Tag: یورپی یونین

  • یورپی یونین کا ایران کے خلاف پابندیاں لگانے پر غور

    یورپی یونین کا ایران کے خلاف پابندیاں لگانے پر غور

    برسلز: یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ایران کے خلاف یورپ میں دو ناکام حملوں کی پاداش میں پابندیاں لگانے کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق رائے ظاہر کردیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپ میں ناکام حملوں کی ذمہ داری ایرانی خفیہ اداروں پر عائد کی گئی تھی، اس پیش رفت کے بعد ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کے مطالبات زور پکڑتے جارہے ہیں۔

    یورپی پارلیمنٹ کے کم سے کم 15 ارکان نے ان حملوں کے حوالے سے یورپی یونین کی خاموشی اور ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہدف تنقید بنایا تھا۔

    دوسری جانب ڈنمارک حکومت یورپی یونین میں اپنے اتحادیوں سے تہران کو سزا دینے کے لیے مشورے کررہی ہے، ایران پر تین حکومت مخالف کارکنوں کو ڈنمارک کی سرزمین پر قتل کیے جانے کا الزام تھا۔

    یہ پڑھیں: فرانس نے ایرانی انٹیلی جنس کے اثاثے منجمد کردئیے

    یورپی یونین میں خارجہ امور کی نگران فیڈ بریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ ڈنمارک میں جو کچھ ہوا وہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔
    یورپی یونین کی اعلیٰ عہدیدار کا یہ بیان ایران کے خلاف یورپ کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کا عندیہ سمجھا جارہا ہے۔

    یورپی سفارت کاروں نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ اتحاد کے وزرائے خارجہ نے گزشتہ روز دو ایرانی شہریوں پر فرانس میں بم دھماکے کا منصوبہ تیار کرنے کی پاداش میں سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، ایسا فیصلہ اتحاد میں شامل دوسرے ملکوں کی جانب سے بھی ملتے جلتے اقدامات کی راہ ہموار کردے گا۔

    واضح رہے کہ رواں سال امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں لگانے کے بعد سے یورپی یونین تہران کے ساتھ محتاط انداز میں معاملات چلا رہا تھا۔

  • یورپی سربراہی اجلاس، بریگزٹ معاملے پر اختلافات بدستور برقرار

    یورپی سربراہی اجلاس، بریگزٹ معاملے پر اختلافات بدستور برقرار

    برسلز: آسٹریا میں یورپی سربراہی اجلاس ہوا جس میں یورپ اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاملے پر اختلافات اور تناؤ بدستور برقرار رہا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے شہر برسلز میں دو روزہ یورپی سربراہی اجلاس آج ختم ہوگیا جس میں بریگزٹ معاملے پر عدم اتفاق ختم نہ ہوسکا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سمیت یورپی ممالک کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کا کہنا تھا کہ بریگزٹ معاملے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں، اگلا مہینہ اس کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    دو روزہ اجلاس میں بریگزٹ کے علاوہ دیگر اہم موضوعات زیر بحث آئیں، جن میں مہاجرت کا سنگین مسئلہ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام بھی شامل ہے۔

    سمٹ میں موجود دیگر رہنماؤں نے یورپ کے مہاجرین مسئلے پر موثر حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا، اور غیر قانونی طور پر یورپ داخل ہونے والے کے خلاف سختی پر زور دیا۔

    بریگزٹ مذاکرات، برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے گنجائش کا مطالبہ کردیا

    خیال رہے کہ دو روز قبل بریگزٹ مذاکرات سے متعلق برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے یورپی یونین سے گنجائش نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    تھریسا مے نے کہا تھا کہ لندن حکومت نے آگے بڑھ کر معاملے کے حل کی بات کی ہے، اب یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ بھی کچھ لچک دکھائے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا تھا کہ تھریسا مے کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا کر ریمورٹ برسلز کے ہاتھ میں تھما دیا ہے۔

  • یورپی یونین نے فلپائن کے لیے 20 لاکھ یورو امداد کا اعلان کردیا

    یورپی یونین نے فلپائن کے لیے 20 لاکھ یورو امداد کا اعلان کردیا

    برسلز : یورپی یونین نے مینگ کھٹ نامی طوفان کی زد میں آنے والے فلپائن کی امداد کے لیے 20 لاکھ یورو کی امدادی رقم کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے منگل کے روز خطرناک سمندری طوفان ’مینگ کھٹ‘ کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرنے اور متاثرین کی امداد کے لیے ہنگامی طور پر 20 لاکھ یورو کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلپائن کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دی جانے والی رقم انسانیت کے تحت یورپی یونین کی سماجی خدمات انجام دینے والی تنظیم کے ذریعے دی جائے گی جو پہلے سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ریسکیوں کررہی ہے۔

    یورپی یونین کے کمشنر کریسٹوس اسٹائیلنڈیز برائے انسانی امداد اور ہنگامی صورتحال کا کہنا ہے کہ مینگ کھٹ نامی سمندر طوفان سے متاثر فلپائن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے یورپی یونین مزید تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری امداد سیلاب متاثرین کو سر چھپانے کے لیے چھت، ہنگامی صورتحال میں استعمال کی جانے والی اشیاء کھانا اور پانی اور بھی فراہم کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن نے سیٹلائٹ نقشے کی مدد سے سیلاب کی تباہ کاریوں کا نشانہ بننے والے علاقوں میں ریسکیو اہکار بھیجے تھے تاکہ متاثرین کی امداد کی جائے۔

    خیال رہے کہ فلپائن میں آنے والے سمندری طوفان کے باعث منگل روز ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوگئی تھی جبکہ فلپائن کی ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیمیں لاپتہ ہونے والے درجنوں افراد کو تلاش کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ مینگ کھٹ نامی طوفان نے فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد ہانگ کانگ کا رخ کرلیا تھا، مینگ کھٹ نے ہانگ کانگ سمیت جنوبی چین میں بھی تباہی مچائی تھی، طوفان کے باعث دو افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

  • بریگزٹ: آئندہ برس برطانوی ڈرائیونگ لائسنس یورپی یونین میں کارآمد نہیں ہوگا

    بریگزٹ: آئندہ برس برطانوی ڈرائیونگ لائسنس یورپی یونین میں کارآمد نہیں ہوگا

    لندن : بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں مارچ 2019 کے بعد سے برطانوی ڈرائیوروں کو یورپی یونین میں گاڑی چلانے کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کی ضرورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ معاہدہ طے نہ ہونے کی صورت میں مارچ 2019 کے بعد برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس یورپی یونین میں کار آمد نہیں ہوگا۔

    برطانوی حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں 6 ماہ باقی ہوں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اگر بریگزٹ معاہدہ طے نہیں ہوپایا تو برطانوی ڈرائیوروں کو یورپی یونین میں گاڑی چلانے کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔

    نیشنل آڈٹ آفس کی سابقہ رپورٹ میں مشورہ دیا گیا تھا کہ 1 لاکھ سے 70 لاکھ کے قریب افراد کو بریگزٹ کے بعد پہلے ہی برس انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کی ضرورت ہوگی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ صدر ایڈمونڈ کنگ کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ مسئلے کے بعد چھٹیاں منانے کے لیے ملک سے باہر جانے والے برطانوی ڈرائیوروں پر مزید بوجھ پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ برس 5.50 پاؤنڈ قیمت میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے ڈرائیوروں کی پوسٹ آفس پر بہت زیادہ بھیڑ ہوگی اور امید ہے کہ ڈرائیوروں کے دستاویزات جب انٹرنیشنل پرمٹ کے لیے جائیں گی تو اس میں وقت لگے گا۔

    برطانیہ کے وزیر برائے بریگزٹ امور ڈومنیک راب نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نومبر تک برسلز کے ساتھ بریگزٹ ڈیل کرلیں لیکن اگر ایسا نہیں ہو سکا تو ہمیں ہنگامی منصوبہ بندی ہوگی۔

    خیال رہ کہ چند روز قبل برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے برطانوی خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والے کالم میں تھریسا مے کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا کر ریمورٹ برسلز کے ہاتھ میں تھما دیا ہے۔

  • امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    برسلز : یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے کہا ہے کہ امریکا جولائی میں برسلز اور واشنگٹن کے ہونے والی ملاقات کے بعد یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک کی مصنوعات خصوصاً گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کیے جانے پر امریکا کو بھرپور جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ایک ماہ قبل امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ٹرمپ انتظامیہ یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر نے جرمن نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں پر محصولات عائد کرے گا تو یورپ بھی اس کا جواب دے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل یورپی یونین کے سربراہ برائے تجارت سیسیلیا ملسٹروم نے اعلان کیا تھا کہ یورپ امریکی ساختہ گاڑیوں پر لگائے جانے والے محصولات ختم کرنے کو تیار ہے۔

    یورپی ہائی کمشنر برائے تجارت نے یورپی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ترک کرکے یورپی ساختہ گاڑیوں پر عائد حصولات ختم کرتا ہے تو یورپ بھی امریکا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر عائد ٹیکس ختم کردے گا۔

    یاد رہے کہ 25 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی اشیاء پر نئے محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے یورپی کمیشن کے چیف جین کلاؤڈ جنکر کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں سربراہوں نے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    امریکا کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے یورپ اور امریکا کے درمیان نئے تعلقات، بغیر ٹیکس کے تجارت کرنے کے ساتھ ساتھ سروس سیکٹر اور زراعت کے شعبے میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے جس میں امریکا کی سویا بھی شامل ہے۔

  • جرمنی سے معاہدہ، اسپین تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے راضی

    جرمنی سے معاہدہ، اسپین تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے راضی

    میڈرڈ/برلن : جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ تارکین وطن سے متعلق اسپین اور جرمنی کا مؤقف وہی ہے جو یورپ کا ہے، متحد ہوکر کام کرنے سے یورپ اور یورپی عوام کا مستقبل مزید بہتر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی تارکین وطن کے معاملے پر جرمن چانسلر کا مؤقف ہے کہ جرمنی اور اسپین تارکین وطن سے متعلق بحران کو حل کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والا معاہدہ مہاجرین کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمنی کی چانسلر اینجیلا مرکل نے گذشتہ روز اسپین کے وزیر اعظم سے ہسپانوی شہر شلوقہ میں ملاقات کی جہاں یورپ کو غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے درپیش پر مسائل پر گفتگو کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر سے ملاقات اور معاہدے کے بعد اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز کی جانب سے جرمنی میں موجود ان تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے آمادہ ہوگئے ہیں جو پہلے سے اسپین میں رجسٹرڈ ہیں۔

    جرمن چانسلر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی مہاجرین کے معاملے پر اسپین اور جرمنی کا مؤقف وہی ہے جو یورپی یونین کا ہے اور ایسے متحد ہوکر امور انجام دینے سے یورپ اور یورپی عوام کا مستقبل مزید بہتر ہوگا۔

    خیال رہے کہ جرمنی سے معاہدے کے بعد اسپین پہلا ملک ہے جو جرمن میں موجود تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے تیار ہوا ہے۔

  • یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    پیرس: یورپی یونین کی جانب سے اپنے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو یورپی شہریت کم دیں اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس بلاک سے باہر کی ریاستوں کے باشندوں کو یورپی شہریت کم دیں اور اس عمل میں بہت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف ’ویرا جوروا‘ نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور یورپی کمیشن کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ یورپ میں ’گولڈن پاسپورٹ‘ کا اجراء زور پکڑتا جا رہا ہے۔

    نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسے غیر ملکیوں کی صورت میں یورپ میں ممکنہ طور پر بہت خطرناک افراد بھی آزادانہ گھومتے پھرتے رہیں۔


    ایران پر امریکی پابندیاں یورپی یونین نے مسترد کردیں


    ویرا جوروا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے بلاک میں شامل ایسے بھی ممالک ہیں جو ان غیر ملکیوں کو زیادہ سے زیادہ شہریت دے رہے ہیں جو ان کے ملک میں بھاری سرماریہ کاری کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یونین کے قبرص، مالٹا اور یونان جیسے ممالک میں ایسا ہوتا ہے کہ وہاں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو طویل المدتی رہائشی ویزے یا مقامی شہری حقوق بھی دے دیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکی اکثر ایسے چینی، روسی یا سابق سوویت یونین کی ریاستوں کے شہری ہوتے ہیں۔

  • یورپی یونین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ

    یورپی یونین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ

    اسلام آباد: پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس کوٹین نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کرتے ہوئے انتخابات میں جیتنے پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق جین فرینکوئس جو کہ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ہیں، نے اسلام آباد میں عمران خان سے ملاقات کی۔ یورپی یونین کے سفیر نے ملاقات میں عمران خان کو انتخابات میں کام یابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

    جین فرینکوئس نے آج پیر کے روز بنی گالہ میں ملاقات کے دوران وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار عمران خان کی نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

    عمران خان اور یورپی یونین کے سفیر کے درمیان باہمی دل چسپی کے متعدد امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

    جین فرینکوئس نے کہا کہ یورپی یونین کی پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرنے میں دل چسپی ہے، یورپی یونین سیکورٹی، معیشت، تعلیم اور دیہی ترقی میں اشتراک کے لیے تیار ہے۔

    یورپی یونین کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس منصوبے پر یورپی یونین کو اعتراض نہیں، پاکستان میں ترقی و استحکام کے خواہاں ہیں۔

    عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم نامزد کردیا گیا


    چیئرمین تحریکِ انصاف کی جانب سے یورپی یونین سفیر کا خیر مقدم کیا گیا، عمران خان نے مبارک باد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر یورپی یونین کے سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق یورپی یونین کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی شریک تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور اتحادی جماعتوں نے آج چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں منعقد ہونے والی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزارتِ عظمیٰ کے منصب کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئیں

    تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئیں

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے بریگزٹ ڈیل سے متعلق معاملات طے کرنے کےلیے آسٹریا پہنچ گئیں جہاں آسٹرین چانسلر اور  وزیر اعظم چیک ریپبلک سے ملاقات بھی کریں گییں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے اپنی سرکاری چھٹیوں پر جانے سے قبل آج یورپی یونین کے رکن ملک آسٹریا کے شہر سالسبرگ میں آسٹرین چانسلر سے ملاقات کریں گی جس میں بریگزٹ ڈیل سے متعلق گفتگو کی جائے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے آسٹرین چانسلر کی مہمان کے طور پر سالسبرگ میں منعقد ہونے والے میوزیکل فیسٹول میں شرکت بھی کریں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے آسٹریا میں چانسلر کرز اور چیک ری پبلک کے وزیر اعظم اینڈریج بابس سے بھی بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے بات چیت کریں گی،

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے کا خیال ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے بنائے گئے منصوبے پر آسٹریا اور چیک ریپبلک کی حمایت حاصل کرلیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے چیف جین کلاؤڈ جنکر نے تھریسا مے کے بریگزٹ منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔

    برطانوی حکام اور یورپی یونین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ رواں برس اکتوبر تک بریگزٹ سے متعلق حتمی معاہدہ طے کرلیا جائے، کیوں کہ مارچ 2019 میں برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بریگزٹ ڈیل کے حوالے یورپی یونین اور برطانوی حکام کی تیاری مذاکرات کے اختتام جاری رہے گی چاہیے معاہدہ نہ بھی ہوسکے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ مذاکرات خود کرنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا تھا، جب وفاقی کابینہ میں بیشتر وزراء استعفے دے رہے ہیں اور بریگزٹ ڈیل میں مسلسل تاخیر کے باعث عوام میں بھی بے چینی پائی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امریکا اور یورپی یونین کے درمیان نیا تجارتی معاہدہ

    امریکا اور یورپی یونین کے درمیان نیا تجارتی معاہدہ

    یورپ/امریکا : یورپی کمیشن کے چیف نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران سروس سیکڑ  اور  زراعت کے شعبے میں اضافے کے ساتھ ساتھ زیرو ٹیکس پر تجارت کرنے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی اشیاء پر نئے محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے یورپی کمیشن کے چیف جین کلاؤڈ جنکر کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں سربراہوں نے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    امریکا کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے یورپ اور امریکا کے درمیان نئے تعلقات، بغیر ٹیکس کے تجارت کرنے کے ساتھ ساتھ سروس سیکٹر  اور  زراعت کے شعبے میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے جس میں امریکا کی سویا بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ نئے معاہدوں کے نتیجے میں دونوں اتحادیوں کے درمیان قائم تنازعات میں کمی آئے گی۔

    امریکی صدر اور یورپی کمیشن کے چیف نے واضح کیا کہ جب تک دونوں اتحادیوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے امریکا اور  یورپی یونین نئے محصولات عائد نہیں کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے چیف جین کلاؤڈ جنکر کا امریکا جانے کا مقصد دونوں اتحادیوں کے درمیان قائم تجارتی کشیدگی کو ختم کرنا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر یورپ سے درآمد ہونے والی اشیاء پر محصولات عائد کردیئے تھے جس میں ایلمونیم اور لوہا شامل تھا، دوسری جانب یورپی یونین سے امریکی صدر کے اقدامات کا جواب دیتے ہوئے امریکی اشیاء پر ٹیکس لگادیئے تھے جس میں جینز  اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یورپ کی جانب سے امریکی اشیاء پر ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں اور اضافی پرزہ جات پر محصولات لگانے کی دھمکی دی تھی، جس سے جرمنی کی کارساز کمپنی سب سے زیادہ متاثر ہوتی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے لیے نرم گوشہ رکھنے پر امریکا اور یورپی یونین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہورہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں