا جادو جگایا۔ آخری اوور کی تین بولز پرہیٹرک بنائی ۔

    دونوں میچز میں فلیڈرز نے بھی خوب رنگ جمایا۔ زبردست کیچز لے کے شائقین کا جوش گرمایا۔ میگاایونٹ کا آغاز ہی اتنا کرارا ہے اب دیکھنا یہ ہے آگے کس ٹیم کے ساتھ کیا ہوگا۔

  • بنگلہ دیش کے باؤلر نے منفرد اورشاندار ریکارڈ قائم کردیا

    بنگلہ دیش کے باؤلر نے منفرد اورشاندار ریکارڈ قائم کردیا

    میرپور : بنگلہ دیشی تیج الاسلام ڈیبیو پر ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بھی بن گئے، بنگلہ دیش کے تائج الاسلام نے زمبابوے کے خلاف میرپور میں اپنے کریئر کے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

    میرپور میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بائیں ہاتھ کے اسپنر تائج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی میچ میں ہیٹرک بنائی۔

    بائیس سالہ تائج الاسلام نے میچ کے ستائیسویں اوور کی آخری گیند پر پانیانگارا کو بولڈ کیا جس کے بعد انتیسویں اوور کی پہلی گیند پر نیومبو کو ایل بی ڈبلو جبکہ دوسری گیند پر چھتارا کو بولڈکر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

    نوجوان اسپنر نے میچ میں صرف گیارہ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ان کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے زمبابوے کی پوری ٹیم صرف ایک سو اٹھائیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

    تائج الاسلام ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بولر ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے شہادت حسین، عبدالرزاق اور روبیل حسین بھی ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں تاہم تینوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔