Tag: یوم عاشور

  • کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں بھگدڑ میں تیس سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں اطلاع دی ہے کہ جاں بحق افراد میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں، پاکستانی سفارت خانے کا کربلا میں کیمپ آفس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ وہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    یاد رہے گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 70 سے زائد زخمی ہوئے، یہ افراد عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آ گئے۔

    خیال رہے کہ یوم عاشورہ پر لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں۔

  • کربلا کے جاں نثاروں کو سلام، یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت کی صدائیں

    کربلا کے جاں نثاروں کو سلام، یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت کی صدائیں

    کراچی/ لاہور: یوم عاشور پر ملک بھر میں عقیدت سے بھری صداؤں کی گونج میں کربلا کے جاں نثاروں کو سلام پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقا کو جلوسوں اور مجالس میں بھرپور سلام عقیدت پیش کیا گیا، ان کی یاد میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور عزاداری کی گئی۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر مخصوص اور پہلے سے متعین راستوں پر ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچا۔

    ادھر لاہور میں عزاداروں کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے نکل کر کربلا گامے شاہ پہنچا، شہر شہر جلوسوں کے بعد شام غریباں اور مجالس منعقد کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی اور بہادر کشمیری پیغام کربلا کو زندہ رکھیں: وزیر اعظم

    ملک بھر میں یوم عاشور پر سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیکورٹی کا فضائی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سیکورٹی کا معائنہ کیا۔

    ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ رینجرز اور پولیس میں کراچی ہی نہیں پورے سندھ میں ہم آہنگی ہے۔

    اس دوران مختلف شہروں میں کہیں مکمل اور کہیں جزوی طور پر فون سروس بند رہی، شہر قائد میں مرکزی جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس معطل رہی، تاہم جلوسوں کے اختتام کے بعد ملک بھر میں موبائل فون سروس بحال ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے، دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ تاریخ اسلام میں یوم عاشور کی الگ اور خاص اہمیت ہے۔ یہ رفعت و بلندی امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔ کربلا کا معرکہ یاد دلاتا ہے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جاسکتا۔ بچوں جوان بیٹوں اور بھائیوں کو راہ خدا میں نچھاور کرنا سر بلندی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جذبہ شبیری ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔ واقعہ کربلا اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی آبیاری کا سر چشمہ ہے۔ میرے نزدیک اسوہ حسینؓ کا پیغام ہر قلب سلیم کے لیے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسان جان جان آفریں کے سپرد کر کے قرآن کے الفاظ کی عملی تصویر بن جائے، قرآن میں ہے کہ اے نفس مطمئنہ اپنے رب کی طرف لوٹ آ کہ تو اس سے راضی ہو۔ جذبے سے سرشار ہو کر ہی ہم اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرِ پیکار عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔

  • واقعہ کربلا ظالم کے سامنے کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

    واقعہ کربلا ظالم کے سامنے کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ظالم کےسامنے کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خوراک، ادویات، دیگراشیا تک رسائی بند ہے، بھارت طاقت کے نشے میں کشمیریوں کو کچلنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے طاقتور کے بجائے حق پرڈٹے رہنے والے فتح یاب ہوئے، بھارت کو صرف کشمیرکی ذرخیز زمین چاہیے انسان نہیں، مودی اپنے ایجنڈے کے لیے لاکھوں مسلمانوں کا قتل کرسکتا ہے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 1 ماہ سے زائدعرصے سے لوگ محصور ہیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے کمشنرکا بیان حوصلہ افزا ہے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ عالمی برادری نے تاخیرکی تو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ ہوسکتا ہے۔

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • پنجاب حکومت نے امن برقرار رکھنے کے بہترین انتظامات کیے ہیں، عثمان بزدار

    پنجاب حکومت نے امن برقرار رکھنے کے بہترین انتظامات کیے ہیں، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جلوسوں اورمجالس کی نگرانی کے لیے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے لاہور کا فضائی دورہ کیا، راجہ بشارت اور آئی جی پنجاب بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

    وزیر اعلیٰ نے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، وزیر اعلی نے جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے امن برقرار رکھنے کے بہترین انتظامات کیے ہیں، پولیس اور انتظامیہ سیکورٹی پلان پر ہرصورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دشمن کےناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری فورس چوکس ہے، جلوسوں اورمجالس کی نگرانی کے لیے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • یوم عاشورہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، گورنر سندھ

    یوم عاشورہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ نے جانثار ساتھیوں کے ساتھ باطل کے خلاف اسلام زندہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، یوم عاشور پر دی گئی قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ جو لوگ اس سے راہ فرار اختیارکرتے ہیں ان کا نام قائم نہیں رہتا، امام حسینؓ نے جانثار ساتھیوں کے ساتھ باطل کے خلاف اسلام زندہ کیا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے شہادت کا راستہ اختیار کیا، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے کشمیری بہن بھائی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کی حمایت خون کے آخری قطرے تک جاری رکھے گی۔

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور کا درس ہے ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، جبر کرنے والے انتہا پسند غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیئے، جب ظلم کسی بھی شکل میں سر اٹھائے تو اسے جذبے سے مٹانا چاہیئے۔ آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔ تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔

  • شہادت امام حسینؓ انسانیت کی فتح، اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے، عارف علوی

    شہادت امام حسینؓ انسانیت کی فتح، اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے، عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ 10 محرم کی اسلامی تاریخ میں ایک ممتازحیثیت ہے، آج کے دن ہمیں اسوہ حسینی کو یاد رکھنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ شہادت امام حسینؓ انسانیت کی فتح، اسلامی اصولوں کی سربلندی ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 10 محرم کی اسلامی تاریخ میں ایک ممتازحیثیت ہے، نواسہ رسول نے شہادت پاکراس دن کو تا قیامت انمٹ کردیا۔

    صدر مملکت نے کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عہد کریں ہم اسلامی روایات کی پاسداری، ملکی ترقی کے لیے کام کریں گے، انتہاپسندی، عدم برداشت کے سدباب کے لیے کسی بھی اقدام سے دریغ نہ کریں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دعاگو ہوں کہ اللہ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی سے ہمکنارفرمائے، اللہ یوم عاشورکےاصل پیغام قربانی کے جذبے کو ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے۔

    واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہل وعیال کی شہادت کی یاد منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں مجالس وماتمی محافل برپا کی جارہی ہیں جن کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردی۔

    حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

    جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔

  • امن کی فضا یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    امن کی فضا یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، سب نے مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امن کی فضا یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کیا گیا ہے، مجالس اورجلوسوں کے لیے 4 درجاتی سیکیورٹی کی ہدایات دی ہیں،عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، سب نے مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پروضع سکیورٹی پلان پر100فیصد عمل یقینی بنایا جائے گا، موجودہ حالات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس فورس اوردیگر عملے کے لیے کھانے پینے کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی اور کہا کہ گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    شہدائے کربلا کی یاد، کراچی سمیت مختلف شہروں میں نویں محرم کے ماتمی جلوس برآمد

    واضح رہے کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں آج شہر شہر میں نویں محرم کے مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہیں، کراچی سمیت کئی شہروں میں ڈبل سواری بند ہے۔