Tag: یورینیم کی افزودگی

  • ایران کا پُرامن مقاصد کیلئے جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

    ایران کا پُرامن مقاصد کیلئے جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

    ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی کا کہنا ہے تہران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے (این پی ٹی) کا پابند رکن بنا رہے گا۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جرمنی کے اے آر ڈی براڈکاسٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے تخت روانچی نے یورینیم کی افزودگی سمیت ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کے خیال کی تردید کی۔

    ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کو جارحیت اور جرم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو کسی صورت روکا نہیں جائے گا۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی کا کہنا ہے تہران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے کو برقرار رکھےگا اور این پی ٹی فریم ورک کے تحت توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور پُرامن مقاصد کیلئے یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔

    تخت روانچی نے زور دے کر کہا کہ جب تک ہم جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے دائرہ کار میں رہتے ہیں ہمیں کوئی نہیں بتا سکتا کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

    ماجد روانچی نے واضح کیا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہم مذاکرات کی خاطر مذاکرات نہیں کرتے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جواب کے لیے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کریں گی۔

    سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اپنے ملک کے خلاف جارحیت کی مذمت کرتا ہوں۔

  • ایرانی صدرکا جوہری ہتھیاروں سے متعلق اہم بیان

    ایرانی صدرکا جوہری ہتھیاروں سے متعلق اہم بیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز عمانی ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی ایران کو یورینیم کی افزودگی سے نہیں روک سکتا۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران ایسے تمام دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اپنے یورینیم کی افزودگی کے حق پر قائم ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔

    پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا، نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے، کیوں کہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے۔ تاہم وہ، طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دست بردار نہیں ہو گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ سے کسی معاہدے کے قریب ہونے کی خبروں پر کہا کہ وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ایران سفارتی حل کے لیے سنجیدہ ہے، مگر کسی بھی معاہدے میں تمام پابندیوں کے خاتمے اور یورینیم کی افزودگی کی اجازت کی شرط ہونی چاہیے۔

    ادھر ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی شمخانی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکی صدور ایران کے جوہری ڈھانچے کو تباہ کرنے کے خواب دیکھتے رہے ہیں، مگر ایران کی سرخ لائنیں واضح ہیں اور اس کے دفاع مضبوط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت ترقی، مفاد اور عزت کو فروغ دیتی ہے، نہ کہ دباؤ یا دست برداری کو۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو ایران پر ممکنہ حملے سے روک دیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کو ایران پر کسی ممکنہ حملے کے خلاف خبردار کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس میں بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے کہا ”میں نے نیتن یاہو کو ایران پر کسی ممکنہ حملے کے خلاف خبردار کیا ہے، تہران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کے دوران اسرائیلی حملہ مناسب نہیں ہوگا، ہماری ایران کے ساتھ اچھی بات چیت جاری ہے۔“

    ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو تختہ دار پر لٹکا دیا

    روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ”گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایسے اقدامات نہ کریں جس سے ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں خلل پڑ سکے۔“ ٹرمپ نے کہا ”میں نے ان سے کہا کہ یہ ابھی کرنا نامناسب ہوگا، کیوں کہ ہم ابھی ایک حل کے بہت قریب ہیں، اور یہ کسی بھی لمحے بدل سکتا ہے۔“

  • امریکی ایلچی نے ایران سے بڑا مطالبہ کردیا

    امریکی ایلچی نے ایران سے بڑا مطالبہ کردیا

    امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات کو ختم کردیا جائے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔

    گزشتہ روز اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران سینٹری فیوجز نہیں رکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹمی معاملہ پر امریکی شرائط قبول کرنے کے سوا دوسرا آپشن نہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اگر اتوار کو ہونے والے مذاکرات کا اگلا دور نتیجہ خیز ثابت نہ ہوا تو ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکہ اور ایران اتوار کے روز ایٹمی معاملے پر دوبارہ مذاکرات کرنے جارہے ہیں۔ دونوں فریقین کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ چوتھا دور عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوگا جو امریکی صدر کے خطے کے دورے سے چند روز قبل ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف مذاکرات کے چوتھے دور کے انعقاد کے لیے سلطنت عمان جائیں گے۔

    ایرانی وزیر خارجہ آج قطر اور سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے زور دے کر کہا کہ تہران نے مسقط میں اتوار 12 مئی کو ہونے والے اگلے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔