Tag: یادگاری ڈاک ٹکٹ

  • جشن ولادت رسول ﷺ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کی تجویز

    جشن ولادت رسول ﷺ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کی تجویز

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 1500ویں جشن ولادتِ رسول ﷺ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، جس میں تجویز دی ہے کہ 1500ویں جشن ولادت رسول ﷺ کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کیا جائے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ یادگار ڈاک ٹکٹ اور سکہ حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قوم کی اخلاقی و تہذیبی بنیادوں کی تجدید کا ذریعہ بنے گا اور یہ اقدام آئندہ نسلوں کے لیے محبت و امن کا مثبت پیغام ثابت ہوگا۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمارے پاس ریاستِ مدینہ کی روشن مثال موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے اس پر عمل نہیں کیا۔

    انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی کسی تقریب پر عوام کے ٹیکس کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوتا۔

    دریں اثنا، گورنر ہاؤس میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے جو بارہ ربیع الاول تک جاری رہیں گی۔ ان تقریبات میں روزانہ کی بنیاد پر قرات اور نعت خوانی کا اہتمام ہوگا جبکہ پورے پاکستان سے نعت خواں، قوال اور قاری حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔

  • پاکستان امریکا تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا

    پاکستان امریکا تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا

    اسلام آباد : پاکستان امریکا تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا، امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ دونوں ملکوں کی آزادی کی علامتوں کونمایاں کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان امریکا تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا گیا، اس حوالے سے تقریب امریکی سفیرکی رہائش گاہ پرمنعقد ہوئی۔

    جس میں مہمان خصوصی سیکرٹری خارجہ اسدمجیدخان،سول سوسائٹی اراکین نے شرکت کی، اس موقع پرامریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ دونوں ملکوں کی آزادی کی علامتوں کونمایاں کرتا ہے اور دوستی کے 75سال کا نشان ہے۔

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ ہماری مستقبل کی شراکت داری کےایک وژن کو ظاہر کرتا ہے، جب ہم مل کر کام کرتے ہیں تو ہم عظیم کام انجام دے سکتے ہیں۔

    سیکرٹری خارجہ اسدمجید نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکا 7 دہائیوں سے ہمارا کلیدی اقتصادی اور ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔