Tag: یوم پاکستان

  • یوم پاکستان کے موقع پر نیا ملی نغمہ جاری

    یوم پاکستان کے موقع پر نیا ملی نغمہ جاری

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک نیا ملی نغمہ ’’ہم سب کا پاکستان‘‘ جاری کردیا ہے جسے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے گایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے نے یوم پاکستان کی مناسبت سے نیا ملی نغمہ ملی جاری کردیا ہے یہ نغمہ ملی یکجہتی، پر عزم حوصلے اور بیدار مغز شاعری سے مزین اور دلفریب موسیقی سے آراستہ ہے جسے ہر خاص و عام میں یکساں طور پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے

    ispr1

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں تحریر کیا کہ پاکستانی قوم پر عزم اور بلند حوصلہ قوم ہے اور دنیا کی کوئی بھی قوت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام کے ساتھ ہی یوم پاکستان کے حوالے سے نیا نغمہ ” ہم سب کا پاکستان بھی شیئر کیا جسے راحت علی خان نے اپنی مترنم آواز میں گایا ہے جب کہ نغمے کے آغاز میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پاکستان کے موقع پر کی جانے والی تقریر کا کچھ حصہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اس ویڈیو میں اعلیٰ ملکی شخصیات بہ شمول وزیر اعظم آزاد کشمیر، اعلی فوجی افسران، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور چاروں وزراء اعلیٰ کے پیغامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

  • چینی فوج کے ’جیوے پاکستان‘ کے نعرے

    چینی فوج کے ’جیوے پاکستان‘ کے نعرے

    اسلام آباد: 23 مارچ یوم پاکستان کا دن قریب آتا جارہا ہے اور اس دن کی جانے والی عظیم الشان پریڈ کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ریہرسل کے دوران چینی فوج کے دستوں نے ’جیوے جیوے پاکستان‘ نغمہ گا کر دلوں کو گرما دیا۔

    رواں برس یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی پریڈ میں پاک فوج کے ساتھ پہلی مرتبہ چینی فوجی دستے بھی شریک ہوں گے۔ پریڈ میں ترک ملٹری بینڈ بھی حصہ لے رہا ہے۔

    عظیم الشان پریڈ کی ریہرسل شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں جاری ہیں جہاں چینی فوجی دستے بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: یوم پاکستان پریڈ میں پہلی بار چینی دستے کی شرکت

    چینی دستے میں چین کی بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کے اہلکار شامل ہیں۔

    ریہرسل کی جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چینی دستہ مارچ کرتے ہوئے گزر رہا ہے اور اس دوران وہ مشہور نغمہ ’جیوے جیوے پاکستان‘ گا رہا ہے۔

    چینی فوج کی جانب سے پاکستان کے لیے اس دوستی اور محبت کا اظہار یقیناً ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند اور آنکھ نم کردے گا۔

    خیال رہے کہ 23 مارچ کو پریڈ کے دوران بری، بحری اور فضائی افواج کی جانب سے بھر پور قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ دفاعی آلات کی نمائش بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دورحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سالہا سال سے منعقد کی جانے والی یوم پاکستان کی پریڈ کا انعقاد روک دیا گیا تھا جس کا دوبارہ آغاز سات سال بعد 23 مارچ 2015 سے ہوا تھا۔

  • یوم پاکستان: پریڈ کی تیاریاں بھرپورانداز میں جاری ہیں‘آئی ایس پی آر

    یوم پاکستان: پریڈ کی تیاریاں بھرپورانداز میں جاری ہیں‘آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کی تیاریاں بھرپور انداز میں کی جارہی ہیں، اس سال یوم پاکستان کی پریڈ میں چین اورسعودی فورسزکے دستے خصوصی طور پر شرکت کریں گے.

    آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کی پریڈ کی تیاریاں بھرپورانداز میں جاری ہیں، پریڈ کا خصوصی پہلو چین اورسعودی فورسزکے دستوں کی شرکت ہے.

    پاک فوج کے شعبے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یوم پاکستان والے دن ترکی کا فوجی بینڈ مہترن بھی پریڈ میں پرفارم کرے گا، جبکہ جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ بھی پریڈ دیکھیں گے۔

    یاد رہے کہ "23 مارچ” کی تاریخ مادر وطن کے لئے بہت اہم دن ہے ، اس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، اس قرارداد کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیابی حاصل کی تھی، واضح رہے اُس کامیابی کا نام” پاکستا ن " ہے۔

    اسی لئے "23 مارچ” کو "یوم پاکستان” کہا جاتا ہے، یہ ہی نہیں بلکہ 1956 کو "23 مارچ” کے دن ہی پاکستان کا پہلا آئین مرتب ہوا تھا.

  • یوم پاکستان پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

    یوم پاکستان پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

    کراچی: یوم پاکستان کے سلسلے میں مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ۔

    یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار گورنر سندھ عشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ نے حاضری دی اور پھولوں کی چارد چڑھائی ۔

    اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےگورنر سندھ نے کہا کہ 23مارچ کا دن تحریک پاکستان میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کا عزم کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے اس عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

    پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے بھی بابائے قوم کی آخری آرام گاہ پرپھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اسکاؤٹ اوراسکول کےطلباء نے بھی مزارقائدپربائی پاکستان کوخراج عقیدت پیش کیا۔

    لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاک فضائیہ کےدستےنےشاعرمشرق کےمزارپرگارڈزکےفرائض سنبھالے۔

  • ’23 مارچ یوم قراداد پاکستان ‘آج پورے قومی جوش و جذبےکے ساتھ منایا جارہا ہے

    ’23 مارچ یوم قراداد پاکستان ‘آج پورے قومی جوش و جذبےکے ساتھ منایا جارہا ہے

    کراچی: یوم پاکستان آج پورے قومی جوش و جذبےکے ساتھ منایا جارہا ہے، اس موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ بھی ہوگی۔

    پاکستانیوں کیلئے آج تجدید عہد کا اور سوچنے کا دن ہے،جودو قومی نظریہ پر تشکیل پاکستان کی قرارداد کا بھی دن ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔

    تیئس مارچ کا دن وطن عزیز پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 23 مارچ 1940 ء کو لاہور میں واقع منٹو پارک موجودہ اقبال پارک میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی ،23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا اعلان سرکاری طور پر کیا جاتا ہے۔

    اس تاریخی دن کو منانے کیلئے پورے پاکستان میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظمؒ کی زیر صدارت منظور کی گئی قرارداد پاکستان نے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی تھی جس سے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آل انڈیا مسلم لیگ کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کو اس وقت ’قرار داد لاہور‘کا نام دیا گیا تھا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح نے کہا کہ ہندوستان میں مسئلہ فرقہ ورارنہ نوعیت کا نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی ہے یعنی یہ دو قوموں کا مسئلہ ہے۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں فرق اتنا بڑا اور واضح ہے کہ ایک مرکزی حکومت کے تحت ان کا اتحاد خطرات سے بھر پور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت میں ایک ہی راہ ہے کہ ان کی علیحدہ مملکتیں ہوں۔

    قیام پاکستان کے 13 سال بعد قراداد لاہور کی یاد میں منٹو پارک میں ایک یادگار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، مغربی پاکستان کے گورنر اختر حسین نے آزادی کی اس یادگار کو مینار پاکستان کا سنگ بنیاد 23 مارچ 1660ء کو ایک سادہ سی تقریب میں ٹھیک اسی جگہ رکھا جہاں 1940ء میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    یوم پاکستان کے حوالے سے ہرسال مرکزی تقریب پریڈ ایونیو میں ہوتی ہے جہاں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کرتی ہے جس کو تاریخ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ تقریب میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوتے ہیں،یوم پاکستان کی مناسبت سے سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں، ملک بھرمیں ریلیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

    خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
    وہ فصلِ گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو

  • یوم پاکستان: ایوان صدرمیں منتخب شخصیات میں ایوارڈ تقسیم

    یوم پاکستان: ایوان صدرمیں منتخب شخصیات میں ایوارڈ تقسیم

    اسلام آباد : یوم پاکستان پرایوان صدرمیں تقسیم اعزازات کی تقریب  منعقد ہوئی۔ صدرممنون حسین نے منتخب شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدرمیں منعقدہ  تقسیم اعزازات کی تقریب میں صدرممنون حسین نے اپنے شعبہ جات میں اہم خدمات انجام دینے والی  منتخب شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

    ایوان صدرمیں ہونیوالی تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ سمیت پچیس فوجی افسران کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل سہیل ملک،سمیت دس افسروں کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔ سول ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں آرمی پبلک اسکول کے ایک سو بیالیس شہداء بھی شامل ہیں ۔

    نو اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ملکی خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز دیئے گئے، گورنرہاؤس خیبرپختوخوا میں چودہ بلوچستان میں سات،گلگت گورنرہاؤس میں دو پنجاب میں چھتیس اور سندھ میں ستائیس افراد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نواز گیا۔

  • یوم پاکستان : فلائی پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ نے خود کی

    یوم پاکستان : فلائی پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ نے خود کی

    اسلام آباد: دوہزارآٹھ کےبعد یوم پاکستان کےحوالےسے پریڈ گراؤنڈ تقریب میں فلائی پاسٹ کی گھن گرج سے آسمان لرز اٹھا۔

    پریڈگراؤنڈشکر پڑیاں میں ہونیوالی فوجی پریڈ میں فضائیہ کےچاق و چوبند دستوں نےبھی فلائی پاسٹ کے ساتھ مارچ پاسٹ کا بھی شاندارمظاہرہ کیا۔

    فضائی مظاہرےکی اہم بات یہ تھی کہ فلائی پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے خود کی۔

    پاک فضائیہ کےسربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نےایف سولہ طیارہ اڑانےکامظاہرہ کیا،پہلی بارکاک پٹ کےمنظربھی فلمائےگئے۔

    پیونک، پیوما، ایم آئی سیونٹین اور کوبرا سمیت جدید لڑا کا ہیلی کاپٹروں نےجبکہ اواکس، ایف سولہ، جےایف تھنڈراور دیگر لڑا کا طیاروں پر مشتمل دستوں نےشاندار فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا۔

    شیر دل فارمیشن نے الوداعی خوبصورت فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، ائرچیف مارشل فلائی پاسٹ کی خود کمانڈ کررہے تھے لہذا تقریب کے ڈائس پر ان کی نمائندگی پاک فضائیہ کے قائم مقام سربراہ ایئر مارشل سعید محمد خان نے کی۔

  • نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب، پرچم کشائی

    نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب، پرچم کشائی

    نئی دہلی : ملک بھرکی طرح بیرون ملک میں بھی یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےہائی کمشنرعبدالباسط نےکہاکہ مسئلہ کشمیربات چیت کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب  کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے مسئلہ کشمیر کےحل کی ضرورت پرزوردیا۔

    عبدالباسط بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے میں سنجیدہ ہے۔

    عبدالباسط پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کو تقریب میں شرکت کی دعوت کے معاملےکو ہدف تنقید بنانے پرغیر ضروری شور شرابا قرار دیا۔

    عبدالباسط پاکستانی سفارتخانے میں کشمیری رہنمابھی شریک ہوئے اوربھارتی حکومت نے کوئی اعتراض بھی نہیں کیا اور اسی وجہ سے بھارتی میڈیا زہریلاپروپیگنڈہ کرنے کے باوجوداپنا سا منہ لے کررہ گیا۔

    پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ ہائی کمشنر عبدالباسط نے پرچم کشائی کی۔ جس کے بعد کئی پونڈ وزنی کیک کاٹاگیا۔ بچوں نےملی نغموں پرشاندار ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

  • یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا

    یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا

    اسلام آباد :یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا، ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، اسلام آبادمیں سات سال بعد ہونیوالی یوم پاکستان پریڈ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔

    یوم پاکستان کاآغازآج صبح دارلحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے کیا جائےگا۔

    اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کے لئےہفتےکو شاندار فل ڈریس ریہرسل کا مظاہرہ کیا گیا، پریڈ میں پہلی بار خواتین دستے بھی تینوں مسلح افواج کے دستوں کے شانہ بشانہ شرکت کریں گے۔

    جدیرترین کروز میزائل سمیت پہلی مرتبہ براق ڈرون، ٹینک الضراراورالخالد ٹینک کی نمائش کی جائے گی، تقریب میں صدر،وزیراعظم،مسلح افواج کے سربراہان کےعلاوہ غیرملکی شخصیات کو بھی شرکت کریں گی۔

    سات سال بعد 23مارچ کی پریڈ یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ سے منایاجائیگا شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ ہوگا، پریڈ ایونیو پر قومی ترانہ گونجےگا اور ملی نغمے گائے جائیں گے صدر،وزیراعظم،اعلٰی شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔

  • یوم پاکستان کی فل ڈریس ریہرسل، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی

    یوم پاکستان کی فل ڈریس ریہرسل، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی

    اسلام آباد : دمکتےچہرے، ہاتھوں میں پرچم ، فضا میں طیارے اور زمیں پرنعرہ تکبیر ،اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر یوم پاکستان کی فل ڈریس ریہرسل دیکھ کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔

    زمین پر رسالہ کے گھوڑوں کی ٹاپیں اورفضا میں جے ایف سیونٹین تھنڈر کی گھن گرج نے اسلام آباد کی خاموش فضائوں میں ہلچل مچا دی۔

    نوسال سے سونی پڑی شاہراہ دستور پر پھر سے رنگا رنگ وردیوں کی چہل پہل دکھائی دینے لگی اوردہشت گردی کے شکار پاکستان میں ایک بار پھر اعتماد کی فضا دکھائی دینے لگی فوجی ترانہ فضائوں سے زمین پر آتے پیرا ٹروپرز کے رنگ برنگے پیرا شوٹ زمین پر اترتی اپسرائوں کا منظر پیش کر رہے تھے۔

    فوجی دستوں کے ساتھ ساتھ صوبائی ثقافتوں کے رنگوں سے سجے فلوٹ بھی اپنی آب و تاب لئے خراماں خراماںچلتے دکھائی دیئے ۔

    اس پریڈ کی شان ان دستوں نے مزید بڑھا دی جس میں قوم کی بیٹیاں بھی سروں پر ترچھی ٹوپیاں لگائے دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتی نظر آئیں۔