Tag: ہیڈ فون

  • ایپل نے اپنا پہلا ہیڈ فون متعارف کروا دیا

    ایپل نے اپنا پہلا ہیڈ فون متعارف کروا دیا

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا پہلا ایئر ہیڈ فون خاموشی سے متعارف کروا دیا جس کے بارے میں افواہیں کئی ماہ سے سامنے آرہی تھیں۔

    ایپل کے ایئر پوڈ میکس میں ایکٹو نوائز کینسلنگ (اے این سی)، ڈیجیٹل اسسٹنٹ سری تک آسان رسائی اور کمپنی کے مخصوص ڈیزائن کے تمام عناصر موجود ہیں۔

    تاہم یہ کسی مڈرینج یا چینی کمپنیوں کے فلیگ شپ فونز سے بھی مہنگا ہے جس کی قیمت 549 ڈالرز (لگ بھگ 88 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مہنگا ہیڈ فون صارف کو نوائز کینسلنگ کے ساتھ زبردست ہائی فیڈیلٹی آڈیو، اڈاپٹو ای کیو اور اسپائٹل آڈیو کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

    ایپل کے سنیئر نائب صدر گریگ جوسویک کا کہنا ہے کہ ایئر پوڈ میکس کے ساتھ ہم نے جادوئی ایئر پوڈز تجربہ صارفین کے لیے فراہم کیا ہے، جس کا ڈیزائن حیران کن ہے اور اس کے ساتھ طاقتور ہائی چپس اور ایڈوانسڈ سافٹ ویئر اس ہیڈ فون میں وائر لیس کمپیوٹیشنل آڈیو ان ایبل کرتا ہے۔

    اس کا ہیڈ بینڈ فریم اسٹین لیس اسٹیل کا ہے اور آسانی سے فٹ ہوجاتا ہے، کمپنی کے مطابق ہیڈ بینڈ کے ایئر کپس میں انقلابی میکنزم ہر ایک پر اسے بہتر فٹ کرنے کے لیے روٹیٹ کردیتا ہے۔

    ہیڈ فون میں ایپل واچ سے متاثر ڈیجیٹل کراؤن والیوم اور آڈیو کنٹرولز کے لیے دیا گیا ہے جبکہ ان سے کالز کو وصول کرنے کے ساتھ سری کو متحرک بھی کیا جا سکتا ہے۔

    کمپنی کی ایچ 1 چپ ہر ایئر کپ کے اندر ہے جو کمپیوٹیشنل آڈیو فراہم کرتی ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی موڈ اور اے این سی موڈ دیا گیا ہے، جن میں ایک بٹن کو دبا کر سوئچ کیا جاسکتا ہے۔

    صارف ایک بٹن سے اپنی آڈیو اسٹریم کسی اور ایئر پوڈ سیٹ سے شیئر کرسکتے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ سنگل چارج پر اس کی بیٹری لائف 20 گھنٹے تک ہوسکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک اسمارٹ کیس دیا جائے گا جو بیٹری کی زندگی بڑھانے کے لیے ایک الٹرا پاور اسٹیٹ کو متحرک کرتا ہے۔

    فی الحال یہ ہیڈ فون ایپل کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

  • تائیوان: نوجوان نے نیند میں ہیڈ فون نگل لیا

    تائیوان: نوجوان نے نیند میں ہیڈ فون نگل لیا

    تائی پے: تائیوان میں ایک نوجوان نے سوتے ہوئے وائرلیس ہیڈ فون نگل لیا.

    تفصیلات کے مطابق تائیوان میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، بین ہسو نامی ایک نوجوان کا ہیڈ فون اس کے معدے میں پہنچ گیا.

    نوجوان دوپہر قیلولے کے بعد اٹھا، تو اسے احساس ہوا کہ  اس کا وائر لیس ہیڈ فون غائب ہے. کمرے میں اچھی طرح تلاشی لینے کے باوجود اسے ہیڈ فون نہیں‌ ملا، تو اس نے فیصلہ کیا کہ ڈیوائس کو آئی فون پر ٹریک کیا جائے، جس کے لیے اس نے پلے ساﺅنڈ آپشن کو کلک کیا۔

    نوجوان اس وقت حیرت زدہ رہ گیا، جب گمشدہ ائیر پوڈ اس کے پیٹ کے اندر سے بیپ کرنے لگا۔ بین ہسونے فوری طور پر اسپتال جانے کا فیصلہ کیا، جہاں ایکسرے سے معلوم ہوا کہ ائیرپوڈ معدے میں موجود ہے، البتہ اسے کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں تھا۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ائیرپوڈ کے ارگرد پلاسٹک شیل ہوتا ہے، جس سے جسم کو وہی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، جو کسی بیٹری کو نگلنے پر ہوسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: دوران پرواز ہیڈ فون کی بیٹری پھٹنے سے خاتون زخمی

    ڈاکٹروں نے نوجوان کو جلاب دیا، جس سے ڈیوائس جسم سے باہر نکل آئی،حیرت انگیز طور پر پر ہیڈ فون اب بھی کام کر رہا تھا، بس اس کی بیٹری کچھ کم ہوگئی تھی.

    بین ہسو نے اس واقعے کو حیرت انگیز قرار دیا، اس کے بہ قول وہ ایپل کی پراڈکٹ استعمال کرتا ہے اور اس واقعہ نے ثابت کیا کہ ایپل جیسی پائیدار پراڈکٹ ہر کوئی نہیں بنا سکتا.

  • دوران پرواز ہیڈ فون کی بیٹری پھٹنے سے خاتون زخمی

    دوران پرواز ہیڈ فون کی بیٹری پھٹنے سے خاتون زخمی

    سڈنی: آسٹریلیا جانے والی فضائی پرواز میں ایک خاتون کا وائر لیس ہیڈ فون دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس سے خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔

    بیجنگ سے میلبورن جانے والی پرواز میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون مسافر اپنے بیٹری سے کام کرنے والے وائر لیس ہیڈ فون میں موسیقی سن رہی تھیں۔ اس دوران ہیڈ فون کی بیٹری زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی اور فوراً ہی اس میں آگ بھڑ ک اٹھی۔

    واقعے میں خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیٹری سے چلنے والی اشیا کے مسلسل استعمال سے وہ گرم ہو کر پھٹ سکتی ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو بیٹری سے چلنے والا سامان طیارے میں نہ لانے کی ہدایت کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں بھی موبائل فون کی بیٹری پھٹنے کا واقعہ

    انتظامیہ کے مطابق جب واقعہ رونما ہوا اور خاتون نے ہیڈ فون کو فرش پر پھینک دیا تو عملے نے فوری طور پر پانی ڈال کر اس میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں بیٹری پگھل گئی جو طیارے کے فرش سے چپک گئی۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بیٹری پھٹنے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیا تھا جب موبائل فون کمپنی سام سنگ کے ماڈل نوٹ 7 کی بیٹری استعمال یا چارجنگ کے دوران گرم ہو کر پھٹ جاتی تھیں اور آگ پکڑ لیتی تھیں۔

    ان واقعات کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر میں فضائی سفر کے دوران نوٹ 7 جہاز پر لانے کی سختی سے ممانعت کردی گئی تھی۔ موبائل فون اور بیٹری پھٹنے کے ان واقعات کی وجہ سے سام سنگ کو کروڑوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

  • ہیڈ فون پر زیادو دیر تک گانے سننا صحت کے لئے مضر ہے

    ہیڈ فون پر زیادو دیر تک گانے سننا صحت کے لئے مضر ہے

    کراچی: (ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت ایک ارب دس کروڑ نو عمر نوجوان غیر محفوظ آواز میں ہیڈ فون کے ذریعے زیادہ دیر تک موسیقی سننے کی وجہ سے خود کو سماعت کے مستقل نقصان کے خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔

    عالمی ادارہ صحت "ڈبلیو ایچ او” نے کہا ہےکہ نوجوانوں کو دن میں ایک گھنٹے سے زیادہ ہیڈ فون پر موسیقی نہیں سننی چاہیئے۔

    ایک رپورٹ میں اسمارٹ فونز اور آڈیو آلات پر آواز کے غیرمحفوظ استعمال کی وجہ سے قوت سماعت کو پہنچنے والے نقصان کے خطرے سےخبردار کیا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن میں ایک گھنٹے سے زیادہ تیز آواز میں موسیقی سننے سےسماعت کی صلاحیت متاثر ہونےکا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔

    ایک سابقہ تحقیق کے مطابق امریکہ میں 1994 سے 2006 کے درمیان نو عمر نوجوانوں میں سماعت کے نقصان کے کیسز کی تعداد 3.5  سے  بڑھ کر 5.3 تک جا پہنچی ہے جبکہ ہیڈ فون کے ذریعے موسیقی سننے والوں کی تعداد میں 1990 سے2005  تک 75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔