Tag: یونان

  • یونان کے سیاحتی جزیرے پر لگی آگ بے قابو ہوگئی، ہزاروں لوگوں کی نقل مکانی

    یونان کے سیاحتی جزیرے پر لگی آگ بے قابو ہوگئی، ہزاروں لوگوں کی نقل مکانی

    یونان کے سیاحتی جزیرے میں لگنے والی بے قابو  آگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مقامی آبادی کا انخلاء جاری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یونان کے سیاحتی جزیرے پر لگی جنگل کی آگ بے قابو ہوگئی آگ آٹھ ساحلی ریزورٹس تک پہنچ گئی جس کے بعد یونان ریکارڈ گرمی کی زد میں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز 30 ہزار افراد کو یونانی جزیرے روڈس میں بھڑکتی آگ سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جن میں 2ہزار کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جو کہ یونان کی تاریخ میں ایک ہی وقت میں آبادی کی نقل مکانی کا پہلا واقعہ ہے۔

    بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے یونان میں پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، ستر کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث زمین کے بڑے حصے کو برباد کرچکی ہے۔

    یونانی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اگلے چند ہفتے ہمیں چوکنا رہنا ہو گا، سیاحتی جزیرے روڈز پر ساتویں روز بھی جنگل کی آگ بھڑکتی رہی، علاقے کا فضائی نظاہرہ ہر سو پھیلی تباہی کی داستان بیان کر رہا ہے۔

  • یونان میں  گرمی کا  50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    یونان میں گرمی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    ایتھنز : یونان میں شدید گرمی کا 50سالہ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت40 ڈگری تک جا پہنچا۔

    تفصلات کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں گرمی نے پچاس سال کا ریکارڈ توڑ دیا، درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

    یونانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یونان بھر کے سیاحتی مقامات دن کے گرم ترین حصوں میں بند رہیں گے۔

    دوسری جانب سیاحتی جزیرے کے جنگل میں آگ لگ گئی، جس کے باعث ساڑھے تین ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا، یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق مقبول ترین سیاحتی مقامات سے لوگوں کو نکال لیا گیا۔

    اٹلی اور اسپین بھی ریکارڈ توڑ گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • مظاہرے اور یو این وارننگ، یونان میں 9 مصری انسانی اسمگلرز گرفتار

    مظاہرے اور یو این وارننگ، یونان میں 9 مصری انسانی اسمگلرز گرفتار

    ایتھنز: یونان میں مظاہروں اور یو این وارننگ کے بعد 9 مصری انسانی اسمگلرز گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں تارکین وطن کی کشتی حادثے میں غفلت پر عوام کا احتجاج اور اقوام متحدہ کی وارننگ کام کر گئی، حکام نے انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں 9 مصری باشندے گرفتار کر لیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار مصری باشندوں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جہاں انھوں نے فردِ جرم سے انکار کر دیا۔

    بی بی سی کے مطابق پکڑے گئے مشتبہ افراد کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، ان پر انسانوں کی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کا الزام ہے، ان میں سے ایک کے وکیل نے کہا کہ اس کا مؤکل مسافر تھا، اسمگلر نہیں۔

    واضح رہے کہ بی بی سی نے جہاز کے تباہ ہونے کے بارے میں یونانی کوسٹ گارڈ کے بیان پر شک ظاہر کرنے والے شواہد منکشف کر دیے ہیں۔

    دوسری جانب اس حادثے میں بچ جانے والے 12 پاکستانیوں سمیت 104 افراد کو مہاجرین کے کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سلاخوں کے آر پار کھڑے شامی بھائیوں کی ملاقات کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے، حادثے میں بچ جانے والا نوجوان بڑے بھائی کو دیکھ کر جنگلے کے پار کھڑا پھوٹ پھوٹ کر روتا رہا۔

  • یونان میں تارکینِ وطن سے متعلق پالیسیوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے

    یونان میں تارکینِ وطن سے متعلق پالیسیوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے

    ایتھنز: یونان میں تارکینِ وطن سے متعلق پالیسیوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان بھر میں بدھ 14 جون کو ہونے والے الم ناک کشتی حادثے کے بعد احتجاج شروع ہو گیا ہے، جس میں پاکستانیوں سمیت سینکڑوں تارکین وطن کی جانیں گئیں۔

    ملک کے دارالحکومت ایتھنز سمیت مختلف شہروں میں عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پناہ گزینوں کو بچانے کے ناکافی اقدامات پر عوام نے حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کے پتھراؤ کا جواب پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ سے دیا۔

    مظاہرین نے بینرز بھی اٹھا رکھتے تھے جن پر یونانی اور یورپی مہاجرین اور ہجرت کی پالیسی کی مذمت کی گئی تھی، بینرز پر لکھا تھا کہ ’’انھوں نے بحیرہ روم کو ایک مائع قبرستان بنا دیا ہے، ہم کبھی بھی مذبح خانے کے عادی نہیں بنیں گے۔‘‘

    یونان کشتی حادثے سے متعلق برطانوی اخبار کے تہلکہ خیز انکشافات، ڈوبنے والے پاکستانیوں کی تعداد 298 ہے

    ادھر یونانی حکام پر الزام لگایا گیا ہے کہ انھوں نے تارکین وطن کو بچانے کے لیے فوری طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا، یونانی حکام کو کشتی کے الٹنے سے کئی گھنٹے قبل متنبہ کیا گیا تھا کہ یہ مصیبت میں ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسی آفات کی تکرار کو روکنے کے لیے زیادہ مؤثر ہجرت پالیسی نافذ کرے۔

  • یونان جانے کی ایک اور کوشش، ایران میں 45 پاکستانی گرفتار

    یونان جانے کی ایک اور کوشش، ایران میں 45 پاکستانی گرفتار

    چاغی: ایران میں 45 پاکستانی یونان جانے کی ایک اور کوشش کے دوران گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 45 پاکستانی گرفتار ہو گئے، ایرانی حکام نے گرفتار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر کے پاکستانی سرحدی حکام کے حوالے کر دیا۔

    سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ پاکستانی غیر قانونی طور پر ایران سے یونان اور یورپی ممالک جانا چاہتے تھے، ایران سے ڈی پورٹ کیے گئے افراد تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے۔

    سرحدی حکام کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے بیش تر افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

    واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 14 پاکستانی انسانی اسمگلرز کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں سے پانچ کا تعلق گجرات سے ہے، انسانی اسمگلرز میں شفقت، فیصل سنیارا، آصف سنیارا، حاجی ذوالفقار، میاں عرفان، جاوید اقبال، ساجد وڑائچ، مدثر، رانا نقاش، عابد، ریاست، ندیم اسلم، طلعت کیانی کے نام شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کا انکشاف

    سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سجاد باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، ایجنٹ مافیا کے خلاف صحیح معنوں میں اب تک کارروائی نہیں کی گئی، ایجنٹ مافیا کرپشن اور ملی بھگت سے بچ نکلتی ہے، دیگر ممالک میں ان کے بڑے پیمانے پر گہرے روابط ہیں۔

  • یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ ،  ایتھنز کے عوام سراپا احتجاج

    یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ ، ایتھنز کے عوام سراپا احتجاج

    ایتھنز: یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعہ کے بعد عوام سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے پر یونان کے دارلحکومت ایتھنز میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔

    مظاہرین نے حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے باعث تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعات آئے روز رونما ہوتے رہتے ہیں۔

    عوام کے احتجاج پر پولیس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس سے قبل اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے انسانی سمگلروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوسناک واقعہ کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے زمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    خیال رہے یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا، جس اب تک مختلف ملکوں کے ساڑھے سات سو میں سے اٹھہتر افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 500 افراد کا اب تک کچھ پتا نہ چل سکا۔

  • یونان کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 79 افراد ہلاک متعدد لاپتا

    یونان کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 79 افراد ہلاک متعدد لاپتا

    یونان کے قریب پیلوپونیس میں کھلے سمندر میں تارکینِ وطن میں ماہی گیری کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 79 تارکین وطن ہلاک ہو گئے اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد سیکڑوں تک تجاوز کرسکتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یونان کے قریب بحیرہ ایونی میں تیز ہواؤں کی وجہ سے کھلے سمندر میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 79 تارکین وطن ہلاک اور 104 مسافروں کو بچالیا گیا جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    کوسٹ گارڈ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا بتایا کہ کشتی میں 750 افراد سوار تھے، ہمیں خدشہ ہے کہ لاپتا افراد کی بڑی تعداد ہے۔

    یونانی حکام اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جہاز میں سینکڑوں مزید تارکین وطن سوار تھے،کشتی لیبیا سے اٹلی جا رہی تھی، جس میں سوار بیشتر افراد کی عمر 20 سال تھی۔

    واضح رہے کہ اس سال یونان میں بحری جہاز کی تباہی کا یہ سب سے مہلک واقعہ ہے، کشتی حادثے کے نتیجے میں یونان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

  • یونان : دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم ، بوگیوں سے بھڑکتی  آگ شعلوں کی ویڈیو وائرل

    یونان : دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم ، بوگیوں سے بھڑکتی آگ شعلوں کی ویڈیو وائرل

    ایتنھز : یونان میں ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 85  زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں مسافر اور مال بردار ٹرین کی ٹکر ہوئی ، حادثے کے باعث کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن میں سےتین بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ٹرین حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان رونما ہوا، جب مخالف سمت سے آنے والی مسافر اور مال بردار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں ، مسافر ٹرین میں تین سو پچاس افراد سوار تھے۔

    ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم میں چھبیس افراد ہلاک اور پچاسی زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، جہاں کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    تھیسالی کے گورنر کونسٹنٹینوس اگوراسٹوس نے بتایا کہ مسافر اور کارگو ٹرین تصادم بہت زوردار تھا، جس میں پہلی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جب کہ 2 مکمل طور پر تباہ ہو گئیں تاہم دو سو پچاس مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    خوفناک حادثے کے بعد امدادی کاموں کے لئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے خوفناک شعلے اور دھویں کے گہرے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کچھ ڈبے پٹری سے بھی اتر گئے ہیں۔

  • اترتے طیارے نے یونانی ساحل پر سیاحوں کے دل دہلا دیے، ویڈیو وائرل

    اترتے طیارے نے یونانی ساحل پر سیاحوں کے دل دہلا دیے، ویڈیو وائرل

    ایتھنز: یونان کے ایک ساحل پر موجود ایئر پورٹ اسکیاتھوس پر لینڈنگ کے وقت طیارے کی اب تک کی سب سے نچلی پرواز نے سیاحوں کے دل دہلا دیے۔

    یونان کے اسکیاتھوس ایئرپورٹ پر عام طور سے طیاروں کی لینڈنگ کے وقت ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے، اور لوگ یہ نظارہ دیکھنے شوق سے چلے آتے ہیں۔

    اب ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں اس ایئرپورٹ پر کسی طیارے کی نچلی ترین پرواز والی لینڈنگ کو ریکارڈ کیا گیا ہے، فوٹیج دیکھ کر لوگوں کے دل دہل جاتے ہیں، کیوں کہ طیارہ لوگوں کے عین سروں پر کچھ ہی بلندی سے گزرتا ہے۔

    ویڈیو میں آپ بھی یہ دہل دہلا دینے والا نظارہ دیکھ سکتے ہیں، یونان کا اسکیاتھوس ہوائی اڈہ اپنے دلکش نظاروں کے لیے مشہور ہے جہاں سیکڑوں سیاح ہر روز ہوائی جہازوں کی لینڈنگ کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

    بتایا جاتا ہے کہ 100 سے زائد لوگ لینڈنگ اسٹرپ کا دورہ کرتے ہیں،یہ ایئرپورٹ مختصر رن وے کی وجہ سے دوسرے بین الاقوامی ایئر پورٹس کی طرح بڑا نہیں ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لوگ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ پائلٹ کتنی مہارت سے یہاں روز طیارے اتارتے ہیں، نہ صرف یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگوں سے کتنی بلندی برقرار رکھنی ہے، بلکہ یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ فوراً بعد موجود رن وے کے جنگلے سے کتنی بلندی رکھ کر رن وے پر اترنا ہے۔

  • سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    ایتھنز: یونان میں سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا جس پر لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، یونان میں اس وقت پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یونان کا سرکاری ٹی وی چینل اس وقت لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن گیا جب ایک پروگرام میں دکھایا گیا کہ ایک پائپ سے کسی کی گاڑی سے پیٹرول کیسے نکالا جاسکتا ہے۔

    یہ پروگرام اس وقت نشر ہوا جب یونان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    ای آر ٹی نامی چینل میں 22 جون کو مارننگ شو میں رپورٹر نے بتایا کہ یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں، درحقیقت آپ کو کسی خصوصی ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، ایک عام پائپ سے بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

    گاڑی سے پیٹرول کو نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک مکینک نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن کو چرایا جاسکتا ہے۔

    اس پروگرام پر لوگوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹویٹر پر بہت زیادہ تنقید کی۔

    ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ لوگ پاگل ہوگئے ہیں جو لوگوں کو پیٹرول چرانے کے طریقے بتا رہے ہیں۔

    ایک اورصارف نے کہا کہ پیٹرول کو آسانی سے چرانے کے 2 طریقوں کے بعد اب ای آر ٹی کی جانب سے یہ سکھایا جائے گا کہ کس طرح تالوں کو کھولا جاسکتا ہے اور بٹوے چرائے جاسکتے ہیں۔

    یونان کی ایک ویب سائٹ پر اس ویڈیو کو 23 جون تک 1 لاکھ 70 ہزار بار سے زیادہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ ہزاروں افراد نے ٹویٹر پر بھی اسے دیکھا۔

    خیال رہے کہ یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 2.37 یورو ہے۔