Tag: یوروگوئے

  • دنیا کے غریب ترین صدر چل بسے

    دنیا کے غریب ترین صدر چل بسے

    یوروگوئے کے سابق صدر اور عالمی سطح پر دنیا کے غریب ترین صدر حوزے موجیکا 89 برس کی عمر میں چل بسے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق گوریلا لیڈر اور دنیا کے غریب ترین صدر حوزے موجیکا انتقال کر گئے، انہیں سادہ زندگی گزرنے کے باعث عالمی سطح پر دنیا کے غریب ترین صدر کے طور پر جانا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حوزے موجیکا تنخواہ کا بیشتر حصہ خیرات کر دیتے تھے اور ایک سادہ گھر اور گاڑی رکھتے تھے۔

    نواسی برس کے حوزے موجیکا کے انتقال کی خبر یوروگوائے کے موجودہ صدر یاماندو اورسی نے سوشل میڈیا پر دی، انہوں نے لکھا حوزے موجیکا نے جو کچھ ہمیں دیا، اور اپنے عوام سے جو گہری محبت کی، اس کیلئے شکر گزار ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یوروگوئے کے سابق صدر حوزے موجیکا غذائی نالی کے کینسر میں مبتلا تھے، وہ کرپشن ، دھوکے اور فراڈ سے پاک عوام کے حقیقی خادم تھے۔ ان کا کہنا تھا سیاست، کتابوں سے محبت اور زمین سےجڑے رہنے کا جذبہ انہیں اپنی والدہ سے ورثے میں ملا۔

    یوروگوئے ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کی آبادی محض 34 لاکھ ہے لیکن موجیکا کی عالمی شہرت غیرمعمولی تھی، وہ 2010 سے 2015 تک یوروگوئے کے صدر رہے، انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز روایتی نیشنل پارٹی سے کیا، جو بعد ازاں ان کی حکومت کی مرکزِ راست (centre-right) اپوزیشن بنی۔

  • بیرون ملک سے آنے والی مریضہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی

    بیرون ملک سے آنے والی مریضہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی

    جنوبی امریکی ملک یوروگوئے میں پھیلنے والے کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ان میں سے نصف ایک ہی شخص سے رابطے میں آئے، ملک میں کرونا کے 392 مشتبہ کیسز کی جانچ کی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 57 سالہ فیشن ڈیزائنر کارمیلا ہونوٹو اسپین سے واپس آئی تھیں اور انہوں نے اسی روز ایک شادی میں شرکت کی جو یوروگوئے کے دارالحکومت میں منعقد کی گئی تھی، شادی میں 500 افراد نے شرکت کی۔

    رپورٹس کے مطابق 12 مارچ تک ملک میں کرونا وائرس کے صرف 4 کیسز تھے جو صرف ایک ہفتے میں بڑھ کر 79 ہوگئے، مزید 392 مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام نئے کیسز مذکورہ شادی کے بعد سامنے آئے ہیں۔

    جب ان خاتون سے رابطہ کر کے اس بارے میں ان سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ یوروگوئے پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی 84 سالہ دادی کے ساتھ لنچ بھی کیا جبکہ ایک اور پارٹی میں شرکت کی جہاں اور بہت سے لوگ تھے۔

    فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ ان کے حوالے سے کی جانے والی باتیں سراسر احمقانہ ہیں، ’اس جہاز میں اور بھی بہت سے لوگ سوار تھے جو سب دارالحکومت میں اترے ہیں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ جنوری میں انہیں بخار کی شکایت ہوئی تھی اور وہ اس کے لیے ڈاکٹر کے پاس گئی تھیں، انہوں نے اس سے پوچھا کہ کیا یہ کرونا وائرس کی علامت ہے تاہم ڈاکٹر نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے لوگوں کے تاثرات پر حیرانی ہورہی ہے جو یہ کہہ رہے ہیں کہ میں کوئی دہشت گرد ہوں جو سب کو قتل کرنے کے لیے وائرس ساتھ لائی ہوں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے پینل کوڈ کے آرٹیکل 224 کے تحت ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے جو متعدی امراض کے پھیلاؤ کے حوالے سے ہے۔

    حکام ان خاتون کے بیٹوں کو بھی شامل تفتیش کر رہے ہیں جو اپنی والدہ ہی کی طرح قرنطینیہ اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    یوروگوئے میں کرونا وائرس کے پیش نظر 2 ہفتوں کے لیے تعلیمی ادارے اور شاپنگ مالز بند کردیے گئے ہیں جبکہ یورپ اور امریکا سے آنے والی فلائٹس پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا تاہم نیشنل ڈاکٹرز یونین کی جانب سے لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

  • ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    بیونس آئرس: انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کےدرمیان سخت مقابلہ ہوا، یوروگوئے کی جانب سے ایڈنسن کوانی نے کھاتا کھولا، دوسرے ہاف میں اگویرو نے ارجنٹینا کا اسکور برابر کردیا۔

    اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز نے فری کک پر شاندار گول داغا، ارجنٹینا کے کپتان لائنل میسی نے انجری ٹائم میں ٹیم کو شکست سے بچا لیا، میسی نے پیلنٹی پر گول اسکور کیا۔ دوسری جانب یورپین چیمپئن شپ کوالیفائینگ میچ میں اٹلی نے ارمینیا پر گول کی برسات کردی، اٹلی نے حریف ٹیم پر 3 نہ 6 بلکہ 9 گول اسکور کیے۔

    خیال رہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    یاد رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔