Tag: یوم تشکر

  • عمران گرفتار ہوتا تو خانہ جنگی شروع ہوجاتی، شیخ رشید

    عمران گرفتار ہوتا تو خانہ جنگی شروع ہوجاتی، شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتار ہوتا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہوجاتی،سپریم کورٹ پر اعتماد ہے وہی اس ملک کو بچائے گی۔

    اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں تحریک انصاف کے جلسہ عام ’’یوم تشکر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل بہت پریشان تھا کہ خدا نخواستہ عمران خان کی گرفتاری عمل میں آ گئی تو ملک میں خانہ جنگی برپا ہوجائے گی لیکن سپریم کورٹ نے احسن قدم اُٹھا کر ملک کو انارکی سے بچا لیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کو اندر سے جانتا ہوں وہ بزدل آدمی ہے جب ہی اپنے وفاقی وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا ہے لیکن ہمیں پرویز رشید کی قربانی قبول نہیں،اصل کرداروں کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل شاہ گھبراؤ نہیں، تمہارے لیڈرکی باری آنےوالی ہے اور پوری قوم کو پتا ہےکہ ڈاکٹر عاصم کون ہے اور اُن کے کرتوتوں کے پیچھے اصل کردار کون ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مودی سے پینگیں بڑھا کر کشمیریوں کو مایوس کیا ہے لیکن اب عمران خان کی قیادت میں بچہ بچہ کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کو حقوق دلوا کر ہی دم لیں گے۔

    انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ عوام بتائیں کہ عمران خان کےعلاوہ کون سا لیڈر رہ گیا ہے جو ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، عمران کے علاوہ کوئی نہیں اب عوام کی آخری امید عمران خان ہی ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں خود عمران خان کا وکیل ہوں میں سپریم کورٹ نہیں جانا چاہتا تھا، میں کبھی بینک گیا ہوں اورنہ ہی کبھی کسی بینک سے قرضہ لیا ہے اور نہ کسی کے قرضے معاف کروائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دو نومبر کے لاک ڈاؤن کو یوم تشکر میں تبدیل کرنے پر کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم نے سولو فلائٹ لی، تو میں سوال کرتا ہوں کہ کیا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نکلیں جو کرپٹ حکومت کے ہمنوا بن چکے ہیں؟

  • تحریک انصا ف یوم تشکر نہیں‌ یوم ندامت منائے، فضل الرحمان

    تحریک انصا ف یوم تشکر نہیں‌ یوم ندامت منائے، فضل الرحمان

    ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو آج یومِ تشکر کے بجائے یومِ ندامت یا یومِ سیاہ منانا چاہیے۔

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سےگفتگوکر رہے تھے۔

    انہوں نے پاناما کیس پرعدالتی کمیشن کے اچانک قیام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر ناقابل سماعت پٹیشن اچانک کیوں راتوں رات قابل سماعت ہوگئی۔انہوں نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ مقدمے کا ایک فریق کھلےعا م کمیشن کے قیام کو اپنےدباؤ کانتیجہ قرار دے رہا ہے اس طرح پٹیشن پر سوالات اٹھیں گے۔

    مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے کی گئی متنازع تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے اپنی تقریر سے قوم کو تقسیم کرنے کا باعث بن رہے ہیں اور ملکی وحدت کو نقصان پہنچارہے ہیں۔

    انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر نہ صرف یہ کہ غداری کا مقدمہ درج کیا جائے بلکہ قرار واقعی سزا بھی دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے صوبائی منافرت پھیلا کر ملک کے اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

  • پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکر منارہی ہے

    پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکر منارہی ہے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف آج اسلام آباد کےپریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منارہی ہے جس کے لیے پی ٹی آئی کےکارکنوں کی جانب سےتیاریاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کال واپس لینے کے بعد تحریک انصاف آج یوم تشکر منا رہی ہے۔اسلام آباد کے پریڈگراؤنڈ میں جلسے کی تیاریا ں جاری ہیں۔

    اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں دس ہزار کرسیاں لگ گئیں ہیں اور تحریک انصاف کی قیادت کے لیے اسی فٹ لمبا اور دس فٹ اونچا اسٹیج بنایا جارہاہے۔

    مزید پڑھیں:چند روز میں پتا چل جائے گا ہماری کتنی بڑی جیت ہوئی، عمران خان

    خیال رہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کا پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ کادورہ کرکے جائزہ لیا اور کارکنوں کی تیاریوں کی تعریف کی۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج منعقد ہونے والے جلسے کے لیے اسلام آباد کی انتظامیہ نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کال کے باعث پنجاب میں بند کی جانے والی تمام سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کل یوم تشکر منائے گی

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کی کارروائی کے بعد عمران خان نے دھرنے کی کال واپس لے کر جلسے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نےبنی گالہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ میں پورے پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جس نے جمعرات سے وزیراعظم نواز شریف کی تلاشی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔