کراچی: یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 125 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، جس میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم آزادی پرہوائی فائرنگ کی زدمیں آکر بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 82 کے زخمی ہونے کے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس کی جانب سے تابڑ توڑ کارروائیوں میں 125 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ شہر بھر میں 143 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 13 مقدمات اقدام قتل، 50 اسلحہ ایکٹ کی دفعات اور 80 ہوائی فائرنگ کی دفعات کے تحت ہیں۔
مختلف کارروائیوں کے دوران 59 ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔ گرفتار اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں میں زوہیر (اہلکار ٹریفک پولیس)، مصطفی (ہیڈ کوارٹرز خواجہ اجمیر نگری) اور جیل پولیس کا ایک اہلکار شامل ہے۔
یاد رہے یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی زد میں آ کر بچی سمیت تین افراد جاں بحق اور 82 زخمی ہوئے تھے۔