Tag: یرغمال

  • دولہا کے مطالبے پر لڑکی والوں نے باراتیوں کو یرغمال بنا لیا!

    دولہا کے مطالبے پر لڑکی والوں نے باراتیوں کو یرغمال بنا لیا!

    دولہا کے مطالبے پر دلہن والوں نے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے باراتیوں کو یرغمال بنا لیا لڑکے والوں کو لینے کے دینے پڑ گئے۔

    بھارت میں شادی سے متعلق آئے دن عجیب وغریب خبریں سامنے آتی رہتی ہیں جہاں معمولی معمولی باتوں پر باراتیں واپس لوٹ جاتیں یا لڑکی والے شادی سے انکار کر دیتے ہیں۔ ایسا ہی عجیب واقعہ ایک بار پھر پیش آیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سہارنپور ضلع کے ایک گاؤں میں شادی کا منڈپ اس وقت دنگل میں تبدیل ہو گیا جب دولہا نے جہیز میں ملنے والی چھوٹی گاڑی کو مسترد کرتے ہوئے بڑی گاڑی کا مطالبہ کر دیا۔

    رپورٹ کے دولہا کے ساتھ اس کے گھر والے بھی اس ناجائز مطالبے پر ڈٹ گئے اور مطالبہ پورا نہ ہونے پر شادی نہ کرنے اور بارات واپس لے جانے کی دھمکی تک دے ڈالی۔

    پہلے تو دلہن والوں نے بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی، تاہم لڑکے والوں کے ہٹ دھرمی پر قائم رہنے پر وہ بھی غصہ میں آ گئے اور پوری بارات کو یرغمال بنا لیا۔

    رپورٹ کے مطابق اس موقع پر دونوں طرف سے مداخلت کی گئی جس کے بعد لڑکی والوں نے دولہا اور اس کے 20 قریبی رشتے داروں کو روک لیا اور باقی کو واپس جانے دیا۔

    اطلاعات کے مطابق رات گئے تک فریقین میں تصفیہ کے لیے مذاکرات جاری تھے تاہم معاملہ کسی نہج پر نہیں پہنچا تھا۔

  • ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار خاندان کو لوٹ لیا

    ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار خاندان کو لوٹ لیا

    کراچی کے علاقے سعود آباد میں موٹرسائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر خاندان کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ کورنگی کے سعودآباد میں گزشتہ روز میاں بیوی سے لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دن دیہاڑے 4 ملزمان نے موٹر سائیکل سوار مرد، خاتون سے لوٹ مار کی، 2 موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان نے گھر کے باہر میاں، بیوی کو یرغمال بنایا۔

    ملزمان نے مرد سے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا، ایک ملزم نے خاتون کے ہاتھ سے چوڑیاں اور انگوٹھی اتروالی، ملزمان موٹر سائیکل سوار خاندان کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچے تھے۔

  • دو کم عمر چور دکان سے سگریٹ اورنقدی رقم لوٹ کر فرار

    دو کم عمر چور دکان سے سگریٹ اورنقدی رقم لوٹ کر فرار

    فیصل آباد: پیپلز کالونی میں دو کم عمر ڈاکوؤں نے دکاندار اور گاہکوں کو یرغمال بنا کر سگریٹ کی شاپ لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں ڈاکوؤں کا راج ہے جہاں دن دہاڑے کبھی کراچی کا شہری لوٹ رہا ہوتا ہے تو کبھی کسی دوسرے شہر کا، ایک ایسا ہی واقعہ فیصل آباد میں پیش آیا۔

     فیصل آباد میں واقع پیپلز کالونی میں ڈاکو موبائل فون، سگریٹ کا سامان اور 24 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، ماسک پہنے ڈاکوؤں نے ایک گاہک کی گھڑی بھی اتروا لی۔

    اے آر وائی نیوز نے واردات کی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں ایک ڈاکو پستول تان کر دکاندار اور گاہکوں کو یرغمال بناتے نظر آتا ہے۔

    فوٹیج میں دوسرے ڈاکو کو درازوں سے رقم، سامان اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے، ڈاکو زمین پر بیٹھے گاہک سے گھڑی چھینتا نظر آرہا ہے۔

  • دلہن والوں نے دولہا اور اس کے والد کو یرغمال بنا لیا! وجہ حیران کن

    دلہن والوں نے دولہا اور اس کے والد کو یرغمال بنا لیا! وجہ حیران کن

    شادی صرف دو افراد کی نئی زندگی کا آغاز ہی نہیں دو خاندانوں کا ملاپ بھی ہوتا ہے لیکن ایک شادی اس وقت تماشا بن گئی جب دلہن والوں نے دولہا اور اس کے والد کو یرغمال بنا لیا۔

    پڑوسی ملک بھارت سے آئے دن عجیب وغریب خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ کبھی لڑکا گنجا ہونے پر دلہن شادی سے انکار کر دیتی ہے تو کبھی اسٹیج پر ڈانس نہ کرنے پر دولہا بارات واپس لے جاتا ہے اور کبھی تو کھانے میں بوٹیوں کی کمی اور مینیو تبدیلی شادی کے پنڈال کو میدان جنگ بنا دیتی ہے۔

    تاہم اس بار شادی کی تقریب کے حوالے سے اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ پیش آیا ہے جس میں بارات آنے پر پہلے دلہن والوں نے شادی سے انکار کیا اور پھر دولہا اور اس کے والد کو چار دن تک یرغمال بنائے رکھا۔

    یہ واقعہ مظفر پور کے علاقے میں پیش آیا ہے، جہاں پیرا پور گاؤں کے ایک نوجوان کی شادی 18 نومبر کو بریار پور تھانہ علاقہ کے راجا پاکڑ گاؤں کی ایک لڑکی سے طے ہوئی تھی۔

    دولہا جب مقررہ تاریخ پر اپنے گھر والوں، رشتے داروں اور دوستوں کی بارات لے کر دلہن والوں کے ہاں پہنچا تو پہلے تو بارات کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اسٹیج پر دولہا اور دلہن نے ایک دوسرے کو ہار بھی پہنائے لیکن پھر اچانک تقریب میں ڈرامائی موڑ آگیا جس نے سب کو حیران وپریشان کر دیا۔

    دولہا جب منڈپ کی جانب جا رہا تھا تو اچانک دلہن والوں نے اس کا راستہ روک لیا اور 2 لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔ رقم نہ دینے پر شادی نہ کرنے اور بارات واپس لے جانے کا کہا۔ دلہن والوں کا یہ رویہ دولہا سمیت تمام باراتیوں کو حیران کر گیا۔

    بات یہیں پر ہی ختم نہیں ہوئی بلکہ دلہن والوں نے دولہا اور اس کے والد کو یرغمال بنا لیا اور چار دن تک اپنے پاس روکے رکھا۔

    اس دوران دونوں فریقین یہ معاملہ پنچایت میں لے گئے لیکن وہاں بھی اس مسئلے کا حل نہیں نکلا جس کے بعد دولہا نے پولیس میں شکایت کی، جس نے آکر دولہا اور اس کے والد کو رہائی دلائی۔

    بعد ازاں بریار پور پولیس اسٹیشن انجارچ چاندنی کماری سانوریہ نے بتایا کہ راجا پاکڑ گاؤں میں یرغمال بنائے گئے دولہا اور اس کے والد کو نہ صرف آزاد کرا دیا گیا ہے بلکہ دونوں فریقوں کو راضی کرنے کے بعد ان کی شادی بھی کرا دی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/neighbor-upset-by-rooster-crowing-takes-surprising-step/

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اس خبر کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ایران نے امریکی آئل ٹینکر کو یرغمال بنانے کی تصدیق کردی

    ایران نے امریکی آئل ٹینکر کو یرغمال بنانے کی تصدیق کردی

    ایران کی جانب سے بحیرہ عرب میں امریکی آئل ٹینکر کو یرغمال بنانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ایرانی بحریہ نے بحیرہ عرب میں امریکی آئل ٹینکر سانت نیکولاس کو قبضے میں لینے کی تصدیق کردی ہے۔

    ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق خلیج عُمان میں تہران نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے خام تیل سے لدے آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا۔ یہ بھی اعلان کیا کہ ایرانی بحریہ نے عمان کے ساحل سے ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے۔

    یونانی کمپنی ’ایمپائر نیوی گیشن‘ نے اس دوران اطلاع دی ہے کہ ’ہائی جیک‘ کیے گئے ٹینکر سینٹ نکولس کو ترکیہ کی ’ٹوپراس‘ کمپنی نے چارٹر کیا تھا۔ ٹینکر پر تقریباً 145 ہزار میٹرک ٹن خام تیل تھا جو عراقی بندرگاہ بصرہ سے براستہ نہر سوئز ترکیہ کے شہر علیگا بھیجا گیا تھا۔

    دوسری جانب یمن میں حوثیوں کے خلاف امریکا اور برطانیہ نے نیامحاذ کھول دیا ہے، امریکی اور برطانوی طیاروں نے یمنی حوثیوں کے خلاف بمباری شروع کردی ہے، دارالحکومت صنعا دھماکوں سے گونج اُٹھا۔

    رپورٹ کے مطابق یمن کے انقلابی رہنما عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے یمن پر امریکی و برطانوی فضائی حملوں کے بعد جارحیت کا مقابلہ کرنے کے اپنے بھرپورعزم کا اظہار کیا ہے۔

    امریکا اور برطانیہ کی یمن پر بمباری، نیا محاذ کھول دیا گیا

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مدد سے یمن کے دارالحکومت صنعا، بندرگاہی شہر حدیدہ اور شمالی شہر سعدہ میں درجن بھر سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

  • دکانداروں نے کے الیکٹرک کے عملے پر تھپڑوں کی بارش کر دی

    دکانداروں نے کے الیکٹرک کے عملے پر تھپڑوں کی بارش کر دی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ٹمبر مارکیٹ کے دکانداروں نے کے الیکٹرک کی 3گاڑیوں اور عملے کو  یرغمال بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک ٹیم ٹمبر مارکیٹ کی بجلی کاٹنے کے لئے پہنچی تھی اس دوران دکانداروں نے کے الیکٹرک عملے پر تھپڑوں کی بارش کردی، 3 گاڑیوں اور عملے کو  یرغمال بنا لیا۔

    صدر ٹمبر مرچنٹ گروپ شرجیل گوپلانی نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ مارکیٹ کی بجلی کاٹنے لگا تھا، کے الیکٹرک عملہ دکانوں کے میٹر اور، جمپر کاٹنے میں مصروف تھا۔

    شرجیل گوپلانی نے کہا کہ جب عملے کو میٹر اتارنے اور جمپر کاٹنے سے منع کیا گیا لیکن وہ نہیں مانے جس کے بعد دکانداروں عملے اور گاڑیوں کو  یرغمال بنایا۔

    صدر ٹمبر مرچنٹ گروپ شرجیل گوپلانی نے مزیز کہا کہ کے الیکٹرک عملے کو کارخانے میں بٹھا دیا ہے،گرمی ہے پانی، پنکھا بھی فراہم کیا گیا ہے۔

  • فیملی کو یرغمال بنا کر گھر میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈکیت گرفتار

    فیملی کو یرغمال بنا کر گھر میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈکیت گرفتار

    کراچی: 19 مئی کو  شہر قائد کے علاقے عثمانیہ کالونی میں گھر میں فیملی کو یرغمال بناکر لوٹ مار کرنے والے 2 ڈکیت کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں واردات میں ملوث 2 ملزمان کو سونے کی جیولری اور رقم سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی معروف عثمان کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ زبیر اور ارسلان کو ٹیکنیکل سپورٹ سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے سونے کی 2 چین، انگوٹھی، 2 کڑے، 3 لاکھ روپے اور موبائل فونز برآمد ہوئی ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    واضح رہے کہ ملزمان نے 19 مئی کو گلبہار  عثمانیہ کالونی میں گھر میں فیملی کو یرغمال بناکر لوٹ مار کی تھی واردات میں 14 تولے سونا ساڑھے 6 لاکھ روپے، 3 موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا تھا۔

  • بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی میں بلا کر باپ نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا

    بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی میں بلا کر باپ نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا

    آگرہ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلح شخص نے بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی کا جھانسہ دے کر محلے کے بچوں کو بلایا اور انہیں یرغمال بنا لیا، پولیس کے ہاتھوں ملزم کی ہلاکت کے بعد مشتعل ہجوم نے ملزم کی بیوی کو بہیمانہ تشدد کر کے مار ڈالا۔

    یہ دہشت ناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر فرخ آباد میں پیش آیا، مسلح شخص جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے چھوٹ کر آیا تھا، نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچوں کو اپنی بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی کا کہہ کر بلایا اور اس کے بعد انہیں یرغمال بنا لیا۔

    مقامی افراد کو جب اس کے ارادے کا علم ہوا تو انہوں نے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی تاہم سبھاش باتھم نامی اس عادی مجرم نے گھر کے اندر سے فائرنگ شروع کردی۔

    ملزم کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور موقع کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر ملزم کی بیوی اور 1 سالہ بیٹی بھی موجود تھی اور ملزم نے انہیں بھی یرغمال بنا لیا۔ اس دوران ملزم نے ایک 6 ماہ کی بچی جو وہاں موجود بچوں میں شامل تھی، 7 گھنٹے بعد بالکونی کے ذریعے پڑوسیوں کے حوالے کی۔

    پولیس کے مطابق ملزم سمجھتا تھا کہ اس پر اس سے قبل لگایا جانے والا قتل کا الزام جھوٹا تھا اور اسے اس قتل کے الزام میں پولیس کے حوالے کرنے میں پڑسیوں کا ہاتھ تھا، ممکنہ طور پر اس نے پڑوسیوں سے بدلہ لینے کے لیے یہ سب کیا۔

    بچوں کو چھڑانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو ملزم نے انہیں فائرنگ اور بم سے اڑانے کی دھمکیاں دینی شروع کیں، اس نے پولیس کی طرف ایک کم شدت کا بم بھی پھینکا جس سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

    ملزم کے خطرناک ارادے دیکھتے ہوئے پولیس نے سخت ایکشن شروع کیا اور 11 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ان کاؤنٹر کا اختتام ملزم کی موت پر ہوا۔ تمام بچوں کو بحفاظت چھڑا کر معمولی میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں ان کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔

    ملزم

    ملزم کی موت کے بعد مشتعل مقامی افراد اس کے گھر میں داخل ہوئے اور اس کی بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا، پولیس عورت کو بچانے میں ناکام رہی جس کے بارے میں غیر واضح تھا کہ آیا وہ بھی ملزم کے ساتھ تھی یا خود بھی یرغمالیوں میں شامل تھی۔

    ملزم کی بیوی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ اس سے قبل ہی دم توڑ گئی۔

    واقعے کے دوران تمام بھارتی میڈیا نے براہ راست نشریات چلائیں اور اس دوران کئی چینلز نے ملزم کو پیشکش کی کہ وہ اپنے مطالبات انہیں بتائے، وہ انہیں حکام بالا تک پہنچانے میں مدد کرسکتے ہیں۔

    اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بچوں کے بحفاظت چھڑائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور آپریشن میں شامل پولیس ٹیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    واشنگٹن/ دوحہ: متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ امیر قطر کے بھائی نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی ۔

    تفصیلات کےمطابق امریکا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے بھائی کے خلاف اپنے عملہ کے دو ارکان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے اور ایک کو زیر حراست رکھنے پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے،شیخ خالد بن حمد آل ثانی کے خلاف 23جولائی کو امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں قانونی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    اس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی اور اس کو ایک تیسرے امریکی کو زیر حراست رکھنے کا حکم دیا تھا،اس قانونی عذر داری میں ایک اور درخواست گزار کی شکایت بھی شامل ہے۔

    اس میں اس دوسرے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ ا س کو شیخ خالد کے لیے خدمات کی انجام دہی کے دوران میں ایک احاطے میں زیر حراست رکھا گیا تھا اور بندوق سے ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔

    اس نے کہا کہ اس کو دیوار سے پھاند کر بھاگ جانے کی کوشش میں زخم آئے تھے جن کے علاج کے لیے اس کو سرجری کی ضرورت پیش آئی تھی،امریکا کی ایک خبری ویب گاہ ڈیلی کالر نے پہلے اس قانونی درخواست کی اطلاع دی تھی۔

    اس کے مطابق دونوں درخواست گزار، سکیورٹی گارڈ میتھیو پیٹارڈ اور طبی اہلکار میتھیو ایلنڈے، شیخ خالد کے لیے امریکا اور قطر میں کام کرتے رہے تھے،اس کے علاوہ قطری شیخ دنیا بھر میں جہاں کہیں سفر پر جاتے تھے تو وہ بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے۔

    شیخ خالد پر مبینہ طور پر یہ الزام عاید کیا گیا ہے کہ انھوں نے پیٹارڈ کو دو افراد کو ستمبر2017ءاور نومبر 2017 میں لاس اینجلس میں قتل کرنے کے لیے کہا تھا۔ان میں ایک مرد اور ایک عورت تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے بھائی ان دونوں کو اپنی ذاتی شہرت اور سکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتے تھے مگر ان کے محافظ پیٹارڈ نے ان کی غیر قانونی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    ان پر عائد کردہ الزامات میں سے ایک میں کہا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو ایک سے زیادہ مرتبہ حراست میں رکھا تھا۔

    اس قانونی درخواست میں شیخ خالد پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو دو مواقع پر اس کی منشا کے خلاف حراست میں رکھا تھا،دوحہ میں امریکی سفارت خانہ اور پیٹارڈ اس امریکی کی مدد کو آئے تھے اور انھوں نے اس کے قطر سے فرار میں مدد دی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جب شیخ خالد کو میتھیو پیٹارڈ کی اس حرکت کا پتا چلا تھا تو انھوں نے یہ دھمکی دی تھی کہ پیٹارڈ کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    شیخ نے پیٹارڈ کو براہِ راست قتل کرنے اور اس کی لاش صحرا میں پھینکنے میں دھمکی دی تھی۔

  • فلسطینی صدر سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں،حماس

    فلسطینی صدر سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں،حماس

    یروشلم : اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے الزام عاید کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اپنے سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو اپنے یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابو مرزوق نے ایک بیان میں کہاکہ ججوں کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں کمی اور جوڈیشل کونسل معاملات میں مداخلت صدر عباس کی طرف سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو استعمال کرنے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صدر عباس تنظیم آزادی فلسطین، فلسطینی اداروں، تحریک فتحکی مرکزی کمیٹی، انتظامیہ کو اپنے قبضے میں رکھنے کے ساتھ فلسطینی پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر چکے ہیں۔حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ صدر محمود عباس آمرانہ طرز عمل پر چل رہے ہیں۔

    وہ تمام ریاستی اداروں اور عدلیہ کو اپنے ہاتھوں میں یرغمال رکھنا چاہتے تاکہ ان کے انفرادی سطح پرکیے گئے فیصلوں کو عملی شکل دینے کی راہ ہموار کی جاسکے۔