Tag: یونان کشتی حادثہ

  • یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے

    یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے

    لندن: یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار نے تہلکہ خیز انکشافات کر دیے ہیں، اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ کشتی حادثے میں ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کے پانیوں میں ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی سے متعلق برطانوی اخبار دی گارڈین کے افسوسناک انکشافات سامنے آئے ہیں، برطانوی اخبار نے مقامی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حادثے کی شکار کشتی میں سوار افراد میں 400 پاکستانی تھے۔

    اخبار نے لکھا ہے کہ ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے، جن میں 135 آزاد کشمیر سے ہیں، دی گارڈین کے مطابق پاکستانی شہریوں کو زبردستی کشتی کے نچلے حصے یا تہہ خانے میں بٹھایا گیا تھا۔

    کشتی میں بچے اور خواتین بھی سوار تھیں، کشتی میں پینے کا پانی ختم ہو چکا تھا، اور کشتی کا انجن بھی حادثے سے 3 دن پہلے فیل ہو چکا تھا۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹ نے یونان کے کوسٹ گارڈز کے کردار پر بھی سوال کھڑے کر دیے ہیں، برطانوی میڈیا کے مطابق یونان کے ساحل پر کشتی حادثے میں 500 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

  • یوم سوگ: آزاد کشمیر حزن و ملال میں ڈوب گیا

    یوم سوگ: آزاد کشمیر حزن و ملال میں ڈوب گیا

    میرپور: آزاد کشمیر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، یونان کشتی حادثے نے کشمیر کو حزن و ملال میں ڈبو دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کے فیصلے پر یونان کشتی حادثے میں جانی نقصان پر آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، آزاد کشمیر میں آج ریاستی پرچم سرنگوں ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا تھا، ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں جو بھی ٹریول ایجنٹ ملوث ہوا، اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کشتی حادثے کے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

    دوسرہ طرف یونان کشتی حادثے کے لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے، پاکستان میں کئی شہروں اور گھرانوں میں اس حادثے کے بعد کہرام مچا ہوا ہے، کشتی میں 310 پاکستانیوں سمیت 750 افراد سوار تھے، 12 پاکستانیوں سمیت 104 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے، باقی مسافروں کا کچھ پتہ نہیں، 78 مسافروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔

    ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے، پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر بھیجنے والا ایک انسانی اسمگلر کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم آذر بائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ میر پور آزاد کشمیر میں بھی انسانی اسمگلرز کے خلاف ایکشن شروع ہو گیا، پولیس نے نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے 9 ایجنٹ پکڑ لیے۔

  • یونان کشتی حادثہ : پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

    یونان کشتی حادثہ : پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے ایمیگریشن نے پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، ملزم آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کے بعد ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ایجنٹ ساجد محمود شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے میں ملوث ہے، ملزم ایف آئی اے گجرات کو لیبیا واقعے سے متعلق درج مقدمے میں مطلوب ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا، ملزم کواس کے شیڈول فلائٹ سے آف لوڈ کرکے حراست میں لیا گیا۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کو مزید کارروائی کیلئے ایف آئی اے گجرات کے حوالے کیا جائے گا۔

  • یونان کشتی حادثہ:  زندہ بچ جانے والوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    یونان کشتی حادثہ: زندہ بچ جانے والوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    اسلام آباد : یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والوں میں12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی تاہم حکام جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد بتانے سے قاصر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہراہ بلوچ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانےوالوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی تاہم جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق سے قاصر ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ شہریوں کی شناخت،لواحقین کی معاونت کیلئےمقامی حکام سےرابطےمیں ہے، پاکستانی سفارتخانہ 78 برآمد میتوں کی شناخت کیلئے یونانی حکام سےرابطے میں ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شناخت کا عمل والدین اور بچوں کے ساتھ ڈی این میچنگ کے ذریعے ہوگا، لواحقین تصدیق کیلئے یونان میں ہمارےمشن سےہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔

    ممتاز زہراہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سفارتخانہ واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے، یونان میں کشتی حادثے میں بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانی خیریت سے ہیں، جن لوگوں کے پیارے لاپتہ ہیں ان سے ڈی این اے کی درخواست کی ہے۔

    اس سے قبل ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے بتایا تھا کہ کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے بارہ پاکستانی شہریوں سے ملاقات کی ہے تاہم وصول ہونے والی اٹہھتر میتیں قابل شناخت نہیں۔

    پاکستانی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ میتیوں کی شناخت ڈی این اے کی مدد سے کی جائے گی، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے والدین یا بچوں کے ڈی این اےرپورٹ کی ضرورت ہے۔

    سفارت خانے نے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان ڈی این اے کی رپورٹ،لاپتہ افراد کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ ،رابطہ نمبر ای میل کریں۔

    یونانی حکام کے مطابق حادثے میں ایک سو چار افراد زندہ بچے پانچ سو افراد تاحال لاپتہ ہیں ، زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانیوں کا تعلق گجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گجرات اور کوٹلی سے ہے۔

    کشتی کو حادثہ چودہ جون کو پیش آیا، رپورٹس کے مطابق کشتی پر ساڑھے سات سو سے زیادہ افراد سوار تھے جن میں سے سو بچے ہو سکتے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    نیویارک: یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اقوام متحدہ نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے یونان میں افسوس ناک کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

    یو این ہائی کمشنر نے کہا کہ افسوس ناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، انھوں نے کہا حادثے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    نیویارک میں نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے یورپی ممالک کو اقدام کرنے چاہئیں۔ انھوں نے کہا اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے پہلے بھی زور دیا تھا کہ ہر وہ شخص جو بہتر زندگی کی تلاش میں ہے، اسے ایک وقار اور حفاظت کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے کہ رکن ممالک کو اکٹھے ہونے اور نقل مکانی پر مجبور لوگوں کے لیے منظم طریقے سے محفوظ راستے بنانے اور سمندر میں جان بچانے اور خطرناک سفر کو کم کرنے کے لیے جامع کارروائی کی ضرورت ہے۔

    یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    منگل کو جاری اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے اندر اور اس سے نقل مکانی کے راستوں پر تقریباً 3,800 افراد ہلاک ہوئے تھے، یہ 2017 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، جب 4,255 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ پہلی سہ ماہی میں وسطی بحیرہ روم میں 441 تارکین وطن ہلاک ہوئے، اور 2014 سے اب تک تمام راستوں پر 26,000 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتا ہو چکے ہیں۔

  • یونان کشتی حادثہ: پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکتی، ترجمان دفتر خارجہ

    یونان کشتی حادثہ: پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکتی، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ یونان کشتی حادثے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکتی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے یونان کشتی حادثے کے حوالے سے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے حادثات میں باڈی کی شناخت ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے، اب تک کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی کنفرمیشن نہیں ہے، مرنے والوں میں کوئی پاکستانی ہے یا نہیں یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں 12 پاکستانی زندہ بچے ہیں، تاہم لاشوں کی شناخت کا عمل ڈی این اےکے ذریعے کیا جا رہا ہے، یونان میں موجود پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کی مددکر رہا ہے۔

    78 میتیں موصول لیکن میتیں قابل شناخت نہیں، پاکستانی سفارتخانہ

    دوسری جانب یونان میں موجود پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے 12 پاکستانیوں سے ملاقات کی ہے۔

    یونانی حکام کے مطابق 78 میتوں کو وصول کیا گیا لیکن وصول ہونے والی میتیں قابل شناخت نہیں میتیوں کی شناخت ڈی این اےکی مدد سے کی جائے گی۔

    پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے والدین یا بچوں کے ڈی این اے رپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے، ڈی این اے رپورٹ کے لیے لاپتہ افراد کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ رابطہ نمبر ہمیں ای میل کریں۔

    یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    یاد رہے کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں الٹنے والی تارکین وطن کی کشتی میں 750 افراد سوار تھے جن میں 100 بچے اورخواتین بھی شامل تھے، کشتی رواں ہفتے 8 جولائی کو رات 2 بجے لیبیا سے اٹلی کے لیے روانہ ہوئی تھی، اطلاعات کے مطابق کشتی الٹنے کا واقعہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔

    مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ کشتی پر درجنوں پاکستانی، افغانی، مصری، شامی اور فلسطینی سوار ہوئے تھے، اور متعدد کا تعلق گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، اور سیالکوٹ سے ہے۔

  • یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    ایتھنز: یونان کے افسوس ناک کشتی حادثے میں 500 افراد تاحال لا پتا ہیں، جب کہ 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پانچ سو سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں، مرنے والوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے، جن میں شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 4 پاکستانی بھی شامل ہیں، ان میں 2 افراد کا تعلق وزیر آباد سے ہے۔

    ذرائع کے مطابق بچائے جانے والے ایک سو چار افراد میں بارہ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، جن کا تعلق گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گجرات اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع کوٹلی سے ہے۔ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ حکومت میتیں وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔

    یاد رہے کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں الٹنے والی تارکین وطن کی کشتی میں 750 افراد سوار تھے جن میں 100 بچے اورخواتین بھی شامل تھے، کشتی رواں ہفتے 8 جولائی کو رات 2 بجے لیبیا سے اٹلی کے لیے روانہ ہوئی تھی، اطلاعات کے مطابق کشتی الٹنے کا واقعہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔

    کشتی حادثے کے بعد 78 تارکین وطن کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ سینکڑوں بدستور لاپتا ہیں، یونان نے اسے تاریخ کے بڑے کشتی حادثوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بچ جانے والے 12 پاکستانیوں کا تعلق پنجاب اور کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے، حادثے کی شکار کشتی میں کوٹلی آزاد کشمیر کے 18 افراد کے سوار ہونے کی اطلاع ہے، مانانوالہ شیخوپورہ کے 10 افراد کے بھی کشتی پر سوار ہونے کی اطلاع ہے۔

    مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ کشتی پر درجنوں پاکستانی، افغانی، مصری، شامی اور فلسطینی سوار ہوئے تھے، اور متعدد کا تعلق گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، اور سیالکوٹ سے ہے۔