Tag: یوم دفاع

  • یوم دفاع: "سارا بھارت یقیناًَ گوش بَر آواز ہو گا”

    یوم دفاع: "سارا بھارت یقیناًَ گوش بَر آواز ہو گا”

    ریڈیو سنو ممکن ہے کوئی اہم اعلان ہو!

    ریڈیو پاکستان گرجا۔ صدر ایوب آج دن کے گیارہ بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

    سارا لاہور گوش بر آواز ہوگیا۔ سارا پاکستان گوش بر آواز ہوگیا۔

    سارا بھارت یقیناًَ گوش بر آواز ہو گا۔

    اور صد ایوب کی آواز فضائے بسیط میں گونجی۔

    بھارت کو معلوم نہیں اس نے کس قوم کو للکارا ہے۔ حالات نے دشمن سے مقابلے کے لیے لاہور کے بہادروں کا سب سے پہلے انتخاب کیا ہے۔ تاریخ ان جواں مردوں کے کارنامے اس عبارت کے ساتھ زندہ رکھے گی کہ یہی لوگ تھے جنھوں نے دشمن کی تباہی کے لیے آخری ضرب لگائی۔

    لاہور کا سَر فخر سے بلند ہوگیا۔ لاہور کا ہر شہری یہ محسوس کرنے لگا جیسے صرف لاہور ہی نہیں سارے پاکستان کی حفاظت اس کے کاندھوں پر آن پڑی ہے۔ کیوں نہ ہو لاہور کو پاکستان کا دل کہا جاتا ہے اور جب تک دل میں دھڑکن باقی ہے زندگی ہے تابندگی ہے۔

    نہ لاہور کا دل ڈوبا نہ لاہور کی نبضیں چھوٹیں۔ صدر کے گراں قدر الفاظ نے لاہور کی رگوں میں تازہ خون کی لہر دوڑا دی۔ لاہور کمر کس کے تیار ہو گیا۔ سارا پاکستان دشمن کی توپوں کے دہانے سرد کرنے کے لیے چوکس ہوگیا۔

    دیکھتے ہی دیکھتے سارے شہر میں ایک نیا جذبہ پیدا ہو گیا۔ جذبہ ایثار۔ بچّہ ہو کہ بوڑھا امیر ہو کہ غریب۔ اعلی افسر ہو کہ ادنیٰ ملازم۔ امیر کبیر تاجر ہو کہ چھابڑی والا۔ ہر ایک اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی عزیز شے قربان کرنے لگا۔

    صدر نے قومی دفاعی فنڈ کا اعلان کیا تو ہر طرف سے روپوں کی بارش ہونے لگی۔

    آدم جی نے لاکھوں روپے دے کر یہ اعلان کیا کہ یہ تو محض پہلی قسط ہے۔

    اسکول کے دو ننّھے بچے نیشنل بینک کے باہر بینک کھلنے کا انتظار کرنے لگے۔ ان کی مٹھیاں بند تھیں۔ بینک کھلنے پر انھوں نے خزانچی کے پاس جاکر ٹیڈی پیسوں کے ڈھیر لگا دیے اور کہنے لگے۔ یہ ہمارے جیب خرچ کے پیسے ہیں مگر ہم نے ان پر کلمہ طیبہ پڑھا ہے۔ اسے اپنے پیسوں میں ملا لیجیے بڑی برکت ہوگی۔

    (حبیب اللہ اوج کے قلم سے جنھوں نے 1966ء میں جنگ کے حوالے سے اپنی یادیں رقم کی تھیں)

  • قوم یقین رکھے پاک فضائیہ ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ایئر چیف

    قوم یقین رکھے پاک فضائیہ ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ایئر چیف

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ 6ستمبرافواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانی کی یاد ر ہے گا، قوم یقین رکھے پاک فضائیہ ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری بہترین قومی یکجہتی کا عکاس ہے۔

    ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ 6ستمبرافواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانی کی یاد گار ہے، دشمن نےپرعزم ریاست کے وجود کو للکارا تھا اور پاک فضائیہ نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کو منہ توڑ شکست دی۔

    سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے شہدااور غازیوں کے احسان مند رہیں گے، قوم یقین رکھے پاک فضائیہ کو خطے کےبدلتے حالات کا بخوبی ادراک ہے، فضائیہ، ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،آزادی کے لیے لڑتے تمام کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کواخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلاتا ہوں، پاک فضائیہ عظیم مقصد پر ہمیشہ پوری اتری ہے، پاک فضائیہ مستقبل میں بھی دفاع وطن کے لیےکوشاں رہے گی، پاک فضائیہ زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔

  • جنگِ‌ ستمبر: بھارت کو سبق سکھانے کے لیے ہاکی اور کلہاڑی تھامے ہر شہری نے بارڈر کا رخ کیا

    جنگِ‌ ستمبر: بھارت کو سبق سکھانے کے لیے ہاکی اور کلہاڑی تھامے ہر شہری نے بارڈر کا رخ کیا

    ستمبر 1965ء کی جنگ نے قومی یکجہتی اور پاک فوج کے ساتھ عوام کا والہانہ پیار اور گہرے و قلبی تعلق کو جس طرح تازہ کیا اور مزید مضبوط بنایا، اس کی مثال کم ہی اقوام میں دیکھنے کو ملتی ہے۔

    دورانِ جنگ ایک جانب پاکستان کے شیر دل جوانوں نے جذبہ شہادت سر سرشار ہو کر جس طرح مختلف محاذوں پر اپنی پیشہ ورانہ تربیت اور جنگی ساز و سامان کے استعمال میں اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ کیا، وہ ہماری عسکری تاریخ کا ایک شان دار باب ہے اور دوسری طرف جوش و ولولہ اور جذبہ ایمانی سے معمور پاکستانی عوام تھے جو بلیک آؤٹ کے دوران یا کسی بھی موقع پر اپنے گھروں اور تہ خانوں میں‌ محفوظ رہنے کے بجائے ہر محاذ پر اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیّار نظر آئے۔

    ایک جگہ قدرت ﷲ شہاب یوں رقم طراز ہیں: ’’بھارتی حملے کو روکنے اور پسپا کرنے کا سہرا ائیر فورس، فوجی جوانوں اور افسروں کے سَر ہے جنھوں نے سر دھڑ کی بازی لگا کر حیرت انگیز جواں مردی دکھائی اور بعضوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔‘‘

    یہ وہ موقع تھا جب پوری قوم یک جان و یک قالب ہوگئی۔ قوم نے جذبۂ حب الوطنی کی سرشاری میں قومی یک جہتی کے ایسے نقش اُبھارے کہ تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

    پوری قوم نے اپنے باوقار وجود کا احساس اس شان سے دیا کہ رات کی تاریکی میں شب خون مارنے والوں کو جان بچانا مشکل ہوگئی۔ شجاعت و عزم کے نئے باب کا اضافہ ہوا۔ قومی غیرت اور جذبہ حریت کی تازہ داستانیں رقم ہوئیں۔

    جنگِ ستمبر کے دوران پوری قوم کا ایک ہی نعرہ تھا کہ دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی ہے۔ ہم اسے سبق سکھائیں گے۔ فضائی حملوں کے دوران پور لاہور بلیک آؤٹ میں ڈوب جاتا تو لاہوری اپنے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر ’’فائٹ‘‘ دیکھتے۔ اور اپنے پائلٹوں کو باقاعدہ داد دیتے۔ انھیں اس بات کا کوئی خوف نہیں ہوتا تھا کہ وہ حملوں کی زد میں بھی آ سکتے ہیں۔

    فائٹ کا نظارہ میں نے ایک مرتبہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کس طرح آگے بھارتی طیارے اور ان کے پیچھے ہمارے جہاز ہوتے۔ لوگ سڑکوں پر دشمنوں کے جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے بلند نعرے لگاتے۔

    عوام کے جذبات کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ ہر شہری کا رخ بارڈر کی طرف ہوتا۔ ان میں سے کوئی ہاکی اور کلہاڑی اٹھائے تو کوئی اپنے فوجی بھائیوں کے لیے کھانا اور دیگر اشیا لے کر بارڈر کی طرف جا رہا ہوتا۔ یہ کیسا جذبہ تھا ہمارے ملّی نغمے ہتھیار کا کام کر رہے تھے۔ ہمارے فوجی جوان ان کو سن کر بہادری اور دلیری سے لڑتے، یقیناً فوج اور عوام کا ساتھ بہت کام آتا ہے۔

    (قومی یکجہتی اور جنگ ستمبر سے اقتباسات)

  • جنگِ‌ ستمبر: بی آر بی نہر پر پہنچ کر ہزاروں شہریوں نے پاک فوج کو اپنی خدمات پیش کردیں

    جنگِ‌ ستمبر: بی آر بی نہر پر پہنچ کر ہزاروں شہریوں نے پاک فوج کو اپنی خدمات پیش کردیں

    لاہور اور سیالکوٹ کے محاذوں پر بھارت کی اچانک اور بزدلانہ کارروائی پر پاکستان نے سرحدوں کا دفاع کرنے کے ساتھ بھارت کا یہ غرور اور گھمنڈ بھی خاک میں ملا دیا کہ اس کے پاس جنگی ساز و سامان اور فوج ہم سے زیادہ ہے۔ جب دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ختم ہوئی تو دنیا کو معلوم ہوگیا کہ جنگ صرف دلیری و شجاعت اور حکمتِ عملی سے جیتی جاتی ہے۔

    ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں لاہور اور سیالکوٹ کا دفاع ہماری قومی اور عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ یہ وہ جنگ تھی جس میں پاکستانی فوج اور عوام نے اکٹھے ہو کر وطن کا دفاع کیا۔

    جنگِ ستمبر اس لیے بھی ہماری بڑی فتح تھی کہ دشمن نے مکمل تیّاری اور منصوبہ بندی کے تحت باقاعدہ افواج اور بھاری اسلحہ کے ساتھ اچانک حملہ کیا تھا، جب کہ پاکستان اس جنگ کے لیے بالکل تیّار نہیں تھا۔

    بھارت نے پاکستان کی شہری آبادی پر ٹینک بردار دستوں سے حملہ کیا تھا۔ واہگہ کے محاذ سے بھارتی ٹینک نہر کے پُل تک پہنچ گئے اور راستے میں آبادیوں پر قبضہ کرلیا۔ بزدل دشمن نے حملہ نصف شب کو کیا تھا۔ زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔ بھارتیوں نے پراپیگنڈہ کیا کہ وہ لاہور پر قبضہ کر چکے ہیں جب کہ سرحدوں پر موجود چند فوجیوں نے جان پر کھیلتے ہوئے پل توڑ دیا۔ اس پر بھارتی فوج متبادل انتظام کر کے مزید ٹینکوں کو نہر پار پہنچانے کی تیّاری کر رہی تھی کہ مزید جوان محاذ پر پہنچ گئے اور بھارتی ٹینکوں کی پیش قدمی روک کر لاہور شہر کے دفاع کا پہلا مورچہ بنا لیا۔

    لاہور میں جنگ کی دل چسپ کہانیاں سننے میں آئیں۔ مثلاً جب شہر پر بھارتی طیارے پرواز کرتے تو عوام سائرن سن کر گلیوں اور چھتوں پر نکل آتے۔ ہر چند یہ خطرے کی بات تھی لیکن عوام کا جوش و خروش اتنا تھا کہ وہ موت کے خوف سے آزاد ہو چکے تھے۔ شہر میں سے فوجیوں کا گزرنا ایک جشن کی طرح ہوتا۔ لوگ ان پر پھول پھینکتے۔ چھتوں پر کھڑی خواتین ہاتھ اُٹھا اُٹھا کر دعائیں کرتیں اور انھیں تحائف پیش کیے جاتے۔ بے شمار شہری بی آر بی نہر کے محاذ پر پہنچ گئے اور فوج کو اپنی خدمات پیش کر دیں۔ جہاں دونوں ملکوں کی فوجیں آمنے سامنے تھیں۔

    پاکستان کے دل لاہور اور تمام شہروں اور آزاد کشمیر میں عوام کے حوصلے بے حد بلند تھے۔ خصوصاً فوج اور عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا جو جذبہ 65ء کی جنگ میں پیدا ہوا تھا، وہ عدیم النّظیر اور ناقابلِ‌ فراموش ہے۔

  • گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا شان دار مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر میں یوم دفاع کی تقریبات کے موقع پر بحریہ کے اہل کاروں نے تیز رفتار بوٹس دوڑائیں اور جوڈو کراٹے میں اپنی مہارت دکھائی۔

    یوم دفاع پاکستان پر پاک بحریہ کے کڑیل جوانوں کا گوادرکے ساحل پر سپر ایکشن دیکھنے میں آیا، اسپیڈ بوٹ ریلی میں بحریہ کے جاں بازوں نے مقامی ماہی گیروں کے ساتھ درجنوں تیز رفتار بوٹس پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

    جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو زیر کرنے، اسلحہ چھیننے کا فن بھی پیش کیا، پاک بحریہ کے جوانوں کے بدن فولاد سے کم نہیں، نوکیلے کیلوں پر لیٹے اور بھاری پتھروں پر لیٹ کر سینے پر ہتھوڑے کے وار برداشت کیے، ساتھ ہی ٹائلوں کی ضربوں کو بھی جسم پر برداشت کیا۔

    پاک بحریہ کے جوانوں نے جوڈو کراٹے میں بھی اپنی مہارت پیش کی، جوانوں نے ناریل اور ٹائلیں اسٹائلش انداز میں توڑیں، مقامی افراد اور پاک بحریہ کے جوانوں کے درمیان رسہ کشی کا شان دار میچ بھی کھیلا گیا۔

    6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    اس موقع پر ساحل پر پاکستان زندہ باد ریلی بھی نکالی گئی، جس میں پاک بحریہ کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی، اور گوادر کا ساحل پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

  • آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستانی سفیر

    آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستانی سفیر

    واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع کے حوالے سے پُر وقار تقریب ہوئی جس میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت،تیاریوں پرمبنی دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں۔

    امریکا میں پاکستانی سفیراسد مجیدخان نے تقریب سے خطاب کے دوران عوام،افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم،افواج نے اندرونی وبیرونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم،افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اورعالمی امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

    یوم دفاع کے موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ڈیفنس اتاشی بریگیڈئیر کمال انور چوہدری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن میں عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    ملک بھر میں یوم دفاع آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان،قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 55 سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا،مسلح افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو شکست دی، شہدا کے اہل خانہ نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے،جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، فخر ہے کہ اسی جذبے کی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں سرخروہوئے۔

    صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنا دیا، خوشی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملکی استحکام ،تعمیر وترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں،ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارےخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے،دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں ملوث ہے،دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی واضح ہے اپنے دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے،دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھنے کےعہد کی تجدید کرتے ہیں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے بیرونی جارحیت کو شکست دی، دہشت گردی اورانتہا پسندی پرقابو پایا،اب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماد روطن پر جانیں نچھاور کرنے والےعظیم ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں،عہد کریں! وطن کی سلامتی، تحفظ اورخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن بہادرافواج کی جرات،قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے،55 سال قبل مسلح افواج اور غیور قوم نے دنیا پر ثابت کیا،ہم مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا،جذبہ،ولولہ ،جرات وبہادری سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے یو این منشور کی خلاف ورزی کی،بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اورخوف کا راج مسلط کر رکھا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پربھی جارحانہ طرزعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،بھارتی اشتعال انگیزیوں کا مقصد کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے،اسے کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے،ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیا کے عوام کی خوشحالی کے لیے ہے،آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور بہادر افواج ملک کے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں،کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے پوری طرح تیارہیں۔

    انہوں‌ نے کہا کہ 6 ستمبر کے موقع پراپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،آج ملک کے دفاع،سلامتی ،خودمختاری،تحفظ کےعزم کی تجدید کرتے ہیں،اس عزم کی تجدید جس کا مظاہرہ 65 کی جنگ کے شہدا،غازیوں نے کیا تھا۔

  • امن کے لیے پاکستان کا عزم سرحدوں سے تجاوز کرتا ہے، منیر اکرم

    امن کے لیے پاکستان کا عزم سرحدوں سے تجاوز کرتا ہے، منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ امن کے لیے پاکستان کا عزم سرحدوں سے تجاوز کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،یوم دفاع جارحیت کے خلاف دفاعی خود مختاری کو تسلیم کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

    مینر اکرم نے کہا کہ پاکستان 1960 میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ہوا،پاکستان 28 ممالک میں 46 امن مشنزمیں شرکت کر چکا ہے۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بین الاقوامی امن برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کی،پاکستان نے امن کوششوں میں 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تعاون کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جنگ زدہ معاشروں میں امن اور تعمیر نو میں میں مدد کی گئی،عالمی امن کے لیے ہماری شراکت بلا معاوضہ رہی ہے،انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں کی رہنمائی پر فخرمحسوس کرتے ہیں۔

    مینر اکرم کا کہنا تھا کہ پُرامن افغانستان کے لیے ہماری کوشش کو عالمی برادری تسلیم کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں‌ کہا کہ خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو مشرقی پڑوسی نے یرغمال بنا رکھا ہے،تنازع کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنے عہد وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔

    ملک بھر میں یوم دفاع آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کی مناسبت سے نغمہ جاری کردیا

    آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کی مناسبت سے نغمہ جاری کردیا

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نغمہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یوم دفاع کی مناسبت سے نغمہ جاری کیا گیا۔

    ہر گھڑی تیار کامران کے نام سے یہ نغمہ 80 کی دہائی میں بنائے گئے ایک پرانے نغمے کا ری میک ہے۔ نغمے کو علی عظمت، علی نور، عاصم اظہر اور علی حمزہ نے گایا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع و یوم شہدا کے حوالے سے ٹویٹ میں شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج دفاع وطن کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ کل 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔

    یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی کی دعائیں مانگی جائیں گی۔

    شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

  • پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر کردار ادا کیا، امریکا کا اعتراف

    پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر کردار ادا کیا، امریکا کا اعتراف

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر دفاع رینڈل شریور نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع و شہداء کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی نائب وزیر دفاع رینڈل شریور نے کہا کہ پاکستان اور امریکی افواج کے مابین بہترین تعلقات کار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر کردار ادا کیا، علاقے میں امن کے لیے پاکستان کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں۔

    پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے جانیں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان نے بیرونی جارحیت کے علاوہ دہشت گردی کے عفریت کو شکست دی۔

    بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر اعظم

    ان کا کہنا تھا کہ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی ،آزادی اور انسانیت کے احترام کا عزم رکھتے ہیں۔ اسدمجید خان نے کہا کہ تیرہ ملین کشمیری گھروں میں محصور ہیں اور باقی دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔

    پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، بھارت کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔