Tag: یمنی حوثی

  • امریکا اور یمنی حوثی ایک دوسرے پر حملے بند کریں، اقوام متحدہ

    امریکا اور یمنی حوثی ایک دوسرے پر حملے بند کریں، اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ نے یمن پر امریکی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور یمنی حوثیوں سے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

    اقوام متحدہ نے یمن پر امریکی حلموں اور حوثیوں کی جانب سے جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں فوجی مہم جوئی سے حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں اور یمن میں تصادم خطے کو جنگ کی آگ میں جھونک سکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں انسانی صورتحال پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے۔ اس وقت حملوں کے بجائے صبر وتحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ امریکا نے یمن کے مختلف علاقوں پر 170 سے زیادہ فضائی حملے کیے۔

    ان حملوں کے جواب میں یمنی حوثیوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ہیری ایس ٹرومین کو 18 بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ایک ڈرون سے نشانہ بنایا۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سی بی ایس سے بات کرتے ہوئے کہ یمن میں امریکی فوجی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حوثی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کھو نہیں دیتے۔

    https://urdu.arynews.tv/more-details-on-houthi-claimed-attack-on-uss-harry-s-truman/

  • یمنی حوثیوں کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا گیا

    یمنی حوثیوں کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا گیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمنی حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے انصار اللہ کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرلیا ہے، حوثیوں کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ فورس تربیت اور اسلحہ فراہم کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے درجنوں بار امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں پر فائرنگ اور سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں پر متعدد حملےکیے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یمنی حوثیوں نے جنوری 2022میں متحدہ عرب امارات پر بھی مہلک حملے کئے جبکہ اکتوبر2023سے اسرائیل پر 300 سے زیادہ پروجیکٹائل فائر کیے گئے۔

    یمن کے حوثی

     

    ،وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق حوثیوں نے باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر بھی100سے زائد مرتبہ حملے کئے۔

    انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حوثی ہمارے شراکت داروں کی حفاظت، عالمی سمندری تجارت کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں، اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے یو ایس ایڈ انتظامیہ کو یمن میں تمام امدادی منصوبے بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدہ ہونے کے بعد یمن کے حوثیوں نے بھی اسرائیل کیخلاف حملے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔

    یمن کے حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے بند کردیں گے۔

  • حوثیوں نے مغربی ملک کے جہاز پر میزائل داغ دیئے، 2 ہلاک

    حوثیوں نے مغربی ملک کے جہاز پر میزائل داغ دیئے، 2 ہلاک

    یمنی حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں مغربی ملک کے ایک جہاز کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث جہاز میں موجود عملے کے دو ارکان ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیداراوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں خلیج عدن میں حوثیوں کے میزائل حملے میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔

    دفاعی عہدیداروں کے مطابق میزائل حملے سے بارباڈوس کے جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے، یہ گزشتہ دو روز کے دوران حوثیوں کی جانب سے ہونے والا بلیسٹک میزائل کا پانچواں اٹیک تھا۔

    برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے حملے میں بارباڈوس کے بحری جہاز پر حملہ کیا گیا، جس سے اسے نقصان پہنچا ہے، تاہم حملے کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

    غزہ: اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید 86 فلسطینی شہید

    واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے، جس کے رد عمل میں حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر سے گزرنے والے غیرملکی جہازوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

  • یمنی حوثیوں کا اسرائیلی شہر پر میزائل حملہ

    یمنی حوثیوں کا اسرائیلی شہر پر میزائل حملہ

    یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کے شہر ایلات کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے خلیج عدن میں ”اسرائیلی جہاز”پر میزائل حملہ کیا ہے، بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب خلیج عدن میں اسرائیلی کارگو جہاز (MSC) سلور کو متعدد میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

    حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تاہم اُن کا کہنا ہے کہ حوثی گروپ نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں متعدد امریکی جنگی جہازوں کے ساتھ ساتھ جنوبی اسرائیل کے قصبے ایلات کے مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ایرو ائیر ڈیفنس سسٹم نے حوثیوں کی جانب سے مارے گئے میزائل کو تباہ کردیا تھا تاہم سائرن بجنے سے اسرائیلی جنوبی شہر ایلات میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    دوسری جانب امریکی رکنِ کانگریس اینڈی اوگلز نے فلسطینیوں سے متعلق ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں غزہ میں سب کو ہلاک کر دینا چاہیے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی رکنِ کانگریس اینڈی اوگلز نے غزہ میں فلسطینی بچوں کی ہلاکت کے سوال پرانتہا پسندانہ جواب دیا۔

    امریکی رکنِ کانگریس اینڈی اوگلز کے اس انتہا پسندانہ، نا مناسب بیان پر مسلمانوں، ڈیموکریٹس اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

    امریکن مسلم ایڈوائزری کونسل کے مطابق اینڈی اوگلز کا یہ بیان تمام فلسطینی عوام کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر مناسب جواب ہے۔

  • یمنی حوثی نے اسرائیل کو وارننگ جاری کردی

    یمنی حوثی نے اسرائیل کو وارننگ جاری کردی

    یمنی حوثی نے اسرائیل کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر غزہ میں امداد نہ پہنچی تو  بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

     میڈیا رپورٹ کے مطابق یمن حوثیوں کے فوجی ترجمان نے کہا کہ اگر غزہ کو خوراک اور ادویات نہیں ملتی ہیں تو بحیرہ احمر میں اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے تمام بحری جہاز، چاہے وہ کسی بھی ملک کے ہوں وہ ہماری مسلح افواج کا ہدف بن جائیں گے۔

    یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل جانے والے تمام بحری جہازوں کے گزرنے پر پابندی کا اعلان کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں اسرائیلی ملکیت والے بحری جہازوں کو روکا گیا ہے تاہم نئی وارننگ میں اسرائیل جانے والے ہر جہاز کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ بحیرہ احمر ایک سمندری راستہ ہے جس سے دنیا کا زیادہ تر تیل بھیجا جاتا ہے، یمن اور اس کے بحیرہ احمر کے ساحل پر حوثی باغیوں نے گزشتہ ماہ ایک برطانوی مال بردار بحری جہاز کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا جس کا تعلق ایک اسرائیلی کمپنی سے تھا۔