Tag: یوم اقبال

  • 9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی یا نہیں ؟ اعلان ہوگیا

    9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی یا نہیں ؟ اعلان ہوگیا

    اسلام آباد : حکومت کی جانب سے یوم اقبال کی مناسبت سے 9 نومبر کو عام تعطیل کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آگیا۔

    پاکستان میں ہر سال 9 نومبر کو علامہ محمد اقبال کی یاد میں منایا جاتا ہے اور پاکستانی یہ جاننے کے لیے بے تاب تھے کہ کیا  نو نومبر بروز ہفتہ یوم اقبال کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی یا نہیں؟ تاہم اب حکومت کی جانب سے اعلان کردیا گیا ہے۔

    حکومت نے یوم اقبال پر9 نومبر کو تعطیل کا اعلان کردیا ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

    خیال رہے نو نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے علامہ اقبال برصغیر کی ایک اہم شخصیت کے طور پر ابھرے، انہوں نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔

    یوم اقبال کے موقع پر اردو ادب اور نظریہ پاکستان کی ایک اہم شخصیت اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ اس دن میں تقاریب، شاعری پڑھنا، اور تعلیمی سرگرمیاں شامل ہیں جو فلسفہ اور قومی شناخت میں ان کی شراکت کو تلاش کرتی ہیں۔

  • وہ پرندے جو شاعرِ مشرق کے درسِ خودی کا وسلیہ بنے

    وہ پرندے جو شاعرِ مشرق کے درسِ خودی کا وسلیہ بنے

    حکیمُ الاّمت ڈاکٹر علّامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری میں فطری مظاہر، خاص طور پر چرند پرند کی حرکا ت و سکنات، ان کی قوت و طاقت، عادات اور خوبیوں کو مثال بنا کر پیش کیا اور ان کے ذریعے اسلامیانِ ہند بالخصوص نوجوانوں کو درسِ خودی دیتے ہوئے محنت اور لگن سے اپنے مقصد کی تکمیل اور منزل کی جانب بڑھنے کا پیغام دیا۔

    شاعرِ مشرق نے پرندوں کی معرفت نہ صرف انسانی جذبات کو خوبی سے پیش کیا بلکہ اس کے ذریعے کئی انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کا راستہ بتایا ہے۔

    انھوں نے اپنی شاعری میں کئی پرندوں کی صفات بیان کرتے ہوئے خاص طور پر مسلمانوں کو فکروعمل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

    شاہین
    علامہ اقبال کی شاعری کا ایک خوش رنگ پرندہ شاہین ہے جس کی بلند پرواز، قوت و طاقت اور عزم کا اظہار ان کے کلام میں یوں ملتا ہے۔

    برہنہ سَر ہے توعزم بلند پیدا کر
    یہاں فقط سرِ شاہیں کے واسطے ہے کلاہ

    شاہیں کبھی پرواز سے تھک کر نہیں گرتا
    پُر دَم ہے اگر تُو تو نہیں خطرۂ افتاد

    شہباز
    شاعرِ مشرق نے اس پرندے کے شکار کرنے کی صلاحیت، قوتِ پرواز اور جھپٹنے کی تیزی سے ہمیں سبق دیتے ہوئے بتایا ہے۔

    نگاہِ عشق دلِ زندہ کی تلاش میں ہے
    شکار مردہ سزاوارِ شاہباز نہیں

    ایک اور شکاری پرندے باز کا ذکربھی شاہین اور شہباز کی طرح علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی کو بیان کرتا ہے۔

    بلبل و طاؤس
    اقبال نے بلبل و طاؤس کو مغربی تہذیب کی چمک دمک اور اس کے ظاہر کی رعنائی و دل کشی سے جوڑا ہےاور کئی مقامات پرانھوں نے نوجوانوں کےلیے اسے اپنے پیغام کا وسیلہ بنایا ہے۔

    کر بلبل و طاؤس کی تقلید سے توبہ
    بلبل فقط آواز ہے، طاؤس فقط رنگ

    کرگس
    یہ پرندہ مردار خور، مگر بلند پرواز ہے۔ اقبال کا کہنا ہے کہ خود دار و بلند عزم مومن کی صفات کرگس جیسی نہیں ہوسکتیں۔ وہ کتنی ہی بلندی پر کیوں نہ پرواز کرے، مگر اس میں وہ عزم اور حوصلہ، ہمت و دلیری کہاں جو شاہین کا وصف ہے۔

    پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
    کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور

    عقاب
    یہ بھی بلند پرواز پرندہ ہے جس کی طاقت کو اقبال نے جوانوں میں ولولہ، ہمّت اور عزم پیدا کرنے کے لیے اپنے شعر میں یوں پیش کیا ہے۔

    عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
    نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں

    ان پرندوں کے علاوہ تیتر، چرخ، چکور،طوطی، قمری،الّو،مرغ جیسے پرندوں کا ذکر علامہ اقبال کی شاعری میں ملتا ہے اور وہ ان کے ذریعے مسلمان قوم کو کوئی درس اور تلقین کرتے نظر آتے ہیں۔

  • علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا، وزیراعظم

    علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا، افکار اقبال پرعمل سے سماجی، سیاسی اور معاشرتی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اورملت اسلامیہ مفکر اسلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے، علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مسلمان ظلم و نا انصافی کا شکار ہو کر منزل کا سراغ کھو بیٹھے تھے، افکار اقبال نے امید کی وہ شمع روشن کی جس کی روشنی سے منزل کا تعین ہوا، قائد اعظم کی عظیم قیادت میں مسلمانوں نے خودمختار ریاست کا قیام ممکن بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار عالمگیر حیثیت کے حامل ہیں، امت مسلمہ کے مسائل کا حل شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے، تصور خودی مسلمان کو بحیثیت مومن انفرادی اور اجتماعی طور قوت بخشتا ہے، وہ قوت جس پرعمل سےا قوام عالم میں سنہری مقام حاصل ہوسکتا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ شاعر مشرق نے ان مسائل کی نشاندہی کی جن کا ہمیں آج سامنا ہے، علامہ محمد اقبال نے دور جدید کے تقاضوں کو اجاگر کیا، افکار اقبال پرعمل سے سماجی، سیاسی اور معاشرتی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹرعلامہ محمد اقبالؒ کا142واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ نوجوانوں کو خودی کا درس دینے والے مصور پاکستان اورعظیم شاعر حضرت علامہ محمد اقبالؒ کا ایک سو بیالیسواں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے۔

  • کوئی کام ناممکن نہیں،  یہ قوم عظیم بن سکتی ہے: وزیراعظم کا ویڈیو پیغام

    کوئی کام ناممکن نہیں،  یہ قوم عظیم بن سکتی ہے: وزیراعظم کا ویڈیو پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی کام ناممکن نہیں،  یہ قوم عظیم بن سکتی ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم اقبال پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ اقبال کا شاہین خوف اور ذہنی دباؤ سے آزاد تھا.

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقبال کے شاہین وہ تھے، جو بڑی سوچ کے حامل اور انسانیت کے علم بردار تھے، علامہ اقبال کی سوچ کا محور وہ افراد تھے، جو عقل کی غلامی سے آزاد ہوگئے، انھوں نے اپنی ذات کا سوچنے کے بجائے خوف کی زنجیریں توڑدی تھیں.

    وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسان میں عشق اور جنون ہو ،تو ناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے، عقل کی غلامی سے آزاد شخص ایک کے بعد ایک منزل طے کرتا جاتا ہے.

    انھوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو بے پناہ طاقت دی ہے، انسان اپنی طاقت کو جتنا آزماتا ہے، اتنا اوپر جاتا ہے، نبی کریم ﷺنےجوکام کئے، وہ انسانی تاریخ میں کبھی کسی نےنہیں کیے.

    ان کاکہنا تھا کہ پاکستانیوں سے کہتا ہوں، ہمارے لیے کوئی چیزنا ممکن نہیں، اللہ نے پاکستان اور پاکستانیوں کو بے شمار وسائل مہیا کئے ہیں، قائداعظم اورعلامہ اقبال جیسے لوگ عظیم تھے.


    مزید پڑھیں: پاکستان کوپولیو فری ملک بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان


    عمران خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے پاکستان کا جو خواب دیکھا تھا، اسے پورا کر دکھایا، ہم پاکستان کو ویسا ملک بنائیں گے، جیساعلامہ اقبال نےسوچا تھا.، بس یہ چیز ذہن نشین ہونی چاہیے کہ کوئی چیز ناممکن نہیں، یہ قوم عظیم بن سکتی ہے اورایک دن ہم ضروربنیں گے.

    اپنے ویڈیو پیغام میں انھوں نے ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرنے والے ایڈمن ہیلری کے عزم اور جذبے کا بھی ذکر کیا.

  • وزیراعظم پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتےہیں، فوادچوہدری

    وزیراعظم پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتےہیں، فوادچوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ مفکرپاکستان کے خواب کی تعبیر پی ٹی آئی کاایجنڈااورمنشورہے، وزیراعظم پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتے ہیں جبکہ اسد قیصر نے کہا اقبال نےشاعری کےذریعے مسلمانوں کوخواب غفلت سے بیدارکیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا علامہ محمد اقبال کانام ممتازاورجداگانہ حیثیت رکھتا ہے، اقبال نے مغربی فلسفیوں کے نظریات کاجدیدعلمی اندازمیں جواب دیا، علامہ اقبال کے پیغام کی روشنی وقت کے ساتھ ساتھ مزید بڑھ رہی ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ مفکرپاکستان کے خواب کی تعبیر پی ٹی آئی کاایجنڈااورمنشورہے، وزیراعظم پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔

    وزیراطلاعات نے کہا نوجوانوں کو خاص طور پر اقبال کے کلام کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے، اقبال نے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیا اور شاہین کی زندگی اپنانے کا درس دیا۔

      اقبال نےشاعری کےذریعے مسلمانوں کوخواب غفلت سے بیدارکیا، اسد قیصر 


    دوسری جانب اقبال ڈے پر اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے پیغام میں کہا مسلم امہ کودرپیش مسائل کاحل اقبال کی تعلیمات میں مضمرہے،  اقبال نےشاعری کےذریعے مسلمانوں کوخواب غفلت سے بیدارکیا اور مستقبل کی نئی راہیں دکھائیں۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا مسلم امہ کو چیلنجز کا سامنا ہے، اقبال کی تجویز کردہ تدبیر کے ذریعے نمٹا جاسکتا ہے، اقبال نے مسلمانوں کو اپنے وسائل اور زور بازو پر انحصار کا درس دیا۔

    علامہ اقبال کاتصورانسانیت کےہررنگ ونسل کی تر جمانی کرتاہے، قاسم سوری 


    ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے پیغام میں کہا اقبال کی تعلیمات پرعمل پیراہوکرعصرحاضرکےمسائل پرقابوپاسکتےہیں، علامہ اقبال کےقریب تعصب اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔

    قاسم سوری کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال کاتصورانسانیت کےہررنگ ونسل کی تر جمانی کرتاہے۔

    خیال رہے شاعرمشرق مصور پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کا141 یوم پیدائش آج ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا ، پاک بحریہ کے چاق وچوبنددستے نے مزار اقبال پر سلامی دی۔

  • علامہ اقبال اس ستارے کی مانند ہیں جس کی روشنی تیزترہورہی ہے‘ شہبازشریف

    علامہ اقبال اس ستارے کی مانند ہیں جس کی روشنی تیزترہورہی ہے‘ شہبازشریف

    لاہور : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی، خوشحالی، بہتری کے لیے علامہ اقبال کے پیغام کواپنانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کو خوشی اور برکت کا دن سمجھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اس ستارے کی مانند ہیں جس کی روشنی تیزتر ہو رہی ہے، ملکی ترقی، خوشحالی، بہتری کے لیے علامہ اقبال کے پیغام کو اپنانا ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قائداعظم اوراقبال کی فکرسے ہٹ کرملک چلانے کا ہرتجربہ ناکام ہوا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹرمحمد علامہ اقبال کا 141 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔

    مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    یوم اقبال کے موقع پرملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تقاریری مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں جس میں شاعرمشرق کے کلام اور ان کی شخصیت پرگفتگو کی جاتی ہے۔

    ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو انتقال کرگئے تھے تاہم ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پرقوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔

  • آج کا دن ہمیں علامہ اقبال کےارشادات پرعمل کرنے کی یاد دلاتا ہے‘ صدرپاکستان

    آج کا دن ہمیں علامہ اقبال کےارشادات پرعمل کرنے کی یاد دلاتا ہے‘ صدرپاکستان

    اسلام آباد : یوم اقبال کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ منزل کے حصول کے لیے اقبال کے تصور کوحقیقت میں بدلتے ہوئے سخت محنت کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں علامہ اقبال کے ارشادات پرعمل کرنے کی یاد دلاتا ہے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے مفکراسلام کے فرمودات پرکتناعمل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلمانانِ برصغیرکے لیے الگ وطن کا تصور پیش کرنے پر علامہ اقبال کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، علامہ اقبال کے فرمودات اسلام کا حقیقی پیغام سمجھنے میں مددگارہیں۔

    صدرمملکت نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اجتماعی ترقی اور خوشحالی کے
    حصول کے لیے’’خودی‘‘ کو بیدار کیا۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ آج پاکستان کوکثیرالجہتی چیلنجرکا سامنا ہے، مذہبی انتہا پسندوں نے اسلام کی اصل روح اورپیغام کومسخ کیا۔

    صدرِ پاکستان نے مزید کہا کہ اقبال کے خواب کوحقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں، منزل کے حصول کے لیے اقبال کے تصورکوحقیقت میں بدلتے ہوئے سخت محنت کریں۔

  • یوم اقبال پرعام تعطیل بحالی کی قرارداد پیش، حکومت اوراحسن اقبال کی مخالفت

    یوم اقبال پرعام تعطیل بحالی کی قرارداد پیش، حکومت اوراحسن اقبال کی مخالفت

    اسلام آباد : یوم اقبال پر 9 نومبر کو عام تعطیل بحال کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی ، حکومت کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بھی  قرارداد کی مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں 9 نومبریعنی یومِ اقبال پر ماضی کی طرح عام تعطیل بحال کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی، قراردادمسلم لیگ ن کےنثارچیمہ نے پیش کی۔

    علامہ اقبال نےمحنت کادرس دیا ہے، چھٹی کا نہیں


    مسلم لیگ ن کے رہنما حسن اقبال نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں پہلےہی 52 قومی تعطیلات ہیں جوبہت زیادہ ہیں، علامہ اقبال نےمحنت کادرس دیا ہے، ہربات پرچھٹی کا نہیں، ایک دن کی چھٹی سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے احترام میں چھٹی کی جائے توغلط ہوگا، علامہ اقبال کا ادب ہم سب کے دل میں ہے ، علامہ اقبال توکہتےتھے کہ دن کے24 گھنٹے، اور ہفتے کے ساتوں دن محنت کرنی چاہیے۔

    اقبال ڈے پر اقبال کا پیغام لوگوں تک پہنچانا چاہیے، شیریں مزاری


    پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے حزبِ اختلاف کے رہنما احسن اقبال کی حمایت کرتے ہوئے ان کے موقف کو درست  قرار دیا اور کہا کہ ہرچیز پرچھٹی کا تاثر ختم ہونا چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہرچیز پرچھٹی کردیں، اقبال ڈے پر ہمیں چھٹی نہیں بلکہ لوگوں کو ان کے بارے میں بتانا چاہیے۔

    حکومت کی جانب سے بھی قرارداد کی مخالفت کی گئی، علی محمدخان نے کہا نثارچیمہ قراردادمیں ترمیم کرلیں کہ چھٹی نہیں ہوگی، نثارچیمہ قرارداد واپس لے لیں تاکہ ترمیم کی جا سکیں۔ علی محمدخان کی درخواست پر ن لیگ کے نثار چیمہ نے قرارداد واپس لے لی۔

    کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا


    دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 9 نومبرکی چھٹی سےمتعلق خبرمیں کوئی صداقت نہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں  نے سب سے پہلے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، ان کے اس تصور کو پاکستان کے خواب سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔

    علامہ اقبال کا بیش تر کلام جوانوں میں عقابی روح پھونکنے، ان میں غیرتِ ملی کو بیدار کرنے اور انہیں ہمہ وقت آمادہٗ عمل رہنے کے فلسفے پر مشتمل ہے۔

  • علامہ اقبال کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے،بلاول بھٹو

    علامہ اقبال کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے،بلاول بھٹو

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا یوم اقبال پر کہنا ہے کہ علامہ اقبال کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، نوجوان نسل کو علامہ اقبال کوضرور پڑھنا چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو جگایا، علامہ اقبال کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کوضرور پڑھنا چاہئیں، علامہ اقبال کے خواب کی مکمل تکمیل کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔

    خیال رہے کہ حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کا140واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے اور یوم اقبال کےحوالے سے ملک بھرمیں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • یوم اقبال پر صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات

    یوم اقبال پر صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات

    اسلام آباد: یوم اقبال کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پیغامات دیتے ہوئے اقبال کے افکار پر عمل کرنے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم اقبال پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اپنی شاعری میں اقبال نے پیغام دیا ہے کہ بہادر اقوام مشکلات سے نمٹنے کے لیے محنت اور دل جمعی سے لڑتی ہیں۔

    انہوں نے زور دیا کہ قوم کو علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔


    وزیر اعظم کا پیغام

    یوم اقبال پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق نے آزاد اور خود مختار ریاست کا تصور پیش کیا۔ علامہ اقبال کے افکار نے منزل کے راستے کی نشاندہی کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقبال ہماری فکری روایات کا سب سے روشن حوالہ ہیں، علامہ اقبال نے ایک مستحکم ریاست کا خواب دیکھا جبکہ افکار اقبال نے مایوسی کے ماحول میں امید کا چراغ روشن رکھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی، دہشت گردی کے خاتمے سے معیشت مستحکم اور ملکی ترقی ہوئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔