Tag: یواے ای

  • یواے ای میں مئی کے دوران گرمی کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    یواے ای میں مئی کے دوران گرمی کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مئی میں گرمی کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات نمایاں طور پر دیکھنے کو مل رہے ہیں، جس سے غیر متوقع سیلاب، بارشیں اور شدید گرمی کا سامنا ہے اسی طرح متحدہ عرب امارات بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ممالک میں شامل ہے۔

    اماراتی موسمیاتی مرکز کے مطابق ریاست العین کے قصبے سویحان میں درجہ حرارت 51.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا جبکہ گزشتہ روز ابوظبی میں درجہ حرارت 50.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

    اماراتی موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ مئی 2009 میں سب زیادہ 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا ریکارڈ بنا تھا، حکام نے لوگوں کو گرمی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

    https://urdu.arynews.tv/met-dept-predicts-heat-will-continue-for-next-three-days/

  • یواے ای نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا

    یواے ای نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا

    اسلام آباد : متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کا قرض ایک بار پھر رول اوور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے مزید ایک سال کیلئے دو ارب ڈالر رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے یواےای نے دو ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے ہیں، ان ڈپازٹس کی مدت جنوری دو ہزار پچیس میں ختم ہو رہی تھی۔

    مرکزی بینک نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے زخائر 11.69 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.72 ارب ڈالر پر پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے زخائر 4.2 کروڑ ڈالر اضافے سے 4.72 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ملکی مجموعی ذخائر 7.3 کروڑ ڈالر اضافے سے 16.45 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات ہوئی ، یواےای کے صدر سے مثبت گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی تعلقات، سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    وزیراعظم نے بتایا تھا کہ یواے ای صدر نے کہا ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور سرمایہ کاری میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ساتھ جنوری میں جو 2 بلین ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے اس میں توسیع کررہے ہیں، 2 بلین ڈالر کی ادائیگی میں وقت دینے پر یواے ای صدر کے شکر گزار ہیں۔

  • یواے ای کی جانب سے رواں ہفتے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان

    یواے ای کی جانب سے رواں ہفتے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان

    اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لئے رواں ہفتے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے رواں ہفتے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ یو اے ای کی جانب سے 2 ارب ڈالر قرض ایک سال کیلئے مؤخر کیا جائے گا، اس سلسلے میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے صدر یواے ای کو خط لکھا تھا۔ ذرائع وزارت خزانہ

    یو اے ای سے 2 ارب ڈالر قرض 23 جنوری تک میچیور ہورہا تھا، یو اے ای کو 1 ارب ڈالر پر 3 فیصداور 1 ارب ڈالر پر 6.5 فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔

    وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی قرض رول اوور کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے ، وزارت خزانہ حکام رواں ہفتے 2 ارب ڈالر قرض مؤخر ہونے کیلئے پرامید ہیں۔

  • یو اے ای میں نئی نوکریوں کا اعلان

    یو اے ای میں نئی نوکریوں کا اعلان

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اتحاد ریل سروس نے درجنوں نئی نوکریوں کو اعلان کر دیا ہے۔

    کمپنی نے اماراتی باشندوں کی فلاح و ترقی کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے تربیتی و روزگار پروگرام متعارف کروایا ہے۔

    اس پروگرام کے تحت ٹھکیدار اور دیگر شراکت دار وں نے مشترکہ طور پر ریلوے نیٹ ورک کے ڈیزائن کی تیاری کے سلسلے میں منصوبے کے مختلف شعبوں میں 50 سے زائد اہل افراد کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اتحاد ریل یونیورسٹی کے گریجویٹس مرد و خواتین کو انجینئرنگ کے شعبے میں تین سالہ ٹریننگ پروگرام کے لیے بھرتی کرے گی اور کورس کی تکیمل کے بعد انہیں عالمی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کی ریاست میں دو چھٹیوں کا اعلان

    چیف کوآپریٹ سپورٹ آفیسر اتحاد ریل سعید الاحبابی نے کہا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ مقامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر ہم اس منصوبے میں 50 اضافی نوکریوں کا سنہری موقع فراہم کررہے ہیں۔

    ملازمت کے خواہشمند افراد اس ای میل پر [email protected] اپنی سی وی ارسال کریں۔

  • دنیا کے سب سے بڑے دبئی شاپنگ مال میں پانی بھر گیا

    دنیا کے سب سے بڑے دبئی شاپنگ مال میں پانی بھر گیا

    دبئی : متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں آئندہ چند روز تک مزید بارش کا امکان ہے، حکام نے ڈرائیوروں اورعوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، گزشتہ روزکی طوفانی بارش کے بعد لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں آئندہ چند روز تک بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے، حکام نے بارش کے پیش نظرڈرائیورز اورعوام کوخصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

    گزشتہ روزدبئی میں موسلادھاربارش نے دبئی میں جل تھل ایک کردیا تھا ، دنیا کے سب سے بڑے دبئی شاپنگ مال میں بھی پانی بھرگیا جبکہ نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے تھے ، سڑکوں پر رش کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    مزید پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں تباہ کن بارشیں، نظام زندگی مفلوج

    بارشوں کی وجہ سے نکاسی کا نظام بری طرح سے متاثر ہوا اور سڑکوں پر تین سے چار فٹ پانی کھڑا ہوگیا، تاہم کسی بھی علاقے میں خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا، خلیج ٹائمز کی جانب سے برسات کی تباہ کاریوں کے حوالے سے ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔

    بارشوں کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے حکام نے تمام تعلیمی اداروں اور نجی و سرکاری دفاتروں کل بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

  • بچے کو تھپڑ مارنے پر لاکھوں روپے جرمانہ

    بچے کو تھپڑ مارنے پر لاکھوں روپے جرمانہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کی مقامی عدالت نے بچے کو تھپڑ مارنے کے جرم میں خلیجی شخص کو لاکھوں روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے بچے کو تھپڑ رسید کرنے کے جرم میں ایک ماہ معطل قید کی سزا بھی سنائی ہے۔

    فجیرہ پولیس نے بچے کی شکایت پر عدالتی سمن بھیج کر مجرم کو تفتیش کے لیے بلایا اور پبلک پراسیکیوٹر نے اس پر بچے کے ساتھ نامناسب عمل کا الزام عائد کیا۔

    مجرم نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ ایک شاپنگ مال کے بیت الخلامیں رفع حاجت میں مصروف تھا کہ اس دوران دروازے پر زور زور سے دستک دی گئی جس پر اسے شرمندگی محسوس ہورہی تھی اور شدید غصہ آرہا تھا۔

    مجرم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی وہ بیت الخلا سے باہر آیا تو بچہ زور زور سے ہنسنے لگا، دراصل وہ اپنے دستوں کے ساتھ مل کر مزاق کررہا تھا جس پر وہ آگ بگولہ ہوگیا اور بچے کو سبق سکھانے کے لیے ہلکا سا تھپڑ مارا۔

    مجرم نے کہا کہ بچے کوتھپڑ مارنے کا مقصد اس کی تضحیک کرنا نہیں تھا بلکہ آئندہ ایسی شرارت کرنے سے روکنے کے لیے تھا۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر خلیجی شخص کو ایک ماہ معطل قید کی سزا اور 20 ہزار درہم یعنی قریباً ساڑھے آٹھ لاکھ روپے پاکستانی جرمانے کی سزا سنا دی۔

  • یواے ای میں 14 سال کا بچہ سمندرمیں ڈوب کرجاں بحق

    یواے ای میں 14 سال کا بچہ سمندرمیں ڈوب کرجاں بحق

    راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں ڈوبنے والے بچے کی میت دو روز کی جدو جہد کے بعد تلاش کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق جمعے کی دوپہر راس الخیمہ کےعلاقے الدہان میں دو بچے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے، ڈوبنے والے بچوں کی عمریں 14 اور 12 برس تھیں۔

    موقع پرموجود لوگوں نے 12 سالہ ایشیائی بچے کو بچا لیا تھا ، تاہم 14 سالہ عرب بچے کو نہیں بچا سکے تھے۔ پولیس کے مطابق انہیں جمعے کی شام چار بجے مدد کے لیے کال موصول ہوئی جس کے بعد ریسکیو کی کارروائی شروع کی گئی۔

    پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں ڈوبنے والے بچے کوتلاش کرلیا گیا تاہم اس وقت تک وہ موت کے منہ میں جاچکا تھا، ضروری کارروائی کے بعد بچے کی میت تدفین کے لیے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ۔ دوسرا بچہ جسے موقع پر بچایا گیا تھااس کی شناخت صالح علی صالح کے نام سے ہوئی ہے،  اسے وہیں طبی امداد فراہم کردی گئی۔

    پولیس کے مطابق یہ دونوں بچے ممنوعہ علاقے میں نہارہے تھے۔ ساحل کے اس علاقے میں زبردست لہریں پیدا ہوتی ہیں جس کے سبب اس علاقے کو خطرناک قرار دیا گیا ہےاور تیراکی سے ممانعت کی ہدایات بھی آویزاں ہیں۔

    اس واقع کے بعد پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ ساحل پر ممنوعہ علاقوں سے دور رہیں اور تیراکی کے دوران تمام ضروری حفاظتی انتظامات ضرور اختیار کریں ، انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو کسی بھی صورت ممنوعہ علاقے میں نہانے کی اجازت ہر گز نہ دیں۔

  • سعودی عرب سمیت 7 عرب ممالک نےقطرسےسفارتی تعلقات منقطع کردیے

    سعودی عرب سمیت 7 عرب ممالک نےقطرسےسفارتی تعلقات منقطع کردیے

    ریاض: سعودی عرب اور مصر سمیت 7 عرب ممالک نے سیکیورٹی وجوہات پر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے۔

    تفصیلات کےمطابق سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،بحرین اور مصر نے سیکیورٹی وجوہات کی بناپر قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے۔

    غیر ملکی خیر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحدیں بھی بند کر دی ہیں جو ممکنہ طور پر سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے تک بند رہیں گی۔

    بحرین نے قطرپر دہشت گردوں کی مدد اور اندورنی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیاہےاور قطرکےشہریوں کو 14روز میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے قطرسے زمینی،ہوائی اور بحری رابطے منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئےکہاہےکہ یہ اقدام قومی سلامتی کے پیش نظر اٹھایاگیا۔

    ادھر قطرکی یمن میں مشترکہ فوجی کارروائی میں شرکت منسوخ کرتے ہوئےسعودی اتحادمیں شریک قطری فوجی دستوں کونکال دیاگیا ہے۔

    واضح رہےکہ سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نےقطرپرالقاعدہ اور داعش کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔