Tag: یونیفارم

  • تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    تخریب کار کارروائیوں کے لیے پولیس کی وردی جگہ جگہ دستیاب

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں چند روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے میں حملہ آوروں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں جنہیں دیکھ کر سیکیورٹی پر موجود اہلکار دھوکا کھا گئے اور پورا ملک المیے کا شکار ہوگیا۔

    اس واقعے کے بعد ایک بار پھر بازاروں میں جگہ جگہ ملنے والی پولیس کی وردیوں سے متعلق سوال اٹھ کھڑے ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں سابق آئی جی پولیس طاہر عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے دوران پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر شناختی کارڈ کے کوئی شخص پولیس کی وردی فروخت نہیں کرسکتا لیکن اب کھلے عام اس پابندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ جس طرح مسلح افواج نے اپنی وردی کی فراہمی کا ایک سسٹم بنا رکھا ہے ایسا ہی سسٹم پولیس وردی کے لیے بھی ہونا چاہیئے۔

    مسلح افواج کے جوانوں کو وردی ادارے کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے یا پھر منتخب کردہ کنٹریکٹرز ہی یہ کام کرتے ہیں۔

    جب بھی کوئی شخص ان اسٹورز سے وردی یا اس پر لگانے والی اشیا خریدتا ہے تو ایسے شخص کا فوج میں ملازمتی کارڈ، نام اور ٹیلی فون نمبر درج کیا جاتا ہے۔

    انٹیلی جنس باقاعدگی سے ان اسٹورز سے رابطے میں رہتی ہے اور معلومات رکھتی ہے کہ کن کن افراد نے وردی خریدی ہے۔

    طاہر عالم کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی فراہم کرنے کے لیے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ سیکیورٹی خدشات کم ہوسکیں۔

  • طلبہ طالبات کیا پہنیں گے؟ ایک اور یونی ورسٹی نے ضابطہ لباس جاری کر دیا

    طلبہ طالبات کیا پہنیں گے؟ ایک اور یونی ورسٹی نے ضابطہ لباس جاری کر دیا

    پشاور: خیبر پختون خوا کی سرکاری جامعات میں ڈریس کوڈ وضع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، کوہاٹ یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی نیا ضابطہ لباس لاگو کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کی سائنس ٹیکنالوجی یونی ورسٹی نے نیا ڈریس کوڈ جاری کرتے ہوئے طالبات کے لیے سفید شلوار اور آستینوں والی قمیض لازمی قرار دے دی ہے۔

    یونی ورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طالبات سفید شلوار اور آستینوں والی قمیض پہنیں گی، جب کہ قمیض کے ساتھ دوپٹہ، چادر یا عبایا پہننا بھی لازمی ہوگا۔

    یونی ورسٹی ڈریس کوڈ میں طلبہ کے لیے بھی کہا گیا ہے کہ وہ سفید شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر یونی ورسٹی آئیں گے، طلبہ کو بھورے رنگ کا ڈریس پینٹ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    ہزارہ یونی ورسٹی: برقع لازمی، غیر شائستہ داڑھی رکھنے پر پابندی

    اعلامیے کے مطابق طلبہ و طالبات پرگرمی اور سردی دونوں موسموں میں کالے جوتے پہننا لازمی ہوگا۔

    اعلامیے میں فیکلٹی ممبران کے لیے ڈریس کوڈ کی وضاحت کی گئی ہے، اُن کے لیے فارمل ڈریس اور بلیک گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    جامعہ کوہاٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ڈریس کوڈ پر عمل درآمد 15 مارچ سے ہوگا۔