Tag: یوم سیاہ کشمیر

  • کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی، سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی، سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    کراچی: کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر یوم سیاہ منائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم سیاہ کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، اس سلسلے میں ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب نے بتایا کہ ایئر پورٹس پر بھی خصوصی طور پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ملک کے چھوٹے بڑے ہوائی اڈوں پر بینرز اور ہورڈنگز کی نمائش کی جائے گی، تمام لاؤنجز میں یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے دستاویزی فلمیں بھی دکھائی اور گیت بجائے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ قبضے کو 73 برس بیت گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اس تناظر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر مناتے ہیں۔

    73 برس قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں جس کے بعد سے بھارت نے آج تک کشمیر کے ایک بڑے حصے پر جابرانہ قبضہ قائم کر رکھا ہے۔

    اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کی جانب سے قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔

  • پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا: شہباز شریف

    پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا: شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مودی کے اوچھے ہتھکنڈوں پر پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم سیاہ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی داستان نہتے کشمیریوں کے خون سے بھری پڑی ہے، مقبوضہ وادی کو پاکستان نے آزاد کرانا ہے، وہ دن آئے گا جب ہم نواز شریف کی قیادت میں کشمیر فتح کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا مودی سرکار نے ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہے، 27 اکتوبر 1947 کے بعد بھارت نے 5 اگست 2019 کو ایک اور وار کیا، دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا، پوچھنا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا کا ضمیر کیوں سویا ہوا ہے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان نے آزادیٔ کشمیر کا پیڑ لگا دیا

    انھوں نے کہا مغربی دنیا کو آج مقبوضہ کشمیر کی کوئی پرواہ نہیں، آج کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ شہباز شریف وزیر اعظم پر بھی تنقید سے باز نہیں آئے کہا مودی امریکا جاتا ہے اور ٹرمپ کے ساتھ جلسہ کرتا ہے، عمران خان امریکا جا کر کہتے ہیں کہ میں جیلوں میں اے سی بند کردوں گا۔

    یوم سیاہ کے جلسے میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا آج معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، لوگ دال روٹی سے بھی محروم ہیں، آپ ملک سے باہر صلح اور اندر لڑائی کرا کر کشمیر فتح کرنا چاہتے ہیں، حکمرانوں سے کہتا ہوں دوغلی پالیسی نہیں چل سکتی۔

    واضح رہے کہ آج جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 72 سال مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

  • یوم سیاہ کی تقریب روکنے کی کوشش، افغان حکومت بھارت نوازی میں اندھی

    یوم سیاہ کی تقریب روکنے کی کوشش، افغان حکومت بھارت نوازی میں اندھی

    اسلام آباد: افغان حکومت بھارتی خوش نودی حاصل کرنے کے لیے اندھی ہو گئی ہے، کابل میں کشمیر سے متعلق پاکستانی سفارت خانے کی تقریب روکنے کی کوشش کر کے انڈیا کو خوش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر زاہد نصر اللہ نے کہا ہے کہ آج یوم سیاہ کشمیر سے متعلق سفارت خانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سفارت کار، سیاسی عمائدین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کرنا تھی، تاہم تقریب سے 2 گھنٹے قبل سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا سفارت خانے کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے پاکستان مخالف نعرے لگائے، مظاہرے کے باعث مہمان سفارت خانے نہیں پہنچ سکے، مہمانوں کو ڈنڈا بردار مظاہرین دھمکاتے بھی رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغان سفارتخانے کا پاکستانیوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ

    زاہد نصر اللہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں افغان حکام سے بھی رابطے کی کوشش کی گئی لیکن وہاں سے جواب نہیں ملا، پولیس سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن پولیس نے کہا کہ اوپر سے آرڈر نہیں۔

    سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملی بھگت سے پاکستانی سفارت خانے کے گیٹ پر مظاہرہ کیا گیا تاکہ یوم سیاہ کشمیر سے متعلق تقریب کو منعقد ہونے سے روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ آج جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 72 سال مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں واقع افغان سفارت خانے کی جانب سے بھی ویزے کے حصول کے لیے آنے والے پاکستانیوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویّہ اختیار کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پاکستانیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

  • 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، عارف علوی

    27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیریوں کی منشا اور تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے پر قبضہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 72 سال قبل آج ہی کے دن بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس جبر، ظلم وتشدد اور دہشت گردی کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ آج تک بھارت کشمیر میں وحشیانی کارروائیوں اور دھونس، دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں 80 لاکھ سے زائد افراد کو غیرقانونی طور پر محصور کیا ہوا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی پالیسیوں اور تدابیر میں کتنا ہی ظلم وبربریت کیوں نہ شامل ہو، وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جدوجہد آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اخلاقی وسیاسی اور سفارتی حمایت کا پختہ عزم کر رکھا ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منائیں گے۔

  • پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، یوم سیاہ کشمیر پر وزیر اعظم کا پیغام

    پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، یوم سیاہ کشمیر پر وزیر اعظم کا پیغام

    اسلام آباد: یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کو یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، رواں سال 5 اگست کو بھارت نے ایک اور مذموم قدم اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت کا حصہ بنایا اور اس کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ رواں سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت مختلف اور نمایاں ہے، 5 اگست کے اقدام نے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کیا، دوسری طرف بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

    انھوں نے پیغام میں کہا 3 ماہ سے ذرایع ابلاغ کے مکمل بلیک آؤٹ سے مقبوضہ وادی بڑی جیل میں بدل گیا، مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے، وادی میں ادویات اور اشیائے خور و نوش کی شدید قلت ہے، ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لے لیے گئے ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کر کے نا معلوم مقام پر قید کر دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک جاری ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جبر کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں، نام نہاد بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

    انھوں نے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، ذرایع ابلاغ کے بلیک آؤٹ کے خاتمے، بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کی منسوخی کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری امن و سلامتی کو لا حق خطرات کو روکنے میں کردار ادا کرے، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔