Tag: یوم آزادی

  • وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار کا یومِ آزادی پر منفرد انداز

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار کا یومِ آزادی پر منفرد انداز

    سوات :وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے یوم آزادی پر منفرد انداز اپناتے ہوئے تفریحی مقام مالم جبہ میں قومی پرچم تھام کر زپ لائن پر سواری کی اور کہا حسین وادیوں کی سیر اور نظاروں سے یوم آزادی کا مزہ دوبالا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار مالم جبہ پہنچے اور پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، عثمان ڈار کی جشن آزادی پر تقریب میں بھی شرکت کی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے یوم آزادی پر منفرد انداز اپناتے ہوئے تفریحی مقام مالم جبہ میں قومی پرچم تھام کر زپ لائن پر سوار ہوئے، عثمان ڈار نے کہاقومی دن پر حسین نظاروں،خوبصورت وادیوں میں گھومنےکاپلان بنایا، خدا نے پاکستان کو زبردست حسن و جمال سے نواز رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا گھوم چکا ہوں،پاکستان جیسے حسین نظارےکہیں نہیں دیکھے، ملکی سیاحت کو فروغ دینےکی پالیسی پر تیزی سے کام جاری ہے، دعوے سے کہہ سکتا ہوں پاکستان سیاحوں کیلئےجنت سے کم نہیں، حسین وادیوں کی سیر،نظاروں سے یوم آزادی کا مزہ دوبالا ہو گیا۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کےویژن کےمطابق ملک بھرمیں 1ارب درخت لگائیں گے، پوری دنیاگھوما مگر مالم جبہ جیسےخوبصورتی میں نے کہیں نہیں دیکھی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کیلئے2کروڑ 50لاکھ روپےتک قرضہ دیا جارہا ہے ، جن نوجوانوں کےپاس ہنرنہیں انھیں سیکھایا جائے گا۔

  • آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے: بلاول بھٹو زرداری

    آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے: بلاول بھٹو زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے، پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 74 ویں یوم آزادی پر قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے، ہماری قوم کے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت و افادیت سے واقف ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، قوم کو یہ عزم تحریک آزادی سے وراثت میں ملا ہے، پاکستان کی تحریک آزادی ایک پر امن سیاسی جدوجہد تھی۔

    آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ملک کا نظام بنارہے ہیں، عمران خان

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا قائد اعظم کی زیر قیادت آبا و اجداد نے سامراج کی زنجیریں توڑی تھیں، تاکہ آئندہ نسلوں کو جبر، مذہبی امتیاز اور زیادتیوں سے محفوظ رکھا جا سکے، تاکہ ہم ووٹ کی طاقت کے ذریعے حکومتوں کا احتساب کر سکیں، اور ہمیں بلا تاخیر انصاف کی فراہمی یقینی ہو۔

    بلاول بھٹو نے کہا دور اندیشی اور خود احتسابی زندہ قوموں کی اوصاف ہوتی ہیں، آٹا، چینی، پٹرول جیسی اشیا آج مافیاز کے کنٹرول میں کیوں ہیں، 74 ویں یوم آزادی پر عوام سوال اٹھا رہے ہیں، سوال ہے بھوک، غربت کے خاتمے پر ریاستی وسائل کیوں خرچ نہیں کیے جا رہے۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آمریت اور نظریہ ضرورت ہر چند سال بعد سر اٹھا کر سامنے آتے رہتے ہیں، جب تک قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوں گے ملک بحرانوں کا شکار رہے گا۔

  • یوم آزادی ، گورنرسندھ  اوروزیراعلیٰ سندھ  کی مزارِ قائد پر حاضری

    یوم آزادی ، گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری

    کراچی : جشن آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کوروناکی وجہ سے 14اگست کی تقریب کو سادہ رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے73 ویں یوم آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی ، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، کمشنرکراچی افتخارشالوانی بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے، اس موقع پر مراد علی شاہ نے گرین قمیض اورسفید شلوار پہن رکھا تھا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آزادی پر ہمارے دلوں میں کشمیریوں کا دکھ ہے، ہم نے آج اس تقریب کو 2 وجوہات سے سادہ رکھا ،کورونا کی وجہ اور کشمیریوں کے دکھ کی وجہ سے، باورکرانا چاہتے ہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ امید ہے رب جلد مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرائے گا، بہت جلد پاکستان اپنا مقام حاصل کرلے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان کی 73 ویں آزادی کی سالگرہ ہے، کشمیرمیں بچےکی تصویرجو اپنے نانا کے سینے پر بیٹھا ہے، نے دنیا کوہلا دیا، بچے کے نانا کو بھارتی فوج نے قتل کیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ضرورت ہےکہ شہیدبھٹوکے بنائےآئین پر عمل کریں، 14اگست کی تقریب کوکوروناکی وجہ سے سادہ رکھاگیاہے ، یہ وبا گئی نہیں ہے، سب نے مل کر اس سےنجات حاصل کرنی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک سال سے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر پربے پناہ مظالم ڈھائے ، بچے کی تصویر نے پوری دنیا کے دل دہلا دیے، اس وقت ضرورت ہے پوری قوم متحد رہے ، ملک میں معاشی عدم استحکام ہے مہنگائی ہے، دنیاسے کہتا ہوں کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائیں ، ہم جلد کشمیریوں کو آزادی دلائیں گے ۔

    خیال رہے ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہاہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

  • یکساں نصاب تعلیم سے ملکی ترقی اور حب الوطنی پیدا ہوگی: صدر عارف علوی

    یکساں نصاب تعلیم سے ملکی ترقی اور حب الوطنی پیدا ہوگی: صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، یکساں نصاب سے پاکستانیت اور حب الوطنی پیدا ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر عارف علوی نے آج یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن کو 74 واں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملک بنانا ایسا ہی ہے جیسے صدیوں بعد آزادی ملے، قیام پاکستان کے بعد ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قربانیاں دیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان نے35 لاکھ افغان مہاجرین کو فراخ دلی سے پناہ دی، مغربی ممالک ایک سو تارکین وطن کو بھی پناہ نہیں دیتے، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھی امن کا پیغام دیا، پاکستان نے انتہا پسندی کے خلاف قوموں کو جوڑا، دوسرے ممالک نے کہا ہمیں پاکستان سے سیکھنا چاہیے۔

    عارف علوی کا کہنا تھا قومیں تعلیم، صحت کے شعبے میں بہتری سے غربت سے نجات پاتی ہیں، یکساں نصاب تعلیم ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، اس سے پاکستانیت اور حب الوطنی پیدا ہوگی۔

    انھوں نے کہا حکومت نے کرونا وبا کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنائی، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا کہ دیگر ممالک جیسا لاک ڈاؤن ہم نہیں کر سکتے، علما، میڈیا نے کرونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنانے میں کردار ادا کیا، کرونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کا شکرگزار ہوں، پالیسیوں کی وجہ سے کرونا کے باوجود ملک کی معیشت مثبت اشاروں کی جانب گامزن ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ بھات نے اپنے ملک میں اقلیتوں کے لیے جینا محال کر دیا ہے، سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث تاریخی تھی، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ تاریخی ہے، پاکستان پرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔

  • مزار قائد، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب

    مزار قائد، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب

    کراچی: پاکستان کی 74 ویں جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں، اور 21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور مشتاق احمد تھے۔

    لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ لی ہے، جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    پاکستان کا 73واں جشن آزادی، ملک بھر میں چودہ اگست کا شاندار استقبال

    لاہور میں یوم آزادی پر دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے 21 توپوں کی سلامی پیش کی۔

    کوئٹہ میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، کوئٹہ میں یوم آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں ہوگی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال ہوں گے، تقریب میں وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر حکام شرکت کریں گے، بلوچستان اسمبلی میں تلاوت کلام پاک کے بعد 2 منٹ کی خاموشی ہوگی، جس کے بعد پرچم کشائی ہوگی۔

    پشاور میں یوم آزادی کے سلسلے میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔

    کراچی میں مزار قائد کے احاطے اور اطراف میں ڈرون کیمرہ اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی آئی جی سیکورٹی سروسز نے کہا ہے کہ مزار کے احاطے اور اطراف میں ڈرون نہ اڑایا جائے، اڑنے والے ڈرون کیمرے کو گرا دیا جائے گا۔

  • یومِ آزادی کی تقریبات سے متعلق ہدایت نامہ تیار

    یومِ آزادی کی تقریبات سے متعلق ہدایت نامہ تیار

    اسلام آباد : وزارت قومی صحت نے یوم آزادی کی تقریبات سےمتعلق ہدایت نامہ تیار کرلیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکاء کی حاضری کم سے کم رکھی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات سےمتعلق وزارت قومی صحت کی جانب سے ہدایت نامہ تیار کرلیا گیا ہے، ہدایت نامےکا مقصد تقریبات میں وائرس سے بچاؤکےرہنما اصول فراہم کرنا ہے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تقریبات میں احتیاطی تدابیر مرض کاپھیلاؤ محدود کرنےکیلئے اہم ہیں، یوم آزادی کی ورچول تقریبات سے وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ کم ہے۔

    وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکاء کی حاضری کم سے کم رکھی جائے اور چھوٹی تقاریب میں غیر مقامی افرادکو شریک نہ کریں، چھوٹی تقاریب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ماسک اور دستانوں کااستعمال کریں۔

    ہدایت نامے کے مطابق یوم آزادی تقریبات کے لیے متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں اور تقریبات کیلئے مقررین کی تقاریر ریکارڈ کی جائیں جبکہ پرچم کشائی تقاریب کوسرکاری دفاتر تک محدود کیاجائے۔

    پرچم کشائی تقاریب میں بزرگ، بچوں اورطلباکوشریک نہ کیاجائے جبکہ تقاریب کے شرکاکی تھرمل اسکیننگ کی جائے، سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھا جائے اور پرچم کی رسی کو چھونے سے قبل سینی ٹائز کیا جائے۔

  • جشن آزادی پر پاک مسلح  افواج کے افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    جشن آزادی پر پاک مسلح افواج کے افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    راولپنڈی : یوم آزادی اور یوم یکجہتی کے موقع پر مسلح افواج کے ہیروز کو اعزازات سے نوازا گیا، صدر مملکت نے ایک ستارہ جرات، دو تمغہ جرات، 8 ستارہ بسالت، 88تمغہ بسالت اور 94 امتیازی اسناد دیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال فروری میں بھارتی طیارے گرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی کو ستارہ جرات اور سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغہ جرات سے نوازا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یوم آزادی و یوم یکجہتی کشمیر پر مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

    ونگ کمانڈر نعمان علی نے ابھی نندن کے بھارتی مگ21کو نشانہ بنایا تھا جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی نے بھارتی جیٹ گرایا جو مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا، تمغہ جرات پانے والوں میں دیگر دوافسران جبکہ8 کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا، 88کوتمغہ بسالت،94کوامتیازی سند،113کو آرمی چیف تہنیتی کارڈ سے نوازا گیا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلح افواج کے ہیروز کوا عزازات دیئے، اس کے علاوہ کرنل محمد شفیق ملک کو انفارمیشن ڈومین میں بہترین کارکردگی پر اعزازی سند سےنوازا گیا۔

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامیاب میڈیا مہم کا بھارتی جنرل نے بھی اعتراف کیا تھا، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔

    ایل اوسی ہو ، فضائی، بحری محاذ یا پھر عالمی رائے عامہ کو آگاہی کا معاملہ ہو، بھارت ہر سطح پر ناکام ہوا تھا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 23افسران کو ہلال امتیاز ملٹری،112کو ستارہ امتیاز ملٹری اور137افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری دیئے
    آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کئے۔

  • یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    ڈنمارک: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری آج کوپن ہیگن پہنچے، جہاں انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا اس وقت بھارت کو حالیہ اقدامات پر ملامت کر رہی ہے، ہم امن چاہتے ہیں اور صرف امن کے لیے کھڑے ہیں۔

    فواد چوہدری کوپن ہیگن میں یوم آزادیٔ پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے یورپ میں ریلیاں ہو رہی ہیں، 15 اگست کو لندن، پیرس اور ڈنمارک میں یوم سیاہ کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے یوم آزادی کو کشمیر کے ساتھ منسلک کیا ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن امن کے لیے کئی بار جنگ بھی لڑنا پڑتی ہے، معیشت ہو یا کسی اور میدان میں، جنگ لازم ہو تو پھر لشکر نہیں دیکھا کرتے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو خود پر توجہ رکھ کر اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی، جنگ جیتنے کے لیے بہ حثیت قوم ہمیں یک جا ہونا ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو آنکھ اٹھا کر دیکھے گا ہم اس کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    وزیراعظم عمران خان کی مظفر آباد آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفر آباد پہنچ گئے ہیں۔

    وزیر اعظم کو مظفر آباد میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ ان کا استقبال آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم نے کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان آج یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظفر آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    دوسری طرف مظفر آباد میں شہر بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، اور گھروں پر بڑی تعداد میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرا رہے ہیں۔

    قبل ازیں، آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی گئی، چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد ابراہیم ضیا نے پرچم بلند کیا۔

    خیال رہے کہ آج صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر سرکاری پیغام میں کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

  • پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور: باچا خان ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 5 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن تھارٹی کے جوائنٹ سرچ ڈیسک نے کارروائی کرتے ہوئے آئس ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز سے راس الخیمہ جا رہا تھا۔

    پکڑی گئی آئس ہیروئن اعلیٰ کوالٹی کی ہے جب کہ اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، مسافر یہ منشیات عرب امارات لے جا رہا تھا۔

    قبل ازیں، جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر راس الخیمہ جانے والے مسافر کی تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    مسافر عاقب علی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز G-9825 کے ذریعے راس الخیمہ جا رہا تھا، مسافر کو گرفتار کیے جانے کے بعد اے ایس ایف نے اسے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ آئے دن ملک کے بڑے شہروں کے ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں تاہم اسمگلنگ کے واقعات میں کمی نہیں آ رہی ہے۔

    چار اگست کو بھی نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا، سعودی عرب جانے والے مسافر سے 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی۔