Tag: یوراگوئے

  • لاطینی ملک میں سائنو ویک کرونا ویکسین انتہائی مؤثر ثابت

    لاطینی ملک میں سائنو ویک کرونا ویکسین انتہائی مؤثر ثابت

    مونٹی ویڈیو: جنوبی امریکی ملک یوراگوئے نے منگل کو ایسا حقیقی ڈیٹا پیش کر دیا ہے جو چینی کرونا ویکسین سائنو ویک اور امریکی و جرمن کمپنیوں فائزر، بائیو این ٹیک کی ویکسین کے شان دار اثرات پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوراگوئے نے سائنو ویک کی کرونا ویکسین سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین ان کے لوگوں میں شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں اور اموات کو روکنے میں 90 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

    ڈیٹا کے مطابق چینی ویکسین کے ٹیکوں سے اموات میں 95 فی صد کمی اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں میں 92 فی صد کمی واقع ہوئی، جب کہ کرونا انفیکشنز ختم کرنے میں بھی اس نے 61 فی صد افادیت دکھائی۔

    جاری رپورٹ کے مطابق ویکسین کی افادیت کے حوالے سے اس حقیقی ڈیٹا کے حصول کے لیے ان لوگوں کا موازنہ جنھیں ویکسین نہیں لگائی گئی، ان لوگوں سے کیا گیا جنھیں ویکسین کے دونوں ڈوز دی گئیں، اور یہ موازنہ دوسری ڈوز سے کم از کم 14 دن بعد کیا گیا، ویکسین حاصل کرنے والوں میں ہیلتھ کیئر ورکرز اور عام لوگ بھی شامل تھے جن کی عمریں 18 برس سے 69 برس کے درمیان تھیں۔

    یوراگوئے حکومت نے فائزر/بائیو این ٹیک ویکسین کا بھی مطالعہ کیا، اس کے لیے 1 لاکھ 62 ہزار ہیلتھ ورکرز اور عام لوگوں کا مشاہدہ کیا گیا، جن کی عمریں 80 سال تک تھیں۔ یہ ویکسین اموات اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں کو روکنے میں 94 فی صد تک مؤثر ثابت ہوئی، اور اس کے استعمال سے انفیکشنز ہونے کی تعداد میں 78 فی صد کمی آئی۔

    سرکاری رپورٹ کے مطابق جن شہریوں کی مکمل ویکسینیشن ہوئی، ان میں مجموعی طور پر 90 فی صد سے زائد تک اموات اور شدید بیماری کی حالت میں اسپتال داخلوں میں کمی آئی۔

    واضح رہے کہ اس چھوٹے سے لاطینی ملک کی آبادی 35 لاکھ ہے، اس نے گزشتہ برس سخت لاک ڈاؤن کے ذریعے کرونا کی وبا کو بڑی حد تک قابو میں رکھا، تاہم رواں برس کرونا کیسز میں بہت اضافہ دیکھنے میں آیا اور حالیہ ہفتوں میں یوراگوئے کرونا وائرس سے (فی دس لاکھ آبادی میں) مرنے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے سر فہرست ملکوں کی صف میں جا کھڑا ہو گیا تھا۔

    یوراگوئے میں اب تک 52 فی صد آبادی کو کرونا وائرس کی ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے، جب کہ ویکسینز میں سائنو ویک، فائزر بائیو این ٹیک، اور آسٹرا زینیکا شامل ہیں، جو کہ اس ملک کو کوویکس کے ذریعے ملی تھیں۔ اب تک صرف 29 فی صد آبادی کی مکمل ویکسینیشن ہوئی ہے۔

  • کرونا وبا: والدین نے بیٹی کی سال گرہ کیسے منائی؟

    کرونا وبا: والدین نے بیٹی کی سال گرہ کیسے منائی؟

    یوراگوئے: جنوبی امریکی ملک میں کرونا وبا کے دوران ایک انوکھی سال گرہ نے لوگوں کی توجہ کھینچ لی، والدین نے بیٹی کو خوش کرنے کے لیے انوکھا انداز اختیار کرتے ہوئے انسانی کیک تیار کر لیا۔

    سال گرہ مناتے ہوئے 15 سالہ اینا کلارا جذباتی ہو کر رو پڑی

    تفصیلات کے مطابق یوراگوئے کے دارالحکومت مونٹی ویڈیو میں والدین نے اپنی بیٹی کی 15 ویں سال گرہ انوکھے انداز میں منائی، سال گرہ کا تحفہ دیکھ کر ان کی بیٹی جذباتی ہو کر رو پڑی۔

    اینا کلارا کے دوست اور محلے والے انسانی کاسٹیوم کیک کے گرد رقص کر کے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں

    الیگزز اور ان کی بیوی اسٹیلا نے مل کر بیٹی اینا کلارا کی 15 ویں سال گرہ منانے کے لیے انسانی کیک کاسٹیوم تیار کیا، جس نے گلیوں میں گھوم پھر کر کلارا کی سال گرہ کو چار چاند لگا دیے۔

    کرونا وبا کے دوران گھر سے باہر محلے میں سال گرہ منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے باعث بڑی تقریبات پر پوری دنیا میں پابندی عائد ہے، تاہم یوراگوئے کی اس فیملی نے سال گرہ گھر سے باہر محلے میں منائی، جس میں محلے والے بھی شریک ہوئے اور وہ دل چسپی سے اس تقریب کا حصہ بنے، تاہم لوگوں نے ماسک پہن رکھے تھے۔

    بیٹی کی سال گرہ کے لیے انسانی کاسٹیوم کیک گھر لاتے ہوئے

    اینا کلارا کے دوستوں اور محلے والوں نے انسانی کیک کے گرد رقص بھی کیا اور تقریب کا خوب لطف اٹھایا۔

    یوراگوئے میں والدین اپنی بیٹی کی خوشی کے لیے انسانی کاسٹیوم کیک تیار کر رہے ہیں

    اس سلسلے میں میڈیا میں چھپنے والی دل چسپ تصاویر نے بھی لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچی۔