Tag: یوم دفاع وشہداء

  • یوم دفاع وشہداء ، مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    یوم دفاع وشہداء ، مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    کراچی: یوم دفاع وشہدا کے موقع پر بانی وطن قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع وشہدا کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ، پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

    تقریب کےمہمان خصوصی ایئرمارشل قیصرخان جنجوعہ تھے، ایئرمارشل قیصرخان جنجوعہ بانی پاکستان کے مزار پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی۔

    خیال رہے ملک بھر میں یومدفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے،وطن کی مٹی گواہ رہنا کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے

  • کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، آرمی چیف

    کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔

    یوم دفاع وشہداء کی تقریب میں غیرملکی سفارت کار، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔

    تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہوکر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہل خانہ کے مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع و شہداء کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعث فخرہے۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں نہ ہی جائیں گی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل تھی لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے آج پاکستان میں امن کی فضا ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپو راندازمیں ادا کی ہیں، اب دنیا کی باری ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو پھیلنے نہ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اب ہماری جنگ غربت، معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کے خلاف ہے، چاہتے ہیں ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرنامکمل ایجنڈا اس وقت تک رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کرلیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے، نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ خطےمیں پاکستان کا کردارمثبت رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن وسلامتی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کے خواہاں ہے، موجودہ افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپورکر دار شامل ہے۔

    آرمی چیف نے افواج پاکستان اورقوم کی جانب سے غازیوں اورشہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں آپ کے دکھوں کا کوئی بدل نہیں لیکن آپ کا حوصلہ ہمارے لیے مثال ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پاکستان ایک زندہ اور تابندہ قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادروطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔

  • یوم دفاع وشہداء: ڈیوٹی پر شہید ہونے والے ایک فقیر منش ٹریفک اہل کار کا تذکرہ

    یوم دفاع وشہداء: ڈیوٹی پر شہید ہونے والے ایک فقیر منش ٹریفک اہل کار کا تذکرہ

    پاک فوج نے یوم دفاع و شہداء 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے’ کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا ہے.

    ایسے میں ہمیں بہ طور قوم اس فقیر منش ٹریفک اہلکار کو یاد رکھنا چاہیے، جسے ابوالحسن اصفہانی روڈ پیراڈائز بیکری کے قریب فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا.

    ٹریفک اہلکار محمد کریم دو برس سے اسی مقام پر تعینات تھا، جہاں  محمد کریم  کو شہید کیا گیا۔

    محمد کریم کی کوئی اولاد نہیں تھی، وہ نمازی اور ایمان دار  شخص تھا۔ اہل علاقہ تصدیق کرتے ہیں کہ نہ تو  اس نے کبھی رشوت لی، نہ ہی کبھی کسی کو ستایا. یہ درویش صفت اہل کار مقررہ وقت پر ڈیوٹی پر آتا اور چھٹی ہوتے ہی پیدل گھر چلا جاتا۔

    محمد کریم جیسے ایمان دار اہل کار اس قوم کا فخر ہیں، جنھوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

    یاد رہے کہ ستمبر 2015 میں‌کراچی میں‌ پانچ ٹریفک اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا. اسی طرح اگست 2017 میں کراچی میں ڈی ایس پی ٹریفک حنیف خان کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا۔

    رواں برس بھی کوئٹہ سرکی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے.

    واضح رہے کہ یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خصوصی پیغام میں‌شہداء پاکستان اور لواحقین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

  • شہیدکی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

    شہیدکی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

    راولپنڈی : یوم دفاع وشہداء 2018 پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء پاکستان اور لواحقین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے آخری پرومو جاری کردیا۔

    جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، شہدا پاکستان اور لواحقین کو سلام ، #ہمیں_پیار_ہے_پاکستان_سے۔

    گذشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ شہداء کی قربانیوں خدمات کا اعتراف کیاجائے، فیلڈ فارمیشنز شہداء کے خاندانوں سے مل کر ان کی عظیم قربانیوں کا احترام اور اعتراف کریں۔

    مزید پڑھیں :  فیلڈ فارمیشن افسران شہداء کے خاندانوں سے مل کر ان کی قربانیوں کا اعتراف کریں،آرمی چیف 

    خیال رہے یوم دفاع وشہدا کل جوش و خروش سے منایا جائے گا، اس حوالے سے مرکزی تقریب پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں منعقد کی جائے گی۔

    واضح رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع و شہدا 2018 پر قوم کے شہیدوں اور ان کے گھر والوں کو یاد کیا جائے گا اور قوم سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا پر تمام شہدا کے گھر جا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔

    یاد رہے پاک فوج کی جانب سے ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ مہم کے سلسلے میں خصوصی پروموز جاری کئے تھے، جس میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا جبکہ پہلی بارملک کے ان سیاست دانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جو دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔

    پاک فوج کی جانب سے پاکستانی میڈیا ، ٖوطن کی خاطر لڑنے والے غازیوں اور شہدائے کشمیر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جا چکا ہے۔