Tag: یونان کشتی حادثے

  • یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان نے سانحے کی کہانی سنا ڈالی

    یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان نے سانحے کی کہانی سنا ڈالی

    بدقسمت کشتی حادثے میں بچ جانے والے خوش قسمت نوجوان نے سانحے کی کہانی سناتے ہوئے کہا کشتی سمندرمیں خراب ہوگئی، جس کے بعد ریسکیو کے دوران حادثہ پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان حبیب الرحمان نے سانحے کی کہانی سنا ڈالی، اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کھانے میں دال ملتی تھی وہ بھی خراب اور کئی دن سمندر کا پانی پی کر گزارہ کیا۔

    حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈوبنے والی کشتی میں عورتوں، بچوں اور بوڑھوں سمیت ساڑھے تین سو سے زائد پاکستانی سوارتھے، کشتی سمندرمیں خراب ہوگئی، جس کے بعد ریسکیو کے دوران حادثہ پیش آیا اور کشتی الٹ گئی۔

    خیال رہے کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں ختم ہوتی جارہی ہیں، گوجرانوالہ ریجن کے ایک سو گیارہ افراد لاپتہ ہے جبکہ ایک سو اٹھ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اےسیمپل لےلئے گئے۔

  • یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ

    یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ

    اسلام آباد : یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کے لئے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ بجھوادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے کی تحقیقات عدالتی کمیشن سے کرانے کیلئے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔

    مراسلہ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بھجوایا، جس میں کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانےکیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، عدالتی کمیشن سپریم کورٹ کے3ججز پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ آئین کےآرٹیکل 19اے کےتحت معلومات تک رسائی ہرشہری کابنیادی حق ہے، کشتی حادثہ کیوں پیش آیا،وجوہات کیابنیں،ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

    اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے تعین کے لئے کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔

    خیال رہے یونان کشتی حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین کی آٹھ دن گزرنے کے بعد امیدیں دم توڑنے لگی ہیں، لاپتا پاکستانیوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، صرف گوجرانوالہ ریجن سے ایک سو گیارہ افراد لاپتا ہیں۔

  • یونان کشتی حادثے میں 300 سے زائد پاکستانی لاپتہ

    یونان کشتی حادثے میں 300 سے زائد پاکستانی لاپتہ

    گوجرانوالہ: یونان کشتی حادثے میں تین سو سے زائد پاکستانی لاپتہ ہیں، جن میں سے صرف گوجرانوالہ ریجن کے ایک سو ایک افراد لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ، وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بتایا کہ یونان کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والوں میں سب سے زیادہ افراد گوجرانوالہ ریجن سے ہیں۔

    گوجرانوالہ ریجن سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کی تعداد 101ہو گئی جبکہ لاپتہ افراد میں گوجرانوالہ کے38افرادشامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گجرات کےرہائشی47افرادکشتی حادثےمیں لاپتہ ہیں اور سیالکوٹ کے رہائشی 11افراد اور منڈی بہاؤالدین کے رہائشی 5افراد بھی لاپتہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی شناخت کیلئے لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز لیے جا رہے ہیں ، گوجرانوالہ اورسیالکوٹ کے رہائشی 40 خاندانوں اور گجرات کے رہائشی 30 خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لیے جا چکے ہیں۔

    آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی سے جانے والے اٹھائیس نوجوان ابھی تک لاپتہ ہیں، جن میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، کوٹلی سے تمام خاندانوں کے ڈی این اے سیمپل جمع کرلیے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے 3 مقدمات درج کرکے 2ملزمان کوگرفتار کیا جبکہ گجرات میں 4 مقدمات درج کیے اور 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

  • یونان کشتی حادثے کا شکار رحمان کے بھائی کا انکشاف

    یونان کشتی حادثے کا شکار رحمان کے بھائی کا انکشاف

    جڑانوالہ : یونان کشتی حادثے کا شکار رحمان کے بھائی نے انکشاف کیا کہ میرے بھائی کو لیبیا میں مارا پیٹا گیا، وہ کشتی پر نہیں جانا چاہتا تھا، اسے گن پوائنٹ پر سوار کرایا گیا۔

    یونان کشتی حادثے میں سوار نوجوانوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی اطلاع کے منتظر ہیں اور انصاف کی دہائی دے رہے ہیں۔

    کشتی حادثے کا شکار جڑانوالہ کے نواحی گاؤں کا رہائشی رحمان علی کے بھائی عرفان نے بتایا کہ ایجنٹ نے لیبیا بھجوانے کے آٹھ لاکھ وصول کیے۔۔ وہاں اسے مارا پیٹا گیا اور کہا گیا گھر والوں سے اور پیسے منگواؤ، جس پر مزید انیس لاکھ روپے بھیجے۔

    بھائی عرفان کا کہنا تھا کہ لیبیا میں تمام لوگ سڑک کنارے پڑے رہتے تھے، نہ کھانا دیا جاتا تھا نہ پانی ملتا تھا، ایجنٹ مار پیٹ بھی کرتے تھے۔

    رحمان کے بھائی نے انکشاف کیا میرا بھائی کشتی پرنہیں جاناچاہتاتھا، اسے کشتی میں گن پوائنٹ پر سوار کرایا گیا۔

    دوسری جانب جڑانوالہ کا کا رہائشی نجیب بھی کشتی حادثے کا شکار ہوا ، نجیب بھی بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ کے لیے نکلا تھا تاحال اس کا کچھ معلوم نہیں۔

    رشتے داروں نے حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی کام کرنے والے ایجنٹوں کو پکڑا جائے اور اس پر پابندی لگائی جائے۔

  • ترک صدر کا یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس

    ترک صدر کا یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس

    اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب ایردوان نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین کیلئے ترک عوام کی طرف سے ہمدردی کا پیغام دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ترکیہ کے صدر نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔

    ترکیہ صدر نے جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئے ترک عوام کی طرف سے ہمدردی کا پیغام دیتے ہوئے واقعے میں جاں بحق افراد کیلئے مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب ایردوان کی تعزیت اور ہمدردی کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مشکل گھڑی میں حکومت اور عوام ترکیہ صدر اور ترک عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

  • یونان کشتی حادثے میں ابھی تک متاثرین کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہوسکی، ترجمان دفتر خارجہ

    یونان کشتی حادثے میں ابھی تک متاثرین کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہوسکی، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا کا کہنا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ابھی تک متاثرین کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہوسکی، 104 افراد کو بچایا گیا ہے ان میں سے بارہ پاکستانی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘اعتراض ہے’ میں گفتگو کرتے کشتی حادثے کی تفصیلات تحقیقات کےساتھ سامنے آتی جائیں گی، ابھی تک حتمی طورپر معلوم نہیں ہوسکا کہ متاثرین کتنے ہیں اور کشتی میں بغیر رجسٹریشن کے لوگ سوار ہوئے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثےمیں 104 لوگوں کو بچایا گیا، جس میں 12 کا تعلق پاکستان سے ہے، 2 پاکستانی اسپتال میں زیرعلاج تھے، جنہیں آج ڈسچارج کر دیا گیا۔

    ممتاز زہرہ نے بتایا کہ کشتی حادثے میں 79لاشیں پانی سے نکالی جاچکی ہیں، 79 لاشوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے، متاثرہ افرادکی فیملیز سے درخواست کی ہے اپنے ڈی این اےسیمپل بھجوائیں، فیملیز کے ڈی این اے سیمپلز سے لاشوں کی شناخت ہوسکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ متاثرہ فیملیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، سفارتخانہ نےمتاثرین کیلئےہیلپ لائن اورای میل ایڈریس بھی جاری کی ہے، کیمپ میں موجود 10 پاکستانیوں سے ہمارے حکام کی ملاقاتیں ہوئیں، یونانی حکام کشتی حادثے کی تحقیقارت کررہے ہیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ یونان میں موجودپاکستانیوں کو واپس لانے میں کچھ وقت لگےگا، یونان حکام ہمارے سفاری حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں،ہماری کوشش ہے جلدازجلد لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل ہو۔

  • یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف 4 مختلف مقدمات درج

    یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف 4 مختلف مقدمات درج

    گوجرانولہ : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کشتی حادثے میں ملوث 12 انسانی سمگلروں کے خلاف چار مختلف مقدمات درج کر لیے، تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کے افسوسناک حادثے کے معاملے پر حادثے کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین مقدمات درج کروانے کیلئے درخواستیں دینے سے گریزاں ہیں۔

    ایف آئی اے نے کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں کے خلاف چار مختلف مقدمات درج کر لیے، تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔

    تین مقدمات ایف آئی اے نے زندہ بچنے والوں کے بیانات کو بنیاد بنا کر ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیے گئے جبکہ ایک مقدمہ حادثے میں زندہ بچنے والے عظمت خان کے بھائی جاوید اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے گجرات کے تین مقدمات میں بارہ انسانی اسمگلرز کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ گوجرانوالہ کے مقدمہ میں پانچ انسانی اسمگلرز کو ملزم نامزد کیا گیا ہیں۔

    جن میں آصف سنیارا، ریاست، رانا نقاش ، ندیم اسلم اور محمد اسلم کے نام شامل ہیں ، ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ  کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    اسلام آباد : یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی نے کام شروع کر دیا اور ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ یونان کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔

    کمیٹی کی سربراہی نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کر رہے ہیں جبکہ جواٸٹ سیکر ٹری داخلہ فیصل نثار اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ جاوید عمرانی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    کمیٹی نے ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تمام ایجنٹس اور گرفتار ہونے والوں کی تفصیل مانگی ہےجبکہ کمیٹی کی جانب سے یونان جانے والوں کا بھی ڈیٹا مانگا گیا ہے۔

    خیال رہے یونان کشتی حادثے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے، آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گندے دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انھیں نشان عبرت بنانے کا بھی حکم جاری کیا تھا۔

    وزیراعظم نے کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی تھی ، جو ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

  • یونان کشتی حادثے میں متعدد پاکستانی لاپتہ، اہلخانہ غم سے نڈھال

    یونان کشتی حادثے میں متعدد پاکستانی لاپتہ، اہلخانہ غم سے نڈھال

    اسلام آباد : یونان میں کشتی حادثے کے بعد کئی پاکستانیوں کے لاپتہ ہونے پر لواحقین غم سے نڈھال ہیں، حادثے میں پانچ سو سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کےقریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے می متعدد پاکستانیوں کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، حادثے میں اب تک اٹھہتر لاشیں نکالی گئیں ، جن کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ 500 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

    راولپنڈی کا شہریار سلطان بھی یونان میں کشتی حادثے کے بعد لاپتہ ہے، شہریار کے والد غم سے نڈھال ہیں ، شہریار کے کزن نے بتایا شہریار کے ساتھ جانے والے دوست کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے چار افراد کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاع ہیں ، ایک اور پاکستانی اپنے بھائی کی تلاش میں یونان کے ساحل پہنچا اور بتایا کہ بھائی نے کشتی میں سوار ہونے سے پہلے کال کی اور کہا تھا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کو سوار کیا جارہا ہے۔

    لیبیا کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے 6 افراد کاتعلق گوجرانوالہ سے ہے ، علی حسنین، شاہزیب ،اورنگزیب گوجرانوالہ کی تحصیل وزیرآباد کے رہائشی ہیں۔

    دونوں نوجوان 25روز قبل وزیر آباد سے یورپ کے لیے نکلے تھے اور آٹھ روز قبل اٹلی جانے کے لیے لبیا سے روانہ ہوئے تھے، خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں افراد نے اہل خانہ کو آخری فون کال پر بتایا کہ وہ چار دن تک اٹلی پہنچ جائیں گے لیکن بدقسمتی سے ان کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی لاپتہ ہونے والے نوجوانوں علی حسنین اور علی زیب آپس میں رشتہ دار ہیں۔

    اس کے علاوہ حادثے میں لاپتہ ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے 3 دوست بھی شامل تھے، امجد ،محسن اور حبیب 8 ماہ قبل لیبیا گئے تھے۔

    حادثے میں سیالکوٹ کا ستائس سالہ کاشف بٹ بھی لاپتہ ہے، والد کی وزیراعظم سے بیٹے کو تلاش کرنے کی اپیل کردی۔

    حادثے میں لاپتہ افراد کے لواحقین نے حکومت سے میتیں وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    دوسری جانب ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان ڈی این اے کی رپورٹ، لاپتہ افراد کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ اور رابطہ نمبر ای میل کریں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں پاکستانی شامل ہیں یانہیں ابھی تصدیق نہیں ہوسکتی،ایسےحادثات میں شناخت بڑاچیلنج ہوتی ہے، ڈی این اے کےذریعےشناخت کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کشتی کو حادثہ چودہ جون کو پیش آیا، رپورٹس کے مطابق کشتی پر ساڑھے سات سو سے زیادہ افراد سوار تھے، جن میں سے سو بچے ہو سکتے ہیں۔