Tag: یونان

  • یونان: آگ کے شعلوں میں گھرے بحری جہاز میں ایک لاپتا شخص زندہ مل گیا

    یونان: آگ کے شعلوں میں گھرے بحری جہاز میں ایک لاپتا شخص زندہ مل گیا

    ایتھنز: یونان کے ساحل کے قریب آگ کے شعلوں میں گھرے بحری جہاز میں سے ایک لاپتا شخص زندہ مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کے ساحل کے قریب آتش زدہ فیری سے اتوار کو ایک لاپتا شخص کو بچا لیا گیا، 11 مزید لا پتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

    یونان کے کوسٹ گارڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ شخص فیری کے پچھلے حصے میں تھا، جہاں سے اسے بہ حفاظت نکالا گیا، ہفتے کو ریسکیو کیے گئے 2 مسافروں میں سے ایک کا نام مسافروں کی لسٹ میں نہیں تھا اس لیے اسے پناہ گزین سمجھا گیا۔

    واضح رہے کہ اٹلی کی اس فیری میں 290 افراد سوار تھے، جب کہ 153 ٹرک اور 32 کاریں بھی موجود تھیں، جہاز نے جمعے کو یونان سے سفر کا آغاز کیا اور تین گھنٹے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، جو ابھی تک بجھائی نہیں جا سکی ہے، یونانی کوسٹ گارڈز اور دیگر کشتیوں نے 280 افراد کو بچا لیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شعلوں اور دھوئیں میں گھرے بحری جہاز کشتیوں کے ذریعے آہستہ آہستہ ساحل پر لایا جا رہا ہے، آگ بجھانے والا عملہ مسلسل آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن آگ پھر کسی نہ کسی حصے سے دوبارہ بھڑک اٹھتی ہے۔

    نیز ریسکیو کا عملہ دیگر لاپتا مسافروں کی تلاش کر رہا ہے لیکن جہاز میں پہنچنا ابھی ممکن نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے جانے والوں میں البانیہ، ترکی، بلغاریہ، رومانیہ، یونان، اٹلی اور لیتھوینیا کے شہری شامل ہیں۔

  • دماغ کو بوڑھا ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

    دماغ کو بوڑھا ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

    یونان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور دیگر غذاؤں کا استعمال معمول بنالیں۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ ورم کش خصوصیات رکھنے والی غذاؤں کا استعمال عمر بڑھنے کے ساتھ ڈیمینشیا کا شکار ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    کاپوڈسٹریشن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ورم بڑھانے کا باعث بننے والی غذاؤں کا استعمال یادداشت سے محرومی، زبان کے مسائل، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور سوچ سے جڑی دیگر صلاحیتوں کا امکان 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔

    تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ورم کش غذا کا استعمال ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ غذا ممکنہ طور پر دماغی صحت پر متعدد میکنزمز کے ذریعے اثرات مرتب کرتی ہے اور ہمارے نتائج کے مطابق ورم ان میں سے ایک ہے۔

    اس تحقیق میں ایک ہزار سے زیادہ معمر افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان سے سوالنامے بھروا کر غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    تحقیق کے آغاز میں کسی میں بھی ڈیمینشیا کی تاریخ نہیں تھی اور 3 برسوں کے دوران 6 فیصد میں دماغی تنزلی کی تشخیص ہوئی۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مغربی طرز کی غذا کے استعمال سے ڈیمینشیا کا خطرہ 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

    اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، بیجوں، دالوں، کافی یا چائے کا زیادہ استعمال دماغی تنزلی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے۔

  • انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا

    انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا

    یونان: ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں منعقدہ ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے فائنل میں آذربائیجان کے حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

    گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے انعام بٹ نے ایونٹ کی 90 کلوگرام کٹیگری میں حصہ لیا تھا، یہ ان کا رواں ماہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔

    یونان کے شہر ایتھنز میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ مسلسل جاری رہا تھا، پاکستانی ریسلر نے مقابلے کے لیے آنے والے تمام پہلوانوں کو پچھاڑتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔

    انعام بٹ نے ورلڈ بیچ سیریز ریسلنگ میں گولڈ‌ میڈل جیت لیا

    سیمی فائنل مقابلے میں انھوں نے یوکرائن کے پہلوان کو تین، ایک سے شکست دی تھی، جب کہ کوارٹر فائنل ميں انعام بٹ نے رومانيہ کے ريسلر کو تین، صفر سے شکست دے دی تھی۔

    اس سے قبل رواں ماہ کی چار تاریخ کو انعام بٹ نے بیچ سیریز ریسلنگ کی فری اسٹائل کیٹیگری میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

    دوسری جانب پاکستان کے دوسرے ریسلر زمان انور کو آذربائیجان کے ریسلر کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی۔

  • یونان کے جنگلات میں آگ یا کسی خوفناک فلم کے مناظر (تصاویر دیکھیں)

    یونان کے جنگلات میں آگ یا کسی خوفناک فلم کے مناظر (تصاویر دیکھیں)

    ایتھنز: یونان کے جزیرے ایویا کے جنگلات میں گزشتہ 6 دنوں سے خوف ناک آگ لگی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونانی جزیرے ایویا کے جنگلات میں آتش زدگی کے نتیجے میں ہزاروں افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں، اور بڑی تعداد میں لوگوں کو سمندر کے راستے محفوظ مقامات پر لے جانے کے لیے کشتیاں تیار رکھی گئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایویا یونان کا دوسرا سب سے بڑا جزیرہ ہے، جہاں جنگلات میں لگنے والی آگ ہزاروں ایکڑ تک تیزی سے پھیل چکی ہے، جس کی وجہ سے درجنوں دیہاتوں کو خالی کروانا پڑا ہے۔

    روئٹرز کی جانب سے جنگلات میں لگی آگ کے مناظر پر مبنی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، جنھیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کوئی خوف ناک فلم چل رہی ہو۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کی زد میں پانچ دیہات آئے ہیں، تاہم نقصان کی تفصیلات کا فوری طور پر اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

    مینا نامی 38 سالہ حاملہ خاتون کو بھی امدادی فیری کے ذریعے محفوظ مقام تک پہنچایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوف ناک فلم کی طرح ہے۔

    ایک ہفتے تک چلنے والی یونان کی تین دہائیوں کی سب سے شدید ہیٹ ویو کے دوران جنگلات میں آگ ملک کے کئی حصوں تک پھیلی، اس آگ کی وجہ سے کئی کاروبار میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

    منگل سے اب تک کوسٹ گارڈ نے 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، جب کہ کئی افراد اپنے دیہاتوں سے محفوظ مقامات تک پہنچنے کے لیے پیدل چل پڑے۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • یونان میں انسانوں کے بعد ایک مخصوص جانور بھی کرونا کا شکار ہونے لگا

    یونان میں انسانوں کے بعد ایک مخصوص جانور بھی کرونا کا شکار ہونے لگا

    یونان: کرونا وائرس سے آبی نیولے بھی محفوظ نہ رہ سکے، اب یونان میں بھی آبی نیولے کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈنمارک کے بعد یونان میں بھی آبی نیولے (mink) کو وِڈ 19 کا شکار ہونے لگے ہیں، الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یونان کے علاقے کوزانی میں فارموں میں پروان چڑھائے جانے والے آبی نیولوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    کوزانی میں ویٹرنری سروسز ڈائریکٹریٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ علاقے کے نیولا فارموں کے ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد کالونیری میں واقع فارم کے 8 زندہ اور مردہ نیولوں سے لیے گئے نمونوں میں سے سب کے نتائج مثبت نکلے۔

    محکمہ زراعت کی وزارت نے بھی کہا ہے کہ شمالی یونان کے دو نیولا فارمز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ویٹرنری سروسز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں نیولوں میں اموات کی شرح بڑھ گئی ہے۔

    کورونا کی روک تھام کے لیے 10 لاکھ نیولے مارنے کا فیصلہ

    رپورٹس کے مطابق کوزانی میں کثیر تعداد میں نیولوں میں پژمردگی، بھوک کی کمی اور سانس میں دشواری جیسی علامات نمودار ہونا شروع ہوگئی ہیں، جس کے باعث مقامی حکام نے ڈھائی ہزار نیولے تلف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    شمالی یونان کے جن علاقوں میں آبی نیولے کرونا کا شکار ہونے لگے ہیں ان میں کوزانی اور کستوریا شامل ہیں، ان میں تقریباً 90 نیولا فارمز پر ملازمین اور نیولوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ ان دو علاقوں میں فارمز پر ایک اندازے کے مطابق 10 لاکھ نیولوں کی پرورش کی جا رہی ہے۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل ڈنمارک کی حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے 10 لاکھ نیولوں کو مارنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • یورپی یونین کا تارکین وطن کے بچوں کے لیے اہم فیصلہ

    یورپی یونین کا تارکین وطن کے بچوں کے لیے اہم فیصلہ

    برلن: یورپی یونین نے تارکین وطن کے لیے اہم فیصلہ کرلیا، یونان کے مہاجر کیمپس میں موجود ڈیڑھ ہزار بچوں کو پناہ دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق جرمنی نے کہا ہے کہ یورپی یونین ان ڈیڑھ ہزار بچوں کو پناہ دینے پر غور کر رہا ہے جو اس وقت یونان کے مہاجر کیمپوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    جرمن حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ یورپی یونین نے انسانی بنیادوں پر ان بچوں کو پناہ دینے کے لیے اجتماعی خواہش ظاہر کرتے ہوئے غور کیا۔

    بیان کے مطابق جرمنی بھی ڈیڑھ ہزار پناہ گزین بچوں کو اپنانے میں اپنا مناسب حصہ ڈالے گا۔

    جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور ان کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’ہم یونان کے جزیرے پر پھنسے ایک سے ڈیڑھ ہزار پناہ گزین بچوں کے معاملے پر یونان کی حکومت کی مشکل انسانی صورتحال میں مدد کرنا چاہتے ہیں‘۔

    رپورٹ کے مطابق یونان کے جزیرے پر پھنسے تارکین وطن کے بچوں کے حوالے سے تشویش اس لیے بڑھی کہ ان میں سے اکثر کو طبی امداد کی ضرورت ہے جبکہ بہت سے بچوں کے ساتھ ان کے والدین یا سرپرست موجود نہیں ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترکی میں موجود تارکین وطن نے یونان کی سرحد کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد یونانی پولیس نے ان کو واپس ترکی میں دھکیلنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

    ترک حکومت نے بھی یونان کی جانب جانے والے تارکین وطن کو روکنے سے انکار کر دیا جس کے بعد یورپی یونین پر ان بچوں کو پناہ دینے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہوگیا۔

    اس سے قبل سنہ 2016 میں یورپی یونین نے تارکین وطن کے لیے اربوں یورو ترکی کو دینے کا معاہدہ کیا تھا تاہم ترک حکومت کے مطابق یورپی یونین نے اپنے معاہدے کا پاس نہیں کیا۔

  • ایتھنز میں شدید زلزلے کے جھٹکے، دو عمارتیں متاثر

    ایتھنز میں شدید زلزلے کے جھٹکے، دو عمارتیں متاثر

    ایتھنز: یورپی ملک یونان میں شدید زلزلے کے جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، جبکہ دو عمارتیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی دارالحکومت ایتھنز میں آنے والے زلزلے نے عمارتیں لرزا دیں، جبکہ شہری خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ کوہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے شدت 5.1 تھی جس کا مرکز مغربی شمالی ایتھنز تھا۔

    زلزلے کی شدت سے 160 سالہ قدم ایتھنز کی پارلیمنٹ کی عمارت پر بھی دراڑیں پڑ گئیں، تاہم کسی قسم کی جانی کی اطلاعات نہیں ہیں۔

    مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں ایک دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، حکام نے ریسکیو عملے کو ہرممکن خطرات سے نمٹے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ ایتھنز کے ساحتی مقام پر 2017 میں زلزلے کے باعث دو افراد عمارت کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے تھے۔

    یونان میں 6.8 شدت کے زلزلے، حکومت نے وارننگ جاری

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں یونان میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے بعد حکومت نے ملک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔

  • یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    ایتھنز: یونان کی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جرمنی دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی جرمنی کے خوفناک جنگی جرائم اور یونان کو پہنچنے والے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 70 سال سے بھی زائد عرصے کے بعد جرمنی سے باضابطہ مطالبہ کیا جائے گا کہ برلن ایتھنز کو سینکڑوں ارب یورو بطور زر تلافی ادا کرے۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ یونان کی پارلیمنٹ نے یہ فیصلہ اکثریت کی بنیاد پر کیا، ایوان میں مسودہ قرارداد پارلیمانی اسپیکر نیکوس ووٹسِس نے پیش کیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایسے تمام سفارتی اور قانونی اقدامات کرے جو جرمنی سے مالی ازالے کی وصولی کےلئے ناگزیر ہوں۔

    یونان کی پارلیمنٹ میں پیش کردہ قرار داد کے مطابق ابتدا میں یونان جرمنی سے یہ مطالبہ زبانی طور پربذریعہ سیاسی قیادت کرے گا۔

    یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے اس ضمن میں پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرنا ہمارا ایسا تاریخی اور اخلاقی فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جا سکتی ہے۔

    وزیراعظم کے مطابق ایتھنز کے اس مطالبے کا یونان کو درپیش مالیاتی بحران سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یونان کی یہ خواہش ہے کہ اس طرح اس کے ذمے واجب الادا کئی سو ارب یورو کے قرضوں کی واپسی کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے۔

    الیکسس سپراس نے یہ دعویٰ کیا کہ مالیاتی بحران کے سلسلے میں بین الاقوامی بیل آوٹ پیکجز کے بعد اب وہ مناسب ترین وقت ہے کہ یونان جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرے۔

    یونان کے وزیراعظم سپراس 2015 کے پارلیمانی الیکشن میں یونانی عوام سے جن وعدوں کے بعد برسر اقتدارآئے تھے ان میں یہ وعدہ بھی شامل تھا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کو دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمن دستوں کی طرف سے کی گئی زیادتیوں اور جنگی جرائم کی تلافی کے لیے ازالے کی رقوم دلوائیں گے۔

    یونان کے اس مطالبے کے متعلق حکومتی ترجمان اشٹیفن زائبرٹ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس بارے میں بہت افسوس ہے اور گہرا احساس جرم بھی کہ نازی دور میں جرمن دستوں نے یونان پر قبضے کے وقت وہاں کیا کیا ظلم ڈھائے تھے؟ لیکن اس کے با وجود کسی مالی ازالے کی ممکنہ ادائیگی سے متعلق جرمن حکومت کی سوچ اب بھی وہی ہے جو پہلے تھی۔

  • یونان میں پڑوسی ملک کا نام جمہوری شمالی مقدونیہ رکھنے پر مظاہرے

    یونان میں پڑوسی ملک کا نام جمہوری شمالی مقدونیہ رکھنے پر مظاہرے

    ایتھنز: مقدونیہ نام کی تبدیلی کے خلاف یونان میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد پڑوسی ملک مقدونیہ کا نام تبدیل کرکے شمالی مقدونیہ رکھے جانے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

    احتجاجی مظاہرین کی جانب سے پٹرول بم اور پتھروں کا استعمال کیا گیا جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی میں آنسو گیس کا استعمال کیا۔

    یونانی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرین نے جھنڈے لہرا کر مقدنیہ یونا ہے کے نعرے بلند کیے اور پڑوسی ملک کے ساتھ کیے گئے تاریخی معاہدے کے خلاف احتجاج کیا۔

    مقدونیہ کا سرکاری نام جمہوری شمالی مقدونیہ رکھ دیا گیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مقدونیہ کےاراکین پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے ملک کا نام تبدیل کرکے سرکاری نام جمہوری شمالی مقدونیہ رکھنے کی منظوری دی تھی۔

    دارالحکومت اسکوپیے میں حکومت کی جانب سے نام تبدیلی کی قرار داد پیش کی گئی تھی، ایک سو بیس رکنی پارلیمان میں سے اکیاسی اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں مقدونیہ نام کی تبدیلی یونان کے ساتھ ایک معاہدے کے بعد عمل میں آئی یونان اور مقدونیہ کے درمیان اس نام پر تنازعہ چلا آرہا ہے کیونکہ یونان کے ایک صوبے کا نام بھی مقدونیہ ہے۔