Tag: ہیڈ کانسٹیبل

  • اتفاقیہ چلنے والی گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جان لے گئی

    اتفاقیہ چلنے والی گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جان لے گئی

    حیدرآباد کے پرانے شہر میں اتفاقیہ چلنے والی گولی کے باعث ہیڈ کانسٹیبل زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حسینی علم پولیس اسٹیشن کی حدود میں اتفاقیہ طور پر چلنے والی گولی نے ہیڈ کانسٹیبل کو موت کی نیند سلا دیا۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ29 سالہ بھوپتی سری کانت سوریہ پیٹ ضلع سے تعلق رکھتا تھا جبکہ حسینی علم پولیس اسٹیشن میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

    گزشتہ دو ماہ سے بھوپتی سری کانت کبوترخانہ کے پاس گارڈکی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، صبح کے وقت اولین ساعتوں میں سری کانت نیند میں تھا کہ اچانک اتفاقی طورپر گولی چل گئی۔

    گولی لگنے کے باعث ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا، پولیس اہل کار کی خاتون کو فون پر دھمکی

    بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا، پولیس اہل کار کی خاتون کو فون پر دھمکی

    فیصل آباد: ’بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا‘ یہ دھمکی فیصل آباد کے ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے فون پر ایک خاتون کو دی، جس کی بیٹی نے پولیس اہل کار سے شادی سے انکار کر دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے تھانہ بٹالہ کالونی کے پولیس اہل کار اسد شعیب نے شادی سے انکار پر ایک لڑکی اور اس کی ماں کو سنگین دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

    ہیڈ کانسٹیبل اسد شعیب تھانہ بٹالہ کالونی میں تعینات ہے، جب کہ چمن زار کالونی کی رہائشی متاثرہ لڑکی نے سنگین دھمکیوں اور مسلسل ہراساں کرنے پر سی پی او کو درخواست دے کر تحفظ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے ہیڈ کانسٹیبل کی دھمکی آمیز کال کی ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے، جس میں اہل کار اسد شعیب لڑکی کی والدہ کو ان کا بیٹا قتل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔

    خان پور: 7 ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی نہ مل سکی

    ہیڈ کانسٹیبل نے انکار کرنے والی لڑکی کی والدہ سے فون پر کہا میں تمھارے بیٹے کو قتل کر دوں گا، ملکھانوالا روڈ سے اس کی لاش اٹھا لینا، اگر اپنے بیٹے کو بچا سکتی ہو تو بچا لینا۔

    دوسری طرف متاثرہ لڑکی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہل کار ان کے بھائی کا ہم زلف ہے، اور وہ ان سے شادی کرنا چاہتا ہے، لیکن شادی سے انکار پر وہ شراب پی کر زبردستی گھر میں گھس آیا تھا۔

    لڑکی کا کہنا ہے کہ اہل کار اسد شادی نہ کرنے پر پورے خاندان کو قتل کی دھمکی دے رہا ہے، ہمیں پولیس ہی سے تحفظ حاصل نہیں، اعلیٰ حکام ہمیں انصاف دلائیں۔