Tag: یونان کشتی حادثے

  • کشتی حادثوں کا مرکزی ملزم عثمان ججہ سیالکوٹ سے گرفتار

    کشتی حادثوں کا مرکزی ملزم عثمان ججہ سیالکوٹ سے گرفتار

    سیالکوٹ : کشتی حادثوں کے مرکزی ملزم عثمان ججہ کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزم ایف آئی اے کو چکمہ دے کر سیالکوٹ جیل سے فرار ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم عثمان ججہ کو سیالکوٹ سے گرفتار کر لیا۔ ،

    ایف آئی اےگوجرانوالہ نے بتایا مفرورعثمان ججہ کو سیالکوٹ کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا، عثمان بیمار والدہ سے ملنے اپنے گھر آیا تھا اور اطلاع ملنےپرایف آئی اے ٹیم نے دھرلیا۔

    عثمان ججہ انسانی اسمگلنگ کا عالمی ریکٹ چلاتا تھا، یونان کشتی حادثہ گزشتہ سال چودہ دسمبرکو پیش آیا،حادثے میں چالیس پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔

    حادثے کے وقت عثمان دوسرے مقدمےمیں سیالکوٹ پولیس کی تحویل میں تھا، اس کو ایک دوسرے کیس میں ضمانت ملی تو وہ روپوش ہوگیا۔

    ایف آئی اے نےبتایا عثمان کشتی حادثوں کامرکزی ملزم قراردیاگیا تاہم پولیس غفلت سے روپوش ہوا تھا۔

    عثمان کو کشتی حادثوں کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تاہم مملزم ایف آئی اے کو چکمہ دے کر سیالکوٹ جیل سے فرار ہوا تھا اور ملزم کے فرارکےبعد سیالکوٹ پولیس اور ایف آئی اے نے الزام ایک دوسرے پر عائد کیا تھا

    گذشتہ روز ایف آئی اے نے لاہور میں ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپے کے دوران چار انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا تھا۔

    جن نے ایک سو ایک پاکستانی پاسپورٹ، پندرہ شناختی کارڈ، ملائشیا کے دو جعلی ویزے، موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ برآمد ہوئے تھے۔

    گوجرانوالہ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث چنیوٹی گینگ کے سرغنہ غلام مصطفیٰ کو بھی دھرلیا گیا تھا۔

  • یونان کشتی حادثے میں مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں

    یونان کشتی حادثے میں مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں

    گوجرانوالہ : یونان کشتی حادثے میں مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں اور حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں، جس کے بعد کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ نارووال کے رہائشی شبیر، زین علی اور ذیشان کی لاشیں ملی ہیں، جائے حادثہ کے قریب سے ملنے والی چوتھی لاش سیالکوٹ کے اویس علی کی ہے۔

    حکام نے بتایا کہ میتیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے اسپتال میں منتقل کی گئی ہیں ، پاکستانی سفارتخانہ میتیں بھجوانے کیلئے انتظامات کر رہا ہے تاہم میتوں کو پاکستان لانے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

    دوسری جانب انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصرکیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بڑی کاروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ڈائریکٹرایف آئی اے زون نے بتایا کہملزمان میں لیبیا کشتی حادثے کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں، سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد میں چھاپے مارے گئے، احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشا لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔

    لیبیا کشتی حادثے کے 9 متاثرین سے 5 کروڑ 16 لاکھ روپے ہتھیائے گئے تھے، ملزمان ویزا فراڈ کرکےغیر قانونی طور پرشہریوں کو بیرون ملک بھجواتے تھے۔

  • یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 9 ملزمان گرفتار

    یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 9 ملزمان گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں میں عمل میں آئی ہیں۔

    گرفتار ملزمان میں یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر ظفر اقبال سمیت محمد شفیق، عظمت علی، خضر حیات، مرزا سکندر، محمد نواز، شاہد امین، شہزاد یوسف اور اسد عباس شامل ہیں، جو شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہیں۔

    ملزم ظفر اقبال انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے، جو معصوم بچوں کو اغوا اور بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث ہے۔ اس نے ایک بچے کو اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے نام پر 19 لاکھ اور 2300 یورو ہتھیائے جب کہ مذکورہ بچے کی یونان کشی حادثے میں موت واقع ہوئی۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم شہزاد یوسف لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے اور یہ بھی انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کا رکن ہے۔ اس نے شہری کو ملازمت کا جھانسہ دے کر اٹلی براستہ لیبیا بھجوانے کے لیے 23 لاکھ روپے وصول کیے اور متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔

    گرفتار ملزمان میں سے محمد شفیق اور خضر حیات نے شہریوں کو یونان بھجوانے کے نام پر فی کس 40 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزم عظمت علی نے یونان ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 50 لاکھ روپے بٹورے جب کہ ملزم مرزا سکندر نے بھی شکایت کنندہ کے 2 بیٹوں کو یورپ بھجوانے کے لیے 50 لاکھ ڈکار لیے۔

    اس کے علاوہ ملزم محمد نواز نے شہری کو کمبوڈیا بھجوانے کے لیے 10 لاکھ سے زائد رقم وصول کی۔ شاہد امین نےشہری کو اٹلی بھجوانے کے لیے 17 لاکھ سے زائد، انسانی اسمگلر اسد عباس نے متاثرہ شہری کو یونان بھجوانے کیلیے 20 لاکھ روپے وصول کیے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے۔ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال کے وسط میں یونان کے قریب سمندر میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی تھی جس میں برطانوی اخبار کے مطابق 298 پاکستانی ڈوب گئے تھے۔

    یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے

    اس سانحے پر حکومتی سطح پر یوم سیاہ منایا گیا تھا اور انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔

    گزشتہ دنوں مذکورہ سانحے کی ایک رپورٹ میں ایف آئی اے کے 31 افسران اور اہلکاروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

  • یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

    یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

    یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفف ہوئی ہے، غفلت برتنے والے ایف آئی اے کے دو افسروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں انسپکٹر زبیر اشرف اور سب انسپکٹر شاہد عمران شامل ہیں،گرفتار ملزم فیصل آباد ایئرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افسران نے اسکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔

    ترجمان ایف آئی اےکا کہنا ہے کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا، 17 متاثرین کو یونان کشتی حادثے میں ریسکیو کر لیا گیا تھا، ایک شہری جاں بحق ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرین سے ایجنٹ عبدالرؤف نے یونان جانے کیلئے رقم وصول کی تھی، ایف آئی اے فیصل آباد نے عبدالرؤف، عباس ذوالفقار اور قمرالزمان نامی انسانی اسمگلرزکے خلاف مقدمہ درج کرکےگرفتاری کے لیےچھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔

  • وزیر داخلہ نے یونان کشتی حادثے اور لیبیا واقعات کی رپورٹ طلب کرلی

    وزیر داخلہ نے یونان کشتی حادثے اور لیبیا واقعات کی رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد : وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثےاورلیبیاواقعات کی رپورٹ طلب کر لی اور کہا یونان کشتی حادثےکےاصل ملزمان کوکیفر کردارتک پہنچانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثےاورلیبیاواقعات کی رپورٹ طلب کر لی اور ڈی جی ایف آئی اےکواب تک کی کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبارمیں ملوث عناصررعایت کےمستحق نہیں، یونان کشتی حادثہ انتہائی افسوسناک تھا،کئی ماؤں کی گود اجڑی۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یونان کشتی حادثےکےاصل ملزمان کوکیفر کردارتک پہنچانا ہو گا، سہانے خواب دکھا کر غیرقانونی بیرون ملک بھجوانے والوں کی جگہ جیل ہے۔

  • یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم عتیق بٹ گرفتار

    یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم عتیق بٹ گرفتار

    فیصل آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل نے یونان کشنی حادثے کے مرکزی ملزم کر گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طریقے سے شہریوں کو  یونان بھیجنے والے مرکزی ملزم عتیق بٹ کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے گینگ کا اہم کارندہ ہے، ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں انسانی اسمگلنگ کے 67 لاکھ روپے ٹرانسفر ہوئے ہیں۔

    ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ سانحے میں ملوث انسانی اسمگلر سے ملزم عتیق کے رابطے کے شواہد ملے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں 750 تارکین وطن پر مشتمل کشتی ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے اور سیکڑوں تاحال لاپتا ہوگئے تھے۔

    حادثے میں بچ جانے والوں کی جانب سے شیئر کی گئی ابتدائی معلومات کے مطابق اس کشتی پر تقریباً 400 پاکستانی، 200 مصری اور 150 شامی (جن میں 2 درجن کے قریب شامی خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل تھے) پر سفر کر رہے تھے۔

  • یونان کشتی حادثے کی حتمی رپورٹ میں اہم انکشاف

    یونان کشتی حادثے کی حتمی رپورٹ میں اہم انکشاف

    اسلام آباد: یونان کشتی حادثے کی حتمی رپورٹ وزارت داخلہ کوبھجوادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کے پانیوں میں ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی کی حتمی رپورٹ وزارت داخلہ کوبھجوادی گئی ہے، رپورٹ میں خاندانوں، رشتے داروں کی معلومات پر 147 انسانی اسمگلرز کی نشاندہی کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد 163 مقدمات درج ہوئے، 3 انکوائریاں مکمل کی گئیں، کریک ڈاؤن کے دوران 36 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا، 32 بیرون ملک ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اےنے 262 ، وزارت خارجہ نے 278 متاثرہ خاندانوں کی فہرست تیار کیں، واقعے میں 12 پاکستانیوں کو بچا لیا گیا، 262 لواحقین کے ڈی این اے سیمپل لئے گئے۔

     رپورٹ میں بتایا گیا کہ نادرا کو 82 افراد کے فنگر پرنٹس کا ڈیٹا فراہم کیا گیا، 15 مقتولین کے فنگر پرنٹس میچ کرگئے، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ متاثرین کی اکثریت پاکستان سے ای ویزہ پر بیرون ملک سفر کر کے لیبیا پہنچی، لیبیا سے وہ مچھیروں کی کشتی پر یونان کے لئے روانہ ہوئے تھے۔

  • یونان کشتی حادثے پر حکام کے مؤقف پر سوالات اُٹھنے لگے، زندہ بچ جانے والوں کے اہم انکشافات

    یونان کشتی حادثے پر حکام کے مؤقف پر سوالات اُٹھنے لگے، زندہ بچ جانے والوں کے اہم انکشافات

    یونان کشتی حادثے پر حکام کے مؤقف پر نئے سوالات اٹھنے لگے، زندہ بچ جانے والوں نے انکشاف کیا کہ شہریوں کی بطور انسانی اسمگلر شناخت کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں کشتی حادثے نے کوسٹ گارڈ پر سوالیہ نشان لگا دیا، زندہ بچ جانے والوں نے بی بی سی کو بتایا یونانی کوسٹ گارڈ نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ کشتی پر سوار نو مصری شہریوں کی شناخت بطور انسانی اسمگلرکریں۔

    زندہ بچ جانے والوں کا کہنا تھا کہ چودہ جون کو کشتی حادثے کے بعد نو مصری شہریوں کو حراست میں لے کر ان پر انسانی اسمگلنگ اور قتل عام کی فرد جرم عائد کی گئی۔

    انہوں نےمزید بتایا یونانی حکام نے تارکین وطن کو دھمکایا، انہیں خاموش کرادیا، یونانی کوسٹ گارڈ اس حادثے کے ذمےدار ہوسکتے ہیں، کیونکہ یونانی کشتی تیزی سے چلی تو ہماری کشتی الٹ گئی۔

    ساحل پر جب لوگوں نے یونانی حکام کو حادثے کا ذمے دار ٹھہرایا تو کوسٹ گارڈ نے انہیں چُپ رہنے کو کہا۔

    گزشتہ ماہ ہونے والے حادثے میں پاکستانیوں سمیت بیاسی افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے تھے جبکہ اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق حادثے میں پانچ سو افراد جان سے گئے۔

  • کشتی حادثہ : یونانی حکام  کی  70 پاکستانیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق

    کشتی حادثہ : یونانی حکام کی 70 پاکستانیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق

    اسلام آباد : یونانی حکام نے کشتی حادثے میں 70 پاکستانیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق کردی جبکہ 12زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں سے معاملے پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں یونانی حکام نے 70 پاکستانیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق کردی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ 70 پاکستانیوں کے ڈی این اے نمونے لے لئے گئے اور 12زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں سے معاملے پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کے حکام معاملہ یونانی حکومت کے ساتھ اٹھا رہے ہیں، 15 جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت فنگر پرنٹ سےکی گئی ۔

  • یونان کشتی حادثے میں ملوث 5 انسانی اسمگلرز گرفتار

    یونان کشتی حادثے میں ملوث 5 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لاہور : یونان کشتی حادثے میں ملوث 5 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا ، انسانی اسمگلرزنے متعدد شہریوں کو یورپ کا جھانسہ دےکر کروڑوں روپے بٹورے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہورزون کا انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری جاری ہے ، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ گجرات اور منڈی بہاؤالدین نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلرزنے متعدد شہریوں کو یورپ کا جھانسہ دےکر کروڑوں روپے بٹورے، ملزمان نے 4 متاثرہ شہریوں سے فی کس 25 لاکھ روپے بٹورے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں محمد مدثر، سید اویس شاہ، اورنگزیب اور جہانزیب شامل ہیں ، یہ انسانی سمگلر پاکستان سے لیبیا ،لیبیا سے یونان بذریعہ کشتی بھجوانےمیں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی، چاروں متاثرہ شہری یونان حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، ایف آئی اے گجرات سرکل نے اب تک 23 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا۔

    دوسری جانب ایف آئی اے نے شیخوپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثےمیں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا، انسانی اسمگلرنےشہری کو یورپ بھجوانےکاجھانسہ دیکر 20 لاکھ روپے لئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کےدیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار جا رہے ہیں اور یونان کشتی حادثےمیں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کیلئے مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

    اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نےکشتی حادثے میں اب تک 11مقدمات درج کئے اور اب تک 3 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیاہے۔