Tag: یمن

  • یمن: حوثی باغیوں کیخلاف اتحادی فوج کی فضائی کارروائی جاری

    یمن: حوثی باغیوں کیخلاف اتحادی فوج کی فضائی کارروائی جاری

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی فوج کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، اتحادی طیاروں نے باغیوں کے اسلحہ ڈپو اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اب تک کی کارروائی میں پانچ سو سے زائد باغیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سترہویں روز بھی اتحادی افواج کی کارروائیاں جاری ہیں، اتحادی افواج نے فضائی حملوں کے بعد باغیوں کی پیش قدمی سست ہونے کا دعوی کیا ہے۔

    دارالحکومت صنعا میں حوثٰی باغیوں اور مخالف قبیلے میں جھڑپیں ہوئی ہیں، عدن میں صدر منصور ہادی کی حامی فوج اور حوثیوں میں جھڑپوں میں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

    یمن کے وسطی علاقوں پر بھی حوثی باغیوں ٹھکانوں پر بمباری کی گئی، ریڈکراس کے تین طیاروں نے امدادی اشیاء اور دوائیں یمن پہنچائیں۔

    سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے ایران پرزوردیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی حمایت ترک کردے۔ ایران نے اتحادی بمباری فوری طورپرروکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سعودی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل کے لئے ریڈکراس کو محفوظ راستہ دینے کے لئے بات چیت جاری ہے۔ یمن میں جاری بحران کے باعث اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد اپنا گھربار چھوڑ کرپڑوسی ملکوں میں امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

  • یمن : اتحادی افواج کے باغیوں پرحملے جاری

    یمن : اتحادی افواج کے باغیوں پرحملے جاری

    یمن: حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر اتحادی افواج کے فضائی حملے جاری ہیں،  تازہ حملوں میں یمن کے مختلف علاقوں میں بمباری کی گئی، عدن میں بدستور شدید جھڑپیں جاری ہیں، باغیوں کے حملے میں بائیس افراد ہلاک ہوگئے۔

    یمن میں سعودی عرب کی زیرِقیادت حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں باغیوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا جا رہا ہے، اتحادی فوج نے صنعا سمیت مختلف شہروں میں باغیوں کے ہتھیاروں کے ذخائر،باغیوں کے زیرقبضہ گیس پلانٹ دیگرمقامات پر بمباری کی۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کے بحران سے بے گھرافراد کے لئے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہوگی۔ یمن میں اتحادیوں کی کارروائیوں اورجھڑپوں میں ہلاک افراد کی تعداد چھ سوسے زائد ہوگئی ہے، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

  • محصورین کو لے کر پاک بحریہ کا پی این ایس اصلت کرا چی پہنچ گیا

    محصورین کو لے کر پاک بحریہ کا پی این ایس اصلت کرا چی پہنچ گیا

    کراچی : یمن کےپورٹ سے چار روز پہلے پاکستان کیلئے روانہ ہونے والا پاک بحریہ کا جہاز پی این اصلت کراچی پہنچ گیا۔ جہاز میں ایک سو سینتالیس پاکستانی اور چھبیس غیر ملکی سوار ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو یمن میں پھنسے ہوئے تھے۔

    غیر ملکییوں میں گیارہ بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔ جنہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یمن سے باحفاظت نکالا گیا ہے۔ دیگر غیر ملکیوں میں برطانیہ، کنیڈا، شام، اردن، مصر، انڈونیشیا اور فلپائن کے شہری شامل ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق محصورین کو لانے والے کی جہاز سکیورٹی کے لئے کراچی بندر گاہ کے چینل میں کشتیوں اور جہازوں کی آمدو رفت روک دی گئی ہے۔ اور پاک بحریہ کے جوان حفاظتی کشتیوں میں سمندر میں گشت کر رہے ہیں ۔

    کراچی پورٹ پر محصور پاکستانیوں کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ جو اپنے پیاروں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔

    غیر ملکی مسافروں کے استقبال کے لئے برطانیہ ۔ کنیڈا، چین ، انڈونیشیا، شام، مصر، اردن اور بھارت سمیت کئی ملکوں کے سفارتکار بھی بندرگاہ پر موجود ہیں۔

    جبکہ پاک بحریہ کاجہاز پی این ایس شمشیر چھتیس پاکستانیوں سمیت پندرہ غیرملکیوں کو یمن کےشہر الحدیدہ سےلےکر آج جبوتی پہنچے رہا ہے ۔

    پاک بحریہ کے مطابق کی پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کےلئےپاک بحریہ نےجہازوں پرمکمل انتظامات کئےگئے ہیں۔

  • یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی فضائی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے، عدن میں چوبیس گھنٹے میں ہلاک ہونے والوں کی تعدادایک سوچالیس سے زائد ہوگئی ہیں۔

    یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیاں تیرہویں روز بھی جاری ہیں، عدن میں باغیوں اور صدر منصور ہادی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں نے شہرکو میدان جنگ میں تبدیل کردیا۔

    دارالحکومت صنعا، مکلا ،اور عدن میں صدر منصور ہادی کی حامیوں اورحوثی قبائلیوں میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے، غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق اتحادی فوج نےشہر عدن میں فضائی حملوں میں حکومت مخالف جنگجوؤں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا،  گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران عدن میں ایک سو سینتالیس افراد مارے گئے، ہلاک ہونےوالوں میں سترہ شہری بھی شامل ہیں۔

    دارالحکومت صنعا سمیت عدن اور دیگرشہروں میں اتحادی بمباری اور باغیوں کی جانب سے گولہ باری شدت اختیار کرگئی ہے، شدید بمباری کے باعث ریڈکراس کے امدادی طیارے صنعا نہیں پہنچ سکے۔

    اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں ہرگزرتے دن کے ساتھ بحران میں شدت آرہی ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دوہفتے کی لڑائی میں پانچ سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں، مختلف علاقوں میں غذائی اشیاء، پانی اوردواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اگرفوری طورپر امدادی کارروائیاں شروع نہ کی گئیں تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

    یمن میں جاری پرتشدد واقعات اورجھڑپوں میں ہلاک افراد کی صحیح تعداد سامنے نہیں آسکی ہے لیکن سعودی عرب کی زیرقیادت اتحادی فوج کے حملوں کے بعد سے تین لاکھ سے زائد یمنی بے گھر ہوگئے ہیں۔

  • یمن: بمباری کا سلسلہ جاری، 36حوثی قبائلی،11فوجی ہلاک

    یمن: بمباری کا سلسلہ جاری، 36حوثی قبائلی،11فوجی ہلاک

    یمن: عدن پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی، چھتیس حوثی قبائلیوں اور صدر ہادی کے حامی گیارہ فوجی ہلاک ہوگئے، عدن میں مارٹر شیلنگ میں پہلے امریکی شہری بھی ہلاک ہونیوالوں میں شامل ہے۔

    یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں چھتیس حوثی قبائلیوں اور گیارہ منصور ہادی کی حمایتی فوجیوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدن میں مارٹر شیلنگ میں پہلےامریکی شہری کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ہے۔

    عدن میں بمباری کے باوجود حوثی قبائلیوں کی پیش قدمی مسلسل جاری ہے، دوسری جانب سعودی عرب کی اجازت کے بعد ریڈ کراس کو دو امدادی طیارے یمن بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے۔

  • پاک بحریہ کا جہاز 186 محصورین کو لیکر پاکستان کی جانب رواں دواں

    پاک بحریہ کا جہاز 186 محصورین کو لیکر پاکستان کی جانب رواں دواں

    عدن : یمن میں محصور ایک سو چھیاسی پاکستانیوں اور تینتیس غیر ملکیوں کو لے کر پاک بحریہ کا جہاز پاکستان کی جانب رواں دواں ہے۔

    بحری جہاز منگل کوکراچی کی بندرگاہ پر پہنچے گا۔عدن کی بندرگاہ الشاہر سے روانہ ہونے والا پاک بحریہ کا جہاز پاکستان کی جانب رواں دواں ہے۔

    یمن کے مختلف شہروں سے عدن کی بندرگاہ پر پہچننے والوں کو لینے کیلئے پاک بحریہ کا جہاز پہنچا تھا۔۔جہاز میں ایک سو چھیاسی پاکستانیوں سمیت تینتیس غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ جو یمن کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے۔

    بھارت نے تو کچھ نہ کیا پاک بحریہ گیارہ بھارتی باشندوں کو بھی ریسکیو کر کے لا رہا ہے۔ اس کے علاوہ غیر ملکیوں میں چینی طلبہ اور یورپی شہری بھی پاک بحریہ کے جہاز اصلت پر سوار ہیں۔

    پاک بحریہ کا جہاز منگل کو کراچی کی بندرگاہ پر پہنچے گا۔۔۔عدن میں اب بھی کچھ پاکستانی موجود ہیں جن کی وطن واپسی کیلئے حکومت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز یمن میں محصور186سے زائد پاکستانیوں کو آج وطن واپس لائیگی

    پی آئی اے کی پرواز یمن میں محصور186سے زائد پاکستانیوں کو آج وطن واپس لائیگی

    صنعا: پی آئی اے کی پروازآج ایک سوچھیاسی سے زائدپاکستانیوں کوصنعا سے وطن واپس لائے گی۔

    یمن میں محصورمزید پاکستانیوں کی پُکارکی شنوائی ہوئی، پی آئی اے کی پروازپی کے سیون زیروہ زیروفائیو یمن میں پھنسے پاکستانیوں کولینے کے لئے صنعاپہنچ رہی ہے۔

    پروازایک گھنٹےصنعامیں قیام کے بعد محصورین کولے کرروانہ ہوگی اورشام چھ بجے پاکستان پہنچ جائے گی۔

    پی آئی اے کی پروازایک سوچھیاسی سے زائدپاکستانیوں کولے کرآئے گی، پالپاکے نائب صدرکیپٹن صادق رحمٰن پروازکوآپریٹ کررہے ہیں۔

    صنعاایئرپورٹ مکمل طورپرجنگی زون بن چکاہے لیکن پی آئی اے کاعملہ اپنی زندگیاں ہتھیلی پررکھےیمن میں پھنسے پاکستانی بھائیوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

  • یمن:سعودی عرب اور اتحادیوں کی بمباری،6بچوں سمیت9شہری ہلاک

    یمن:سعودی عرب اور اتحادیوں کی بمباری،6بچوں سمیت9شہری ہلاک

    یمن: باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی تازہ کارروائی میں چھ بچوں سمیت نو شہری حملے میں جاں بحق ہوگئے، سلامتی کونسل میں شہریوں کی ہلاکت کیخلاف روس کی قرارداد پر آج بحث ہوگی۔

    یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی عرب اور اتحادیوں کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، صنعا میں حوثی باغیوں کے زیرِ تسلط علاقے میں سعودی جیٹ طیاروں نے تین منزلہ عمارت پر بمباری کی۔

    چھ بچوں سمیت نو شہری جیٹ طیاروں کی بمباری کا شکار ہوگئے جبکہ بنی متر میں بھی فضائی حملے میں پانچ شہری زخمی ہوئے۔

    روس نے شہریوں کی ہلاکتوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج اپنے اجلاس میں روس کی پیش کردہ قرارداد پر غور کرے گی، جو یمن میں شہریوں کی ہلاکت کی مذمت میں پیش کی گئی تھی۔

    عدن میں یمنی فوجیوں کو سعودی طیارے کے زریعے بھاری اسلحہ فراہم کیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے باغیوں کے خلاف بھرپور حملہ کرتے ہوئے باغیوں کے زیر تسلط بعض علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا۔

    یمنی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں دو سعودی فوجی ہلاک ہوگئے۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق یمن میں سعودی عرب اور اتحادیوں کے حملے میں نوے بچوں سمیت پانچ سو سترہ افراد ہلاک ہوئےہیں۔

  • یمن کے مسئلے میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے، سراج الحق

    یمن کے مسئلے میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے، سراج الحق

    گوجرانوالہ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کے مسئلے میں پاکستان کو ترکی کے ساتھ مل کر ثالثی کا کرداراداکرنا چاہئیے۔

    سعودی عرب اور یمن کے مسئلے میں پاکستان کوایران اور ترکی کے ساتھ مل کر ثالثی کا کرداراداکرنا چاہئیے کیونکہ سعودی عرب پر حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گوجرانوالہ میں عوامی رابطہ مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ سعودی عرب میں حرمین اور شرفین ہے اور پاکستان کا ہرجوان سعودی عرب میں موجود اپنی مذہبی عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے سر قلم کروانے کو تیار ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھاکہ ڈیروں اور جاگیرداروں کے کرپٹ نظام نے ملک کو کھوکھلا کردیا آزادی کے68سال بعد بھی مزدور کا بچہ تعلیمی سہولیات سے محروم ہے امیر کا بچہ اعلی تعلیم حاصل کررہا ہے جبکہ غریب کا بچہ آج بھی سائیکل کی دوکان میں پنکچر لگانے پر مجبو رہے اس کرپٹ تعلمی نظام کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان میں موجود ظالمانہ نظام ،کریشن ،مہنگائی اور ناقص تعلیمی نظام کے خلاف عوامی رابطہ مہم کا آغاز گوجرانوالہ سے کر رہا ہوں اور اس عوامی رابطہ مہم میں ہر عام آدمی سے ملوں گا اور گلی کوچوں میں جاؤں گا اور عوام سے کہوں گا کہ سیاسی پنڈتوں کو ووٹ نہ دیں کیونکہ عام آدمی کے ووٹ کی طاقت ہے اور یہ طاقت ایف 16اور ایٹم بم سے کہیں ذیادہ ہے ۔

    عوام ان سانپوں اور بچھو کو پالنے کی بجائے ان سیاست دانوں کو آگے لائیں جن کا دامن صاف ہے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ اگر عوام موقع دیں تو ایک کلین اور گرین پاکستان بنائیں گے۔

    بعد ازاں امیرجماعت اسلامی نے مختلف دکانداروں اور ریڑھی بانوںسے مل کر عوامی رابطہ مہم کا اغازکیا۔

  • یمن صورتحال: لڑائی ساتویں روز بھی جاری،اب تک پچانوے افراد ہلاک

    یمن صورتحال: لڑائی ساتویں روز بھی جاری،اب تک پچانوے افراد ہلاک

    صنعا : یمن میں سعودی عرب کی سربراہی میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں ساتویں روزبھی جاری ہیں ۔ جھڑپوں میں اب تک پچانوے افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    صنعا پربمباری میں حوثی باغیوں کا اسلحہ ڈپوتباہ کردیا گیا۔ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف عرب اتحادیوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے اورمختلف علاقوں میں باغیوں کے ٹھکانوں پربمباری جاری ہے۔

    تعز میں ریپبلکن گارڈز کے زیرقبضہ ائیرپورٹ پر فضائی حملے کئے گئے۔ملک کی بندرگاہوں کا کنٹرول بھی اتحادی فوج نے سنبھال لیا ہے اور زیادہ ترائیرپورٹس بند ہیں۔عدن میں بھی باغیوں اوریمنی فورسزکے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

    اتحادی طیاروں نے عدن میں باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ یمن کے طول و عرض میں غذائی اشیا کی قلت پیدا ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    ادھر ایران کی جانب سے دواؤں اورغذائی اجناس کی پہلی کھیپ یمن پہنچ گئی ہے۔یمن کی صورتحال پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن تباہی کے دہانے پرکھڑا ہے اوروہاں صورتحال تشویشناک ہے۔ یونیسف کا کہنا ہے کہ یمن کے بحران میں اب تک باسٹھ بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔ فریقین خواتین اوربچوں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کریں۔