شکاگو (07 اگست 2025): امریکا کی بڑی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائن کو تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ملک بھر میں سیکڑوں پروازیں اچانک روک دی گئیں۔
روئٹرز کے مطابق یونائیٹڈ ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ایک مسئلے کی وجہ سے امریکی ہوائی اڈوں پر اس کی پروازوں کو چند گھنٹوں کے لیے روکا گیا تھا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی واقع ہو گئی تھی، جس کے باعث فلائٹ آپریشن کو معطل کرنا پڑا۔
اے پی نیوز کے مطابق ٹیکنالوجی کے مسئلے کی وجہ سے یونائیٹڈ ایئرلائن نے بدھ کو بڑے امریکی ہوائی اڈوں پر اپنے طیارے گراؤنڈ کیے اور 1,000 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان
انتظامیہ کے مطابق ایئر لائن کا ’’یونیمیٹک سسٹم‘‘ متاثر ہوا تھا جو پرواز کی معلومات رکھتا ہے، اور یہ معلومات پھر دیگر سسٹمز جیسے کہ وزن اور توازن کا حساب لگانے اور پرواز کے اوقات کو ٹریک کرنے والے سسٹمز کو فراہم کی جاتی ہیں۔
مسئلہ کیوں پیش آیا، یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسے بدھ کے آخر میں حل کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ سروسز میں خلل آج جمعرات تک جاری رہا۔
شکاگو کی ایئر لائن کی جانب سے ایک ای میل بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اوّلین ترجیح ہے، اور اپنے صارفین کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کے لیے وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
روئٹرز کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ بدھ کو یونائیٹڈ ایئر لائنز کی 1,038 یا 34 فی صد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔