Tag: یشیا کپ

  • سابق بھارتی کپتان نے ایشیا کپ میں انڈیا کے پاکستان سے کھیلنے کی مخالفت کر دی

    سابق بھارتی کپتان نے ایشیا کپ میں انڈیا کے پاکستان سے کھیلنے کی مخالفت کر دی

    شکوک وشبہات کے بادل چھٹنے کے بعد ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوگیا تاہم سابق بھارتی کپتان نے انڈیا کے پاکستان سےکھیلنے کی مخالفت کر دی۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کے انعقاد پر شکوک کے بادل منڈلا رہے تھے۔ تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان ہو گیا۔

    ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کیا۔ ایشیا کپ کا میزبان بھارت ہے۔ تاہم پاک بھارت معاہدے کے تحت یہ ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں 9 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

    ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی جہاں شائقین کرکٹ پاک بھارت ٹاکرے کا انتظار کر رہے ہیں، وہیں اس بڑے میچ کی مخالفت میں بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ان میں سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کی آواز بھی شامل ہے، جنہوں نے ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے مقابلے کی مخالفت کی ہے۔

    تاہم ان کی مخالف مخاصمت یا تعصب پر مبنی نہیں بلکہ بھارت کے پاکستان سے باہمی سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہے۔

    اظہر الدین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہیں ہوتی، تو پھر دونوں ٹیموں کا ایشیا کپ میں بھی مقابلہ نہیں ہونا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ جو بھی ہو مکمل طریقے سے ہو۔ اگر آپ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتے، تو پھر بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھی ایک دوسرے کے مقابلے پر نہیں آنا چاہیے۔

    سابق بھارتی کپتان نے برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کیخلاف میچ سے بھارتی کھلاڑیوں کے دستبردار ہونے کے معاملے کو بورڈ اور حکومت کا معاملہ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور شیڈول کے مطابق ان کے درمیان پہلا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔

    ایشیا کپ میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور راؤنڈ میچ کے بعد سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو تین تین میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ دو ٹاپ ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل میں ٹکرائیںگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان 17 سال سے باہمی ٹیسٹ سیریز اور 13 سال سے ون ڈے سیریز نہیں ہوئی ہے۔ دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی یا اے سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں۔

  • پاکستان اور سری لنکا میں سے کس کا پلڑا بھاری؟

    پاکستان اور سری لنکا میں سے کس کا پلڑا بھاری؟

    ایشیا کپ کے میچز میں جب بھی سری لنکا اور پاکستان مدمقابل آئے فتح زیادہ تر آئی لینڈرز کو ہی ملی، ایونٹ میں ایشیائی حریف کے خلاف گرین شرٹس کی جیت کا تناسب 30 فیصد سے بھی کم ہے۔

    ایشیا کپ کے میچز میں پاکستان کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف کافی خراب ہے، ایونٹ میں آئی لینڈرز کے خلاف گرین شرٹس کی جیت کا تناسب 30 فیصد سے بھی کم ہے۔

    جمعرات کو ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا آمنے سامنے آئیں گے جس کی حیثیت اب سیمی فائنل کی ہو چکی ہے، جو بھی ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کرے گی وہ بھارت سے فائنل کھیلنے کی حقدار ہوگی۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ اب تک ایشیائی ایونٹ میں پاکستان کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف تشویشناک ہے۔ آئی لینڈرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کیخلاف 17 میچز کھیل کر 12 میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ قوی ٹیم محض 5 مقابلے ہی جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

    1984 میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا کا پلڑا ہمیشہ سے گرین شرٹس کے خلاف بھاری رہا ہے۔ آخری بار بھی سری لنکا نے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    مجموعی ریکارڈ کا جائزہ لیں تو پاکستان کا ریکارڈ کافی بہتر ہے۔ دونوں ٹیمیں 155 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں گرین شرٹس نے 92 میچز میں فتح اپنے نام کی۔ سری لنکن ٹیم 58 مقابلے جیت پائی۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بارش کے 86 فیصد امکانات ہیں جب کہ پاکستان کو ایونٹ کے فائنل میں رسائی کے لیے آئی لینڈرز کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔

  • ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے کا بخار شائقین کے سرچڑھ گیا، ٹکٹس آتے ہی فروخت!

    ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے کا بخار شائقین کے سرچڑھ گیا، ٹکٹس آتے ہی فروخت!

    ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مقابلے کا بخار ابھی سے شائقین کے سر چڑھ گیا، پاک بھارت میچ کے ٹکٹ آتے ہی بک گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ میں روایتی حریف ابتدائی راؤنڈ میں 2 ستمبر کو کینڈی میں مدمقابل آئیں گے، اس بڑے میچ کی ٹکٹیں آتے ہی فروخت ہوگئی ہیں۔، گرینڈ اسٹینڈ کے 87 ہزار روپے والے تمام ٹکٹ بک گئے ہیں۔

    لوور اسٹینڈ کے 36 ہزار 250 روپے والے ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں جب کہ جنرل انکلوژر کے 8 ہزار 700 والے صرف چند ٹکٹ ہی باقی بچے ہیں۔

    اس سے قبل پی سی بی نے جو اعلامیہ جاری کیا تھا اس کے مطابق پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میچز کے لیے سستا ترین ٹکٹ 1500 روپے کا ہوگا جب کہ مہنگا ٹکٹ 8 ہزار روپے تک میں دستیاب ہوگا، وی وی آئی پی ٹکٹ 10 ہزار روپے میں بُک ہوگا۔

    ایشیا کپ کے چار میچز کی میزبانی پاکستان اپنی سر زمین پر کرے گا جب کہ 9 میچز کے لیے میدان سری لنکا میں سجے گا، ایشیا کپ کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔