Tag: یونس خان

  • یونس خان نے انضمام الحق کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑدیا

    یونس خان نے انضمام الحق کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑدیا

    دبئی: یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ کی دوسری سنچری اسکور داغ کر انضمام الحق کی پچیس سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا، یونس سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

    یونس خان پاکستانی بیٹنگ لائن کا اہم ستون بن گئے۔ دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مرد بحران کا کردار ادا کرنے والے یونس خان نے دوسری اننگز میں بھی کمال کردیا۔

    یونس خان نے دوسری اننگز میں ناقابل شکست سنچری داغتے ہوئے سیلکٹرز کو ون ڈے سے باہر کرنے پر کرارا جواب دیا۔ یونس خان نے اپنی فارم کا دوسری اننگز میں بھی بھرپور فائدہ اٹھایا۔

    آسٹریلوی بولرز کیلئے یونس خان کو آؤٹ کرنا وبال جان بن گیا۔ کینگروز کیخلاف دوسری اننگز میں سنچری نے یونس کو پاکستانی کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری بنانے والا کھلاڑی بھی بنادیا۔

    یونس نے انضمام کی پچیس سنچریوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا۔ یونس خان نے ایک سوتین رنز کی اننگز میں پانچ چوکے اور دو فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ اس سنچری نے یونس خان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والا پہلا کھلاڑی بنادیا۔

  • یونس خان تمام ٹیسٹ ممالک کیخلاف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی

    یونس خان تمام ٹیسٹ ممالک کیخلاف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز یونس خان نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کیخلاف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا اور ساتھ ہی آسٹریلیا کیخلاف سنچری بنا کر انضام الحق کا 25 ٹیسٹ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

      اس اعزاز پر بیحد خوشی ہے اور فخر ہے کہ میں پہلا پاکستانی ہوں جس نے تمام ملکوں کے خلاف سنچریاں بنائیں، 36 سالہ یونس خان نے سات رنز دو کھلاڑی آؤٹ کی نازک صورتحال پر پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کو سنبھالا اور اختتام تک اسے 219 رنز4 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچا دیا۔

    دبئی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف یونس خان کی یہ پہلی سنچری تھی، جس کے بعد وہ دنیا کے 12ویں بیٹسمین بن گئے ہیں، جنہوں نے تمام ٹیسٹ ملکوں کیخلاف سنچریاں بنائیں، یہ ان کی 25ویں سنچری تھی، جس سے وہ انضمام الحق کے برابر پہنچ گئے ہیں۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن اور جیک کیلس، سری لنکا کے مارون اتاپتو، مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا، آسٹریلیا کے سٹیووا، رکی پونٹنگ اور ایڈم گلکرسٹ، بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریورڈ جبکہ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

    یونس خان نے کہا کہ جب میں نے سری لنکا میں 177رنز بنائے اور محمد یوسف کا 24 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا تو میرے ذہن میں آیا کہ میں نے آسٹریلیا کے خلاف کوئی سنچری نہیں بنائی اور مجھے انضمام الحق کا ریکارڈ برابر کرنا چاہئے، یہ میرے لئے بڑے فخر کی بات ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل طور پر ہارنے کے بعد یہ میچ آسان نہیں تھا، میں ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا ہوں اور جب بھی ٹیم کو میری ضرورت ہوتی ہے میں مثبت کرکٹ کھیلتا ہوں، میرے ذہن میں صرف یہی ہوتا ہے کہ اگر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا تو ایک بافخر پاکستانی بنوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہمیں کم از کم 400رنز بنانے ہوں گے لیکن یہ کام آسان نہیں، آسٹریلیا بہت مشکل ٹیم ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل جانسن نے بھی یونس خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے شروع میں دو وکٹیں حاصل کر لی تھیں لیکن یونس خان نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور صبر وتحمل سے کھیلے اور اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا ہے۔

  • پی سی بی کا یونس خان کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ

    پی سی بی کا یونس خان کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ

     لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کی میڈیا سے گفتگو کےبعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کی جانب سے سلیکٹرز اور بورڈ پر تنقید کرنے کے بیان کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور سابق کپتان کودوسری مرتبہ  شو کاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونس خان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران  قومی ون ڈے ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے پر سلیکٹرزاوربورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جس پرپاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کے بیان پر نوٹس لیا ہے۔

    پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی یونس خان کے بیان کا جائزہ لے رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یونس خان کو پہلے بھی متنبہ کیا گیا تھا کہ میڈیا پر بیان بازی نہ کریں۔

    پی سی بی ترجمان نے مزید کہا کہ یونس خان مسلسل سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی کررہے ہیں جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

  • ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئے، کہتے ہیں کہ پاکستان میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کو گولی مارلینی چاہئیے۔

    وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ،یونس خان میڈیا کے سامنے سینٹرل کانٹریکٹ کو بھی خاطر میں نہ لائے اور بس بولتے ہی چلے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں  نے کرکٹ عزت سے کھیلی ہے اس طرح کی بے عزتی برداشت نہیں کرسکتا ,انہیں خود پر ہنسی آتی ہے۔ اس ملک میں سینئیرز کے ساتھ مذاق ہوتا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ کرکٹ سے بھاگوں گا نہیں اور نہ ہی ریٹائر ہوں گا۔ اگرٹیم میں منتخب نہیں کیا جارہا تو کیا خود کو گولی مارلوں۔

    سابق کپتان نے کہا کہ کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں سلیکٹرز کو فون نہیں کرتا، کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں نے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوایا۔ یونس خان  نے کہا کہ اگر سلیکٹرزیہ کہتے کہ پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائر ہوجاؤ تو ٹیم کی خاطر ایسا کرلیتا، اگر ورلڈ کپ تک ٹیم بن گئی تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

  • گال ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن مستحکم، یونس خان 177رنزبناکر آؤٹ

    گال ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن مستحکم، یونس خان 177رنزبناکر آؤٹ

    گال : گال ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے، یونس خان اور اسد شفیق شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

              گال میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز دو سو اکسٹھ رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو یونس خان اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا، دو سو ترانوے کے اسکور پر اسد شفیق پجھتر رنزبنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

    پانچویں وکٹ کے لئے یونس اور اسد کے درمیان ایک سو سینتیس رنز کی شراکت نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، یونس خان نے ایک سو پچاس رنز بھی مکمل کئے، وہ ایک سو ستتر رنزبناکر آؤٹ ہوگئے۔

  • گال ٹیسٹ:یونس خان نے اپنے کیرئیر کی چوبیسویں سنچری بنا لی

    گال ٹیسٹ:یونس خان نے اپنے کیرئیر کی چوبیسویں سنچری بنا لی

    گال:پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین یونس خان نے اپنے کیرئیر کی چوبیسویں سنچری مکمل کرلی، تفصیلات کے مطابق گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روزآخری اطلاعات تک پاکستان نے دوسو چودہ رنز بنا لئے،اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے،

    جبکہ یونس خان نے اپنے کیرئیر کی چوبیسویں سنچری مکمل کی،یونس خان کی اس سنچری سے جاوید میانداد کی تیئس سنچریوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،جبکہ محمد یوسف اور یونس خان کی سینچریاں برابر ہوگئیں، علاوہ ازیں پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق پچیس سنچریوں کے ساتھ سر فہرست ہیں

  • پاکستان کیلئے دورہ سری لنکا کانٹے کا ثابت ہوگا،یونس خان

    پاکستان کیلئے دورہ سری لنکا کانٹے کا ثابت ہوگا،یونس خان

    لاہور :پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے دورہ سری لنکا کانٹے کا ثابت ہوگا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔دورہ سری لنکا کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کہتے ہیں کہ سری لنکا کیخلاف انکی کارکردگی اچھی رہی ہے۔

    سری لنکا باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور انھیں ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا ترنوالہ ثابت نہیں ہوگا۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرینگے۔ دورہ سری لنکا میں پاکستان دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔ یونس خان کو دونوں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

  • آٓئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ:یونس خان تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر

    آٓئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ:یونس خان تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر

    آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد رینکنگ جاری کی ہے۔ بیٹسمین رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈولئیرز بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

    پاکستانی کپتان مصباح الحق آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔ یونس خان ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئےہیں۔ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے سات درجہ بہتری کے بعد ٹاپ ٹوئنٹی بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے۔

    بولرز رینکنگ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی۔ جنوبی افریقہ کے ورنن فیلنڈر اور ڈیل اسٹین پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سعید اجمل کی پانچویں پوزیشن برقرار ہے۔ ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ کا پہلا ، بھارت کا دوسرا اور پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔