Tag: یونس خان

  • یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا، مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے دورہ انگلینڈ پر ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، یونس خان نے پی سی بی کے فیصلے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ دورے کے موقع پر مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے یونس خان جیسے شاندار کرکٹر نے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی، مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد انگلش کنڈیشنز سے واقف ہیں، ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔

    مصباح کو دہری ذمہ داری دے کر کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا، یونس خان

    دوسری جانب یونس خان کا اپنے تازہ بیان میں کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، انگلینڈ کے مشکل دورے میں ملک کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھار نے میں اہم کردار ادا کریں گے، انگلینڈ کے خلاف سیریز مشکل ہوگی، صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرنا ہوگا، مشتاق احمد کئی ممالک کی کوچنگ کرچکے ہیں، تجربہ کار ہیں۔

  • سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں: یونس خان

    سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں: یونس خان

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بھی سرفراز احمد کے معترف ہوگئے اور ان کی قابلیت کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد قومی ٹیم کے کپتان تھے جنہیں کارکردگی نہ دکھانے کی پاداش میں ہٹادیا گیا، بعد ازاں شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ جیسے لوگوں پر کراچی کا قرض ہے، ہر کام میں ٹائم لگتا ہے پاکستان کرکٹ میں بھی بہتری آئے گی، ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ واپس آگئی ہے اس پر بہت خوشی ہے، ملک میں بہت ٹیلنٹ ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوچکی ہے۔

    شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر

    واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی تھی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے تھے۔

    جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کی، قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

  • یونس خان کو سالگرہ مبارک

    یونس خان کو سالگرہ مبارک

    پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کرکٹر آج اپنی 44 ویں سال گرہ منارہے ہیں، یونس خان پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

    اُن کا مکمل نام ’محمد یونس خان‘ ہے اورپیدائش 29 نومبر، 1977ء ہے، شہر مردان میں پیدا ہو نے والے عظیم بلے باز آج اپنی 44ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

    یونس خان کا شمار اُن کامیاب کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی ٹیم کے تینوں فارمٹس میں کھیلتے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان نے سنہ 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تو اس فاتح ٹیم کی قیادت یونس خان کے پاس ہی تھی۔

    حنیف محمد اورانضمام الحق کے بعد یونس خان پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی البتہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز صرف یونس خان کے پاس ہی ہے۔

    کیریئر پر مختصر نظر

    یونس خان نے 26 فروری سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ اور کریئر کا آخری میچ1 نومبر2015 کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اسی طرح پہلا ون ڈے سری لنکا کے خلاف فروری سنہ 2000 میں جبکہ آخری 11 نومبر 2015 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

    یونس خان نے اپنے دس ہزار رنز مکمل ہونے کا سہرا سینئر کھلاڑیوں سعید انور، راشد لطیف، باسط علی اور محمد یوسف جیسے بلے بازوں کو دیا اور بتایا تھا کہ میں خود کو اس لیے بھی خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ دوستوں نے میری ذہن سازی کی۔

    واضح رہے یونس خان دنیا کے 13 ویں بیٹسمین ہیں جنہوں نے دس ہزار یا اس سے زائد زنز  اسکور کیے، جب کہ وہ پہلے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے یہ معرکہ سر کیا اس کے علاوہ وہ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریاں، 11 ملکوں میں سنچری بنانے کا منفرد ریکارڈ اور ٹیسٹ میچ کھیلنے والی نو کی نو ٹیموں کے خلاف سینچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔

    https://www.facebook.com/arysports.news/videos/494247374515112/

  • مصباح کو دہری ذمہ داری دے کر کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا، یونس خان

    مصباح کو دہری ذمہ داری دے کر کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا، یونس خان

    چارسدہ: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ مصباح کو دہری ذمہ داری تفویض کرکے کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے نئے ڈھانچے سے پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    یونس خان نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کا پاکستان میں انعقاد پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے، یقین ہے کہ غیرملکی کرکٹرز پی ایس ایل کھیلنے ضرور پاکستان آئیں گے۔

    [bs-quote quote=”والدین بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، افواہوں پر کام نہ دھریں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”یونس خان”][/bs-quote]

    سابق کپتان نے کہا کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کرنا خوش آئند ہے، مصباح الحق اور کھلاڑیوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

    پولیو ویکسین کے حوالے سے یونس نے کہا کہ والدین بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، عوام پولیو ویکسین کے حوالے سے منفی افواہوں پر کام نہ دھریں۔

    سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی اقدام اقوام متحدہ قوانین کی خلاف ورزی ہے، کشمیریوں پر ظلم و ستم پر اقوام متحدہ آواز بلند کرے۔

    یونس خان نے کہا کہ عوام اور پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ ہیں، یوم دفاع و یکجہتی کشمیر پر قوم کا مثالی اتحاد دنیا کو بڑا پیغام ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی ہدایت کی تھی، جس پر سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اور کشمیر کی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

  • سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کی والدہ انتقال کرگئیں

    سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کی والدہ انتقال کرگئیں

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کی والدہ انتقال کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کی والدہ طویل علالت کے باعث انتقال کرگئیں، یونس خان کی والدہ طویل عرصے سے گردوں کے امراض میں مبتلا تھیں۔

    یونس خان کی والدہ کی نماز جنازہ ملتون ٹاؤن مردان میں ادا کی جائے گی۔

    یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدہ میرے ساتھ رہتی تھیں، ان کی عمر 87 سال تھی، والدہ گزشتہ ڈیڑھ، 2 سال سے بیمار تھیں اور ڈائی لیسز پر تھیں۔

    اے آر وائی فیملی کی جانب سے یونس خان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔

    یونس خان کی والدہ کے انتقال پر سابق و موجودہ کرکٹرز کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی۔

  • بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو کیسے روکنا ہے، شوبز ستاروں اور سابق کرکٹر نے صدا بلند کردی

    بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو کیسے روکنا ہے، شوبز ستاروں اور سابق کرکٹر نے صدا بلند کردی

    کراچی: شوبز ستاروں اور سابق کرکٹر یونس خان نے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو روکنے اور انہیں آگاہی فراہم کرنے کے لیے صدا بلند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف اداکارہ ماہرہ خان، زندگی ٹرسٹ کے روح رواں شہزاد رائے ودیگر نے کہا کہ بچوں کو اچھے اور برے انداز میں چھونے سے متعلق آگاہی فراہم کرنی ہے، تعلیمی اداروں کے نصاب میں اس کی موجودگی بہت ضروری ہے۔

    زندگی ٹرسٹ کے سی ای او شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ بچوں کو آگاہی دینے کے لیے ایک تعلیمی پروگرام ترتیب دیا ہے، حکومت سے بات بھی کی ہے لیکن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں ابھی تک اس کا نفاذ نہیں ہوسکا ہے۔

    معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ بچوں زیادتی کے بہت کم واقعات رپورٹ ہوتے ہیں ایسے واقعات کو رپورٹ کرنا ہوگا۔

    معروف اداکارہ زیبا بختیار نے کہا کہ 1990 سے بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کو اٹھا رہی ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ اس موضوع پر بحث کی جائے اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کریں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کو رپورٹ کرنا ہوگا، معاشرے میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

    پریس کانفرنس میں شریک سماجی شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سطح پر بچوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام طبقات کے ساتھ مل کر چلیں گے اور معصوم بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کریں گے۔

  • کون ہوگا انڈر 19 ٹیم کا کوچ، یونس خان یا مصباح الحق؟

    کون ہوگا انڈر 19 ٹیم کا کوچ، یونس خان یا مصباح الحق؟

    لاہور: پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے ایک اور نام سامنے آگیا. توقع کی جارہی ہے کہ سابق کپتان مصباح الحق یہ اہم ذمے داری اٹھا سکتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ بیٹسمین یونس خان کی جانب سے ذمے داری اٹھانے سے معذرت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح‌ الحق کو یہ عہدہ سونپے کا خواہش مند ہے.

    پی سی بی ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ عہدے دار نے اس ضمن میں مصباح الحق سے رابطہ کیا۔ ابتدائی طور پر مصباح الحق کو انڈر 19 ٹیم کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے.

    خیال رہے کہ مصباح الحق کا شمار پاکستانی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں‌ میں‌ہوتا ہے، ان کی قیادت میں‌ پاکستان نے ریکارڈ تعداد میں ٹیسٹ میچز جیتے.

    مزید پڑھیں: اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے: مصباح الحق

    یاد رہے کہ پہلے اس ضمن میں یونس خان سے رابطہ کیا گیا، مگر وہ اپنی شرائط پر کام کرنا چاہتے تھے.

    دوسری جانب مصباح الحق کی جانب سے ابھی مثبت جواب نہیں‌ دیا گیا، وہ کرکٹ کمیٹی میں اہمیت نہ دیے جانے کی وجہ سے ناراض ہیں.

    واضح رہے کہ چند روز قبل وسیم اکرم بھی اس کمیٹی کی اہمیت اور فعالیت پر سوال اٹھا چکے ہیں.

  • کیا یونس خان پاکستانی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے ہیں؟

    کیا یونس خان پاکستانی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے ہیں؟

    لاہور: پاکستان کے ممتاز بلے باز یونس خان پاکستانی جونیر ٹیم کے ہیڈ کوچ کےلئے مضبوط امیدوار کے طورپر سامنے آگئے.

    تفصیلات کے مطابق یونس خان کو جونیر  ٹیم کی کوچنگ سونپی جاسکتی ہے. پی سی بی ذرائع کے مطابق چند شرائط طے کر نے کے بعد انھیں یہ عہدہ دیا جائے گا.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پی سی بی اور یونس خان کے درمیان بات چیت جاری ہے، ڈیڈ لاک کا تاثر قطعی غلط ہے۔

    پی سی بی کے دو اعلیٰ‌عہدے دار جلد یونس خان سے ایک اور ملاقات کریں گے، جس میں ممکنہ طور پر حتمی بات چیت ہو گی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ تک سرفرازاحمد کی کپتانی پربالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے، یونس خان

    پی سی بی ذرائع کے مطابق یونس خان اور احسان مانی کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی تھی، یونس خان اور وسیم خان کی ملاقات پی ایس ایل کے دوران کراچی میں ہوئی تھی، یونس خان نے مشروط طور پر انڈر 19 ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے.

    جونیر ٹیم کے منیجر کے لیے سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان مضبوط امیدوار ہیں، وہ اس سے قبل بھی یہ ذمے داری کامیابی سے نبھا چکے ہیں۔پی سی بی یونس خان کی تقرری تین سال کے لئے کرنا چاہتا ہے.

  • یونس خان کو سالگرہ مبارک

    یونس خان کو سالگرہ مبارک

    پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کرکٹر آج اپنی 41 ویں سالگرہ منارہے ہیں، یونس خان پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

    آپ کا مکمل نام ’محمد یونس خان‘ ہے اورآپ 29 نومبر، 1977ء کو سرحد کے شہر مردان میں پیدا ہو ئے تھے۔ آج آپ اپنی زندگی کی 41 ویں سالگرہ منارہے ہیں اور آپ کے مداح دنیا بھر سے آپ کو مبارک باد دے رہے ہیں ۔

    یونس خان ایک کامیاب کرکٹر ہیں اور آپ پاکستانی ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے لیے کھیلتے رہے ہیں ۔پاکستان نے سنہ 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تو اس فاتح ٹیم کی قیادت آپ ہی کررہے تھے۔

    حنیف محمد اورانضمام الحق کے بعد یونس خان پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی ہے۔ وہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں ۔

    آپ نے 26 فروری سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور آخری میچ1 نومبر2015 کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ پہلا ون ڈے سری لنکا کے خلاف فروری سنہ 2000 میں جبکہ آخری 11 نومبر 2015 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

    دس ہزار رنز مکمل کرنے پر یونس خان نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب پاکستانی ٹیم میں آیا تو ڈریسنگ روم میں دنیا کے بہترین کرکٹر موجود تھے مجھے سعید انور، راشد لطیف، باسط علی اور محمد یوسف جیسے بلے باز ملے۔ جب کہ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز کے ساتھ کھیلا ہوں اس لیے خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ مجھے ذہن اور باصلاحیت دوست اور سینئرز ملے۔

    واضح رہے یونس خان دنیا کے 13 ویں بیٹسمین ھیں جنہوں نے دس ہزار رنز یا اس سے زائد زنز بنائے جب کہ وہ پہلے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے یہ معرکہ سر کیا اس کے علاوہ وہ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریاں، 11 ملکوں میں سنچری بنانے کا منفرد ریکارڈ اور ٹیسٹ میچ کھیلنے والی نو کی نو ٹیموں کے خلاف سینچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔

    دس ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد اے آروائی نیوز کو دیا انٹرویو

  • ورلڈ کپ تک سرفرازاحمد کی کپتانی پربالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے، یونس خان

    ورلڈ کپ تک سرفرازاحمد کی کپتانی پربالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے، یونس خان

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد تک سرفرازاحمد کی کپتانی پر بالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، یونس خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چاہئے کہ وہ صبر سے کام لیں اور ٹیم کو متحد کرکے آگے بڑھیں، ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، ورلڈ کپ کے انعقاد تک سرفرازاحمد کی کپتانی پر بالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ نئے بیٹسمین کو کریز پر سیٹ ہونے میں وقت لگتا ہے، آج کے میچ میں محمد آصف کے آؤٹ ہونے سے مشکلات بڑھیں، پاکستان ٹیم سے توقعات بہت زیادہ لگائی گئی تھیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان ٹیم سے موازنہ نہیں کیاجاسکتا، پاکستان کی ٹیم میں بہت سے نئے کھلاڑی ہیں جبکہ بھارتی ٹیم میں 6سے7کھلاڑی 8سے10سال سے کھیل رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2018: پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی فائنل تک رسائی

    انہوں نے کہا کہ بھارت سے لگا تار دوبار شکست سے قومی ٹیم کا مورال ڈاؤن ہوا ہے، سینئر کھلاڑیوں کا مؤقف تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے۔