Tag: یوم حق خود ارادیت

  • آج ریاست جموں و کشمیر کے عوام یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں

    آج ریاست جموں و کشمیر کے عوام یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں

    آج 5 جنوری کو ریاست جموں و کشمیر کے عوام یوم حق خود ارادیت کے طور پر منا رہے ہیں۔

    پانچ جنوری 1949 کی اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا، اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ریاست بھر میں استصواب رائے کروانے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا۔

    بھارت مسلسل کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی نفی کرتا رہا ہے، بھارت کے جابرانہ قبضے اور ہٹ دھرمی کے خلاف دنیا بھر میں موجود کشمیری کمیونٹی سراپا احتجاج ہے۔

    آج کے دن جموں و کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کشمیری یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں سے رو گردانی کرتا آ رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے، اور بھارتی فوج اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔

    حریت رہنما مشال ملک کہتی ہیں میں اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتی ہوں ان وعدوں اور قراردادوں کا کیا بنا، کیا کشمیری صرف اس لیے پیدا ہوئے کہ ہم اپنے شہدا کو دفناتے رہیں، کیا اقوام متحدہ نے بھارت کی ہٹ دھرمی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی۔

  • دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ حق خود ارادیت منا رہے ہیں

    دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ حق خود ارادیت منا رہے ہیں

    دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں، کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید کا کہنا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک تحریک جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق 5 جنوری حق خود ارادیت اور مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی یاد دہانی کا دن ہے، ہر سال 5 جنوری مقبوضہ کشمیر کے حق خود ارادیت کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

    جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے ایک قرارداد منظور کی تھی ، جو مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔

    ہر سال اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ یاد دلانا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی ذمہ داری کو نظر انداذ نہیں کر سکتے، اقوام متحدہ کو 74 سال پہلے کیے گئے اپنے وعدوں کا احترام کرنا ہوگا۔

    مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایک اجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کو دنیا کے سب سے بڑے عسکری زون میں تبدیل کر دیا ہے۔

    ہندوستانی فورسز نے ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ، آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے مختلف قوانین کو رائج کر رکھا ہے ہے تاکہ کسی بھی فرد کو غیر معینہ مدت کے لیے گرفتار کیا جا سکے اور بغیر کسی قانونی طریقہ کار کے قتل کیا جا سکے۔

    مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق بشمول جان، مال، صحت، اظہار رائے کی آزادی اور اسمبلی کے حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد سے مسلسل غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں خوف اور افراتفری کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔

    حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایک بنیادی حق ہے، جس کی نفی اس عالمی اعلامیے اور اس کے معاہدوں کی نفی ہے، عالمی برادری کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

    بھارتی اقدامات کو عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بڑے پیمانے پر مسترد کیا ہے، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات اور سپریم کورٹ آف انڈیا کا حالیہ فیصلہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے تحت اس متنازعہ علاقے کو نوآبادیات بنانے کی کوشش ہے۔

    پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

    اقوام متحدہ نے حال ہی میں عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی احساس پر پاکستان کے زیر اہتمام ایک قرارداد منظور کی ہے ، جس کی بڑی تعداد میں ممالک نے حمایت کی ہے، اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے اپنے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا موقع دے۔

    اس موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسیدنے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک تحریک جاری رکھیں گے، بھارت اقوام متحدہ کی منظورشدہ قرارداد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔اقوام متحدہ اپنے وعدے پرعملدرآمد کرائے۔

  • وزیر اعظم نے یو این اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیا ادھورا وعدہ یاد دلا دیا

    وزیر اعظم نے یو این اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیا ادھورا وعدہ یاد دلا دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پانچ جنوری کے حوالے سے  اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ اور ممبر ممالک کو کشمیریوں سے کیے ادھورے وعدے کی یاد دلاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی، آج ہم انھیں اس وعدے کی یاد دلا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج کنٹرو ل لائن کی دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم حق خود ارادیت منائیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا یو این نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی لیکن کشمیری 73 برس سے وحشیانہ بھارتی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کشمیری عوام آج بھی حق خود ارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں، اور ظالمانہ، غیر انسانی، غیر قانونی قبضے کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں، آزادی کی اس جدوجہد میں پاکستان بھی کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔

    انھوں نے کہا عالمی برادری بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ایکشن لے، اور یقینی بنائے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہو، یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادیں اس حق خود ارادیت کی ضمانت ہیں۔