Tag: یوم عاشور

  • 2 روز کی عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا

    2 روز کی عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا

    کراچی : حکومت سندھ نے یوم عاشور کی مناسبت سے دو روز کی عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے عاشورہ کے موقع پر دو روز 5 جولائی اور 6 جولائی کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    یکم جولائی کو سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کا اطلاق تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اور نیم خودمختار اداروں، کارپوریشنز اور حکومت سندھ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والی لوکل کونسلز پر ہوگا، تاہم ضروری خدمات جاری رہیں گی۔

    اس بات کا اعلان چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کیا اور اس پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو نوٹیفکیشن بھیج دیا گیا ہے۔

    عاشورہ مسلمانوں کے لیے مذہبی اہمیت کا دن ہے، جسے کربلا کی جنگ میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین (رضی اللہ عنہ) کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

    دو روز کے دوران سندھ بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور جلوس متوقع ہیں۔

    کربلا اورعصرِ حاضر کے یزید

    حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ان ایام کو سنجیدگی کے ساتھ منائیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

  • یوم عاشور پر موبائل  فون سروس بند ہونے سے متعلق اہم خبر

    یوم عاشور پر موبائل فون سروس بند ہونے سے متعلق اہم خبر

    کراچی : یوم عاشور پر موبائل فون سروس بند ہونے سے متعلق اہم خبر آگئی ، محکمہ داخلہ سندھ نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطلی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے موبائل فون سروس معطل کرنے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی ، سندھ کےمختلف اضلاع میں عاشورہ محرم کے دوران موبائل سروس معطل کرنے کی درخواست کی گئی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے درخواست میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطلی کی سفارش کی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ قواعد کے تحت فیصلہ کر کے سندھ حکومت کو مطلع کرے۔

    مزید پڑھیں : انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ زمینی حقائق پر کیا جائے، محسن نقوی

    یاد رہے وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام سیکیورٹی پلان پر اجلاس کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا انٹرنیٹ،موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی کے پیش نظر صوبوں کی مشاورت ہوگا۔

    وزیر داخلہ نے ہدایت کی انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ زمینی حقائق پر کیا جائے ساتھ ہی تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے۔

  • یوم عاشور: کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جزوی معطل ہیں

    یوم عاشور: کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جزوی معطل ہیں

    کراچی: یوم عاشور کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروسز آج جزوی طور پر معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موبائل فون سروسز جزوی طور پر معطل ہیں، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی، یوم عاشور کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور کراچی کے جلوس کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

    حیدر آباد میں بھی سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہے، سکھر میں رات ایک بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ دادو میں بھی موبائل فون سروس معطل ہے۔

    ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    لاہور میں بھی جلوس کی گزرگاہوں ہر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہے، سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    پنجاب میں سوا لاکھ سے زائد افسران اور اہلکار جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور کیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب کہتے ہیں پر امن یوم عاشور یقینی بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے۔

    پشاور میں موبائل سروس جزوی طور پر بند ہے، جلوسوں کی گزرگاہوں پر موبائل سروس مکمل بند کر دی گئی ہے، یوم عاشور پر کوئٹہ میں بھی موبائل فون سروس بند ہے، محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق موبائل فون اور انٹرنیٹ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔

    گلگت میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اطراف کے علاقوں میں موبائل سروس بند ہے۔

  • یوم عاشور پر وزیر اعظم اور صدر مملکت کا قوم کو اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام

    یوم عاشور پر وزیر اعظم اور صدر مملکت کا قوم کو اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام

    اسلام آباد: یوم عاشور پر وزیر اعظم شہباز شریف اور اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے، نواسہ رسولﷺ نے حق و باطل کی لڑائی میں جان کا نذرانہ دے کر حق کو فتح سے سرفراز کیا۔

    انھوں نے کہا فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت، اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں، یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، تجزیہ کرنا چاہیے کون سے عناصر مفادات کے لیے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

    یوم عاشور پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، حضرت امام حسین کی شہادت میں امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے، امام حسین نے مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔

    انھوں نے کہا آج اسلام حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے، میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان و ابتلا کے وقت جلا بخشتی ہیں، آج بھی واقعہ کربلا سے سبق سیکھ کر اتحاد و اتفاق، ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، پوری قوم سے صبر اور محنت کرنے، انصاف کے لیے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔

  • ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    آج ملک بھر میں یوم عاشور سخت سیکیورٹی میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، ملک کے تمام شہروں میں شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جاں نثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

    کراچی میں ایم اے جناح روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے، لاہور، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، ہزاروں پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے عزاداروں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

    کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا، کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر بند کر دی گئی ہے اور شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔ پنجاب بھر میں آج صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

    پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، کوئٹہ میں 10 محرم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، اسلام آباد میں مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوگا۔

    یوم عاشور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی میدان کربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، یہ دن بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولؐ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ضروری ہے کہ ہم اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔

  • یوم عاشور کے موقع پر سیاسی رہنماؤں  کے خصوصی پیغامات

    یوم عاشور کے موقع پر سیاسی رہنماؤں کے خصوصی پیغامات

    اسلام آباد : یوم عاشور کے موقع پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خصوصی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم عاشور دس محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خصوصی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    یوم عاشورہمیں یاد دلاتا ہے کہ حسینیت تا ابد زندہ اور پائندہ ہے، خواجہ آصف

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہمیں یاد دلاتا ہے کہ حسینیت تا ابد زندہ اور پائندہ ہے، حسینیت ہر دور میں یزیدیت کیخلاف برسر پیکار رہےگی، ظلم،جبر اور بربریت کیخلاف جنگ میں خانوادہ رسول ﷺکی قربانی مشعل راہ ہے، ہر دور میں ہرمعاشرے کےیزیدکیخلاف جنگ ہم پرفرض ہے اور اس کیلئےقربانی سنت ہے۔

    واقعے کربلا سے درس ملتا ہے کہ عظیم مقاصدکی خاطربڑی قربانیاں دیناپڑتی ہیں، بلاول

    وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے یوم عاشور کےموقع پرپیغام میں کہا کہ واقعے کربلا سے درس ملتا ہے کہ عظیم مقاصدکی خاطربڑی قربانیاں دیناپڑتی ہیں، بلآخرفتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے، امام حسین نےسکھایاکہ حق کیساتھ کھڑاہونیوالےکاسر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا، امام حسین کےتمام رفقاکاحوصلہ،صبر و استقلال اور تدبر بھی مشعل راہ ہے، حسینیت ظالم سےلڑنےاورمظلوم کاساتھ دینے کا نام ہے۔

    واقعہ کربلاہمیں حق پر ڈٹ جانےکاسبق سکھاتا ہے، راناثنااللہ

    وزیرداخلہ راناثنااللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلاہمیں حق پر ڈٹ جانےکاسبق سکھاتاہے، امام حسین ؓاوران کےساتھیوں نےشجاعت کی داستان رقم کی، یوم عاشور حق و باطل کےلازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے، امام حسینؓ نےاپنی جان کانذرانہ پیش کرکےدین اسلام کوجلابخشی۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ کربلاکےشہیدوں کی بدولت ہی اسلام آج زندہ ہے،حق وباطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، آج ایثارو قربانی کےجذبے کو فروغ دینےکی ضرورت پہلےسےکہیں زیادہ ہے۔

    امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، زرداری

    سابق صدرآصف علی زرداری نے یوم عاشور پر خصوصی پیغام میں کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، مذہب اسلام کو سمجھنے کے لیے نواسہ رسولؐ کی عظیم قربانی سےسیکھنے کی ضرورت ہے، پی پی قیادت نےنواسہ رسولؐ کےفلسفےکو مشعل راہ بناکر وقت کے یزیدوں کی مزاحمت کی۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا میں مبتلا مٹھی بھر عناصر دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں، مسلمانوں کی دل آزاری دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہے ، مہذب ممالک کی حکومتیں ایسے عناصر کی سختی سے حوصلہ شکنی کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں ، ایسےعناصراشتعال انگیز مہم جوئی کرکے دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں، پی پی قیادت اور کارکنوں نے حسینیت کی راہ پرچلتے ہوئے شہادتوں کی تاریخ رقم کی۔

    واقعہ کربلا قیامت تک حق و باطل کےدرمیان تفریق کا پیمانہ ہے، گورنر سندھ

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم عاشورسےہمیں اسلام کے لئے قربانی دینے کا سبق ملتا ہے، واقعہ کربلا قیامت تک حق و باطل کےدرمیان تفریق کا پیمانہ ہے، امام حسین ؓ کی شہادت نےاسلام کی سربلندی کیلئےجان کی بازی لگا دینے کی روایت قائم کی، یہ شہادت صراط مستقیم پر چلنے والوں کے لئے ہر دور میں ایک روشن مثال ہے۔

    کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ شہدائےکربلا نے اپنے قول و فعل سے جانثاری کی عظیم تاریخ رقم کی، دین حق کی سربلندی کے لئے جان قربان کر دی لیکن سر نگوں نہیں کیا، امام حسین ؓ کی قربانی رہتی دنیا تک زندہ وجاوید رہے گی،امام حسین ؓ نے پورے خاندان کی قربانی دی مگر باطل کے سامنے نہیں جھکے۔

    واقعہ کربلا رہتی دنیا تک مسلمانوں اور تمام انسانوں کے لئے ایک سبق ہے، احسن اقبال

    وفاقی وزیر احسن اقبال نے یوم عاشورکےمرکزی جلوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا یوم عاشور تمام مسلمانوں کواس عظیم الشان قربانی کی یاددلاتا ہے،امام حسینؓ نےاہلخانہ، ساتھیوں کے ہمراہ کربلا کے میدان میں قربانی دی، واقعہ کربلا رہتی دنیا تک مسلمانوں اور تمام انسانوں کے لئے ایک سبق ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حق اور سچ کے لئے انسان کو بڑی سے بڑی چیز بھی قربان کر دینی چاہیے، امام حسینؓ کی قربانی یہ بھی درس دیتی ہے کہ حق اور سچ پر پہرہ دیں ، نبی پاکؐ کےنواسے نے تاریخ رقم کی،یہ ہم سب کے لئے بہت بڑا سبق ہے۔

    امام حسینؓ کا سبق ہے کسی ظالم و جابر کو حق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دی جائے، حمزہ شہباز

    نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ شہیدان کربلانے حق وصداقت کی راہ میں جانثاری کی عظیم تاریخ رقم کی، کربلا اقتدار کی جنگ نہیں اصولوں کی بقا،حق کی سربلندی کیلئےشہادت کا فیصلہ تھا، امام حسینؓ کا سبق ہے کسی ظالم و جابر کو حق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دی جائے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ اور ان کے رفقا رسول ؐ کے نظریے اور منشور کے علمبردار تھے، نواسہ رسولؐ نے اسلام کی عملی تفسیراپنےجانثاروں کی شہادت پیش کر کےبیان کر دی۔

    واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرا زی و سربلندی کی داستان ہے، محسن نقوی

    نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اوراصحاب کے ساتھ حق کی خاطرجام شہادت نوش کیا، واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرا زی و سربلندی کی داستان ہے، حضرت امام حسینؓ نےظلم کے سامنےڈٹ جانےکاابدی درس دیا ہے، نواسہ رسول ؐحضرت امام حسینؓ نےباطل کے سامنے سر نہ جھکاکر دین اسلام کو زندہ رکھا، امام حسینؓ کی شہادت صدائےانقلاب ہےجوہردورمیں بلند ہوتی رہے گی۔

    امام حسینؓ اور خاندان کی لازوال قربانیاں14 صدیوں پر محیط ہیں ، خالدمقبول

    کنوینرایم کیوایم پاکستان خالدمقبول صدیقی نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ امام حسینؓ اور خاندان کی لازوال قربانیاں14 صدیوں پر محیط ہیں ، یہ قربانیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی، محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے اورتاریخ میں عظیم قربانیوں سے عبارت ہے، ملت اسلامیہ پرمحرم الحرام کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔

    خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کربلا کا واقعہ حق و باطل کے درمیان تمیز کرتا ہے ،یہ ایک نظریہ کی جنگ تھی، ان کا نظریہ آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے اور یہ حق کی فتح ہے، امام حسینؓ کے ایثاروقربانی کی مثال ہر انقلاب کیلئےشعور دیتی ہے اور بنیادبنتی ہے، ہم اپنی زندگیوں کو کربلا والوں کی سنت پر ڈھالیں جو ہماری کامیابی کی ضمانت ہوگا۔

  • ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

    کراچی: ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے، پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس آج صبح 10 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس برآمد ہونے سے پہلے نشتر پارک میں مجلس ہوگی، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

    مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس اور رینجرز کے 7 ہزار سے زائد اہل کار تعینات ہوں گے، جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، شہر بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

    پشاور میں یوم عاشور کا پہلا جلوس کوچی بازار سے دن 11 بجے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس شام 4 بجے امام بارگاہ حیدرشاہ سے برآمد ہوگا، پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 11 ہزار اہل کار تعینات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن دیکھنے کے لیے کلک کریں

    ایس ایس پی آپریشن کے مطابق حساس مقامات کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور شہر بھر میں جزوی طور پر موبائل فون سروس معطل ہے۔

    راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوگا، جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی معاونت کے لیے رینجرز کے دستے بھی موجود ہیں۔

    اس دوران ڈبل سواری اور موبائل فون سروس اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی، جلوس کی فضائی نگرانی، اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جلوس کے راستوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔

    مرکزی جلوس امام بارگاہ قدیمی میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا جہاں شام غریباں برپا ہوگی۔

  • یوم عاشور :  پیر اور منگل کو عام تعطیل کا اعلان

    یوم عاشور : پیر اور منگل کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے یوم عاشور کی مناسبت سے پیر اور منگل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، تعطیلات کے دوران تمام نجی و سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم کی چھٹیوں کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ 9 اور 10 محرم یعنی پیر 8 اگست بروز پیر اور 9 اگست بروز منگل کو سندھ میں عام تعطیل ہوگی، تعطیلات کے دوران تمام نجی و سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے محرم الحرام کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا اور تمام صوبوں کو شرائط پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

  • یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    اسلام آباد: یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغامات میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل ہے، شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت رہتی دنیا تک عزم و استقلال کی علامت ہے، ہمیں اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت پر امت آج بھی افسردہ ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول ﷺ نے یزید کے جبر و استبداد اور ظلم و ستم کو ماننے سے انکار کیا، امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امام حسینؓ نے ثابت کیا حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جس میں عزاداران ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کریں گے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی ہوگا۔

  • ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

    ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ امام حسینؓ و جانثاران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،کراچی میں جلوس کے اختتام کے بعد ٹاور اور ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ایرانیہ حسینیہ پر اختتام پذیر ہوا۔

    یوم عاشور پر قیام امن کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے گئے تھے، شہروں، قصبوں اور دیہات میں علم و ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔

    سیکیورٹی خدشات کے تحت ملک بھر کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی تھی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔

    ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے فرائض سر انجام دے رہی ہے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار 368 اہلکار اور ریپڈ ری ایکشن فورس (آر آر ایف) کی 3 کمپنیز تعینات کی گئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 90 اسنائپرز جلوس کے اطراف تعینات کیے گئے ہیں، 513 مجالس اور 281 جلوس کے لیے 12 ہزار 455 افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی یوم عاشور کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پشاور میں مرکزی جلوس 3 بجے امام بارگاہ حیدر شاہ سے برآمد ہوا اور مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق پشاور بھر میں ایک درجن سے زائد چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے، شہر میں 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، 109 سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔

    شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی تھی جو جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔