Tag: ہیپاٹائٹس سی

  • ہیپاٹائٹس سی: 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، وزیر اعظم

    ہیپاٹائٹس سی: 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، وزیر اعظم

    اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم ہیپاٹائٹس منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیے ہیں، وزیر اعظم نے کہا پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس مرض کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

    انھوں نے کہا وائرل ہیپاٹائٹس عالمی چیلنج ہے، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس سی کی شرح تشویشناک ہے، ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ بہت سے افراد تشخیص اور علاج کے بغیر رہ جاتے ہیں، اس لیے حکومت نے اس کے خاتمے کے لیے قومی پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی، اور مثبت کیسز کا مفت علاج کیا جائے گا۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہیپاٹائٹس پاکستان میں صحت عامہ کا سنگین مسئلہ ہے، یہ مرض اکثر ایسی اسٹیج پر ظاہر ہوتا ہے جب جگر کو شدید نقصان پہنچ چکا ہو، اگر بروقت اقدامات کیے جائیں تو یہ قابل علاج مرض ہے۔

    انھوں نے کہا غیر مؤثر طبی سہولیات کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں، ہم صحت مند پاکستان کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کا اعادہ کرتے ہیں۔

  • ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ: کراچی کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی

    ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ: کراچی کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی

    کراچی میں موذی مرض ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیل رہا ہے اور صرف ایک علاقے کی 13 فیصد آبادی اس کا شکار ہو چکی ہے۔

    بین الاقوامی غیرسرکاری ادارے کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موذی مرض ہیپاٹائٹس سی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کے صرف ایک علاقے مچھر کالونی کی 13 فیصد آبادی اس موذی مرض کا شکار پائی گئی ہے۔

    مچھر کالونی میں گزشتہ روز بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے نے 74 ہزار افراد کی اسکریننگ کی۔ جب نتائج سامنے آئے تو یہ ہولناک انکشاف ہوا کہ علاقے کے 10 ہزار سے زائد آباد ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہوچکی ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرنجز کا غیر ضروری اور دوبارہ استعمال، غیر محفوظ انتقال خون اور حجام کی دکانیں ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کا بڑا سبب ہیں جب کہ مچھر کالونی میں اتائی ڈاکٹر بھی کالے یرقان کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہیں۔

    کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے نے 74 ہزار افراد کی اسکریننگ کی 10 ہزار سے زائد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی

    بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے کے مطابق مچھر کالونی میں ہیپاٹائٹس کا شکار 9,000 سے زائد افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

  • ہیپاٹائٹس سی ملک میں تیزی سے پھیلنے لگا، دنیا بھر میں‌ پاکستان کا دوسرا نمبر

    ہیپاٹائٹس سی ملک میں تیزی سے پھیلنے لگا، دنیا بھر میں‌ پاکستان کا دوسرا نمبر

    دنیا بھر میں 28 جولائی کو ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا، جس کا مقصد لوگوں میں شعور و آگہی پیدا کر کے لوگوں کو اس مہلک مرض کا شکار ہونے سے بچانا ہے۔

    خطرناک بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کا دوسرا نمبر ہے، پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ ہیپاٹائٹس سی کے مریض موجودہ ہیں، اتنی بڑی آبادی کا مہلک مرض میں مبتلا ہونا نہایت تشویشناک ہے، موضی مرض کی اسکریننگ اور جلد تشخیص نہایت ضروری ہے۔

    اس بیماری سے تحفظ اور عوام میں علاج معالجہ کے لیے آگاہی بیدار کرنے کے لیے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے، صدرمملکت عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔

    بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان میں ہیپاٹائٹس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے جس کے سبب جگر کے کینسر کی تباہ کن وبا پھیلنے کا خطرہ ہے۔

    ہیپاٹائٹس بی اور سی نہایت مہلک وائرس ہیں جس سے دنیا بھر میں بے پناہ بیماریاں اور اموات واقع ہوتی ہیں جب کہ ہمارا ملک اس سے بے پناہ متاثر ہے۔

    واضح رہے کہ ہیپاٹائٹس سی ایک خطرناک اور خاموش بیماری ہے، اکثر و بیشتر ہیپاٹائیٹس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں جب تک اس سے جگر کو شدید نقصان نہ پہنچ چکا ہو، وائرس سے متاثرہ افراد برسوں تک اس کو ساتھ لے کر چلتے ہیں جس سے انھیں جگر کی بیماری اور اگلی اسٹیج کے کینسر کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔

  • ہیپاٹائیٹس ’سی‘ کی مریضہ کی 2 بچوں سمیت وومن جیل کراچی سے ضمانت پر رہائی

    ہیپاٹائیٹس ’سی‘ کی مریضہ کی 2 بچوں سمیت وومن جیل کراچی سے ضمانت پر رہائی

    کراچی: قتل کے مقدمے میں نامزد ہیپاٹائیٹس ’سی‘ کی مریضہ اسما سخاوت کو 2 بچوں سمیت وومن جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 15 ماہ سے وومن جیل کراچی میں اپنے دو بچوں 5 سالہ محمد عمیر اور 3 سالہ حفصہ کے ساتھ قید اسما سخاوت کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، اسما ہیپاٹائٹس سی کی مریضہ ہیں۔

    اسما سخاوت تھانہ منگھوپیر کی حدود میں 31 دسمبر 2017 کو فاروق نامی شخص کے قتل کے مقدمے میں نامزد ہیں۔

    قتل کا مقدمہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ مقدمے کا اصل ملزم سخاوت خان و قوعہ کے بعد سے تا حال مفرور ہے۔

    خاتون کو پولیس نے وجہ قتل قرار دے کر ایف آئی آر میں نامزد کیا تھا جس کے بعد دو بچوں سمیت اسے جیل بھیج دیا گیا، جہاں وہ ہیپاٹائیٹس ’سی‘ میں مبتلا رہیں اور انھیں خون کی الٹیاں شروع ہوگئیں۔

    رہائی کے بعد اسما سخاوت نے کہا کہ فاروق نامی شخص کے قتل سے اس کا کوئی تعلق نہیں، مقتول فاروق اس کے شوہر کا دوست تھا جو اس پر بری نظر رکھتا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا سزائے موت کے دو قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

    اسما سخاوت کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر کا مقتول کے ساتھ کئی بار جھگڑا ہوا، قتل کے واقعے کا علم نہیں تاہم وقوعے کے بعد سے شوہر غائب ہے، پولیس نے مجھے اور دو بچوں کو گرفتار کر لیا۔

    اسما نے بتایا کہ جیل میں قیدی عورتوں کا رویہ اس کے اور بچوں کے ساتھ ہم دردانہ تھا، جیل سپرنٹنڈنٹ شیبا شاہ اور ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ حمیرا کھوسو نے علاج پر خصوصی توجہ دی۔

    خیال رہے کہ اسما سخاوت کی رہائی سائبان انٹرنیشنل ویلیفیئر آرگنائزیشن کی جدوجہد کے نتیجے میں عمل میں آئی، تنظیم کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات تعاون کریں تو بڑے پیمانے پر رمضان سے قبل بے گناہ قیدیوں کی گردنیں چھڑائی جا سکتی ہیں۔