Tag: یوم وفات

  • نام وَر افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی برسی

    نام وَر افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی برسی

    اردو کے مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے ہم عصروں میں کئی نام وَر ہوئے، نہایت قابل اور باصلاحیت، تخلیقی جوہر سے مالا مال ادیب و شاعر منٹو کے رفیق اور ہم کار بھی رہے، مگر منٹو نے اپنی الگ راہ نکالی اور اپنی تخلیقات کے سبب پہچانے گئے۔

    منٹو کے افسانے، مضامین، ان کے خاکے صرف پڑھے نہیں جاتے بلکہ آج بھی ان کے موضوعات کو‌ زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ منٹو نے حقیقتوں، سچائیوں اور تلخیوں کو بیان کرنے میں کوئی رعایت نہیں کی۔ سماج کے ہر روپ کو قارئین کے سامنے لانے سے گریز نہیں‌ کیا۔

    آج اردو کے اس عظیم افسانہ نگار کا یوم وفات ہے۔ منٹو 11 مئی 1912ء کو ضلع لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔ عملی زندگی اور قلمی سفر کا آغاز لاہور کے رسائل سے وابستہ ہوکر کیا۔ پھر آل انڈیا ریڈیو دہلی سے وابستہ ہوگئے جہاں ڈرامے اور فیچر لکھے جو کام یاب ہوئے۔ بعدازاں بمبئی منتقل ہوگئے جہاں متعدد فلمی رسائل کی ادارت کی۔ اسی زمانے میں انھوں نے فلموں کی کہانیاں اور مکالمے بھی لکھنے کا آغاز کیا۔

    قیامِ پاکستان کے بعد لاہور آگئے جہاں 18 جنوری 1955ء کو جگر کے عارضے کے باعث انتقال کیا۔

    منٹو کے موضوعات میں بڑا تنوع ہے۔ انھیں جنس نگاری اور تقسیم کے وقت کے فسادات کو اپنے افسانوں میں‌ ڈھالنے کی وجہ سے خوب شہرت ملی اور جہاں ان کی کہانیاں پسند کی گئیں، وہیں فحش نگاری کا الزام بھی لگا۔ لیکن منٹو کی حقیقت پسندی، جرأت و بے باکی ادیبوں کے لیے مثال بھی بنی۔

    منٹو کی چند تصاویر دیکھیے۔افسانے اور مختصر کہانیوں کے علاوہ منٹو کے لکھے ہوئے خاکے اور مختلف موضوعات پر ان کے مضامین بھی اردو ادب کا سرمایہ ہیں۔

  • پشتو زبان کے نام وَر ادیب اور شاعر سمندر خان سمندر کا یومِ وفات

    پشتو زبان کے نام وَر ادیب اور شاعر سمندر خان سمندر کا یومِ وفات

    پاکستان کے عظیم شعرا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی سیریز کا سلسلہ شروع ہوا تو 2002ء میں سمندر خان سمندر یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ وہ پشتو زبان کے ادیب، محقق، شاعر اور مترجم کی حیثیت سے نام و مقام رکھتے ہیں۔

    یکم جنوری 1901ء کو پیدا ہونے والے سمندر خان سمندر 17 جنوری 1990ء کو جہانِ فانی سے رخصت ہوئے۔ آج ان کی برسی ہے۔

    سمندر خان سمندر بدرشی، نوشہرہ کینٹ کے رہائشی تھے۔ وہ ایک زمانے میں خاکسار تحریک سے وابستہ رہے اور بعد میں مسلم لیگ سے جڑ گئے۔ ان کی زندگی اور فن سے نئی نسل کو روشناس کرانے کے لیے پشتو کے ادیب اور شعرا اور جامعات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سمندر خان سمندر کے یادگاری ڈاک ٹکٹ پر ان کا خوب صورت پورٹریٹ شایع کیا گیا تھا جس کی مالیت دو روپیہ تھی۔

    ان کی تصانیف میں ژور سمندر، دادب منارہ، میرمنے، کاروان روان دے، لیت ولار، خوگہ شپیلئی، پختنے، قافیہ، دایلم سوکہ، دقرآن ژڑا اور بلے ڈیوے شامل ہیں۔

    انھوں نے علّامہ اقبال کی مثنوی اسرارِ خودی اور رموزِ بے خودی کا بھی منظوم پشتو ترجمہ کیا تھا۔

  • نام وَر شاعر، نظمانے کے موجد محسن بھوپالی کی برسی

    نام وَر شاعر، نظمانے کے موجد محسن بھوپالی کی برسی

    معروف شاعر محسن بھوپالی 17 جنوری 2007ء کو دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔ آج ان کی برسی ہے۔ ان کا اصل نام عبدالرّحمٰن تھا جن کا خاندان تقسیمِ ہند کے بعد بھوپال سے ہجرت کرکے پاکستان کے شہر لاڑکانہ میں سکونت پذیر ہوا۔

    29 ستمبر 1932ء میں پیدا ہونے والے محسن بھوپالی نے کراچی کے این ای ڈی انجینئرنگ کالج سے سول انجینئرنگ میں ڈپلوما کورس کے بعد حکومتِ‌ سندھ کے محکمہ تعمیرات میں‌ ملازمت حاصل کی۔ اسی دوران جامعہ کراچی سے اردو میں ایم اے کیا۔

    محسن بھوپالی نے 1948ء میں شاعری کا آغاز کیا۔ وہ اپنے ہم عصر شعرا میں اپنی فکر اور شعری اسلوب کے سبب پہچان بناتے چلے گئے۔ انھوں نے اردو ادب کو اپنی تخلیقات کے علاوہ ایک صنفِ سخن نظمانے بھی دی۔ ان کے شعری مجموعوں میں‌ شکستِ شب، جستہ جستہ، نظمانے، ماجرا، گردِ مسافت شامل ہیں‌جب کہ قومی یک جہتی میں ادب کا کردار، حیرتوں کی سرزمین، جاپان کے چار عظیم شاعر بھی ان کی تصانیف ہیں۔

    محسن بھوپالی کے اوّلین شعری مجموعے کی تقریبِ رونمائی حیدرآباد سندھ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت زیڈ اے بخاری نے انجام دی۔ محسن بھوپالی اردو کے ایک مقبول شاعر تھے جن کے کئی قطعات اور اشعار ضرب المثل کا درجہ رکھتے ہیں۔

    ان کا یہ شعر آج بھی تحریر سے تقریر تک خیالاتِ پریشاں کو سمیٹنے اور حالاتِ سیاست پر تبصرہ کرنے کے لیے لکھا اور پڑھا جاتا ہے۔

    نیرنگیٔ سیاستِ دوراں تو دیکھیے
    منزل انہیں ملی جو شریک سفر نہ تھے

    محسن بھوپالی کراچی میں پاپوش نگر کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • گلی گلی پھرتی ہوا محسن نقوی کا نوحہ بھی سنارہی ہے

    گلی گلی پھرتی ہوا محسن نقوی کا نوحہ بھی سنارہی ہے

    سید غلام عباس نقوی نے محسن تخلص کیا اور دنیائے سخن میں‌ محسن نقوی کے نام سے پہچانے گئے۔

    آج اردو زبان کے اس ممتاز شاعر کی برسی ہے۔ 15 جنوری 1996ء کو محسن نقوی لاہور میں نامعلوم قاتلوں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور زندگی سے محروم ہوگئے۔ محسن نقوی 5 مئی 1947ء کو محلہ سادات، ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے تھے۔

    بہاءُ الدین زکرّیا یونیورسٹی ملتان سے اردو میں ایم اے کیا۔ ان کا شمار اردو کے مقبول ترین رومانوی شعرا میں ہوتا ہے جن کے کلام میں‌ ہجر و فراق کے مضامین، بے ثباتی دنیا، آلامِ روزگار کے موضوعات جا بجا ملتے ہیں۔
    وہ نظم اور غزل دونوں اصنافِ سخن پر یکساں قدرت رکھتے تھے۔

    ان کے شعری مجموعوں میں بندِ قبا، ردائے خواب، برگِ صحرا، موج ادراک، عذابِ دید اور میرا نوحہ انہی گلیوں کی ہوا لکھے گی شامل ہیں۔ 1994ء میں حکومتِ پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔

    محسن نقوی ڈیرہ غازی خان میں آسودۂ خاک ہیں۔ خوب صورت اور لطیف جذبات کے اظہار کے لیے انھوں نے استعاروں اور نادر تشبیہات سے اپنی غزلوں اور نظموں کو کچھ اس طرح‌ سجایاکہ سبھی کی توجہ حاصل کر لی۔وہ ہر خاص و عام میں مقبول ہوئے۔

    ان کے چند اشعار اور مشہور غزل آپ کے ذوقِ مطالعہ کی نذر ہے۔

    ہر وقت کا ہنسنا تجھے برباد نہ کر دے
    تنہائی کے لمحوں میں کبھی رو بھی لیا کر

    محسن نے کہا تھا:
    میرا ماتم اسی چپ چاپ فضا میں ہو گا
    میرا نوحہ انہی گلیوں کی ہوا لکھے گی

    مشہور گلوکار غلام علی کی آواز میں‌ ان کی یہ غزل آپ نے بھی سنی ہو گی۔

    یہ دل، یہ پاگل دل میرا کیوں بجھ گیا آوارگی
    اس دشت میں اک شہر تھا، وہ کیا ہوا؟ آوارگی

    کل شب مجھے بے شکل کی آواز نے چونکا دیا
    میں نے کہا تُو کون ہے؟ اُس نے کہا آوارگی

    یہ درد کی تنہائیاں، یہ دشت کا ویراں سفر
    ہم لوگ تو اُکتا گئے، اپنی سُنا! آوارگی

    کل رات تنہا چاند کو، دیکھا تھا میں نے خواب میں
    محسن مجھے راس آئے گی، شاید سدا آوارگی

  • ممتاز ادیب، نقّاد اور معلّم رشید احمد صدیقی کی برسی

    ممتاز ادیب، نقّاد اور معلّم رشید احمد صدیقی کی برسی

    اردو ادب میں باکمال مزاح نگار، مضمون نویس اور نقّاد کی حیثیت سے رشید احمد صدیقی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آج اردو کے اس ممتاز ادیب کا یومِ وفات ہے۔ وہ 15 جنوری 1977ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔ طنز و مزاح پر مبنی مضامین کے علاوہ رشید احمد صدیقی نے نقد و نظر کے حوالے سے بھی یادگار کتب چھوڑی ہیں۔

    رشید احمد صدیقی 24 دسمبر 1892ء کو جون پور کے قصبہ مڑیاہو میں پیدا ہوئے۔ فارسی و عربی کی ابتدائی تعلیم گھر حاصل کی اور بعد میں جون پور کے ہائی اسکول میں داخلہ لیا۔ ہائی اسکول کی تعلیم کے بعد 1915ء میں علی گڑھ چلے گئے جہاں زمانۂ طالب علمی میں مختلف ادبی اور علمی سرگرمیوں میں حصّہ لیتے رہے۔ وہ علی گڑھ کے میگزین کے ایڈیٹر رہے۔

    1921 میں اردو کے لیکچرار اور 1943ء میں صدرِ شعبۂ اردو ہوئے۔ بعد ازاں مرکزی وزارتِ تعلیمات کی ایک اسکیم کے ڈائریکٹر ہوئے۔

    رشید احمد صدیقی کی زندگی کا بیش تر حصہ علی گڑھ ہی میں گزرا۔ آپ علی گڑھ میں درس و تدریس سے جڑے رہے۔

    ڈاکٹر جعفر احراری اپنے ایک مضمون میں لکھتے ہیں:
    رشید صاحب کے طنز میں تلخی اور زہرناکی کا احساس نہیں ہوتا۔ وہ چھوٹے چھوٹے فقروں سے بہت کام لیتے ہیں۔ ان کے فن میں عامیانہ پن نہیں بلکہ گہرائی اور گیرائی کا بول بالا ہے۔ شعر و ادب سے قطع نظر سیاست، تاریخ اور دیگر علوم و فنون کو بھی اپنے موضوع میں شامل کرلیا ہے جس کے سبب ان کے طنز و مزاح سے لطف اٹھانا آسان کام نہیں بلکہ خاصا باشعور اور بے حد شائستہ مذاق کا حامل ہونا ضروری ہے۔

    رشید احمد صدیقی کی زندگی شرافت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا بہترین نمونہ تھی۔ انھوں نے طنز و مزاح، خاکے، علمی و ادبی موضوعات پر مضامین کے علاوہ تنقید نگاری بھی کی، ان کی چند کتابوں کے نام یہ ہیں۔

    مضامینِ رشید، گنج ہائے گراں مایہ، اردو طنز و مزاح کی تنقیدی تاریخ، ہم نفسانِ رفتہ، علی گڑھ ۔ ماضی و حال اور ان کے خطوط بھی کتابی شکل میں شایع ہوئے جو ادبی دستاویز اور مستند حوالہ ہیں۔

  • فنِ موسیقی کے استاد امید علی خان کا یومِ وفات

    فنِ موسیقی کے استاد امید علی خان کا یومِ وفات

    آج پاکستان میں کلاسیکی موسیقی اور گائیکی میں ممتاز استاد امید علی خان کی برسی ہے۔ وہ 14 جنوری 1979ء کو وفات پاگئے تھے۔

    استاد امید علی خان 1914ء میں امرتسر کے ایک گائوں میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق موسیقی میں مشہور گوالیار گھرانے سے تھا۔ امید علی خان کے والد استاد پیارے خان اور دادا استاد میران بخش اپنے زمانے کے مشہور گلوکار تھے۔

    موسیقی اور گائیکی کے حوالے سے استاد امید علی خان کی تعلیم و تربیت میں ماحول کا بڑا اثر تھا۔ انھوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی پھر پٹیالہ گھرانے کے استاد عاشق علی خان کی شاگردی اختیار کر لی۔ یوں امید علی خان نے گائیکی میں گوالیار اور پٹیالہ گھرانوں کے رنگ اور خصوصیات کو اپنایا اور اس فن میں مہارت حاصل کرتے چلے گئے۔

    استاد پیارے خان ایک زمانے میں ریاست خیرپور سے وابستہ ہوگئے تھے اور استاد امید علی خان کی عمر کا خاصا حصّہ سندھ دھرتی پر گزرا۔

    امید علی خاں سے فنِ موسیقی اور گائیکی میں اکتساب کرنے والوں میں منظور حسین، فتح علی خاں اور حمید علی خان نمایاں ہوئے۔

    استاد امید علی خان لاہور میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • نام وَر موسیقار اور سارنگی نواز استاد بندو خان کا یومِ وفات

    نام وَر موسیقار اور سارنگی نواز استاد بندو خان کا یومِ وفات

    13 جنوری 1955ء کو نام ور موسیقار اور مشہور سارنگی نواز استاد بندو خان وفات پاگئے۔ 1959ء میں بعد از مرگ حکومت کی جانب سے ان کے لیے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی کا اعلان کیا گیا۔ آج استاد بندو خان کا یومِ وفات ہے۔

    موسیقی اور سارنگی کا ابتدائی درس اور سازوں کی تربیت اپنے والد علی جان خان سے جب کہ اپنے ماموں اُستاد مَمَن سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ استاد بندو خان آل انڈیا ریڈیو، دہلی اسٹیشن کے قیام کے فوراََ بعد ہی اس سے منسلک ہو گئے تھے۔ انھوں نے ریاست رام پور اور اندور کے دربار میں اپنے فن کی بدولت عزت پائی۔

    ہندوستان کی قدیم کلاسیکی موسیقی کو سمجھنے اور اس کا حق ادا کرنے کی غرض سے استاد بندو خان نے سنسکرت بھی سیکھی۔ یہ ان کے اپنے فن سے لگاؤ اور جنون کی ایک مثال ہے۔

    1880ء میں دہلی میں پیدا ہونے والے بندو خان کے والد علی جان خان بھی سارنگی بجاتے تھے۔ سُر ساگر کے موجد ممّن خان ان کے ماموں تھے۔

    قیامِ پاکستان کے بعد بندو خان کراچی چلے آئے اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوگئے۔ استاد بندو خان نے کراچی ہی میں‌ مختصر علالت کے بعد دارِ فانی سے کوچ کیا۔

  • "یہ نصیر ترابی آخر ہے کون؟”

    "یہ نصیر ترابی آخر ہے کون؟”

    نئے سال کے آغاز پر نصیر ترابی نے دنیا چھوڑ دی، حیدرآباد دکن کے نصیر ترابی علم و ادب کی دنیا میں ممتاز تھے شاعر، نقّاد اور ماہرِ لسانیات کی حیثیت سے نام وَر تھے۔

    انھوں نے معروف خطیب اور عالمِ دین علامہ رشید ترابی کے گھر 15 جون 1945ء کو آنکھ کھولی۔ ان کا خاندان کراچی آگیا جہاں نصیر ترابی تعلیم و روزگار کے ساتھ علمی و ادبی سرگرمیوں میں مشغول رہے۔

    گزشتہ روز انتقال کرجانے والے نصیر ترابی 60 کی دہائی میں جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہوئے۔ علمی و دینی گھرانے سے تعلق تھا۔ گھر پر علم و ادب کے رسیا و نام ور، سیاست و سماج کے قد آوروں کی آمد و رفت رہتی تھی اور اسی ماحول میں‌ انھوں نے تربیت پائی اور بعد میں علم و ادب ہی کو اپنی پہچان اور حوالہ بنایا۔ نصیر ترابی کا شعری مجموعہ ’عکسِ فریادی’ ، نعتیہ مجموعہ ’لاریب’، لسانیات سے متعلق کتابیں ‘شعریات’ اور ‘لغت العوام’ شایع ہوچکی ہیں۔

    معروف خاکہ نگار ممتاز رفیق کو نصیر ترابی کی رفاقت نصیب ہوئی تو انھوں نے ‘بانکے ٹانکے’ کے عنوان سے ان کا خاکہ لکھا جس سے چند پارے ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔ یہ نصیر ترابی کے فن اور ان کی زندگی کی جھلکیاں ہیں۔

    یہ نصیر ترابی آخر ہے کون؟ اپنی تنہائی میں مست الست ایک آدمی، جس کا بڑا پن بونوں کے اس ہجوم میں کہیں ادھر اُدھر ہو گیا ہے۔

    ایک تازہ کار شاعر جسے اپنے ڈھب سے زندگی کرنے کی للک گھیر گھار کر ایک ایسے گوشے میں لے آئی ہے جہاں اُسے اپنی بازگشت کے سوا کچھ اور ذرا کم سنائی دیتا ہے۔ ایسے میں کیا عجب اگر کوئی نامانوس دستک، اُس کی فراخ پیشانی پر ناگوار سلوٹوں کا جال سا بُن دیتی ہے۔ ماضی کے دریچوں سے جھانکتی پرچھائیاں اور خوش سواد سودائیوں کا انبوہ اُسے بے کل رکھتا ہے۔ اس مردِ عجیب کی خود اختیاری تنہائی، اُس میں زندہ رہنے کی ترنگ کو تازہ دَم رکھے ہوئے ہے۔

    نصیر ترابی ایک نفیس اور کم یاب چیز ہے۔ ایک مشکل آدمی، جس کی توجہ حاصل کرنے کے بعد اُسے متواتر متوجہ رکھنا ایک الگ طرح کا قرینہ چاہتا ہے۔ پرائے لفظ یا لہجے کی معمولی سی اونچ نیچ اس ترازو کے اوزان بدل سکتی ہے، پھر نہیں معلوم کہ کیا پیش آجائے۔

    نصیر کی زندگی ایک جاگتے ہوئے آدمی کا خوا ب ہے۔ ایک خوش قامت وجیہہ آدمی جس کی اُور ادھیڑ عمری لپکی چلی آتی ہے، لیکن اس گھمسان میں بھی میرا یار شخصی کشش کو قابو میں رکھے ہوئے ہے۔ آج بھی اُس کی ذات میں وہ گم شدہ مہک زندہ ہے جب ایک سنگین دل کشی ہر دَم اُس کے ہم قدم رہا کرتی تھی۔

    یہ آدمی اپنی اٹھان کے دنوں میں کیسا دکھائی پڑتا تھا؟ سر پر ڈیرہ ڈالے گہرے گھنے اندھیر ے میں ایک آڑی پگڈنڈی جو اُس کی کشادہ پیشانی پر دمکتے اُجالے کو مزید اُجال دیتی۔ اس خیرگی پر خطِ اختتام کھینچتی ہوئی دو سیاہ بھنویں اور اُن سے ذرا نیچے کو دوکٹاری آنکھیں، جن کی ہیرا پھیری کا کوئی توڑ نہ تھا اور چوکس کھڑی ناک کے نسبتاًچوڑے نتھنے، جنھیں دور سے سونگھ لینے کا وصف حاصل تھا، ترشے ہوئے ہونٹوں پر ایک بھید بھری مسکراہٹ، جس پر اس مسکراہٹ کا بھید کھلا وہ اپنے آپ سے جاتا رہا، گال جیسے موسم کا پہلا سرخ سیب، جسے دو برابر حصوں میں بانٹ لیا گیا ہو، نصیر ترابی کے اڑیل مزاج کی چغلی کھاتی ہوئی ٹھوڑی، جس پر ہلکا سا چاہِ زخنداں جو اپنا ایک الگ حسن رکھتا تھا، رنگت جیسے صحرا کی چاندنی جنگلی گلاب سے لپٹ کر چلی آ رہی ہو، کسی کھلاڑی کا سا چست بدن اور اس پر میرے یار کا ملبوساتی انتخاب کا ڈھنگ، جس کے لیے داخلی جمال کا رچاؤ ازبس لازمی ہوا کرتا ہے اور اُس پر سوا نصیر خیز کی جامہ زیبی جس نے جناح کالج کی راہداریوں سے کرکٹ کے میدان تک یکساں اُودھم مچا رکھا تھا۔

    شاعری اُس کے لہو کی تال پر رقص کرتی ہے اور لفظ تو میرے یار نے جیسے اپنے کر چھوڑے ہیں۔ جب جس لفظ کو چاہتا ہے، ایک نئی معنوی چھوٹ کے ساتھ جلوہ کر دکھاتا ہے اور شاعری ہی کا کیا مذکور نصیر کی نثر بھی اپنا ایک الگ تیور رکھتی ہے۔ جن حرف شناسوں نے نصیر کے شخصی مضامین پڑھ، سن رکھے ہیں وہ جان چکے ہیں کہ اگر کسی کو لفظ پر تصرف حاصل ہو جائے تو فقروں کا جادو کیسے سر چڑھ کے بولتا ہے۔

    نصیر کے ابتدائی دنوں نے جس رچاؤ کے ساتھ جو ترتیب و تہذیب پائی اُس میں اس چوکھٹ کی حاضری بھرنے والوں کا بھی اہم حصہ تھا۔ علامہ رشید ترابی کے وسیع دسترخوان پر منتخب اکابر مجتمع ہوتے۔ نوعمر نصیر اپنے بابا کے احباب کی چاکری پر چوکس رہتا۔ طعام سے قبل سلفچی میں ہاتھ دھلوانا اور بعد از طعام اُن کی جوتیاں سیدھی کرنا نصیر کی ذمہ داری ہوتی۔

    علامہ کے دستر خوان پر ہمیشہ ایک مکالمہ گرم رہتا۔ نصیر کے لیے ان مکالماتی معرکوں میں سیکھنے اور سمجھنے کے لاکھ پہلو تھے۔

    نصیر ترابی کے جن دیرینہ دوستوں سے میں واقف ہوں، اُن میں عبیداللہ علیم ،اطہر نفیس، نگار صہبائی، احمد عمر شریف اور نیر سوز شامل ہیں۔ اُن میں سے نیر سوز اور احمد عمر شریف، نصیر کے جناح کالج کے ساتھی ہیں۔

    نصیر ایک ذہین، حسین اور فطین آدمی تھا۔ جناح کالج سے الحسن تک وہ جہاں بیٹھتا، مجلس کا سرخیل ہو جاتا۔ یہ نصیر کے بابا کی سرفرازی اور اس کی سرسبزی کا زمانہ تھا۔

    میرے یار سے لوگوں کی مرعوبیت کے کتنے ہی جواز تھے، کچھ اُس کی خاندانی وجاہت، بعض ذاتی جاذبیت اور اکثر اس کے زورِ کلام اور سخن کاری کے اسیر تھے، لیکن نصیر ترابی ریوڑ میں بھٹک جانے والا آدمی نہیں ہے۔ اس میں اتنا دماغ کہاں کہ ہر ایرے غیر ے کا بوجھ ڈھوتا پھرے۔

    وہ سنجیدہ رکھ رکھاؤ کا ایک لیے دیے رہنے والا آدمی ہے جسے بدسلیقگی کو چھوتا ہوا جملہ گوارا نہ ہو وہ ایک پورے بد مذاق کو کیسے برداشت کر سکتا تھا۔ اس حوالے سے نصیر کی ترشی بلکہ درشتی کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ نصیر کے بعض لوگوں سے روا رکھے جانے والے کھردرے رویے سے یہ تأثّر عام ہو گیا کہ وہ ایک گھمنڈی ہے، حالاں کہ یہ محض ایک ایسے تخلیق کار کا طمطراق تھا جس کے تئیں عدم تخلیقیت اور بے روح ہونا تقریباً ایک جیسی بات تھی۔ وہ اپنی محفل اور سنگیتوں کو اس آزار سے محفوظ رکھنا چاہتا تھا۔

    یہ میرے یار کی خوش نصیبی سے بڑھ کے اہل مندی تھی کہ اُسے جوش ملیح آبادی، فیض احمد فیض، ناصر کاظمی، زیڈ اے بخاری، مصطفیٰ زیدی، سبطِ حسن اور عزیز حامد مدنی ایسے نام وروں نے اپنی محفلوں میں قبول و مقبول کیا۔

    میرا یار کلاسیکی ادب کا گہرا مطالعہ اور صحبت یافتہ ذوق رکھتا ہے، جب وہ اپنی چوپال یا کسی چائے خانے میں ایک انہماک کے ساتھ اپنی دائیں بھوؤں کو انگشتِ شہادت سے کاڑھتے سنوارتے ہوئے سرگرمِ کلام ہو تو غیبت کے چٹخارے کے ساتھ اُس کی گفتگو میں گُھلی علم و آگہی کی آنچ، جملوں میں بہتی گرماہٹ اور معنوی گیرائی کی مہکار، سماعتوں کو ایک نئے قسم کی سمعی فضا سے مشک بار کرتی ہے۔

    نصیر اب ادھیڑ عمری کو آ لگا ہے لیکن اب بھی وہ پوری توانائی اور آسودگی سے زندگی کرتا ہے، اندر کی بے کلی اس سے بالکل الگ نوعیت کا قصہ ہے۔ اب میر ا یار خاموش اور سب سے الگ تھلگ اپنی تخلیق کی ہوئی دنیا میں اس طور صبح کو شام کرتا ہے جس کا اُس نے زندگی کے ابتدائی دور میں سوچ رکھا تھا، اس مہکتی بہکتی تنہائی میں نصیر کو اپنی پسند کا ماحول میسر ہے۔

    نصیر کی شخصی بُنت میں ایسے بانکے ٹانکے استعمال ہوئے ہیں کہ ہر چلتی پھرتی آنکھ اس تانے بانے کی اُدھیڑبن کا آسانی سے احاطہ نہیں کر سکتی۔ نصیر ایسے زندہ آدمی کا آغاز لکھنا آسان سہی لیکن اختتام کرنا مشکل ہوتا ہے اور سرِدست مجھے یہی مشکل درپیش ہے۔

  • فلمی صنعت کے ’’دادا‘‘ نذرُ الاسلام کا یومِ وفات

    فلمی صنعت کے ’’دادا‘‘ نذرُ الاسلام کا یومِ وفات

    11 جنوری 1994ء کو پاکستان کے نام ور فلمی ہدایت کار نذرُ الاسلام وفات پاگئے تھے۔ نذرالاسلام فلمی صنعت میں ’’دادا‘‘ کے لقب سے معروف تھے۔

    نذرُ الاسلام 19 اگست 1939ء کو کلکتہ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ نیوتھیٹرز کلکتہ کے دبستان کے نمائندہ ہدایت کار تھے۔ فنی زندگی کا آغاز ڈھاکا سے بطور تدوین کار کیا۔ پھر ہدایت کار ظہیر ریحان کے معاون بن گئے۔ چند بنگالی فلموں کے بعد ایک اردو فلم کاجل بنائی جو بے حد مقبول ہوئی۔ انھوں نے بعد میں ایک بنگالی فلم اور ایک اور اردو فلم پیاسا کی ہدایات دیں۔ 1971ء میں سقوطِ ڈھاکا کے بعد ہجرت کرکے پاکستان آگئے تھے۔

    یہاں نذرالاسلام نے فلم ساز الیاس رشیدی کے ساتھ اپنے نئے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ ان کی فلموں میں حقیقت، شرافت، آئینہ، امبر، زندگی، بندش، نہیں ابھی نہیں، آنگن، دیوانے دو، لو اسٹوری، میڈم باوری کے نام سرفہرست ہیں۔ یہ تمام فلمیں باکس آفس پر بے حد کام یاب رہیں۔

    بطور ہدایات کار نذرالاسلام کی آخری فلم لیلیٰ تھی، جو ان کی وفات کے بعد نمائش پذیر ہوئی۔

  • ’’چاند نگر‘‘ کے ابنِ انشا کی برسی

    ’’چاند نگر‘‘ کے ابنِ انشا کی برسی

    آج نام وَر ادیب، شاعر اور مترجم ابنِ انشا کا یومِ وفات ہے۔ مزاح نگاری ان کی پہچان تھی۔ قارئین میں ان کے فکاہیہ کالم بہت مقبول ہوئے۔ ابنِ انشا نے سفر نامے بھی لکھے جن میں اپنے اسلوب کے سبب الگ پہچان بنانے میں کام یاب رہے۔ نظم کے میدان میں بھی ابنِ انشا نے خود کو منوایا اور ان کی تخلیقات آج بھی پڑھی اور پسند کی جاتی ہیں۔

    ابنِ انشا کا اصل نام شیر محمد خان تھا، وہ 15 جون 1927ء کو موضع تھلہ ضلع جالندھر میں پیدا ہوئے۔ جامعہ پنجاب سے بی اے اور جامعہ کراچی سے اردو میں ایم اے کیا۔

    1960ء میں روزنامہ ’’امروز‘‘ کراچی میں قلمی نام سے کالم لکھنے کا آغاز کیا اور بعد میں مختلف اخبارات کے لیے کالم لکھتے رہے۔ انھوں نے نیشنل بک کونسل کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور سفارت کار بھی رہے۔

    ابنِ انشا کا پہلا مجموعہ ٔ کلام ’’چاند نگر‘‘ تھا اور بعد میں’’اس بستی کے ایک کوچے میں‘‘ اور ’’دلِ وحشی‘‘ بھی شایع ہوئی۔ ان کے سفر ناموں کو بہت شہرت ملی جس میں ان کے اسلوب نے قارئین کو متاثر کیا۔ ان کی ایک غزل انشا جی اٹھو اب کوچ کرو اس شہر میں جی کو لگانا کیا بہت مشہور ہوئی جب کہ ان کے مزاح پاروں اور سفر ناموں پر مشتمل کتب آوارہ گرد کی ڈائری، دنیا گول ہے، ابنِ بطوطہ کے تعاقب میں، چلتے ہو تو چین کو چلیے اور نگری نگری پھرا مسافر کو قارئین نے بے حد پسند کیا۔

    طنز و مزاح اور فکاہیہ کالموں کے مجموعوں میں‌ اردو کی آخری کتاب، خمارِ گندم، باتیں انشا جی کی شامل ہیں جب کہ ان کا ترجمہ قصہ ایک کنوارے کا بھی کتابی شکل میں شایع ہوا۔

    ابنِ انشا 11 جنوری 1978ء کو لندن میں انتقال کرگئے۔ وہ سرطان کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔