Tag: یش چوپڑا

  • شاہ رخ خان کا شاندار کیریئر کس شخص کی مرہون منت ہے؟ اداکار کا انکشاف

    شاہ رخ خان کا شاندار کیریئر کس شخص کی مرہون منت ہے؟ اداکار کا انکشاف

    کیا آپ جانتے ہیں کہ کنگ خان کا کیرئیر کس شخص کی مرہون منت اتنی بلندیوں پر پہنچا؟ اداکار نے اس حوالے سے خود انکشاف کیا ہے۔

    یش چوپڑا بالی وڈ نگری کو یادگار ترین فلمیں دینے کے حوالے سے اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے اور شاہ رخ خان بھی ان ہیروں میں سے ایک ہیں جنھیں پرکھنے والے جوہری یش چوپڑا ہی تھے۔ آج 27 ستمبر کو آنجہانی بالی وڈ ہدایت کار/ پروڈیوسر کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔

    بالی وڈ کے بادشاہ نے ماضی میں اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ یش چوپڑہ نے ان کا کیریئر تخلیق کیا۔ مجھے محسوس ہوتا تھا کہ میں کوئی پرکشش شخصیت کا مالک نہیں ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ میں سوچتا تھا کہ میں عاشق لڑکے کا کردار نہیں نبھا سکوں گا، لیکن یش چوپڑا مسلسل کہتے رہے کہ اگر میں نے اسکرین پر پیار کرنے والے لڑکے کا کردار نہیں کیا تو کچھ نہیں ہوگا اور کیریئر آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

    اداکار کے مطابق آنجہانی ہدایت کار کی بات ماننے کے بعد پھر انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ شاہ رخ مانتے ہیں کہ انھوں نے تن تنہا میرا کیریئر بنایا میں آج جو کچھ بھی ہوں وہ یش چوپڑا کی وجہ سے ہوں، اس کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔

    ماضی میں نیشنل یش چوپڑا میموریل ایوارڈ کی وصولی کے وقت اپنی تقریر کے دوران شاہ رخ خان نے یہ باتیں کہی تھیں۔ شاہ رخ خان اور یش چوپڑا نے ایک ساتھ دل والے دلہنیاں لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے اور ڈر سمیت کئی فلمیں کی ہیں۔

  • کنگ آف رومانس یش چوپڑا کا تذکرہ

    کنگ آف رومانس یش چوپڑا کا تذکرہ

    یش چوپڑا بالی وڈ میں ’کنگ آف رومانس‘ مشہور تھے۔ اس معروف ہدایت کار نے شائقینِ سنیما کو زندگی سے بھرپور فلمیں دیں اور اپنے فن اور صلاحیتوں سے انڈسٹری میں نام کمایا۔ یش چوپڑا آج ہی کے دن 2012ء میں ہمیشہ کے لیے یہ دنیا چھوڑ گئے تھے۔

    یش چوپڑا ڈینگی بخار میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج تھے، لیکن وائرس نے ان کی زندگی بچانے کی ہر کوشش ناکام بنا دی۔

    یش چوپڑا کا فلمی سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ جس میں انھوں نے شائقین کو ’’دیوار‘‘، ’’چاندنی‘‘، ’’سلسلہ‘‘ اور ’’ڈر‘‘ جیسی مقبول فلمیں دیں۔

    وہ 1932ء میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے آئی ایس جوہر اور اپنے بڑے بھائی بی آر چوپڑا کے اسسٹنٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی پہلی فلم ’دھول کا پھول‘ 1959ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ یش چوپڑا نے 1973ء میں اپنی فلم کمپنی ’یش راج‘ فلمز بنائی جس کے بعد انھوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بالی وڈ کی کام یاب ترین فلمیں ’دیوار‘، ’کبھی کبھی‘ اور ’ترشول‘ بنائیں۔

    ’سلسلہ‘، ’مشعل‘، ’چاندنی‘ اور ’لمحے‘ ان کی وہ کام یاب ترین فلمیں تھیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ یہ منفرد اور رجحان ساز فلمیں ہیں۔

    یش چوپڑا کو 6 نیشنل فلم ایوارڈ اور 11 فلم فیئر دیے گئے جن میں بہترین ہدایت کار کے 4 ایوارڈ انھوں نے اپنے نام کیے تھے۔ بھارتی حکومت نے یش چوپڑا کو دادا صاحب پھالکے اور پدم بھوشن اعزازات سے نوازا تھا۔

    بالی وڈ کے اس ہدایت کی رومانوی فلموں کی خاصیت ان کے منفرد گیت، موسیقی اور رقص ہے۔ ہدایت کار نے اپنی فلموں میں سماجی مسائل کو بھی اجاگر کیا۔

  • معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے فلم ’ویر زارا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

    معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے فلم ’ویر زارا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے مشہور بھارتی فلم ویر زارا میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل کو آنجہانی یش چوپڑا نے فلم ویر زارا رانی مکھرجی کا وکیل کا کردار ادا کرنے کی آفر کی تھی جسے کرنے سے نادیہ جمیل نے انکار کردیاتھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل نادیہ جمیل نے ثمینہ پیرزادہ کے شو میں شرکت کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر پر بچوں کو ترجیح دیتے ہوئے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    اداکارہ نے کہا کہ جس وقت مجھے ویر زارا فلم کی آفر ہوئی اس وقت میرے بیٹے کی عمر دو ماہ تھی، اس کا خیال میری والدہ رکھتی تھیں لیکن جلد مجھے احساس ہوا کہ ایک مرتبہ میں نے فلم کے لیے ہامی بھرلی تو پھر مجھے اس کی عادت ہوجائے گی اورمیں اسے چھوڑ نہیں پاؤں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ یا تو میں ایک اچھی ماں بن جاؤں یا پھر اداکارہ تاہم میں نے ماں کا انتخاب کیا اور فلم کی آفر ٹھکرادی۔

    نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کاسٹ میں پہلے شاہ رخ خان اور ان کے مقابل ایشوریا رائے اور مجھے کاسٹ کیا جانا تھا بعد میں کاسٹ تبدیل کی گئی اور شاہ رخ کی ہیروئن پریتی زنٹا اور ان کی وکیل کا کردار رانی مکھرجی نے ادا کیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار دانش تیمور نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلم ویرے دی ویڈنگ میں کرینہ کپور کے مقابل کرنے کی آفر ہوئی تھی۔

    دانش نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے ہی والی تھی کہ پتا چلا کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور پھر یہ فیصلہ ہوا کہ بچے کی پیدائش کے بعد فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

    دانش تیمور نے کہا کہ کرینہ کے بیٹے کی پیدائش 2016 میں ہوگئی تھی لیکن اس وقت پاکستان اور بھارت کے حالات کشیدہ ہوگئے تھے جس کے سبب میں فلم نہ کرسکا۔