Tag: یوم یکجہتی کشمیر

  • ہمارا اتحاد دیکھ کرآج بھارت پریشان ہوگا، وزیراعظم

    ہمارا اتحاد دیکھ کرآج بھارت پریشان ہوگا، وزیراعظم

    مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا،باتوں اور نعروں سے نہیں اپنے عمل سے کشمیر کو آزاد کرانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرسردار الیاس کی دعوت پر آج یہاں آیا ہوں، آج تمام جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر یک آواز ہونا بھارت کیلئے مؤثر پیغام ثابت ہوگا، ہمارا یہ اتحاد دیکھ کربھارت پریشان ہوگا۔

    وزیراعظم نے قائداعظم کا قول دہراتے کہا کہ’ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے’، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوایا جائے، اس کے لئے ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا،باتوں اور نعروں سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے کشمیر کو آزاد کرانا ہوگا، اس کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور معاشی استحکام لانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آج کوئی سیاسی بات نہیں کرونگا،معاشرے میں تقسیم درتقسیم پیدا ہوچکی ہے، اختلافات کو بھلا کر فیصلہ کرلیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق دلانا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا،معاشی استحکام لانا ہوگا اور کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور قوت پیدا کرنی ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: کب تک ہم یہ دن منائیں گئے، کشمیریوں کو اب آزادی ملنی چاہیے، مشعال ملک

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں رہنے کے بجائے آگے بڑھنا چاہئے،کشمیری آج پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، کشمیریوں کا قصور یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں یقین رکھیں کہ کشمیریوں کی جذبہ آزادی کی جدوجہد جلد رنگ لائےگی، وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔

  • وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان پورےعزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہل کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کے خلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ایک غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی ان کی ناقابل اعتراض و انکار خواہش کو نظر انداز نہ کریں۔

  • جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں  آئی: دفتر خارجہ

    جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی میں یوم یک جہتی کے جلسے سے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کے پس منظر میں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے جموں و کشمیر پر مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا پاکستان کا مؤقف سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے، وزیر اعظم کا خطاب کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے عزم کا اعادہ ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا وزیر اعظم کی گفتگو پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی تائید ہے، وزیر اعظم نے بار بار مقبوضہ کشمیر سے یو این قراردادوں کی بات کی، انھوں نے قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

    کشمیریوں‌ کی تکالیف کا احساس ہے، کشمیر کی آزادی تک آواز بلند کروں‌ گا، عمران خان

    ترجمان کے مطابق پاکستان غیر جانب دارانہ رائے شماری کے ذریعے اس تنازعے کا حل چاہتا ہے، کشمیریوں کی حق خود ارادیت پر پاکستان کا عزم اور مؤقف دو ٹوک ہے، رائے شماری کا وعدہ یو این قراردادوں میں شامل ہے۔

    واضح رہے کہ کوٹلی میں وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کو وہ حق دیں گے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ پاکستان کے ساتھ رہیں گے یا آزاد، سارا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے لوگوں کو حق ملنا تھا، کشمیری عوام کو ان کی مرضی کے مطابق حق دیا جانا تھا مگر یہ وعدہ اب تک پورا نہ ہو سکا۔

  • پی ڈی ایم جلسہ، خواتین نے اچانک عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا دیے

    پی ڈی ایم جلسہ، خواتین نے اچانک عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا دیے

    مظفر آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں عمران خان زندہ باد کے نعرے لگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں یوم یک جہتی کشمیر کے سلسلے میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جب تقریر کرنے لگیں تو انھوں نے عمران خان کے خلاف نعرے لگوائے، جس پر جلسے میں موجود چند خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔

    تقریر کے دوران مریم نواز عمران خان مخالف جب کہ خواتین زندہ باد کے نعرے لگاتی رہیں، جس پر پولیس نے حرکت میں آ کر عمران خان زندہ باد نعرے لگانے والی خواتین کو جلسہ گاہ سے باہر نکال دیا۔

    کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    مریم نواز نے تقریر کے دوران ایک بڑی غلطی بھی کی، اگرچہ ان کی تقریر لکھی ہوئی تھی لیکن وہ ایک اہم تاریخ پھر بھی غلط دہراتی رہیں، بھارت نے کشمیر کا خصوصی درجہ 5 اگست کو تبدیل کیا تھا لیکن مریم نواز تقریر میں پانچ اگست کی بجائے 15 اگست بولتی رہیں۔

    مریم نواز تقریر میں بار بار پندرہ اگست کہتی رہیں، واضح رہے کہ پندرہ اگست کو بھارت یوم آزادی مناتا ہے۔

    دریں اثنا، مریم نواز نے مظفر آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب جب سقوطِ کشمیر کا نام آئے گا عمران خان کٹہرے میں کھڑا نظر آئے گا، جب کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک آئے تو ہماری پالیسی دو منٹ کی خاموشی تھی۔

  • کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    مظفر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف سیاست کرتے ہیں لیکن مودی جیسی حرکت نہیں کریں گے، ہم انسانیت کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا ہمارا وزیر اعظم اور مودی ایک پیج پر ہیں، مودی نے کشمیر میں اپنے مخالفین کوگرفتار کرایا، پاکستان میں ن لیگ اور پی پی کی معصوم قیادت کوگرفتار کرایا گیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا پی ڈی ایم اجلاس میں فیصلہ ہو چکا ہے کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، مارچ کے لیے عوام ملک کے ہر کونے سے نکلیں گے، آزاد کشمیر کا قافلہ یہاں سے نکلے گا اور اسلام آباد ضرور جائے گا، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے، عمران خان وزیر اعظم نہیں رہےگا۔

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی اور کشمیر کے عوام کا آج کا نہیں، 3 نسلوں کا ساتھ ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال بھی جنگ لڑیں گے، بی بی شہید نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ وہاں ہمارا خون گرے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ماضی کے وزرائے اعظم نے کشمیر کی آواز دنیا بھر میں پہنچائی، آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہو رہی ہے، موجودہ وزیر اعظم کے دور میں کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا، ہم جانتے ہیں مودی کے مظالم کا جواب کیسے دینا ہے، یہ حکومت جواب نہیں دے سکتی، مودی کو عوام کا منتخب کردہ وزیر اعظم ہی جواب دے سکتا ہے، مودی کو ہرانا ہے تو جمہوریت قائم کرنا ہوگی۔

    بلاول نے کہا کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کی اجازت دی جائے، ہم آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بات پر کھڑے ہیں، ہمارا نعرہ آپ کا نعرہ ایک ہی ہے کہ رائے شماری ہونی چاہیے۔

  • مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    لندن: اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں، وادی کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے لندن میں یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ سیمینار میں کیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

    رکن برطانوی پارلیمنٹ لارڈ قربان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو من مانی کی کھلی اجازت ملی ہوئی ہے۔ ڈیبی ابراہیم ایم پی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، سعیدہ وارثی نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلے کو اب حل ہونا چاہیے۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    برطانوی پارلیمنٹ کی رکن یاسمین قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر دو ممالک کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ رکن افضل خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ ناز شاہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں۔

    رکن محمد یاسین نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا چھوڑا ہوا ادھورا ایجنڈا ہے۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ بین ایمرسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پانچ فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا، اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا گیا۔

  • عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے: فردوس عاشق اعوان

    عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مؤقف ہے کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے، عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی قیادت میں کشمیر ریلی اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر پہنچی۔ فردوس عاشق اعوان نے مبصر مشن کو مسئلہ کشمیر پر یادداشت پیش کردی۔

    یادداشت میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، مقبوضہ کشمیر کا پر امن حل اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدر آمد چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدر آمد یقینی بنائے۔

    یادداشت میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور مظالم کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

    اس سے قبل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ وادی میں جبر و ظلم کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، بھارتی جبر و ظلم سے متاثر کشمیری مائیں بہنیں ہماری طرف دیکھ رہی ہیں۔ مقبوضہ وادی کے بچے بھارتی ظلم کو برداشت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا، مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مائیں بہنوں کی عزتیں پامال ہور ہی ہیں۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کشمیریوں کو مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے، عہد کرتے ہیں کشمیر کی آزادی تک بھارتی ظلم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں۔

  • مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے 6 ماہ پہلے جو قدم اٹھایا تھا، میرا ایمان ہے کشمیر اب آزاد ہوگا، 5 اگست کو مودی وہ غلطی کر بیٹھا ہے جس سے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے، اسمبلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور اور فخر امام بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت کی مشاورت سے مسئلہ کشمیر کو اوپر لے کر جانا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مودی بھارت کو جس مقام پر لے گیا ہے وہ یہاں سے باہر نہیں جا سکتا، اب مودی کو بھارت کے اندر بڑی مزاحمت کا سامنا ہوگا، یہ وہ وقت ہے کہ کشمیر آزادی کی طرف بڑھے گا، میں یقین دلاتا ہوں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اور تیزی سے اٹھائیں گے، ہم نے ہر فورم پر آر ایس ایس کا فلسفہ بھی دنیا کے سامنے رکھا، تین بار ڈونلڈ ٹرمپ کو سمجھایا کہ کشمیر ایشو کیا ہے، ایک بار کہنے سے فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ان کے بھارت کے ساتھ کمرشل مفادات وابستہ ہیں۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    عمران خان نے خطاب میں کہا کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کی وجہ سے تمام اقلیتوں کو خطرہ ہو گیا ہے، آج دنیا دیکھ رہی ہے، تمام انٹرنیشنل اخباروں میں بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا، دنیا کشمیر پر ہمارے نکتہ نظر کو سمجھنے لگی ہے، نریندر مودی کہتا ہے پاکستان کو 11 دن میں فتح کر سکتا ہے، جب دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں تو یہ بات کوئی نارمل انسان نہیں کر سکتا، مودی اپنے ہندوؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بھارت کے خلاف جنگ سیاسی اور سفارتی محاذ کی ہے، بھارت اس لیے پھنس گیا ہے کہ کشمیر پر اب پوری دنیا کی نظر ہے، ایسا پہلی بارہوا، اب ہمیں دیکھنا ہے بھارت کا کیا گیم پلان ہے۔

  • مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

    مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم یک جہتئ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں حق خود ارادیت کے لیے بدترین جبر کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا میں کشمیر کے ہزاروں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر کا واحد حل یو این قراردادوں کی روشنی میں ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ذمہ داری سے مزید پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی کشمیر کی آزادی تک بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی اور دنیا کا ضمیر جھنجھوڑتی رہے گی۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان کا ہر شہر، گلی، گاوَں ایک آواز ہو چکے ہیں، ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، پاکستانی قوم کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، شہید بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، یوم یک جہتی کشمیر کا فیصلہ بھی شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت نے کیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے، نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا۔

  • کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق اداکارہ زائرہ وسیم کا پیمانہ صبر بھی لبریز

    کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق اداکارہ زائرہ وسیم کا پیمانہ صبر بھی لبریز

    نئی دہلی: کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم کا پیمانہ صبر بھی لبریز ہو گیا، بھارت کے خلاف پھٹ پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں مختصر عرصے میں کئی ایوارڈ حاصل کرنے والی سابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کشمیر کی جو تصویر دکھا رہا ہے وہ غلط معلومات پر مبنی ہے، اس پر یقین نہ کریں۔

    زائرہ وسیم نے عوام کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق بھارتی میڈیا کی غلط حقائق پر مبنی خبروں پر یقین نہ کریں، جو تصویر دکھائی جا رہی ہے وہ درست نہیں ہے۔ زائرہ نے نہایت دکھ سے کہا کہ کوئی نہیں جانتا ہماری آوازیں کب تک کے لیے خاموش کی گئی ہیں، کشمیریوں کی زندگی پابندیوں اور رکاوٹوں تک سمٹ گئی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں لوگ ڈپریشن کا شکار ہو گئے: بی بی سی رپورٹ

    دنگل اداکارہ کا کہنا تھا کہ کشمیر مسلسل تکلیف میں ہے، جہاں مایوسی اور دکھ بڑھ رہا ہے۔ خیال رہے کہ آج برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھی اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں لوگوں میں مایوسی اور ڈپریشن کا مرض بڑھ رہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلسل لاک ڈاؤن اور کرفیو کے شکار مقبوضہ کشمیر میں لوگ مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہو گئے ہیں، پلواما میں ڈپریشن کے مریضوں میں 150 فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔ سرینگر میں بھی ذہنی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کشمیریوں میں زیادہ خوف بھارتی فوج کی جانب سے حراست میں لینے کا ہے، کشمیریوں کا کہنا ہے کہ وہ خواب میں بھی بھارتی فوجیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے ہوتے ہیں۔

    یاد رہے کہ زائرہ وسیم کے بالی ووڈ چھوڑنے پر انتہا پسندوں نے انھیں دھمکیاں دی تھیں۔