Tag: یوم احتجاج

  • ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کا سب سے بڑا مینڈیٹ ہونے کے باوجود ہماری سیاسی آزادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر چھاپے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت خواتین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے گھر پر چھاپہ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا، اس محاصرے کے ذریعے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈٰا ٹرائل کر کے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ایک طبقہ جرائم میں ملوث ہیں، لوگوں نے ہماری احتجاج کی کال پر ازخود کاروبار بند رکھ کر اپنے مینڈیٹ کا اعلان کردیا۔

    رہنماء ایم کیو ایم نے مزید کہا اداروں کا کام کاروبار کھلوانا نہیں ہے، احتجاج جمہوریت کا حسن ہے اور عوام و سیاسی جماعتوں کو اس کا پورا حق حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو گرفتار کر کے لاپتہ کرنے اور دورانِ حراست تشدد سے قتل کرنے والوں کے خلاف کبھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

     رجسٹرڈ جماعت ہونے کے باجود ایم کیو ایم کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ جن جماعتوں کے لیڈران کے گھروں سے القاعدہ اور طالبان کے کمانڈر پکڑے گئے ہیں ان کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے کی مکمل آزادی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف ، کورکمانڈر کراچی نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات کر کے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں۔

     واضح رہے ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر چھاپے کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • مجلس وحدت المسلمین کا مذاکراتی کمیٹی سےعلیحدگی کااعلان

    مجلس وحدت المسلمین کا مذاکراتی کمیٹی سےعلیحدگی کااعلان

    اسلام آباد: مجلس وحدت المسلمین نے حکومت اورعوامی تحریک کی مذاکراتی کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔

    مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کا کوئی بھی عہدیدارحکومت اورعوامی تحریک کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ نہیں جائے گا، ترجمان کے مطابق پولیس نے مجلس وحدت المسلمین کے نو کارکنان کو گرفتار کیا ہے جس کے بعد مذاکراتی کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

    مجلس وحدت المسلمین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور سنی اتحاد کونسل اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ حکومتی مظالم اور ناقص پالیسیوں کے خلاف حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی مذاکراتی کمیٹی سے علیحدگی حکومت کے خلاف احتجاج ہے۔

  • ملک بھر کے وکلاء کا 6اگست کو اسرائیلی مظالم کیخلاف یوم احتجاج کا اعلان

    ملک بھر کے وکلاء کا 6اگست کو اسرائیلی مظالم کیخلاف یوم احتجاج کا اعلان

    لاہور : ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنوں نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف چھ اگست کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کردیا ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر کی ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ چھ اگست کو مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا ۔

    چھ اگست کو ملک بھر میں وکلاء احتجاجی اجلاس منعقد کریں گے اور شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، لاہور ہائی کورٹ بار کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کسی صورت قابل قبول نہیں، عالمی برداری فوری مداخلت کر کے اسرائیلی حملے رکوائے۔

    ہائی کورٹ بار کی جانب سے مسلمان ممالک کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلوائے اور اقوام متحدہ میں اٹھائے۔