Tag: یوم استحصال کشمیر

  • یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام

    اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یوم استحصال کےموقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    صدرآصف زرداری نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 6سال مکمل ہورہے ہیں،
    بھارت نے 5اگست 2019کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر کی متنازع حیثیت اور حق خودارادیت کو کمزور کرنا تھا،
    6سال میں بھارت نے آبادیاتی ساخت اور سیاسی نقشہ تبدیل کرنے کےاقدامات کیے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ غیرکشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنا بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے،
    من مانی حلقہ بندیاں اور باہر کے افراد کو ڈومیسائل دینا سازش کا حصہ ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے، 5اگست2019کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارتی اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی، سیاسی منظرنامے کی تبدیلی کی سازش ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یوم استحصال بھارتی بربریت اور امن کے انکار کی سنجیدہ یاد دہانی ہے، کشمیریوں کےانسانی حقوق اور شناخت سے انکار علاقائی عدم استحکام کی وجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر غیرقانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا، بھارت نے ریاستی دہشت گردی اور جبر میں تقریبا ً8 دہائیوں سے دوگنا اضافہ کردیا۔

  • وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

    اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے یوم استحصال کشمیر پر بھارت کو دو ٹوک پیغام میں کہا ہے کہ ہندوستان یاد رکھے جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 5اگست کا بھارتی ایکٹ کسی طور پر قابل قبول نہیں ، کشمیر کی آزادی کےلئے پاکستان فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔

    خواجہ آصف نے واضح کیا ہندوستان یاد رکھے جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، تنازع جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر برقرار ہے۔

    مسئلہ کشمیر کا حل یواین قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہدمیں مدد فراہم کرتا رہے گا، دنیابھارت کو کشمیریوں پر مظالم ،آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے سے روکے۔

    پاکستان علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے، پاکستان کسی بھی جارحانہ عزائم کوناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

    ماضی قریب سمیت متعدد مواقع پر اپنے عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے ،عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکے اور 5اگست کے غیر قانونی ایکٹ کو ہٹا کر کشمیر کی پرانی حیثیت بحال کی جائے۔

  • یوم استحصال کشمیر پر مشعال ملک کا اہم ویڈیو پیغام

    یوم استحصال کشمیر پر مشعال ملک کا اہم ویڈیو پیغام

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 5سال مکمل ہو گئے، آج ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے کئے جائیں گے۔

    یوم استحصال کشمیرپر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آج دنیا کے سامنے بھارتی نام نہاد جمہوریت کا چہرہ بے نقاب کرنا چاہتی ہوں۔

    مشعال ملک نے کہا کہ آج کے دن 5 سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے 370 اور 35 اے ختم کردیا تھا، بھارت نے سید علی گیلانی سمیت بہت سے کشمیری رہنماؤں کو شہید کیا۔

    اُنہوں نے کہا کہ میرے شوہر یاسین ملک کو مسلسل قید میں رکھا جا رہا ہے، بھارتی مظالم پر دنیا کو آنکھیں کھولنی چاہئیں۔

    یوم استحصال پر مسلح افواج کی قیادت کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی

    مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرحل کرائے۔

  • چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    بیجنگ: کشمیریوں کے یوم سیاہ پر چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگز نے کہا کشمیر کے تنازع پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    ترجمان ماؤ ننگز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی مسئلہ ہے، فریقین کشمیر کے تنازع کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔

    دوسری جانب ترکیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کے چار سال مکمل ہونے پر انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب ہوئی۔

    ترک پارلیمنٹیرین نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

    اس کے علاوہ انقرہ میں بھارتی جبر اور مظالم کی عکاسی کے لئے دو روزہ تصویری نمائش جاری ہے جہاں ترک سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔

  • وزیر اعظم پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں انتخابی فہرستوں میں رد و بدل پر شدید تنقید

    وزیر اعظم پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں انتخابی فہرستوں میں رد و بدل پر شدید تنقید

    اسلام آباد: یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں انتخابی فہرستوں میں رد و بدل پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی حکام نے انتخابی حلقوں کی منتخب حد بندی کی ہے، موجودہ انتخابی فہرستوں میں رد و بدل کے لیے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کیا گیا۔

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا بھارت نے ریاستی عوام کے حق خودارادیت کو کمزور کرنے کے لیے آبادی میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی، اور لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے، پاکستان بھارت کے تمام یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    انھوں نے کہا بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو یک طرفہ، غیر قانونی طور پر منسوخ کیے 4 سال بیت گئے، بھارت نے کشمیری عوام کو دبانے کے لیے طاقت اور تشدد کے وحشیانہ استعمال کا سہارا لیا، اس پر عالمی برادری کو مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے، بھارت 7 دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر قابض ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے لوگ امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، امن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بامعنی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

  • پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔

    حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ وادی میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں پوسٹرز لگنے کے بعد انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، اور قابض فورسز نے مزید نفری بڑھا دی، اور نام نہاد آپریشن شروع کر دیا۔

    بھارت نے وادی میں آبادی کا تناسب بدلنے کا ایک اور گھناؤنا اقدام کیا ہے، ہندوؤں کو 2200 روپے ماہانہ کی قسط پر فلیٹ دیے جانے کا منصوبہ سامنے لے آیا۔

    محبوبہ مفتی نے نئے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ہندوؤں کی آبادکاری کا بھارتی منصوبہ قابل مذمت ہے۔

  • یوم استحصال کشمیر، وادی میں ہڑتال، پاکستان کا حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

    یوم استحصال کشمیر، وادی میں ہڑتال، پاکستان کا حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور یک طرفہ اقدامات کے 3 سال مکمل ہو گئے، پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام آج یوم استحصال منا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم استحصال کشمیر پر پاکستان نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا ہے، اور مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات ناقابل قبول قرار دیے۔

    حریت کانفرنس کی جانب سے آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔

    یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، بھارت جموں و کشمیر میں زمینوں پر قبضے اور غیر کشمیریوں کی آباد کاری جیسے اقدامات کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری بھائیوں کی منصفانہ جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا،بھارت نے 370 اور 35 اے میں تبدیلی کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا ہے، اور خطے کے امن و استحکام کو تباہی کی جانب دھکیل دیا ہے۔

    بلاول نے کہا 3 سال سے مقبوضہ وادی کے عوام آزادی اظہار، پر امن اجتماع سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر عمل درآمد سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔

  • او آئی سی وفد کا اہم دورہ پاکستان، وزیر اعظم سے ملاقات

    او آئی سی وفد کا اہم دورہ پاکستان، وزیر اعظم سے ملاقات

    اسلام آباد: تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے وفد نے یوم استحصال کشمیر پر پاکستان کا دورہ کیا، اور وزیر اعظم عمران خان سمیت حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے 13 ممبران پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، وفد آزاد کشمیر اور لائن آف کنٹرول کا دورہ کرے گا، وفد نے آج وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود اور وزیر برائے امور کشمیر سے ملاقاتیں کیں۔

    وفد میں یو اے ای، ترکی، تیونس، مراکش، آذربائیجان، ملائیشیا،گیبن، نائیجیریا اور یوگنڈا کے ارکان شامل ہیں، جنھیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا، اس وفد کی پاکستان میں موجودگی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا مظہر ہے۔

    او آئی سی وفد آئندہ 2 روز میں آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا، جہاں صدر آزاد کشمیر، کشمیریوں، مبصر مشن کے ارکان سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، او آئی سی وفد لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کرے گا، او آئی سی نے اس کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کا کام سونپ رکھا ہے، تاہم بھارت مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی تنظیم کو دورے کی اجازت نہیں دیتا۔

    اس سے پہلے بھی غیر ملکی صحافی اور سفارت کار آزاد کشمیر کے دورے کر چکے ہیں، اور دنیا کو بھارت کے دوغلے پن اور منافقت کا پتا چل چکا ہے، بھارت دراصل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں چھپانا چاہتا ہے، اور عالمی میڈیا میں مقبوضہ کشمیر کی بھرپور کوریج اس بات کا ثبوت ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان سے او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے وفد کے سامنے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا، اور کہا گزشتہ 2 سال میں انسانی حقوق کی صورت حال تشویش ناک ہو چکی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کشمیر اور فلسطین کا معاملہ تاریخ کی سب سے بڑی نا انصافی ہے، او آئی سی اور اقوام عالم اس معاملے پر کردار کریں، وزیر اعظم نے ملاقات میں بھارتی رجیم اور ہندوتوا نظریے پر کھل کر بات کی، اور کہا مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو حق خود ارادیت کے ساتھ مذہبی آزادی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، اور ان کی الگ شناخت کھونے کا خطرہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی حالیہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم مضبوط اور مؤثر آواز کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے۔

  • یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہیں۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی اقدامات کو مکمل مسترد کیا۔

    اس سے قبل یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔

    وزیر خآرجہ نے مزید کہا تھا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے حق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا۔

  • سینیٹ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

    سینیٹ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

    اسلام آباد: سینیٹ میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کی قرار داد پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی اقدامات جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا متنازع علاقہ ہے، بھارت غیر قانونی یک طرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا، بھارت عالمی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے، اور فوری طور پر وادی سے افواج کو نکالے، نیز سینیٹ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔

    کشمیرجلد آزاد ہوگا، سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دیں گے، عمران خان

    قرارداد کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ جعلی ان کاؤنٹرز کے ذریعے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، بی جے پی حکومت زہریلے ہندوتوا نظریے پر کاربند ہے، بھارت ایل او سی پر بھی سول آبادی اور کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکی جائیں۔

    پاکستان کے کونے کونے میں کشمیریوں پر ظلم کے خلاف تاریخ ساز احتجاج

    قبل ازیں، سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے تحریک بھی پیش کی گئی تھی، یہ تحریک مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کی، جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کے لیے ترمیم ہوئی، قابض بھارتی فوج ایک سال سے غیر معمولی نسل کشی میں مصروف ہے، اس لیے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن سمیت تمام مسائل پر سینیٹ میں بحث کی جائے۔

    آج یوم استحصال کشمیر پر ظالمانہ استحصال کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کرائی گئی تھی جسے مسلم لیگ ن کی کنول لیاقت ایڈوکیٹ نے جمع کرایا۔ پنجاب اسمبلی میں رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سے کشمیری خواتین کو تاریخ ساز جدوجہد پر خراج تحسین کی بھی قرارداد جمع کرائی گئی۔

    پنجاب اسمبلی میں رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی کی جانب سے گزشتہ روز پاکستان کا نیا نقشہ جاری ہونے پر بھی وفاقی حکومت کو خراج تحسین کی قرارداد جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ اس اقدام سے وزیر اعظم عمران خان نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔