Tag: یونان

  • ایتھنز میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز، دن میں بیرونی کام پر پابندی عائد

    ایتھنز میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز، دن میں بیرونی کام پر پابندی عائد

    یونان اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، ایتھنز میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا، سیاحتی مقام 5 بجے تک بند رہیں گے۔

    غیرملکی خبرایجنسی نے بتایا کہ یونان میں شدید گرمی کے بعد ایکروپولس سائٹ بند کردی گئی ہے، ایتھنزمیں درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر جانے کے بعد سیاحتی مقام 5 بجے تک بند رہیں گے، یونانی وزارت ثقافت نے مزدوروں اور سیاحوں کی حفاظت کیلئے بندش کا اعلان کیا۔

    یونان میں ایک ماہ میں دوسری شدید ہیٹ ویو کی لہر آئی ہے، درجہ حرارت42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    گرمی سے بچاؤ کیلئے دوپہر12 سے شام 5 بجے تک بیرونی کام پر پابندی لگادی گئی ہے، تعمیراتی کارکن اور فوڈ ڈیلیوری ملازمین کیلئے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

    یونانی فائرمین نے بتایا کہ ملک بھر میں روزانہ 50 سے زائد مقامات پر آگ لگ رہی ہے، ایتھنز، وسطی یونان، پیلو پونیز میں آگ لگنے کے خطرات کے انتباہ جاری کردیے گئے۔

    گزشتہ سال ایکروپولس میں 45لاکھ سیاح آئے تھے، ہیٹ ویوز میں سائٹ پہلے بھی بند کی جاچکی ہے جبکہ خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ بلغاریہ، کروشیا، ہنگری اور سلوواکیہ میں بھی موسم شدید ہوگیا ہے۔

    خبرایجنسی نے بتایا کہ کروشیا میں تیزہوا سے فیری ڈوب گئی جس میں 2افراد زخمی ہوئے، سربیا میں 620 مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، آندھی اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔

    ہنگری میں ہواؤں کی رفتار 137کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جس کے باعث درخت اور بجلی کی تاریں گرگئیں، سلوواکیہ میں طوفانی ہواؤں سے چھتیں اڑگئیں، ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/europe-heat-wave-intensifies-as-fresh-warnings-issued/

  • یونان میں جنگل کی آگ بے قابو، نقل مکانی شروع

    یونان میں جنگل کی آگ بے قابو، نقل مکانی شروع

    یونان کے جزیرے کریٹ میں جنگل کی آگ بے قابو ہوگئی، جس کے نتیجے میں موجود لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونان کے جزیرے کریٹ کے جنگلات میں لگنے والی جنگل کی آگ قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے۔ تیز ہوائیں، جن کی شدت بیفورٹ اسکیل پر آٹھ درجے تک ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق آگ کے شعلے جنوبی سمت میں تیزی سے آگ پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے فیول اسٹیشن، سیاحوں کے ریزورٹز اور دیگر رہائشی مکانات سمیت اہم انفراسٹرکچر کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں دھوئیں کی موٹی تہہ کی وجہ سے حد نگاہ صفر پر جا چکی ہے۔

    وزارتِ صحت کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کریٹ میں موجود تمام اسپتالوں کو ہنگامی تیار رہنے کا پیغام جاری کردیا گیا ہے۔

    جزیرے پر موجود مختلف آبادیوں سے اب تک 1 ہزار 500 افر د کو جزیرے سے نکال لیا گیا ہے۔

    ترکیہ میں جنگل کی آگ:

    ترکیہ کے شہر ازمیر میں جنگل میں لگنے والی آگ پھیل گئی، درجنوں بستیاں خالی کرالی گئیں، اب تک 50ہزار افراد کا انخلا ہوچکا ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ازمیر میں مسلسل دوسرے روز آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، انتظامیہ نے 41 بستیوں کو خالی کرالیا ہے، آگ سے متاثرہ علاقوں سے 50ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کردیے گئے ہیں۔

    وزیرجنگلات نے بتایا کہ ازمیر میں تیز ہواؤں نے آگ کو پھیلادیا، ہوائیں 50کلومیٹر فی گھنٹہ تک چل رہی ہیں، آگ بجھانے کیلئے 1ہزار سے زائد اہلکار اور ہیلی کاپٹر مصروف ہیں۔

    ڈشکن کے جنگل میں آگ، ہزاروں درخت لپیٹ میں آ گئے

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث ازمیر کے ایئرپورٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے، کئی مقامات پر رہائشیوں نے خود درخت کاٹ کر فائربریکس بنائے اور گھروں کو بچانے کی کوشش کی۔

  • یونان کے جنوبی جزیرے میں شدید زلزلہ

    یونان کے جنوبی جزیرے میں شدید زلزلہ

    یونان میں موجود جنوبی جزیرے کریٹ میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے میں علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ایلونڈا کے شمال مشرق میں 58 کلومیٹر دور سمندر میں تھا، زلزلے کی گہرائی 69 کلومیٹر تھی۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی کے وسطی علاقے میں 5.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، کونیہ صوبے کے کولو ضلع سے تقریباً 14 کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

    زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت انقرہ سمیت متعدد قریبی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں پہنچ گئی تھیں۔

    چلی اور ارجنٹائن میں 7.4 شدت کا خوفناک زلزلہ

    یاد رہے کہ ترکی کا شمار دنیا کے اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں زیادہ زلزلے آتے ہیں، فروری 2023 میں آنے والا زلزلہ ترکی اور شام کے لیے ہولناک ثابت ہوا تھا، جس میں ترکی میں 59,000 اور شام میں تقریباً 8,000 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ بے شمار عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔

  • یونان میں تارکین وطن کی ایک اور کشتی کو حادثہ، متعدد ہلاک

    یونان میں تارکین وطن کی ایک اور کشتی کو حادثہ، متعدد ہلاک

    یونان میں تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 18 کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا تازہ واقعہ گزشتہ روز مشرقی یونان کے جزیرے روڈز کے قریب پیش آیا۔

    یونانی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تیز رفتار کشتی بحری جہاز سے بچنے کے لیے خطرناک طریقے سے چل رہی تھی اور توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے الٹ گئی، کشتی الٹنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 18 کو ریسکیو کرلیا گیا۔

    حکام کے مطابق کشتی میں کُل کتنے افراد تھے اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، کوسٹ گارڈ کے جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر پر مشتمل ریسکیو ٹیم مزید افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہے۔

    اس سے قبل تیونس میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 5 کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

    کشتی صفاقس شہر کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں متعدد افراد لاپتہ ہوگئے، جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    کوسٹ گارڈ کے مطابق افریقہ سے تعلق رکھنے والے 20 تارکین وطن کی لاشوں کو پانی سے نکال لیا گیا ہے، واضح رہے کہ تیونس کے ساحل کے قریب ایک ہفتے کے اندر تارکین وطن کے ڈوبنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

  • یونان : کشتی الٹنے سے متعدد پاکستانی تارکین وطن جاں بحق

    یونان : کشتی الٹنے سے متعدد پاکستانی تارکین وطن جاں بحق

    یونان کے ساحلی علاقے میں پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانیوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے جنوبی جزیرے گاؤڈوس کے قریب لکڑی سے بنی کشتی الٹنے سے کم از کم 5 غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں،جن کا تعلق پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔

    یونانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے۔

    کشتی حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے، تاہم مسافروں کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ کشتی لیبیا سے روانہ ہوئی تھی۔

    کوسٹ گارڈز کی کشتیاں، تجارتی جہاز، ایک اطالوی فریگیٹ اور بحری طیارے جمعے کی رات یونانی حکام کو واقعے کے بارے میں آگاہ کیے جانے کے بعد سے علاقے کی تلاشی لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2015-2016میں مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا سے آنے والے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے یونان یورپی یونین کا پسندیدہ گیٹ وے رہا ہے۔

    کریٹ اور اس کے چھوٹے سے ہمسایہ ملک گاؤڈوس، جو وسطی بحیرہ روم میں نسبتاً الگ تھلگ ہیں، تارکین وطن کی کشتیوں اور بحری جہازوں کے تباہ ہونے کے واقعات میں گزشتہ ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں کشتی الٹنے کا واقعہ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

    محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کرکے 5روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، ملوث مافیا اب تک کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کیلئے ایف آئی اے بلاامتیاز ملک گیر ایکشن لے۔

  • یونان میں‌ بم حملے کی تفتیش میں‌ مطلوب اسرائیلی شہری گرفتار

    یونان میں‌ بم حملے کی تفتیش میں‌ مطلوب اسرائیلی شہری گرفتار

    ایتھنز: یونان کی پولیس نے بین الاقوامی وارنٹ پر ایک مفرور اسرائیلی کو گرفتار کیا ہے، جو اسرائیل کو بم حملے کی تفتیش اور ڈکیتی میں مطلوب ہے۔

    روئٹرز کے مطابق 36 سالہ مفرور اسرائیلی جعلی پاسپورٹ پر یونان میں داخل ہوا تھا، اور اسرائیل میں ایک شخص کو بم حملے کے ذریعے قتل کی کوشش میں ملوث ہونے پر زیر تفتیش تھا، جب کہ ڈکیتی کے الزام میں 25 ماہ قید کی سزا بھگتنے کے لیے بھی اسرائیل کو مطلوب ہے۔

    یونان پولیس کی رپورٹ کے مطابق انھیں 5 اگست کو انٹرپول کی طرف سے الرٹ کیا گیا تھا، اور اسرائیل کی جانب سے ریڈ وارنٹ کا بتایا گیا تھا، یونان پولیس نے بتایا کہ اسرائیلی ملزم 20 جولائی کو جعلی سفری دستاویز کے ذریعے یونان میں داخل ہوا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا ہے کہ مفرور ملزم کو 6 اگست کو وسطی ایتھنز میں یہودی عبادت گاہ کے قریب ایک ریستوران کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ مفرور اسرائیلی کو یونان کے تفتیشی اداروں کے سامنے پیش کیا گیا ہے جہاں سے اسے حراست میں لینے کا حکم جاری کیا گیا۔

  • یونان کی ساحلی پٹی پر طلوعِ چاند کے دل کش نظارے نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، ویڈیو وائرل

    یونان کی ساحلی پٹی پر طلوعِ چاند کے دل کش نظارے نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، ویڈیو وائرل

    یونان کی ساحلی پٹی پر چاند کے دل کش نظارے نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، اس موقع کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    یونان کی ساحلی پٹی پر خوب صورت اور دل کش چاند کا نظارہ سب کو بھا گیا، اسٹرابیری مون کے نظارے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد نے ساحلی مقام پر واقع قدیم ٹیمپل کا رخ کیا اور فل مون کے دل کش نظارے کو فلم بند کیا۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق زمین سے فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے عام دن کے مقابلے میں چاند زیادہ بڑا، روشن اور چمک دار دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے اس کو اسٹرابیری مون کہا جاتا ہے۔

    مکمل چاند کو عام طور پر جون کے مہینے میں ’’اسٹرابیری مون‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جب بیریوں کی فصل کٹائی کے لیے بالکل تیار ہوتی ہے، جب کہ یونان کا یہ قدیم ٹیمپل 5 ویں صدی قبل مسیح میں بنایا گیا تھا، یہ سیاحوں اور چاند دیکھنے والوں کے لیے ایک مقبول مقام کیپ ساؤنین میں ایک چٹان پر واقع ہے، جہاں سے سمندر کا نظارہ کیا جاتا ہے۔

  • ویڈیو: تاریخی شہر کا آسمان دیکھتے ہی دیکھتے نارنجی ہو گیا، لوگ خوفزدہ

    ویڈیو: تاریخی شہر کا آسمان دیکھتے ہی دیکھتے نارنجی ہو گیا، لوگ خوفزدہ

    ایتھنز: یونان کے تاریخی شہر ایتھنز کا آسمان دیکھتے ہی دیکھتے نارنجی ہو گیا، جسے دیکھ کر کچھ لوگ خوف زدہ ہو گئے اور کچھ لوگ ویڈیوز بنانے لگے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کا دارالحکومت ایتھنز منگل کے روز مٹی کے طوفان کی زد میں آ گیا ہے، جس سے اس کی فضا نارنجی رنگ کی ہو گئی اور شہر مریخ کی طرح نظر آنے لگا، دراصل افریقہ سے آنے والے گرد و غبار کے طوفان نے ایتھنز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    ایتھنز پر بچھے آسمان کو دھول کے طوفان نے نارنجی بنایا، مٹی کے طوفان نے ایتھنز کے نظام زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا، دھول مٹی سے حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، اور شہریوں کے لیے سفر کرنا مشکل ہو گیا، انتظامیہ نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھول کے بادل صحرائے صحارا سے اڑے تھے، جنھیں تیز جنوبی ہواؤں نے ایتھنز اور دوسرے شہروں تک پہنچایا اور اس سے یونانی دارالحکومت کی فضا دن کی روشنی کے آخری گھنٹوں میں مریخ کی طرح بن گئی۔

    ایتھنز اور دوسرے شہروں کو جس پیلے نارنجی کہرے نے ڈھانپا تھا، وہ جنوب سے چلنے والی تیز ہواؤں کے کئی دنوں کے بعد نمودار ہوا تھا، جس پر حکام کی جانب سے سانس لینے کے خطرات کی وارننگ جاری کی گئی، ایتھنز آبزرویٹری کے موسمی تحقیق کے ڈائریکٹر کوسٹاس لاگووارڈوس نے کہا کہ یہ مارچ 2018 کے بعد سے ملک میں آنے والا بدترین کہرا ہے۔

    ماہرین کے مطابق صحرائے صحارا ایک سال میں 60 سے 200 ملین ٹن معدنی دھول چھوڑتی ہے، سب سے بڑے ذرات تو تیزی سے زمین پر واپس آ جاتے ہیں، لیکن سب سے چھوٹے ذرات ہزاروں کلومیٹر کا سفر کر سکتے ہیں، اور تیز ہواؤں کی زد پر ممکنہ طور پر پورے یورپ تک پہنچ سکتے ہیں۔

    یونانی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آسمان آج بدھ سے صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔

  • یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، جب کہ ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ہے، ملزمان کی نشان دہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلدار نامی ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کی حدود سے گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے، جن میں محمد زبیر، وحید اختر اور اسد دانیال شامل ہیں، ملزمان کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا۔

    ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں، مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اور جعلی اسٹیمپس لگوائیں۔

    ایجنٹ محمد دلدار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جس کے موبائل سے متعدد پیغامات اور جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔

  • یونان میں طوفانی بارشوں نے متعددعلاقوں کو ڈبو دیا

    یونان میں طوفانی بارشوں نے متعددعلاقوں کو ڈبو دیا

    ایتھنز: یورپی ملک یونان میں طوفانی بارشوں نے متعدد علاقوں کو ڈبو دیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 800 ملی میٹر کی بارش نے تباہی مچا دی ہے، 10 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یونانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یونان قدرتی آفت سے جنگ لڑ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے تھیسالی ریجن میں 4 دنوں کے دوران برقرار رہنے والے طوفان نے 3 فٹ بارش برسا دی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر سیلاب آ گیا ہے۔

    گزشتہ کئی ہفتوں سے یونان گرمی کی شدید لہروں اور آتش زدگیوں کا شکار رہا، اور اب طوفانی بارشوں نے ستمبر کے اوائل میں وسطی یونان میں بڑے پیمانے پر سیلاب کو جنم دیا ہے۔ 4 ستمبر کو شروع ہونے والے چار روزہ طوفان کے دوران سیلابی پانی نے گھروں کے گھر غرق کر دیے ہیں، اور گلیوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا، جس میں بہت سی کاریں بہہ گئیں۔

    بارش کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد جان سے گئے، وسطی یونان میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور کئی گاؤں زیر آب آ گئے، بارشوں کی وجہ سے دریا بھی بپھر گئے جو اپنے ساتھ گھروں، سڑکوں اور پلوں کو بہا لے گئے، جب کہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔